SIGN IN YOUR ACCOUNT TO HAVE ACCESS TO DIFFERENT FEATURES

FORGOT YOUR PASSWORD?

FORGOT YOUR DETAILS?

AAH, WAIT, I REMEMBER NOW!

Shaheed e Islam

  • رابطہ
  • متفرقات
    • نماز
    • ادعیہ ماثورہ
    • اسلامک لنکس
    • اسماء الحسنی
    • بکھرے موتی
    • تصاویر کی دنیا
    • خصوصی پروگرامز
  • آپکے مسائل اور انکا حل
    • جلد اول
    • جلد دوم
    • جلد سوم
    • جلد چہارم
    • چلد پنجم
    • جلد ششم
    • جلد ہفتم
    • جلد ہشتم
    • جلد نهم
    • جلد دہم
  • حمد و نعت
    • خصوصی البم
    • مولانا عبد اللطیف الحصیری
    • مولانا انس یونس
    • حافظ ابو بکر
    • محمد کاشف فاروقی
    • حافظ کامران منیر برادران
    • عطاء الرحمن عزیز
    • متفرق
  • بیانات
    • مولانا منظور احمد نعمانی دامت برکاتہم
    • مولانا اللہ وسایا صاحب
    • مفتی سعید احمد جلالپوری
    • قاری حنیف ملتانی صاحب
    • مولانا طارق جمیل صاحب
    • مفتی ہارون مطیع اللہ صاحب
  • شہید اسلام
    • درس قرآن
    • اصلاحی مواعظ
    • تصانیف
    • تعارف
  • ختم نبوت
    • خصوصی بیانات
    • کتابیں
    • مضامین
    • خصوصی پروگرامز
    • ہفت روزہ ختم نبوت
  • الحدیث
    • درس حدیث
    • معارف نبوی صلی اللہ علیہ وسلم
  • القرآن
    • درس قرآن
    • تلاوت قرآن
    • تفسیر قرآن مولانا منظور احمد نعمانی
  • سرورق
2
Shaheed-e-Islam
Sunday, 01 August 2010 / Published in جلد دوم

وضو کے مسائل

وضو کے مسائل

غسل سے پہلے وضو کرنے کی تفصیل

س… ایک قاری کے ایک سوال کے جواب میں آپ نے غسل اور وضو کے متعلق تحریر فرمایا ہے کہ غسل کرنے سے وضو ہوجاتا ہے، اس لئے غسل کے بعد وضو کرنے کی ضرورت نہیں، نماز پڑھی جاسکتی ہے، بلکہ جب تک اس غسل سے کم از کم دو رکعت نہ پڑھ لی جائیں دوبارہ وضو کرنا گناہ ہے۔

میں نے خود بارہا یہ مسئلہ کتابوں میں پڑھا ہے، لیکن آپ جیسے اہلِ علم حضرات سے کبھی استفادہ نہیں کیا اور اب تک شکوک و شبہات میں مبتلا رہا، برائے کرم میری تسلی و تشفی کے لئے اور دیگر مجھ جیسے قارئین کی بھلائی کی خاطر ذرا تفصیلاً اس مسئلے کی وضاحت فرمائیں۔

جیسا کہ آپ کے علم میں ہے کہ وضو میں ایک مرتبہ چوتھائی سر کا مسح کرنا فرض ہے، اب اگر ایک شخص پر غسل کرنا فرض ہے تب تو وہ وضو بھی کرے گا، لیکن ایک شخص پاکی کی حالت میں غسل کرتا ہے تو ظاہر ہے وہ وضو نہیں کرے گا۔ پھر چوتھائی سر کا مسح چہ معنی؟ اور وہ کس طرح صرف غسل سے نماز پڑھ سکتا ہے، ایک حدیث پیشِ خدمت ہے:

حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم غسل کے بعد وضو نہیں کرتے تھے اور غسل سے پہلے جو وضو کرتے تھے اسی پر اکتفا فرماتے تھے۔ (ترمذی، ابوداوٴد، ابنِ ماجہ) مندرجہ بالا حدیث سے یہ بھی ثابت ہوا کہ حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم غسل سے پہلے کے وضو پر اکتفا فرماتے تھے، یعنی وضو ضرور فرماتے تھے، لہٰذا مندرجہ بالا حدیث کی روشنی میں تحریر فرمائیں کہ بغیر وضو کے غسل سے نماز پڑھی جاسکتی ہے یا نہیں، جبکہ سر کا مسح وضو میں فرض ہے؟

ج… وضو نام ہے تین اعضاء (منہ، ہاتھ اور پاوٴں) کے دھونے اور سر کے مسح کرنے کا۔ اور جب آدمی نے غسل کرلیا تو اس کے ضمن میں وضو بھی ہوگیا۔ غسل سے پہلے وضو کرلینا سنت ہے، جیسا کہ آپ نے حدیث شریف نقل کی ہے، لیکن اگر کسی نے غسل سے پہلے وضو نہیں کیا تب بھی غسل ہوجائے گا، اور غسل کے ضمن میں وضو بھی ہوجائے گا، مسح کے معنی تر ہاتھ سر پر پھیرنے کے ہیں، جب سر پر پانی ڈال کر مل لیا تو مسح سے بڑھ کر غسل ہوگیا۔ بہرحال عوام کا یہ طرزِ عمل کہ وہ غسل کے بعد پھر وضو کرتے ہیں، بالکل غلط ہے، وضو غسل سے پہلے کرنا چاہئے تاکہ غسل کی سنت ادا ہوجائے، غسل کے بعد وضو کرنے کا کوئی جواز نہیں۔

نہانے کے بعد وضو غیرضروری ہے

س… نہانے کے بعد بعض آدمیوں سے سنا ہے کہ وضو کرنے کی ضرورت نہیں رہتی، قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب دیں کہ آیا نہانے کے بعد وضو کے نہ کرنے کا طریقہ دُرست ہے یا نہیں؟

ج… نہانے سے وضو بھی ہوجاتا ہے، بعد میں وضو کی ضرورت نہیں۔

جمعہ کی نماز کے لئے غسل کے بعد وضو کرنا

س… جمعہ کی نماز کے لئے غسل کرنے کے بعد وضو کرنا ضروری ہوتا ہے یا نہیں؟

ج…نہیں! غسل کے بعد جب تک وضو نہ ٹوٹے دوبارہ وضو کرنے کی ضرورت نہیں۔

وضو میں نیت شرط نہیں

س… وضو کرنے کے لئے نیت کرنا ضروری ہے، ہم نے کتاب میں پڑھا ہے کہ منہ ہاتھ دھونے میں وہی کام کیا جاتا ہے جو وضو کرنے میں کرتے ہیں۔ اگر وضو کی نیت نہیں کی گئی تو وضو نہیں ہوگا، بلکہ صرف منہ ہاتھ دھونا ہوا، اس کے علاوہ وضو میں جو فرائض ہیں وہی اگر چھوٹ گئے تو پھر وضو کیسے ہوا؟

ج… نیت کرنا وضو میں فرض نہیں، اگر منہ، ہاتھ، پاوٴں دھو لئے جائیں اور سر کا مسح کرلیا جائے (کہ یہی چار چیزیں وضو میں فرض ہیں) تو وضو ہوجاتا ہے، البتہ وضو کا ثواب تب ملے گا جب وضو کی نیت بھی کی ہو۔

بغیر وضو کئے محض نیت سے وضو نہیں ہوتا

س… اکثر مقامات پر مساجد میں پانی کا انتظام نہیں ہوتا، اور پھر وضو کے لئے کافی تکلیف ہوجاتی ہے، میں نے سنا ہے کہ اگر کہیں پانی دستیاب نہ ہو تو وضو کی نیت کرنے سے وضو ہوجاتا ہے۔ کیا ایسا ہوسکتا ہے؟ اگر وضو ہوسکتا ہے تو اس کی نیت بھی ایسے ہی کرنی ہوتی ہے جیسے ہم پانی کے ساتھ وضو کرتے وقت کرتے ہیں؟

ج… محض وضو کی نیت کرنے سے وضو نہیں ہوتا، آپ نے غلط سنا ہے۔ شریعت کا حکم یہ ہے کہ اگر کسی جگہ وضو کے لئے پانی دستیاب نہ ہو تو پاک مٹی سے تیمم کیا جائے، اور پانی دستیاب نہ ہونے کا مطلب یہ ہے کہ پانی کم سے کم ایک میل دُور ہو، اس لئے شہر میں پانی کی دستیاب نہ ہونے کی کوئی وجہ نہیں، جنگل میں ایسی صورت پیش آسکتی ہے۔

اعضائے وضو کا تین بار دھونا کامل سنت ہے

س… ہمارے اسلامیات کے اُستاد نے بتایا ہے کہ وضو کرتے وقت ہاتھ دھونا، کلی کرنا، ناک میں پانی ڈالنا، منہ دھونا وغیرہ جو کہ تین دفعہ دھویا جاتا ہے، دو دفعہ بھی دھویا جاسکتا ہے، کیا یہ دُرست ہے؟

ج… کامل سنت تین تین بار دھونا ہے، وضو دو بار دھونے بلکہ ایک ہی بار دھونے سے بھی ہوجائے گا، بشرطیکہ ایک بال کی جگہ بھی خشک نہ رہے۔

گھنی داڑھی کو اندر سے دھونا ضروری نہیں صرف خلال کافی ہے

س… کیا وضو کرتے وقت تین دفعہ منہ دھونے کے بعد داڑھی کو اندر سے، باہر سے تر کرنے کے لئے بار بار ہاتھوں میں پانی لے کر دھونا ضروری ہے؟

ج… داڑھی اگر گھنی ہو، کہ اندر کی جلد نظر نہ آئے تو اس کو اُوپر سے دھونا فرض ہے اور اس کا خلال کرنا سنت ہے، اور اگر ہلکی ہو تو پوری داڑھی کو پانی سے تر کرنا ضروری ہے۔

آبِ زمزم سے وضو اور غسل کرنا

س… مولانا صاحب! میں مکہ مکرّمہ میں رہتا ہوں، کئی دنوں سے اس مسئلے پر دِل میں اُلجھن رہتی ہے، برائے مہربانی اس کا شرعی حال بتائیں، آپ کا شکرگزار ہوں گا۔ مولانا صاحب! ہم پاکستان میں تھے تو آبِ زمزم کے لئے اتنی محبت تھی کہ کچھ بتا نہیں سکتے، اب بھی وہی ہے، ایک قطرے کے لئے ترستے تھے، یہاں لوگ وضو کرتے ہیں، کیا یہ جائز ہے یا نہیں؟ نماز کے لئے وضو کرلینا جائز ہے یا ادب کے خلاف ہے؟ تفصیل سے جواب لکھیں۔

ج… جو شخص باوضو اور پاک ہو، وہ اگر محض برکت کے لئے آبِ زمزم سے وضو یا غسل کرے تو جائز ہے۔ اسی طرح کسی پاک کپڑے کو برکت کے لئے زمزم سے بھگونا بھی دُرست ہے، لیکن بے وضو آدمی کا زمزم شریف سے وضو کرنا یا کسی جنبی کا اس سے غسل کرنا مکروہ ہے، ضرورت کے وقت (جبکہ دُوسرا پانی نہ ملے) زمزم شریف سے وضو کرنا تو جائز ہے، مگر غسلِ جنابت بہرحال مکروہ ہے۔ اسی طرح اگر بدن یا کپڑے پر نجاست لگی ہو اس کو زمزم شریف سے دھونا بھی مکروہ ہے، بلکہ بقول بعض حرام ہے۔ یہی حکم زمزم سے استنجا کرنے کا ہے۔ نقل کیا گیا ہے کہ بعض لوگوں نے آبِ زمزم سے استنجا کیا تو ان کو بواسیر ہوگئی۔ خلاصہ یہ کہ زمزم نہایت متبرک پانی ہے، اس کا ادب ضروری ہے، اس کا پینا موجبِ خیر و برکات ہے، اور چہرے پر، سر پر اور بدن پر ڈالنا بھی موجبِ برکت ہے، لیکن نجاست زائل کرنے کے لئے اس کو استعمال کرنا ناروا ہے۔

پہلے وضو سے نماز پڑھے بغیر دوبارہ وضو کرنا گناہ ہے

س… اگر کسی شخص کو غسلِ جنابت کی حاجت نہیں ہے، یعنی وہ پاک ہے، وہ صرف نہاتا ہے، ظاہر ہے نہانے میں اس کا جسم سر سے لے کر پیر تک بھیگے گا، اس صورت میں وہ شخص بغیر وضو کے نماز پڑھ سکتا ہے یا نہیں؟ یاد رہے کہ وہ شخص صرف نہایا ہے اس نے نہ نہانے سے پہلے اور نہ نہانے کے بعد وضو بنایا ہے، لیکن سر سے پیر تک پانی ضرور بہایا ہے۔

ج… غسل کرنے سے وضو ہوجاتا ہے، اس لئے غسل کے بعد وضو کرنے کی ضرورت نہیں، نماز پڑھ سکتا ہے، بلکہ جب تک اس غسل سے کم سے کم دو رکعت نہ پڑھ لی جائیں یا کوئی دُوسری عبادت جس میں وضو شرط ہے ادا نہ کرلی جائے، دوبارہ وضو کرنا مکروہ ہے۔

س… اخبار جنگ میں آپ کے کالم میں ایک سوال کے جواب میں کہ نہانے سے قبل یا بعد وضو نہ کرنے کے باوجود نہالینے سے وضو ہوجاتا ہے اور اس سے نماز پڑھی جاسکتی ہے، بلکہ غسل کے بعد اگر دو رکعت نہ پڑھی جائے اور وضو کیا جائے تو گناہگار ہوگا، یہ بات سمجھ میں نہیں آتی، مہربانی فرماکر ذرا وضاحت سے سمجھادیں۔

ج… دو باتیں سمجھ لیجئے! اوّل یہ کہ غسل میں جب پورے بدن پر پانی بہالیا تو وضو ہوگیا، دُوسرے لفظوں میں غسل کے اندر وضو خودبخود داخل ہوجاتا ہے۔ دُوسری بات یہ کہ وضو کے بعد جب تک اس وضو کو استعمال نہ کرلیا جائے، دوبارہ وضو کرنا مکروہ ہے۔ اور وضو کو استعمال کرنے کا مطلب یہ ہے کہ اس وضو سے کم از کم دو رکعت نماز پڑھ لیا جائے، یا کوئی ایسی عبادت کرلی جائے جس کے لئے وضو شرط ہے، مثلاً: نمازِ جنازہ، سجدہٴ تلاوت۔

س… جب ہم غسل کرتے ہیں تو ہم صرف انڈرویئر استعمال کرتے ہیں، میں نے کافی حضرات سے دریافت کیا کہ ہم جو پہلے وضو کرتے ہیں وہ ہوجاتا ہے یا نہیں؟ تو ہر ایک نے یہی جواب دیا کہ کپڑے پہننے کے بعد دوبارہ وضو کرنا ضروری ہے، ورنہ نماز نہیں ہوتی۔

ج… خدا جانے آپ نے کس سے پوچھا ہوگا! کسی عالم سے دریافت فرمائیے۔ غسل کرلینے کے بعد دوبارہ وضو کرنے کا جہاں تک مجھے معلوم ہے کوئی عالمِ دین قائل نہیں، اور یہ جو مشہور ہے کہ برہنہ ہونے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے یا کہ برہنہ ہونے کی حالت میں وضو نہیں ہوتا، یہ محض غلط ہے۔

ایک وضو سے کئی عبادات

س… اگر وضو قرآنِ پاک پڑھنے کی نیت سے کیا، تو اس وضو سے نماز جائز ہے یا نہیں؟

ج… وضو خواہ کسی مقصد کے لئے کیا ہو، اس سے نماز جائز ہے، اور نہ صرف نماز، بلکہ اس وضو سے وہ تمام عبادات جائز ہیں جن کے لئے طہارت شرط ہے۔

ایک وضو سے کئی نمازیں

س… میں عصر کے وقت وضو کرلیتی ہوں اور اسی وضو سے مغرب اور عشاء کی نماز پڑھ لیتی ہوں، ہماری پڑوسن کہتی ہے کہ ہر نماز کے لئے الگ الگ وضو کرنا چاہئے، دونوں میں سے کیا صحیح ہے؟

ج… اگر وضو نہ ٹوٹے تو ایک وضو سے کئی نمازیں پڑھ سکتے ہیں، ہر نماز کے لئے وضو ضروری نہیں، کرلے تو اچھا ہے۔

پاکی کے لئے کئے گئے وضو سے نماز پڑھنا

س… پاکی کے لئے جو وضو کیا جاتا ہے، کیا اس وضو سے نماز بھی پڑھی جاسکتی ہے؟

ج… وضو خواہ کسی مقصد کے لئے کیا ہو، اس سے نماز جائز ہے۔

کیا نمازِ جنازہ والے وضو سے دُوسری نمازیں پڑھ سکتے ہیں؟

س… جو وضو نمازِ جنازہ پڑھنے کے لئے کیا گیا تھا، اس وضو سے نمازِ پنج گانہ پڑھ سکتے ہیں یا نہیں؟

ج… پڑھ سکتے ہیں! مگر نمازِ جنازہ کے لئے جو تیمم کیا جائے، اس سے دُوسری نمازیں نہیں پڑھ سکتے۔

غسل کے دوران وضو ٹوٹ جانا

س… غسل کرنے سے پہلے وضو کیا، لیکن غسل کے دوران اگر وضو ٹوٹ جائے اور غسل کے بعد کوئی نماز بھی نہ پڑھنی ہو (کسی نماز کا وقت قریب نہ ہو) تو کیا غسل کے بعد وضو دوبارہ کرنا چاہئے؟

ج… اگر وضو ٹوٹنے کے بعد غسل کیا اور اس سے وضو کے اعضاء دوبارہ دُھل گئے، اس کے بعد وضو توڑنے والی کوئی چیز پیش نہیں آئی تو اس کا وضو ہوگیا، نماز بھی پڑھ سکتا ہے۔

جس غسل خانے میں پیشاب کیا ہو اس میں وضو

س… ہمارے گھر میں ایک غسل خانہ ہے، جہاں ہم سب نہاتے ہیں، اور رات کو اُٹھ کر پیشاب بھی کرتے ہیں، اور مجھے نماز پڑھنی ہوتی ہے، کیا اس غسل خانے میں وضو کرنا جائز ہے؟

ج… غسل خانے میں پیشاب نہیں کرنا چاہئے، اس سے وسوسے کا مرض ہوجاتا ہے، اور اگر اس میں کسی نے پیشاب کردیا ہو تو وضو سے پہلے اس کو دھوکر پاک کرلینا چاہئے۔

گرم پانی سے وضو کرنا

س… گرم پانی سے وضو کرنا چاہئے یا نہیں؟

ج… کوئی حرج نہیں!

س… اگر وضو کے دوران کوئی حصہ خشک رہ جائے تو دوبارہ وضو کرنا چاہئے یا اس حصے پر پانی ڈالنا چاہئے؟

ج… صرف اتنے حصے کا دھولینا کافی ہے، لیکن اس خشک حصے پر پانی کا بہانا ضروری ہے، صرف گیلا ہاتھ پھیرلینا کافی نہیں۔

وضو کے بچے ہوئے پانی سے وضو جائز ہے

س… اگر ایک نمازی وضو کرتا ہے، اور جس برتن میں پانی لے کر وضو کیا اس برتن میں کچھ پانی بچ جاتا ہے، اس بچے ہوئے پانی کو دُوسرا آدمی وضو کے لئے استعمال کرسکتا ہے یا نہیں؟

ج… وضو کا بچا ہوا پانی پاک ہے، دُوسرا آدمی اس کو استعمال کرسکتا ہے۔

مستعمل پانی سے وضو

س… مستعمل پانی اور غیرمستعمل پانی جبکہ یکجا جمع ہوں، کوئی اور پانی برائے وضو نہ ملے اور مستعمل اور غیرمستعمل برابر ہوں، مثلاً: ایک لوٹا مستعمل اور ایک لوٹا غیرمستعمل ہو، اب فرمائیں کہ اس صورت میں کیا کریں، وضو یا تیمم؟

ج… مستعمل اور غیرمستعمل پانی اگر مل جائیں تو غالب کا اعتبار ہے، اور اگر دونوں برابر ہوں تو احتیاطاً غیرمستعمل کو مغلوب قرار دیا جائے گا، اور اس سے وضو صحیح نہیں۔

نوٹ:… مستعمل پانی وہ کہلاتا ہے جو وضو اور غسل کرتے وقت اعضاء سے گرے، اور جس برتن سے وضو یا غسل کر رہے ہوں، وضو اور غسل کے بعد جو پانی بچ جاتا ہے وہ مستعمل پانی نہیں کہلاتا۔

بوجہ عذر کھڑے ہوکر وضو کرنا

س… کیا کھڑے ہوکر وضو کیا جاسکتا ہے، جبکہ بیٹھ کر وضو کرنے میں تکلیف ہو؟

ج… کھڑے ہوکر وضو کرنے میں چھینٹے پڑھنے کا احتمال ہے، اس لئے حتی الوسع وضو بیٹھ کر کرنا چاہئے، لیکن اگر مجبوری ہو تو کھڑے ہوکر وضو کرنے میں بھی کوئی مضائقہ نہیں۔

کھڑے ہوکر بیسن میں وضو کرنا

س… آج کل گھروں میں بیسن لگے ہوئے ہیں، اور لوگ زیادہ تر بیسن سے ہی کھڑے ہوکر وضو کرلیتے ہیں، وضو کھڑے ہوکر کرنے سے نماز ہوجاتی ہے؟؟

ج… وضو تو اس طرح بھی ہوجاتا ہے (اور وضو صحیح ہو تو اس سے نماز پڑھنا بھی صحیح ہے) لیکن افضل یہ ہے کہ قبلہ رُخ بیٹھ کر وضو کرے۔

کپڑے خراب ہونے کا اندیشہ ہو تو کھڑے ہوکر وضو کرنا

س… کھڑے ہوتے ہوئے آدمی وضو کرلے، بیٹھنے سے کپڑے خراب ہونے کا اندیشہ ہو، اور اکثر اوقات آدمی کھڑے ہوکر وضو کرتے ہیں تو کیا نماز ہوجاتی ہے یا کہ نہیں؟ کیونکہ اس جگہ میں صرف شینک سسٹم ہے اور بیٹھنے کی جگہ نہیں ہے۔

ج… اگر بیٹھنے کا موقع نہ ہو تو کھڑے ہوکر وضو کرنے میں کوئی حرج نہیں، چھینٹوں سے پرہیز کرنا چاہئے۔

قرآن مجید کی جلدسازی کے لئے وضو

س… میں بنیادی طور پر جلدساز ہوں، میری دُکان پر ہر قسم کی اسٹیشنری وغیرہ کی جلدسازی ہوتی ہے، جس میں سرِفہرست قرآنِ کریم کی جلدسازی ہے۔ میرا طریقہٴ کار یہ ہے کہ جلدسازی سے قبل صرف ہاتھوں کو دھوکر جلدسازی کرتا ہوں، تاہم بحیثیت مسلمان میرے دِل و دماغ میں یہ بات ہمیشہ کھٹکتی رہتی ہے کہ قرآنِ کریم جیسی عظیم المرتبت کتاب کی جلدسازی اگر باوضو کی جائے تو زیادہ بہتر رہے گا، مگر کام کی زیادتی کی وجہ سے میرے لئے یہ مشکل ہے۔ اس موقع پر یہ سوچتا ہوں کہ جہاں قرآنِ کریم کی کتابت، طباعت و دیگر مراحل طے پاتے ہیں، تو کیا سارے افراد باوضو ہوکر اس کام کو پایہٴ تکمیل تک پہنچاتے ہیں؟ اس سلسلے میں کئی لوگوں سے مشورہ کیا تو انہوں نے کہا: میاں! آپ صرف نماز پڑھا کریں، یہ کوئی اہم مسئلہ نہیں اور نہ ہی فرض! براہِ کرم میری اُلجھن دُور فرمائیں۔

ج… قرآنِ کریم کے اوراق کو بغیر وضو کے ہاتھ لگانا جائز نہیں، آپ ”کئی لوگوں سے مشورہ“ نہ کریں، قرآنِ کریم کی جلدسازی کے لئے وضو کا اہتمام کریں، اگر معذور ہے تو مجبوری ہے، تاہم اس کو ہلکی اور معمولی بات نہ سمجھا جائے۔

وضو کرنے کے بعد ہاتھ منہ پونچھنا

س… وضو کرنے کے بعد ہاتھ، منہ پونچھنے سے ثواب میں کوئی کمی بیشی تو نہیں ہوجاتی؟

ج… نہیں!

وضو سے پہلے اور کھانے کے بعد مسواک کرنا

س… مسواک کرکے عصر کا وضو کیا، پھر مغرب کی نماز کے لئے وضو کرنے سے پہلے دوبارہ مسواک کرنا ضروری ہے؟ حالانکہ عصر اور مغرب کے درمیان کچھ نہ کھایا اور نہ پیا ہو؟

ج… وضو کرتے وقت مسواک کرنا سنت ہے، خواہ وضو پر وضو کیا جائے، اور کھانے کے بعد مسواک کرنا الگ سنت ہے۔

مسواک کرنا خواتین کے لئے بھی سنت ہے

س… کیا نماز سے پہلے وضو میں مسواک کرنا عورتوں کے لئے بھی اسی طرح سنت ہے جیسے مردوں کے لئے؟

ج… مسواک خواتین کے لئے بھی سنت ہے، لیکن اگر ان کے مسوڑھے مسواک کے متحمل نہ ہوں تو ان کے لئے دنداسہ کا استعمال بھی مسواک کے قائم مقام ہے، جبکہ مسواک کی نیت سے استعمال کریں۔

وضو کے بعد عین نماز سے پہلے مسواک کرنا کیسا ہے؟

س… میں اپنی پھوپھی کے ہاں ریاض گیا تھا، وہاں میں نے مسجد میں دیکھا، لوگ صفوں میں بیٹھے مسواک کر رہے ہیں، جب مکبّر نے تکبیر کہنی شروع کی تو انہوں نے پہلے مسواک کی اور کھڑے ہوکر نماز پڑھنی شروع کردی، جب نماز ختم ہوئی تو میں نے دریافت کیا کہ کیا اس طرح مسواک کرنا جائز ہے؟ تو امام صاحب نے فرمایا: یہ حدیث نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ہے کہ نماز شروع کرنے سے پہلے اور وضو کرنے سے پہلے مسواک کرلیا کرو۔ میرے خیال میں نماز سے پہلے مسواک کرنے کا مفہوم یہ ہے کہ جو لوگ عصر سے مغرب تک باوضو رہتے ہیں اور درمیان میں کچھ کھاتے پیتے رہتے ہیں تو ان کے لئے حکم یہ ہے کہ نماز سے پہلے مسواک کرکے کلی وغیرہ کرلیں۔

ج… ان امام صاحب نے جس حدیثِ پاک کا حوالہ دیا ہے، وہ یہ ہے:

”لو لا ان اشق علی امتی لأمرتھم بالسواک عند کل صلوة۔“

ترجمہ:…”اگر یہ اندیشہ نہ ہوتا کہ میں اپنی اُمت کو مشقت میں ڈال دوں گا، تو ان کو ہر نماز کے وقت مسواک کا حکم کرتا۔“

اس حدیث کے راویوں کا الفاظ کے نقل کرنے میں اختلاف ہے، بعض حضرات ”عند کل صلٰوة“ کے الفاظ نقل کرتے ہیں، اور بعض اس کے بجائے ”عند کل وضوء“ نقل کرتے ہیں، (صحیح بخاری ص:۲۵۹، ۱۲) یعنی ہر وضو کے وقت مسواک کا حکم کرتا۔

ان دونوں الفاظ کے پیشِ نظر حضرت امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ کے نزدیک حدیث کا مطلب یہ نکلتا ہے کہ ہر نماز سے پہلے وضو کرنے اور ہر وضو کی ابتدا مسواک سے کرنے کی ترغیب دی گئی ہے، اور ہر نماز کے وقت مسواک کا حکم دینے سے مقصود یہ ہے کہ ہر نماز کے وضو سے پہلے مسواک کی جائے۔ عین نماز کے لئے کھڑے ہونے کے وقت مسواک کی ترغیب مقصود نہیں۔ اگر آدمی نماز کے لئے کھڑے ہوتے وقت مسواک کرے تو اندیشہ ہے کہ دانتوں سے خون نکل آئے جس سے وضو ساقط ہوجائے گا، اور جب وضو نہ رہا تو نماز بھی نہ ہوگی، اس لئے حضرت امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ ہر نماز کے وضو سے پہلے مسواک کرنا سنت ہے، عین نماز کے وقت مسواک نہیں کی جاتی۔

علاوہ ازیں مسواک، منہ کی نظافت اور صفائی کے لئے کی جاتی ہے اور یہ مقصود اسی وقت حاصل ہوسکتا ہے جبکہ وضو کرتے ہوئے مسواک کی جائے اور پانی سے کلی کرکے منہ کو اچھی طرح صاف کرلیا جائے، نماز کے لئے کھڑے ہوتے وقت بغیر پانی اور کلی کے مسواک کرنے سے منہ کی نظافت اور صفائی حاصل نہیں ہوتی، جو مسواک سے مقصود ہے۔

سعودی حضرات چونکہ امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ کے مقلد ہیں، اور ان کے نزدیک خون نکل آنے سے وضو نہیں ٹوٹتا، اس لئے نماز کے لئے کھڑے ہوتے وقت مسواک کرتے ہیں، اور حدیث شریف کا یہی منشا سمجھتے ہیں۔

کیا ٹوتھ برش مسواک کی سنت کا بدل ہے؟

س… کیا برش اور ٹوتھ پیسٹ کے استعمال سے مسواک کا ثواب مل جاتا ہے جبکہ برش سے دانت اچھی طرح صاف ہوجاتے ہیں؟ یا پھر مخصوص مسواک ہی سنتِ نبوی کی برکات سے فیض حاصل کرنے کے لئے استعمال کی جائے؟

ج… بہتر تو یہی ہے کہ ادائے سنت کے لئے مسواک کا استعمال کیا جائے، برش استعمال کرنے سے بعض اہلِ علم کے نزدیک مسواک کی سنت ادا ہوجاتی ہے اور بعض کے نزدیک نہیں ہوتی۔

وگ کا استعمال اور وضو

س… اگر ایک شخص بوجہ مجبوری سر پر ”وگ“ کا استعمال کرتا ہے تو وہ شخص وضو کے دوران سر کا مسح وگ پر ہی کرسکتا ہے یا کہ اس کو مسح وگ اُتار کرنا چاہئے؟

ج… مصنوعی بالوں کا استعمال جائز نہیں، نہ اس کے استعمال میں کوئی مجبوری ہے، مسح ان کو اُتارکر کرنا چاہئے، اگر ان پر مسح کیا تو وضو نہیں ہوگا۔

رات کو سوتے وقت وضو کرنا افضل ہے

س… کیا رات کو سوتے وقت وضو کرنا افضل ہے؟

ج… جی ہاں! افضل ہے۔

جن چیزوں سے وضو ٹوٹ جاتا ہے

زخم سے خون نکلنے پر وضو کی تفصیل

س… میرے ہاتھ پر زخم ہوگیا ہے، اور اکثر خون کا قطرہ ٹکپتا رہتا ہے، اور بسااوقات حالتِ صلوٰة میں بھی خون گرنے کا اندیشہ ہوتا ہے، کیا اس کو تر کئے بغیر مسح کی صورت میں نماز پڑھ لیا کروں یا جب قطرہ ٹپکے تو وضو تازہ کرلیا کروں؟ محقق جواب دے کر ممنون فرماویں۔

ج… یہاں دو مسئلے ہیں، ایک یہ کہ اگر زخم کو پانی نقصان دیتا ہے تو آپ زخم کی جگہ کو دھونے کے بجائے اس پر مسح کرسکتے ہیں۔ دُوسرا مسئلہ یہ ہے کہ اگر اس میں سے خون ہر وقت رستا رہتا ہے اور کسی وقت بھی موقوف نہیں ہوتا تو آپ کو ہر نماز کے پورے وقت کے اندر ایک بار وضو کرلینا کافی ہے، اور اگر کبھی رستا ہے اور کبھی نہیں تو جب بھی خون نکل کر بہہ جائے آپ کو دوبارہ وضو کرنا ہوگا۔

دانت سے خون نکلنے پر کب وضو ٹوٹے گا

س… اگر دانت میں سے خون نکلتا ہو اور وضو بھی ہو تو کیا وضو ٹوٹ جائے گا؟

ج… اگر اس سے خون کا ذائقہ آنے لگے یا تھوک کا رنگ سرخی مائل ہوجائے تو وضو ٹوٹ جائے گا، ورنہ نہیں۔

دانت سے خون نکلنے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے

س… کلی کرتے وقت منہ سے خون نکل جاتا ہے، خون حلق میں نہیں جاتا، بس دانت میں سے نکل جاتا ہے اور میں فوراً تھوک دیتا ہوں، تو آپ سے یہ معلوم کرنا ہے کہ منہ میں خون آنے کی وجہ سے وضو ٹوٹ جاتا ہے یا نہیں؟؟ کیا دوبارہ وضو کرنا چاہئے؟

ج… خون نکلنے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے، بشرطیکہ اتنا خون نکلا ہو کہ تھوک کا رنگ سرخی مائل ہوجائے یا منہ میں خون کا ذائقہ آنے لگے۔

ہوا خارج ہونے پر صرف وضو کرے استنجا نہیں

س… میرا مسئلہ یہ ہے کہ اگر ایک آدمی نہاکر نماز پڑھنے کے لئے جائے اور بے خیالی میں اس کی صرف ہوا خارج ہوجائے تو کیا ایسے آدمی کے لئے استنجا کرنا لازمی ہے یا صرف وضو کرے؟

ج… صرف وضو کرلینا کافی ہے، پیشاب پاخانہ کے بغیر استنجا کرنا بدعت ہے۔

نکسیر سے وضو ٹوٹ جاتا ہے

س… نماز پڑھتے ہوئے نکسیر اگر نکل آئے تو نماز چھوڑنے کی اجازت ہوتی ہے؟

ج… نکسیر سے وضو ٹوٹ جاتا ہے، اس لئے وضو کرکے دوبارہ نماز پڑھے۔

دُکھتی آنکھ سے نجس پانی نکلنے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے

س… وہ پانی جو آنکھ میں درد سے نکلے، اس کا کیا حکم ہے، پاک یا پلید؟

ج… دُکھتی ہوئی آنکھ سے جو پانی نکلتا ہے اُس سے وضو نہیں ٹوٹتا، البتہ اگر آنکھ میں کوئی پھنسی وغیرہ ہو اور اس سے پانی نکلتا ہو تو اس سے وضو ٹوٹ جاتا ہے، اس لئے کہ یہ نجس ہے۔

جن چیزوں سے وضو نہیں ٹوٹتا

لیٹنے یا ٹیک لگانے سے وضو کا حکم

س… سونے سے تو وضو ٹوٹ جاتا ہے، کیا لیٹنے سے یا ٹیک لگاکر بیٹھنے سے بھی وضو ٹوٹ جاتا ہے؟

ج… اگر لیٹنے اور ٹیک لگاکر بیٹھنے سے نیند نہیں آئی تو وضو قائم ہے۔

بوسہ لینے سے وضو ٹوٹتا ہے یا نہیں؟

س… موٴطا امام مالک میں پڑھا ہے کہ بیوی کا بوسہ لینے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے، کیا یہ حنفی مسلک میں بھی ہے کہ بیوی کا بوسہ لینے سے وضو ٹوٹ جائے گا؟ یا بیوی خاوند کا بوسہ لے تو اس کا وضو ٹوٹ جائے گا، اس کی شرعی حیثیت کیا ہے؟

ج… حنفیہ کے نزدیک بیوی کا بوسہ لینے سے وضو نہیں ٹوٹتا، اِلَّا یہ کہ مذی خارج ہوجائے، حدیث کو استحباب پر محمول کرسکتے ہیں۔

کپڑے بدلنے اور اپنا سراپا دیکھنے سے وضو نہیں ٹوٹتا

س… اکثر بزرگ خواتین یہ کہتی ہیں کہ اگر گھر کے کپڑے پہنے وضو کرلیا اور پھر قرآن خوانی میں جانا ہے یا نماز پڑھنی ہے توہم وضو کرنے کے بعد دُوسرے کپڑے بدلتے وقت اپنے سراپا کو نہ دیکھیں، اپنا سراپا دیکھنے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے۔ آپ اس سلسلے میں وضاحت فرمائیں۔

ج… خواتین کا یہ مسئلہ صحیح نہیں، کپڑے بدلنے سے وضو نہیں ٹوٹتا اور نہ اپنا سراپا (ستر) دیکھنے سے وضو ٹوٹتا ہے۔

برہنہ بچے کو دیکھنے سے وضو نہیں ٹوٹتا

س… کسی بچے کو برہنہ دیکھنے سے وضو ٹوٹتا ہے یا نہیں؟

ج… نہیں!

برہنہ تصویر دیکھنے کا وضو پر اثر

س… کیا کسی کی برہنہ تصویر دیکھنے سے وضو باطل ہوجاتا ہے؟

ج… برہنہ تصویر دیکھنا گناہ ہے، اس سے وضو ٹوٹتا تو نہیں لیکن دوبارہ کرلینا بہتر ہے۔

پاجامہ گھٹنے سے اُوپر کرنا گناہ ہے، لیکن وضو نہیں ٹوٹتا

س… ہم نے عام طور پر لوگوں سے سنا ہے کہ جب پاجامہ گھٹنے سے اُوپر ہوجائے تو وضو ٹوٹ جاتا ہے، کیا یہ صحیح ہے؟

ج… کسی کے سامنے پاجامہ گھٹنوں سے اُوپر کرنا گناہ ہے، مگر اس سے وضو نہیں ٹوٹتا۔

کسی حصہٴ بدن کے برہنہ ہونے سے وضو نہیں ٹوٹتا

س… میں نے سنا ہے کہ جب پاوٴں پنڈلی تک برہنہ ہوجائے تو وضو ٹوٹ جاتا ہے، جبکہ ہم بعض دفعہ غسل کے بعد یا ویسے کپڑے بدلتے ہیں تو ظاہر ہے کہ پنڈلی برہنہ ہوجاتی ہے، کیا اس حالت میں بھی وضو ٹوٹ جاتا ہے؟

ج… کسی حصہٴ بدن کے برہنہ ہونے سے وضو نہیں ٹوٹتا۔

ننگا ہونے یا مخصوص جگہ ہاتھ لگانے سے وضو نہیں ٹوٹتا

س… غسل خانے میں ننگا ہوگیا، مکمل وضو کیا اس کے بعد غسل کیا، صابن وغیرہ تمام جسم پر لگایا، ہاتھ بھی جگہ جگہ (مخصوص جگہ) لگایا، اس کے بعد کپڑے تبدیل کرکے باہر آگیا، کیا نماز ادا کرسکتا ہوں یا کپڑے بدل کر وضو کروں پھر نماز ادا کروں؟

ج… وضو ہوگیا، دوبارہ وضو کرنے کی ضرورت نہیں، کیونکہ برہنہ ہونے یا اپنے اعضا کو ہاتھ لگانے سے وضو نہیں ٹوٹتا۔

جوتے پہننے سے دوبارہ وضو لازم نہیں

س… اکثر نمازی جب نماز پڑھنے کے بعد فارغ ہوتے ہیں تو جوتے پہن کر گھر چلے جاتے ہیں، ابھی ان کا وضو برقرار ہوتا ہے کہ دُوسری نماز کے لئے آجاتے ہیں، بغیر وضو کے نماز پڑھتے ہیں۔ مسئلہ یہ ہے کہ جب وہ اپنے پاوٴں جوتے میں ڈالتے ہیں تو جوتے پلید اور غلیظ جگہوں پر پڑتے ہیں، کیا یہ ضروری نہیں ہوتا کہ پھر نماز کے لئے وضو کیا کریں؟

ج… جوتوں کے اندر نجاست نہیں ہوتی، اس لئے وضو کے بعد جوتے پہننے سے دوبارہ وضو لازم نہیں ہوتا۔

شرم گاہ کو ہاتھ لگانے سے وضو نہیں ٹوٹتا

س… حدیث پاک نظروں سے گزری کہ ذَکر کو چھونے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے(موٴطا امام مالک)۔ یعنی نماز میں یا ویسے، قرآن مجید کی تلاوت کرتے وقت چھولے اس بارے میں ضرور آگاہ کریں؟

ج… شرم گاہ کو ہاتھ لگانے سے وضو نہیں ٹوٹتا، حدیث میں وضو کا حکم یا تو استحباب کے طور پر ہے یا لغوی وضو یعنی ہاتھ دھونے پر محمول ہے۔

کھانا کھانے یا برہنہ ہونے سے وضو نہیں ٹوٹتا

س… اگر کوئی شخص وضو کرکے کھانا کھالے تو کیا وضو ٹوٹ جائے گا؟ وضو کے دوران اگر کوئی شخص برہنہ ہوکر کپڑے تبدیل کرے تو کیا وضو ٹوٹ جائے گا؟

ج… دونوں صورتوں میں وضو نہیں ٹوٹتا۔

آگ پر پکی ہوئی یا گرم چیز کھانے سے وضو نہیں ٹوٹتا

س… میں نماز باقاعدگی کے ساتھ ادا کرتی ہوں، اور میرا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ میں چائے کثرت سے استعمال کرتی ہوں، لوگ کہتے ہیں کہ گرم چیز کھانے سے، مثلاً: چائے، کھانا یا ایسی چیزیں جو آگ پر پکی ہوں، سے وضو ٹوٹ جاتا ہے اور دوبارہ وضو کیا جائے۔

ج… آگ پر پکی ہوئی چیز کھانے سے وضو نہیں ٹوٹتا۔

باوضو حقہ، بیڑی، سگریٹ، پان استعمال کرکے نماز پڑھنا

س… ہم دیکھتے ہیں کہ ہمارے بہت سے بزرگ ایسا کرتے ہیں کہ نماز کے لئے وضو کیا، نماز ادا کی، اس کے بعد سگریٹ، بیڑی، حقہ نوشی کرتے ہیں، جب دُوسری نماز کا وقت آجاتا ہے تو صرف دو تین بار کلی کی اور نماز پڑھ لیتے ہیں اور تسبیح و وظائف بھی کرتے رہتے ہیں۔ اب جبکہ رمضان شریف خدا کے فضل و کرم سے شروع ہوچکا ہے، اس میں بھی اکثر دیکھتے ہیں کہ ایک شخص تمام دن روزہ رکھتا ہے، روزہ اِفطار کرنے سے قبل وضو کرتا ہے، روزہ اِفطار کرتا ہے اور اس کے بعد بیڑی، سگریٹ یا حقہ نوشی کرتا ہے، پھر کلی کرنے کے بعد نمازِ مغرب میں جماعت میں شامل ہوجاتا ہے، اس سے وضو تو خراب نہیں ہوتا؟ وظائف میں تو خلل نہیں آتا؟ برائے مہربانی اس اہم مسئلے سے آگاہ فرمائیں۔

ج… حقہ، بیڑی، سگریٹ، پان سے وضو تو نہیں ٹوٹتا، لیکن نماز سے پہلے منہ کی بدبو کا دُور کرنا ضروری ہے، اگر منہ سے حقہ، سگریٹ کی بو آتی ہو تو نماز مکروہ ہوجاتی ہے۔

سگریٹ نوشی اور ٹیلی ویژن، ریڈیو دیکھنے سننے کا وضو پر اثر

س… سگریٹ نوشی، ٹیلی ویژن دیکھنے اور ریڈیو پر موسیقی سننے سے کیا وضو ٹوٹ جاتا ہے؟

ج… سگریٹ نوشی سے وضو نہیں ٹوٹتا، لیکن منہ کی بدبو کا پوری طرح دُور کرنا ضروری ہے، اور گناہوں کے کاموں سے وضو نہیں ٹوٹتا، لیکن مکروہ ضرور ہوتا ہے، اس لئے دوبارہ وضو کرلینا مستحب ہے۔

آئینہ یا ٹی وی دیکھنے کا وضو پر اثر

س… کیا آئینہ دیکھنے یا ٹی وی دیکھنے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے؟

ج… آئینہ دیکھنے سے تو وضو نہیں ٹوٹتا، البتہ ٹی وی دیکھنا گناہ ہے، اور گناہ کے بعد دوبارہ وضو کرلینا مستحب ہے۔

گڑیا دیکھنے سے وضو نہیں ٹوٹتا

س… کیا گڑیا دیکھنے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے؟ میں نے سنا ہے کہ وضو سے گڑیا پر نظر پڑجائے تو وضو ٹوٹ جاتا ہے، کیا یہ صحیح ہے؟

ج… گڑیا دیکھنے سے وضو نہیں ٹوٹتا۔

ناخنوں میں میل ہونے پر بھی وضو ہوجاتا ہے

س… کام کرنے کے دوران ناخنوں میں میل چلا جاتا ہے، اگر ہم میل صاف کئے بغیر وضو کریں تو وہ ہوگا یا نہیں؟

ج… وضو ہوجائے گا، مگر ناخن بڑھانا خلافِ فطرت ہے۔

کان کا میل نکالنے سے وضو نہیں ٹوٹتا

س… باوضو آدمی کان کی کھجلی کی وجہ سے اُنگلی سے کھجلی کرے اور کان کا موم اُنگلی پر لگے اور اُنگلی کو اپنی قمیص سے صاف کرے تو اس صورت میں وضو ٹوٹ جائے گا یا نہیں؟ نیز قمیص پر موم لگنے سے وہ قمیص پاک رہے گی یا نہیں؟

ج… کان کے میل سے وضو نہیں ٹوٹتا، البتہ کانے بہتے ہوں اور کان میں اُنگلی ڈالنے سے اُنگلی کو پانی لگ جائے تو وضو ٹوٹ جائے گا، اور وہ پانی بھی نجس ہے۔

بال بنوانے، ناخن کٹوانے سے وضو نہیں ٹوٹتا

س… باوضو شخص اگر بال بنوائے یا داڑھی کا خط بنوائے یا ناخن ترشوائے، تو کیا اسے دوبارہ وضو کرنا پڑے گا؟ میرا مطلب ہے بال بنوانے، خط بنوانے یا ناخن ترشوانے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے؟

ج… بال بنوانے یا ناخن اُتارنے سے وضو نہیں ٹوٹتا، اس لئے دوبارہ وضو کرنے کی ضرورت نہیں۔

سر یا داڑھی پر مہندی ہو تو وضو کا حکم

س …کوئی شخص سر یا داڑھی پر مہندی کا استعمال کرتا ہے، مہندی خشک ہوجانے کے بعد اس کو دھو کر اُتارنے سے پہلے کیا صرف وضو کرکے نماز ادا کرسکتا ہے یا پہلے مہندی کو بھی دھوکر صاف کرلے؟

ج… وضو صحیح ہونے کے لئے مہندی کا اُتارنا ضروری ہے۔

بچے کو دُودھ پلانے سے وضو نہیں ٹوٹتا

س… اگر وضو ہو اور بچے کو دُودھ پلایا جائے تو کیا وضو ٹوٹ جائے گا؟

ج… نہیں!

دانت میں چاندی بھری ہونے پر غسل اور وضو

س… زید نے اپنی داڑھ چاندی سے بھروائی ہے، کیا اس طرح اس کا غسل اور وضو ہوجاتا ہے جبکہ پانی اندر تک نہیں جاتا؟

ج… غسل اور وضو ہوجاتا ہے۔

مصنوعی دانت کے ساتھ وضو

س… مصنوعی دانت لگاکر وضو ہوجاتا ہے یا ان کا اُتارنا ضروری ہے؟

ج… نکالنے کی ضرورت نہیں، ان کے ساتھ وضو دُرست ہے۔

وضو کے وقت عورت کے سر کا ننگا رہنا

س… کیا وضو کرتے وقت عورت کا سر پر دوپٹہ اوڑھنا ضروری ہے؟

ج… عورت کو حتی الوسع سر ننگا نہیں کرنا چاہئے، مگر وضو ہوجائے گا۔

سرخی، پاوٴڈر، کریم لگاکر وضو کرنا

س… عورت کے لئے ناخن پر پالش لگانا گناہ ہے کہ یہ لگانے سے وضو نہیں ہوتا، اور وضو نہیں تو نماز بھی نہیں، مگر مروّجہ کریم، پاوٴڈر یا سرخی لگانا کیسا ہے؟ کیونکہ اس سے ناخن پالش کی طرح کوئی قباحت نہیں کہ وضو کا پانی اندر نہ جائے۔

ج… ان میں اگر کوئی ناپاک چیز ملی ہوئی نہ ہو تو کوئی حرج نہیں، مگر ناخن پالش کی طرح سرخی کی تہ جم جاتی ہے، اس لئے وضو اور غسل کے لئے اس کا اُتارنا ضروری ہے؟

سینٹ اور وضو

س… غسل کرنے کے بعد یا وضو کرنے کے بعد ناخن کاٹنے، شیو بنانے اور سینٹ لگانے سے وضو تو نہیں ٹوٹتا اور نماز ہوجاتی ہے یا نہیں؟ سنا ہے کہ سینٹ لگانے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے اور نماز نہیں ہوتی، کیونکہ اس میں اسپرٹ ہوتی ہے، اور اگر سینٹ لگا بھی لیا جائے تو کیا وضو کرلینا ہی کافی ہے یا کپڑے بھی دُوسرے پہنے جائیں اور غسل کیا جائے، کیونکہ سینٹ کی خوشبو سارے بدن اور کپڑوں میں بس جاتی ہے؟

ج… وضو کرنے کے بعد بال کاٹنے یا ناخن تراشنے سے وضو نہیں ٹوٹتا، اسی طرح سینٹ لگانے سے بھی وضو نہیں ٹوٹتا، البتہ سینٹ میں کوئی ناپاک چیز ہوتی ہے یا نہیں؟ اس کی مجھے تحقیق نہیں۔ میں نے بعض معتبر لوگوں سے سنا ہے کہ اس میں کوئی ناپاک چیز نہیں ہوتی، اگر یہ صحیح ہے تو سینٹ لگانا جائز ہے۔

وضو کے درمیان سلام کا جواب دینا

س… وضو کرتے ہوئے اور کھانے کے دوران سلام کا جواب دینا ضروری ہے یا نہیں؟ جبکہ سلام کرنے والے کو مسئلہ معلوم نہ ہو تو وضو میں مصروف ہونے کی وجہ سے ناراضی اور غلط فہمی ہوسکتی ہے۔

ج… وضو کے دوران سلام اور جواب میں کوئی حرج نہیں، کھانے کے دوران سلام نہیں کہنا چاہئے، اور کھانے والے کے ذمہ سلام کا جواب دینا واجب نہیں۔

وضو کرنے کے بعد منہ ہاتھ صاف کرنا

س… کیا وضو کرنے کے بعد منہ ہاتھ وغیرہ پونچھ لینے سے وضو باقی رہتا ہے یا نہیں؟

ج… وضو کے بعد تولیہ استعمال کرنا جائز ہے، اس سے وضو نہیں ٹوٹتا۔

  • Tweet

What you can read next

کن چیزوں سے نماز فاسد یا مکروہ ہوجاتی ہے؟
جماعت کی صف بندی
غسل کے مسائل
Shaheedeislam.com Fans Page

Recent Posts

  • Weekly Khatm-e-Nubuwwat 23-30 September 2021

    ...
  • Weekly Khatm-e-Nubuwwat 16-22 September 2021

    ...
  • 2021 Shumara 33-34 front Title small

    Weekly Khatm-e-Nubuwwat 1-15 September 2021

    ...
  • 2021 Shumara 32 front Title Small

    Weekly Khatm-e-Nubuwwat 23-31 August 2021

    ...
  • 2021 Shumara 31 front Title Small

    Weekly Khatm-e-Nubuwwat 16-22 August 2021

    ...

ABOUT US

Lorem Ipsum is simply dummy text of the printing and typesetting industry. Lorem Ipsum has been the industry’s standard dummy text ever since the 1500s, when an unknown printer took a galley of type and scrambled it to make a type specimen book.

NEWSLETTER

Stay updated with our latest posts.

We never spam!

RECENT POSTS

  • Weekly Khatm-e-Nubuwwat 23-30 September 2021

    ...
  • Weekly Khatm-e-Nubuwwat 16-22 September 2021

    ...
  • 2021 Shumara 33-34 front Title small

    Weekly Khatm-e-Nubuwwat 1-15 September 2021

    ...

GET IN TOUCH

T (212) 555 55 00
Email: [email protected]

Your Company LTD
Street nr 100, 4536534, Chicago, US

Open in Google Maps

  • GET SOCIAL

Copyright @ 2019 Shaheed-e-Islam | All Rights Reserved | Powered by Shaheed-e-Islam

TOP