تقدیر
کیا پیشانی پر تقدیر کی تحریر کا واقعہ دُرست ہے؟
سوال
۔ آپ سے ایک واقعے کی تصدیق کے لئے یہ خط ارسال کر رہا ہوں، اُمید ہے جلد جواب سے مستفیض فرمائیں گے۔ یہ واقعہ مجھے میرے ایک دوست محمد طیب صاحب نے بتایا کہ وہ کافی عرصہ پہلے درسِ حدیث یا درسِ قرآن کی مجلس میں شریک تھے اور آپ نے اپنا یہ واقعہ کہ انڈیا میں جب آپ زیرِ تعلیم تھے، سڑک پر ایک نوجوان سائیکل پر جارہا تھا، کسی گاڑی کی ٹکر سے اس کا سر کھل گیا اور آپ نے اس نوجوان کی تقدیر لکھی ہوئی دیکھی۔ کیا یہ واقعہ دُرست ہے؟ اگر دُرست ہے تو تحریر کس زبان میں تھی؟ مختلف ہسپتالوں میں مسلمان ڈاکٹروں کے پاس حادثات کے بعد مردے لائے جاتے ہیں، جن کے سر بھی کھل چکے ہوتے ہیں اور کئی کے سر ڈاکٹر معائنے کے لئے کھولتے ہیں، کسی ڈاکٹر نے آج تک کوئی تحریر دِماغ پر لکھی ہوئی بیان نہیں کی۔
جواب
۔ یہ واقعہ میرا چشم دِید ہے، اس کی پیشانی پر تحریر میں نے خود دیکھی ہے، لیکن وہ کس زبان میں تھی؟ اس کا کسی کو علم نہیں۔ میری عمر اُس وقت قریباً پندرہ برس تھی، ممکن ہے، میرا وہم ہو، واللہ اعلم!