کیا شیعہ اسلامی فرقہ ہے؟
س… آپ کی تألیف کردہ کتاب ”اختلاف امت اور صراط مستقیم“ کی دونوں جلدوں کا مکمل مطالعہ کیا کتاب بہت ہی پسند آئی اور یہاں ریاض شہر میں اکثریت چونکہ حنابلہ کی ہے جو کہ آمین بالجہر، رفع یدین اور فاتحہ خلف الامام سب کچھ کرتے ہیں مگر اس کتاب کے مطالعہ سے میں اپنے مذہب حنفیہ میں مزید پختہ ہوگیا ہوں اور چونکہ پاکستان میں بھی میرا تعلق قاضی مظہر حسین صاحب مدظلہ العالی جیسے علماء کے ساتھ رہا ہے اور ان سے بحمداللہ بیعت کا سلسلہ بھی ہے اور انہوں نے اہلسنت والجماعت کا صحیح معنوں میں جو راستہ ہے وہ ہمیں بتایا اور مذہب شیعہ سے بھی کافی واقفیت ہے کیونکہ حضرت قاضی صاحب نے روافض کے تقریباً ہر عقیدہ پر کتاب لکھی ہے اور آپ نے بھی اپنی کتاب میں لکھا ہے کہ اگر شیعہ عقیدہ صحیح ہے تو اسلام معاذ اللہ غلط ہے اور اگر اسلام حق ہے تو شیعہ مذہب کے غلط اور باطل ہونے میں کسی عاقل کو شبہ نہیں ہونا چاہئے، جس کا مطلب یہی ہے کہ شیعہ دائرہ اسلام سے خارج ہیں اسلام کے ساتھ ان کا کوئی واسطہ ہی نہیں ہے، اب میں آتا ہوں اپنی مقصودی بات کی طرف کہ شیعہ پکے کافر اور زندیق ہیں تو پھر ان کو اسلامی فرقوں میں شمار کرنا میرے ذہن کے مطابق درست نہیں ہے جس طرح کہ آپ نے کتاب کے نام کے نیچے لکھا ہے کہ جس میں صراط مستقیم کی ٹھیک ٹھیک نشاندھی کرتے ہوئے مشہور اسلامی فرقوں شیعہ سنی… الخ یعنی شیعہ کے ساتھ ہمارا اصولی اختلاف ہے کہ جب ان کا کلمہ اور اذان، نماز دیگر عبادات سب کچھ ہم سے جدا ہے تو پھر اسلامی فرقہ کیسے ہوا اور آپ نے بھی اپنی کتاب میں قوی دلائل سے اس فرقہ کو کافر ثابت کیا ہے۔ اور عام لوگ تو یہی سمجھتے ہیں کہ شیعہ مسلمان ہیں اور جب وہ کتاب کے پہلے صفحہ کو دیکھتے ہیں تو نہایت تعجب ہوتا ہے۔
ج… ماشاء اللہ! بہت نفیس سوال ہے، اس کا آسان اور سلیس جواب یہ ہے کہ ”اسلامی فرقوں“ سے مراد ہے وہ فرقے جن کو عام طور سے مسلمان سمجھا جاتا ہے، یا اسلام کی طرف منسوب کیا جاتا ہے۔
شیخ ابو منصور ماتریدی، جو عقائد میں حنفیہ کے امام ہیں،ان کی کتاب کا نام ہے ”مقالات الاسلامیین“ یعنی ”اسلامی فرقوں کے عقائد“ اس میں شیعہ، خوارج وغیرہ ان تمام فرقوں کا ذکر آیا ہے جو اسلام کی طرف منسوب ہیں حالانکہ ان میں سے بہت سوں پر کفر کا فتویٰ ہے، میری جس تحریر کا آپ نے حوالہ دیا ہے اور جس پر اشکال فرمایا ہے، وہ گویا شیخ کی کتاب کے نام کا ترجمہ ہے۔
اطلاع:… اور بھی بعض احباب نے یہی آپ والا اِشکال ذکر کیا تھا، اگرچہ اِشکال کا صحیح جواب موجود ہے جو اُوپر ذکر کرچکا ہوں، تاہم ہم نے کتاب کے نئے ایڈیشن میں ”اسلامی فرقوں“ کا لفظ حذف کردیا ہے۔