SIGN IN YOUR ACCOUNT TO HAVE ACCESS TO DIFFERENT FEATURES

FORGOT YOUR PASSWORD?

FORGOT YOUR DETAILS?

AAH, WAIT, I REMEMBER NOW!

Shaheed e Islam

  • رابطہ
  • متفرقات
    • نماز
    • ادعیہ ماثورہ
    • اسلامک لنکس
    • اسماء الحسنی
    • بکھرے موتی
    • تصاویر کی دنیا
    • خصوصی پروگرامز
  • آپکے مسائل اور انکا حل
    • جلد اول
    • جلد دوم
    • جلد سوم
    • جلد چہارم
    • چلد پنجم
    • جلد ششم
    • جلد ہفتم
    • جلد ہشتم
    • جلد نهم
    • جلد دہم
  • حمد و نعت
    • خصوصی البم
    • مولانا عبد اللطیف الحصیری
    • مولانا انس یونس
    • حافظ ابو بکر
    • محمد کاشف فاروقی
    • حافظ کامران منیر برادران
    • عطاء الرحمن عزیز
    • متفرق
  • بیانات
    • مولانا منظور احمد نعمانی دامت برکاتہم
    • مولانا اللہ وسایا صاحب
    • مفتی سعید احمد جلالپوری
    • قاری حنیف ملتانی صاحب
    • مولانا طارق جمیل صاحب
    • مفتی ہارون مطیع اللہ صاحب
  • شہید اسلام
    • درس قرآن
    • اصلاحی مواعظ
    • تصانیف
    • تعارف
  • ختم نبوت
    • خصوصی بیانات
    • کتابیں
    • مضامین
    • خصوصی پروگرامز
    • ہفت روزہ ختم نبوت
  • الحدیث
    • درس حدیث
    • معارف نبوی صلی اللہ علیہ وسلم
  • القرآن
    • درس قرآن
    • تلاوت قرآن
    • تفسیر قرآن مولانا منظور احمد نعمانی
  • سرورق
0
Shaheed-e-Islam
Friday, 13 August 2010 / Published in چلد پنجم

طلاقِ معلق

  

طلاقِ معلق کا مسئلہ

س … میرے میاں نے مجھے میری بہن کے گھر جانے سے منع کیا اور کہا کہ: ”تم وہاں گئیں تو تم مجھ پر طلاق ہوجاوٴگی“ اور تین مرتبہ یہ الفاظ دہرائے کہ: ”میں تمہیں طلاق دے دُوں گا۔“ اور اس کے دُوسرے تیسرے دن ہی ہم وہاں چلے گئے، پہلے مجھے معلوم نہیں تھا کہ زبان سے کہنے سے طلاق ہوجاتی ہے، لوگوں سے معلوم ہوا کہ اس طرح بھی طلاق ہوجاتی ہے، جبکہ میاں نہیں مان رہے اور کہہ رہے ہیں کہ: ”طلاق دینے کا میں نے وعدہ کیا ہے، اور طلاق نہیں دی“ جبکہ یہی الفاظ جو اَبھی لکھے ہیں، میرے میاں نے مجھے کہے تھے، کیا اس صورت میں طلاق ہوئی یا نہیں؟ اگر ہوئی تو اس کا حل کیا ہے؟

ج… آپ کے وہاں جانے کے بعد شوہر نے دو لفظ استعمال کئے ہیں، ایک یہ کہ: ”اگر تم وہاں گئیں تو مجھ پر طلاق ہوجاوٴگی“ اس سے ایک طلاق ہوگئی، مگر شوہر عدّت کے اندر اگر زبان سے کہہ دے کہ: ”میں نے طلاق واپس لے لی“ یا میاں بیوی کا تعلق قائم کرلے تو رُجوع ہوجائے گا، دوبارہ نکاح کی ضرورت نہیں۔ دُوسرا فقرہ آپ کے شوہر کا جسے انہوں نے تین بار دہرایا، یہ تھا کہ: ”میں تمہیں طلاق دے دُوں گا“ یہ طلاق دینے کی دھمکی ہے، ان الفاظ سے طلاق نہیں ہوئی۔

طلاق اور شرط بیک وقت جملے میں ہونے سے طلاق معلق ہوگئی

س… ایک شخص نے اپنی بیوی کو لکھ کر طلاق اس طرح دی: ”میں انہیں طلاقِ بائن دیتا ہوں، تین طلاقوں کے ساتھ یہ سب مسائل میں نے بہشتی زیور میں بغور پڑھ کر حاصل کئے ہیں۔“ اس کے ساتھ ہی اس شخص نے یہ شرط بھی عائد کردی کہ طلاق کا اطلاق اس وقت ہوگا جب فلیٹ جو کہ بیوی کی ملکیت ہے وہ فروخت کردیا جائے گا۔ واضح رہے کہ شوہر نے پُرسکون زندگی گزارنے کے وعدے پر مہر کی رقم معاف کرالی اور اس ضمن میں اپنی بیوی کا حلفیہ بیان مجسٹریٹ کے رُوبرو دِلوادیا۔ اس کے فوراً بعد ہی دو تین روز کے وقفے کے بعد طلاق مندرجہ بالا طریق پر دے دی۔ براہِ کرم از رُوئے شرع وضاحت و رہنمائی فرمائیں کہ کیا یہ طلاق ہوگئی یا فلیٹ فروخت کرنے کے ساتھ مشروط رہے گی؟ جبکہ فلیٹ بیوی کے نام الاٹ شدہ ہے۔

ج… اگر طلاق اور اس کی شرط ایک ہی جملے میں لکھی تھی، مثلاً یہ کہ: ”اگر فلیٹ فروخت کرے گی تو اس کو تین طلاق“ اس صورت میں فلیٹ کے فروخت ہونے پر طلاق ہوگی، جب تک فلیٹ فروخت نہیں ہوتا طلاق نہیں ہوگی، اور اگر طلاق پہلے دے دی بعد میں وضاحت کرتے ہوئے شرط لگائی تو طلاق فوراً واقع ہوگئی اور بعد کی وضاحت کا کوئی اعتبار نہیں۔

”اگر میں فلاں کام کروں تو مجھ پر عورت طلاق“ کا حکم

س… ایک شخص نے اپنی والدہ سے غصّے میں آکر کہا کہ: ”اگر میں تیرے پاس آوٴں تو مجھ پر عورت طلاق ہوگی“ اور یہ لفظ اس نے صرف ایک ہی مرتبہ کہا ہے، اب وہ شخص اپنی والدہ کے پاس آنا چاہتا ہے تو اس کے لئے کیا صورت ہوگی؟

ج… اس صورت میں وہ شخص زندگی میں جب کبھی اپنی والدہ کے پاس جائے گا تو بیوی پر ایک طلاق رجعی واقع ہوگی، جس کا حکمِ شرعی یہ ہے کہ عدّت کے اندر بغیر تجدیدِ نکاح کے شوہر رُجوع کرسکتا ہے۔ البتہ عدّت کے بعد عورت کی رضامندی سے دوبارہ نکاح کرنا ہوگا۔ بہتر یہ ہے کہ یہ شخص والدہ کے پاس چلا جائے، اس سے ایک طلاق رجعی ہوجائے گی، اس کے بعد یہ شخص بیوی سے رُجوع کرے اور ”رُجوع“ سے مراد یہ ہے کہ یا تو زبان سے کہہ دے کہ میں نے طلاق واپس لے لی، یا بیوی کو ہاتھ لگادے، یا اس سے صحبت کرلے۔ زبان سے یا فعل سے رُجوع کرلینے کے بعد طلاق کا اثر ختم ہوجائے گا۔ لیکن اس شخص نے تین طلاقوں میں سے ایک طلاق کا حق استعمال کرلیا، اب اس کے پاس صرف دو طلاقوں کا حق باقی رہ گیا، آئندہ اگر دو طلاقیں دے دیں تو بیوی حرام ہوجائے گی، اس لئے آئندہ احتیاط کرے۔

”جس روز میری بیوی نے ان کے گھر کا ایک لقمہ بھی کھایا اسی دن اس کو تین طلاق“ کے الفاظ کا حکم

س… کچھ عرصہ قبل زید کی اپنے سسرال والوں سے کسی بات پر ناراضگی ہوگئی، کچھ لوگوں نے ان کا میل ملاپ کرانا چاہا، غصّے کی حالت میں زید نے دو اشخاص کی موجودگی میں یہ الفاظ ادا کئے: ”جس روز اس (میری بیوی) نے ان کے گھر (لڑکی کے والدین کا) کا ایک نوالہ بھی کھایا اسی دن اس کو تین طلاق“ اس کے بعد ابھی چند دن قبل زید کی اس کے سسرال والوں سے صلح کروادی گئی ہے، لیکن زید کی بیوی کو اپنے والدین کے گھر کا کھانا کھانے سے منع کردیا گیا ہے۔

          آیا زید کی بیوی اپنے ماں باپ کے گھر کا ساری عمر کچھ نہیں کھاسکتی؟ اور اگر کبھی بھولے سے ہی کھالے تو کیا طلاق واقع ہوجائے گی؟ کیا یہ شرط کسی صورت میں ختم ہوسکتی ہے؟ اگر ایسا ممکن ہے تو وہ کیا صورت ہوگی؟

ج… اس شرط کو ختم کرنے کی ایک صورت ہوسکتی ہے کہ زید اپنی بیوی کو ایک طلاق بائن دے دے، طلاق کی عدّت ختم ہونے کے بعد عورت اپنے والدین کے گھر کھانا کھاکر اس شرط کو توڑ دے، اس کے بعد زید اور اس کی بیوی کا دوبارہ نکاح کردیا جائے۔

”اگر والدین کے گھر گئی تو طلاق سمجھنا“

س… میرا سسرال والوں سے جھگڑا ہوگیا تھا، میں نے غصّے میں اپنی بیوی پر شرط رکھ دی تھی کہ: ”تو میرے بغیر اپنے ماں باپ کے گھر گئی تو میری طرف سے طلاق سمجھنا“ اب تک وہ نہیں گئی، اگر وہ چلی جائے تو اس پر طلاق ہوگی، اب اگر میں خود اجازت دُوں تو وہ میرے بغیر جاسکتی ہے یا نہیں؟ دُوسری بات یہ ہے کہ اگر وہ اپنے ماں باپ کے گھر چلی جائے تو میں دوبارہ کس طرح رُجوع کرسکتا ہوں؟

ج… آپ طلاق واپس نہیں لے سکتے، اگر وہ بغیر آپ کے میکے جائے گی تو طلاق تو واقع ہوجائے گی، مگر یہ رجعی طلاق ہوگی، آپ کو عدّت کے اندر رُجوع کا حق ہوگا۔ رُجوع کا مطلب یہ ہے کہ زبان سے کہہ دیا جائے کہ: ”میں نے طلاق واپس لی“ یا میاں بیوی کا تعلق قائم کرلیا جائے۔

طلاقِ معلق کو واپس لینے کا اختیار نہیں

س… اگر کوئی شخص اپنی بیوی سے غصّے میں یہ کہہ دے کہ: ”اگر تم نے میری مرضی کے خلاف کام کیا تو تم میرے نکاح سے باہر ہوجاوٴگی“ اگر شوہر اس شرط کو ختم کرنا چاہے تو کیا وہ ختم ہوسکتی ہے؟ اور کس طرح؟ دُوسری بات یہ ہے کہ فرض کرو اگر بیوی اس کام کو کرلیتی ہے تو کیا وہ نکاح سے باہر ہوجاتی ہے؟

ج… طلاق کو کسی شرط پر معلق کردینے کے بعد اسے واپس لینے کا اختیار نہیں، اس لئے اس شخص کی بیوی اگر اس کی مرضی کے خلاف وہ کام کرے گی تو طلاقِ بائن واقع ہوجائے گی، مگر دوبارہ نکاح ہوسکے گا۔

کیا دو طلاقیں دینے کے بعد طلاقِ معلق واقع ہوسکتی ہے؟

س… زید نے اپنی بیوی کو کہا: ”اگر میری اجازت کے بغیر میکے گئی تو تمہیں طلاق ہے“ مگر چند دنوں کے بعد دُوسری وجہ سے دو طلاقیں دے دیتا ہے، اور اپنی بیوی سے الگ ہوجاتا ہے، اور اپنی مطلقہ بیوی کو میکے بھیج دیتا ہے یا وہ عورت اپنے والدین کے گھر چلی جاتی ہے، تو کیا اس عورت کو صرف دو طلاقیں واقع ہوں گی یا وہ طلاق بھی واقع ہوجائے گی جو زید نے اس شرط پر دی کہ میری بغیر اجازت اپنے والدین کے گھر گئی تو ایک طلاق ہے۔ کیا زید اپنی بیوی کو دوبارہ نکاح میں لاسکتا ہے؟

ج… طلاقِ معلق نکاح یا عدّت میں شرط کے پائے جانے سے واقع ہوجاتی ہے، پس صورتِ مسئولہ میں دو طلاق کے بعد بیوی کا میکے جانا اگر عدّت ختم ہونے کے بعد تھا تو طلاقِ معلق واقع نہیں ہوئی، اور اگر عدّت کے اندر تھا اور شوہر نے خود اسے بھیجا تب بھی تیسری طلاق واقع نہیں ہوئی، کیونکہ شرط بلااجازت جانے کی تھی، اور یہ جانا بغیر اجازت کے نہیں بلکہ اس کے حکم سے ہوا۔ اور اگر عورت عدّت کے اندر شوہر کی اجازت کے بغیر چلی گئی تو تیسری طلاق بھی واقع ہوجائے گی اور حلالہ شرعی کے بغیر دوبارہ نکاح صحیح نہیں ہوگا۔

”اگر تم مہمان کے سامنے آئیں تو تین طلاق“

س… میرے شوہر معمولی سی باتوں پر جھگڑا کرنے لگتے ہیں، ایک دفعہ جھگڑے کے دوران کہنے لگے کہ: ”اگر تم میرے یا اپنے رشتہ داروں کے سامنے آئیں تو تمہیں میری طرف سے تین طلاق“ یہ کہہ کر چلے گئے، جبکہ انہیں معلوم تھا کہ مہمان آنے والے ہیں جو کہ ان کے اور میرے دونوں کے یکساں رشتہ دار ہیں۔ تھوڑی دیر بعد مہمان آگئے اور مجھے مجبوراً ان کے سامنے جانا پڑا۔ آپ یہ تحریر فرمائیں کہ کیا ان کے اس طرح کہنے سے طلاق ہوجاتی ہے یا نہیں؟ اور ہمارا ایک ساتھ رہنا ٹھیک ہے یا نہیں؟ میرے شوہر اس سے پہلے بھی اکثر لڑائیوں میں طلاق کا لفظ نکال چکے ہیں، برائے مہربانی جواب ضرور عنایت فرمائیں۔

ج… ان الفاظ سے تین طلاقیں ہوگئیں، اور اگر وہ اس سے پہلے بھی اکثر لڑائیوں میں طلاق کا لفظ نکال چکے ہیں تو طلاق پہلے ہی واقع ہوچکی ہے۔ بہرحال اب تم دونوں کا تعلق میاں بیوی کا نہیں بلکہ ایک دُوسرے پر قطعی حرام ہو، حلالہ شرعی کے بغیر دوبارہ نکاح کی بھی گنجائش نہیں۔

”اگر دُوسری شادی کی تو بیوی کو طلاق“

س… ایک لڑکے کی ۱۸ سال قبل اس وقت شادی ہوئی، جب وہ حدودِ لڑکپن میں تھا، اس کے سسر نے اس سے ایسی تحریر پر دستخط لے لئے جس میں تحریر تھا کہ: ”اگر دُوسری شادی کی تو میری بیٹی کو طلاق ہوجائے گی“ جبکہ وہ لڑکا اس تحریر کو نہ سمجھ سکا تھا، ایسی صورت میں اس کے لئے دُوسری شادی کا کیا حکم ہے؟

ج… آپ کے سوال میں دو اَمر تنقیح طلب ہیں۔ ایک یہ کہ آپ نے ”حدودِ لڑکپن“ کا جو لفظ لکھا ہے اس سے کیا مراد ہے؟ اگر اس سے یہ مراد ہے کہ وہ لڑکا اس وقت ”نابالغ“ تھا تو نابالغ کی تحریر کا اعتبار نہیں، اس لئے دُوسری شادی پر طلاق نہیں ہوگی۔ اور اگر اس لفظ سے یہ مراد ہے کہ لڑکا تھا تو بالغ، مگر بے سمجھ تھا، تو یہ تحریر معتبر ہے، اور دُوسری شادی کرنے پر پہلی بیوی کو طلاق ہوجائے گی۔

          دُوسرا اَمر تنقیح یہ ہے کہ آیا تحریر میں یہی الفاظ تھے جو سوال میں نقل کئے گئے ہیں، یعنی: ”اگر دُوسری شادی کی تو میری بیٹی کو طلاق ہوجائے گی“ یا تین طلاق کے الفاظ تھے؟ اگر یہی الفاظ لکھے تھے جو آپ نے سوال میں نقل کئے ہیں تو دُوسری شادی کرنے پر پہلی بیوی کو صرف ایک طلاق ہوگی، اور وہ بھی رجعی۔ ”رجعی“ کا مطلب یہ ہے کہ عدّت ختم ہونے سے پہلے پہلے شوہر زبان سے یہ کہہ دے کہ: میں نے طلاق واپس لے لی اور بیوی سے رُجوع کرلیا، یا مطلقہ کو ہاتھ لگادے یا اس سے میاں بیوی کا تعلق قائم کرلے۔ غرضیکہ اپنے قول یا فعل سے طلاق کو ختم کرنے کا فیصلہ کرلے تو طلاق موٴثر نہیں ہوتی، اور نکاح بدستور قائم رہتا ہے۔ اور اگر عدّت ختم ہوجائے تو دوبارہ نکاح ہوسکتا ہے۔ اور اگر طلاق کے الفاظ تین مرتبہ استعمال کئے گئے تھے تو اس میں رُجوع کی گنجائش نہیں رہتی، اور بغیر شرعی حلالہ کے دوبارہ نکاح بھی نہیں ہوسکتا۔

”جب تک تمہارے بہن بہنوئی گھر میں رہیں گے تمہیں طلاق رہے گی“

س… میری ایک سہیلی اپنی دو بچیوں کے ساتھ اپنے شوہر کے گھر میں رہ رہی تھی، کچھ عرصے سے میری سہیلی کی بہن بہنوئی بھی گھر میں ساتھ آکر رہنے لگے، جو کہ اس کے شوہر کو ناپسند تھے، لیکن سہیلی بہن بہنوئی کو اپنے ساتھ رکھنا چاہتی تھی۔ جب جھگڑا زیادہ بڑھ گیا تو سہیلی کے شوہر نے اپنی بیوی سے یہ کہا کہ: ”جب تک تمہارے بہن بہنوئی اس گھر میں رہیں گے، تم پر طلاق رہے گی اور جب یہ گھر سے چلے جائیں گے تو یہ طلاق ختم ہوجائے گی اور تم دوبارہ میرے ساتھ بیوی کی حیثیت سے رہ سکوگی“ برائے مہربانی آپ یہ بتلائیں کہ سہیلی کے بہن بہنوئی کے گھر سے چلے جانے کے بعد کیا میری سہیلی شوہر کے ساتھ دوبارہ رہ سکتی ہے یا نہیں؟ اور وہ دُوسرا نکاح کرسکتی ہے یا نہیں؟

ج… آپ کی سہیلی کو ایک طلاق ہوگئی، اب اگر اس کی بہن اور بہنوئی عدّت کے اندر چلے گئے تو گویا شوہر نے طلاق سے رُجوع کرلیا اور نکاح قائم رہا، اور اگر عدّت ختم ہونے کے بعد گئے تو نکاح ختم ہوگیا، دوبارہ نکاح کرنا ہوگا۔

اگر بھائی کے گھر آنے سے طلاق کو معلق کیا تو اَب کیا کرے؟

س… میں ایک کرائے کے مکان میں رہ رہا تھا، آج سے پانچ سال پہلے ہم دونوں بھائیوں کی آپس میں باتیں ہو رہی تھیں، تو باتوں باتوں میں تلخ کلامی ہوگئی اور بہت زیادہ ہوئی، اسی دوران بھائی باہر نکل گیا، کافی دُور جاکر اس نے کہا کہ میں اپنے بھائی کے گھر آوٴں تو میری بیوی پر تیرہ دفعہ طلاق ہے۔ اب وہ بھائی عرصہ ۵ سال سے میرے گھر نہیں آیا، اب وہ میرے گھر کس صورت میں آسکتا ہے؟ اور ان باتوں کا کیا حل ہے؟

ج… آپ کا بھائی جب بھی آپ کے گھر آئے گا اس کی بیوی کو تین طلاق ہوجائیں گی۔ اگر وہ اپنی قسم توڑنا چاہتا ہے تو اس کی صورت یہ ہوسکتی ہے کہ وہ اپنی بیوی کو ”ایک طلاق بائن“ دے دے، پھر جب بیوی کی عدّت ختم ہوجائے تو آپ کے گھر چلا جائے، اس کی قسم ٹوٹ جائے گی، دوبارہ اپنی بیوی سے نکاح کرلے۔

غیر شادی شدہ اگر طلاقِ کل کی قسم کھالے تو کیا شادی کے بعد طلاق ہوجائے گی؟

س… ایک شخص عاقل بالغ یہ کہہ دے کہ: ”آئندہ میں اگر سگریٹ نوشی کروں تو مسلمان نہیں۔ آئندہ اگر میں سگریٹ نوشی کروں تو مجھ پر (طلاق کل ہے) یعنی دُنیا کی تمام عورتیں مجھ پر طلاق ہیں۔“ یاد رہے کہ یہ شخص غیرشادی شدہ ہے، پھر اگر یہ سگریٹ نوشی ترک نہ کرسکے تو کیا کافر ہوجائے گا یا پھر اس کا نکاح کسی عورت کے ساتھ ہوسکے گا یا نہیں؟

ج… ایسی قسمیں کھانا، کہ فلاں کام کروں تو مسلمان نہیں، نہایت بیہودی قسم اور گناہ ہے، اس سے توبہ کرنی چاہئے، مگر اس قسم کو توڑنے سے یہ شخص کافر نہیں ہوگا، بلکہ اس کو توبہ کرکے قسم کا کفارہ ادا کرنا چاہئے۔ اور یہ کہنا کہ: ”اگر میں فلاں کام کروں تو مجھ پر تمام عورتوں کو طلاق“ جبکہ وہ شادی شدہ نہیں، تو قسم لغو ہے اس سے کچھ نہیں ہوا۔

          البتہ اگر یوں کہا کہ میں جس عورت سے نکاح کروں اس کو طلاق تو نکاح کرتے ہی اس کو طلاق ہوجائے گی، لیکن صرف ایک دفعہ طلاق ہوگی، اس عورت سے دوبارہ نکاح کرنے پر طلاق نہیں ہوگی۔

”اگر باپ کے گھر گئیں تو مجھ پر تین طلاق“ کہنے کا حکم

س… میرا اپنے سسر سے جھگڑا ہوگیا، اور میں نے گھر آتے ہی بیوی کو کہا کہ: ”آج کے بعد تم اگر باپ کے گھر گئی تو تم مجھ پر تین شرط طلاق ہو“ خیر اس کے بعد وہ تو باپ کے گھر نہ گئی، مگر آج کل سسر صاحب سخت بیمار ہیں اور میں یہ سوال لے کر بڑے بڑے علمائے کرام کے پاس گیا ہوں، مگر مطمئن نہیں ہوں، آپ بتائیے کہ میری بیوی کس طرح باپ کے گھر جائے؟

ج… آپ کی بیوی اپنے والد کے گھر نہیں جاسکتی، اگر جائے گی تو اسے تین طلاقیں ہوجائیں گی۔ اس کی تدبیر یہ ہوسکتی ہے کہ اس کو ایک بائن طلاق دے کر اپنے نکاح سے خارج کردیں، پھر وہ عدّت ختم ہونے کے بعد اپنے باپ کے گھر چلی جائے، چونکہ اس وقت وہ آپ کے نکاح میں نہیں ہوگی اس لئے تین طلاقیں واقع نہیں ہوں گی، اور شرط پوری ہوجائے گی۔ اب اگر دونوں کی رضامندی ہو تو دوبارہ نکاح کرلیا جائے، اس کے بعد اگر اپنے باپ کے گھر آجائے تو طلاق واقع نہیں ہوگی۔

  • Tweet

What you can read next

تنسیخِ نکاح
جن عورتوں سے نکاح جائز نہیں
خون دینے سے حرمت کے مسائل
Shaheedeislam.com Fans Page

Recent Posts

  • Weekly Khatm-e-Nubuwwat 23-30 September 2021

    ...
  • Weekly Khatm-e-Nubuwwat 16-22 September 2021

    ...
  • 2021 Shumara 33-34 front Title small

    Weekly Khatm-e-Nubuwwat 1-15 September 2021

    ...
  • 2021 Shumara 32 front Title Small

    Weekly Khatm-e-Nubuwwat 23-31 August 2021

    ...
  • 2021 Shumara 31 front Title Small

    Weekly Khatm-e-Nubuwwat 16-22 August 2021

    ...

ABOUT US

Lorem Ipsum is simply dummy text of the printing and typesetting industry. Lorem Ipsum has been the industry’s standard dummy text ever since the 1500s, when an unknown printer took a galley of type and scrambled it to make a type specimen book.

NEWSLETTER

Stay updated with our latest posts.

We never spam!

RECENT POSTS

  • Weekly Khatm-e-Nubuwwat 23-30 September 2021

    ...
  • Weekly Khatm-e-Nubuwwat 16-22 September 2021

    ...
  • 2021 Shumara 33-34 front Title small

    Weekly Khatm-e-Nubuwwat 1-15 September 2021

    ...

GET IN TOUCH

T (212) 555 55 00
Email: [email protected]

Your Company LTD
Street nr 100, 4536534, Chicago, US

Open in Google Maps

  • GET SOCIAL

Copyright @ 2019 Shaheed-e-Islam | All Rights Reserved | Powered by Shaheed-e-Islam

TOP