SIGN IN YOUR ACCOUNT TO HAVE ACCESS TO DIFFERENT FEATURES

FORGOT YOUR PASSWORD?

FORGOT YOUR DETAILS?

AAH, WAIT, I REMEMBER NOW!

Shaheed e Islam

  • رابطہ
  • متفرقات
    • نماز
    • ادعیہ ماثورہ
    • اسلامک لنکس
    • اسماء الحسنی
    • بکھرے موتی
    • تصاویر کی دنیا
    • خصوصی پروگرامز
  • آپکے مسائل اور انکا حل
    • جلد اول
    • جلد دوم
    • جلد سوم
    • جلد چہارم
    • چلد پنجم
    • جلد ششم
    • جلد ہفتم
    • جلد ہشتم
    • جلد نهم
    • جلد دہم
  • حمد و نعت
    • خصوصی البم
    • مولانا عبد اللطیف الحصیری
    • مولانا انس یونس
    • حافظ ابو بکر
    • محمد کاشف فاروقی
    • حافظ کامران منیر برادران
    • عطاء الرحمن عزیز
    • متفرق
  • بیانات
    • مولانا منظور احمد نعمانی دامت برکاتہم
    • مولانا اللہ وسایا صاحب
    • مفتی سعید احمد جلالپوری
    • قاری حنیف ملتانی صاحب
    • مولانا طارق جمیل صاحب
    • مفتی ہارون مطیع اللہ صاحب
  • شہید اسلام
    • درس قرآن
    • اصلاحی مواعظ
    • تصانیف
    • تعارف
  • ختم نبوت
    • خصوصی بیانات
    • کتابیں
    • مضامین
    • خصوصی پروگرامز
    • ہفت روزہ ختم نبوت
  • الحدیث
    • درس حدیث
    • معارف نبوی صلی اللہ علیہ وسلم
  • القرآن
    • درس قرآن
    • تلاوت قرآن
    • تفسیر قرآن مولانا منظور احمد نعمانی
  • سرورق
0
Shaheed-e-Islam
Friday, 13 August 2010 / Published in چلد پنجم

عدّت

 

عدّت کس پر واجب ہوتی ہے؟

س… ہمارے یہاں عورتوں کا ایک غلط عقیدہ ہے، وہ یہ کہ اگر بیٹی کا انتقال ہوجائے تو اس لڑکی کی ماں عدّت کرتی ہے، ساس اور سسر کا انتقال ہو تو اس کی بہو، اگر زیادہ بہوئیں ہوں تو وہ سب عدّت اور گھونگھٹ کرتی ہیں۔ میری سمجھ میں یہ بات نہیں آئی کہ عدّت صرف اس پر فرض ہے جس کا شوہر انتقال کرجائے نہ کہ بیٹی، ساس اور سسر اور کوئی عزیز رشتہ دار کے انتقال پر عدّت کرنا فرض ہے۔ یہ سب کہاں تک دُرست ہے؟

ج… عدّت اسی عورت کے ذمہ ہے جس کے شوہر کا انتقال ہوا ہو، اس کے ساتھ دُوسری عورت کا عدّت میں بیٹھنا فضول حرکت ہے، البتہ نامحرَموں سے پردہ اور گھونگھٹ عدّت کے بغیر بھی ہر عورت پر لازم ہے۔

عدّت کے ضروری اَحکام

س… آپ سے پوچھنا یہ ہے کہ شریعت میں عورت کو ”عدّت“ کس طرح کرنا چاہئے؟ بڑی بوڑھیاں کہتی ہیں کہ جس عورت کا شوہر مرجائے وہ عورت عدّت کے اندر سر میں تیل نہیں ڈال سکتی، خواہ کتنا ہی سر میں درد ہو، اور تینوں کپڑے عورت کو سفید پہننے چاہئیں، ہاتھوں میں چوڑیاں نہیں پہننا چاہئیں وغیرہ۔ آپ سے گزارش ہے کہ شریعت میں جس طرح عورت کو عدّت گزارنے کا حکم دیا گیا ہے اس کے مطابق جواب دے کر شکریہ کا موقع دیں۔

ج… عدّت کے ضروری اَحکام یہ ہیں:

          ۱:… شوہر کی وفات کی عدّت چار مہینے دس دن ہے، اگر شوہر کا انتقال چاند کی پہلی تاریخ کو ہو تو چار قمری مہینے اور اس سے دس دن اُوپر عدّت گزارے، خواہ مہینے اُنتیس کے ہوں یا تیس کے۔ اور اگر پہلی تاریخ کے علاوہ کسی اور تاریخ کو انتقال ہوا تو ایک سو تیس دن پورے کرے۔

          ۲:… عدّت گزارنے کے لئے گھر میں کسی مخصوص جگہ بیٹھنا ضروری نہیں، گھر بھر میں جہاں جی چاہے رہے، چلے پھرے۔

          ۳:… عدّت میں عورت کو بناوٴ سنگھار کرنا، چوڑیاں پہننا، زیور پہننا، خوشبو لگانا، سرمہ لگانا، پان کھاکر منہ لال کرنا، مسی ملنا، سر میں تیل ڈالنا، کنگھی کرنا، مہندی لگانا، ریشمی، رنگے اور پھول دار اچھے کپڑے پہننا جائز نہیں، ایسے معمولی کپڑے پہنے جن میں زینت نہ ہو۔

          ۴:… سر دھونا اور نہانا عدّت میں جائز ہے، اور سر میں درد ہو تو تیل لگانا بھی جائز ہے، ضرورت کے وقت موٹے دندانوں کی کنگھی کرنا بھی جائز ہے، علاج کے طور پر سرمہ لگانا بھی جائز ہے، مگر رات کو لگائے، دن کو صاف کردے۔

          ۵:… عدّت کے دوران گھر سے نکلنا جائز نہیں، البتہ اگر وہ اتنی غریب ہے کہ اس کے پاس گزارے کے لئے خرچ نہیں، تو پردے کے ساتھ محنت مزدوری کے لئے جاسکتی ہے، لیکن رات اپنے گھر آکر گزارے اور دن میں کام سے فارغ ہوکر فوراً آجائے، بلاضرورت باہر رہنا جائز نہیں۔

          ۶:… اسی طرح اگر بیمار ہوجائے تو علاج کی مجبوری سے حکیم یا ڈاکٹر کے پاس جانا بھی جائز ہے۔

وفات کی عدّت

س… ہمارے محلے میں ایک عورت کا شوہر مرگیا، جب اس کا جنازہ جانے لگا تو محلے کی عورتوں نے اسے گھر کے دروازے سے باہر نکال دیا، اور یہ کہا کہ جو عورت روتے ہوئے گھر سے باہر نکال دی جائے وہ عدّت نہیں کرتی۔ آپ قرآن و سنت کی روشنی میں بتائیے کہ یہ بات کس حد تک ٹھیک ہے؟

ج… ان عورتوں کی یہ بات بالکل غلط ہے، عورت پر وفات کی عدّت لازم ہے۔

رُخصتی سے قبل بیوہ کی عدّت

س… ایک لڑکی کا نکاح ہوا، لیکن ابھی رُخصتی نہیں ہوئی تھی کہ اس کا شوہر ایک حادثے میں فوت ہوگیا، اب کیا اس عورت کو عدّت گزارنا ہوگی یا نہیں؟ اور مہر ملے گا؟ اگر ملے گا تو کتنا ملے گا؟

ج… اگر رُخصتی سے قبل شوہر کا انتقال ہوجائے تب بھی لڑکی کے ذمہ ”عدّتِ وفات“ چار مہینے دس دن لازم ہے، اور وہ پورے مہر کی مستحق ہے، جو مرحوم کے ترکہ میں سے ادا کیا جائے گا، اور وہ شوہر کے ترکہ میں بیوہ کے حصے کی بھی مستحق ہے۔

حاملہ کی عدّت

س… میری بیٹی کو میرے داماد نے غصّے میں آکر میرے ہی گھر میں میری موجودگی میں طلاق دے دی، کیونکہ وہ میری بیٹی کو رکھنے کے لئے تیار نہ تھا۔ ایک مولوی صاحب سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ حاملہ پر طلاق نہیں ہوتی، اور جب تک طلاق نہیں ہوتی عدّت لازم نہیں۔ جبکہ میرا داماد مصر ہے کہ طلاق ہوجاتی ہے اور عدّت لازم ہے اس کو عدّت میں رکھا جائے جب تک وضعِ حمل نہ ہو۔ کیا طلاق ہوگئی اور عدّت لازم ہے؟

ج… حمل کی حالت میں طلاق ہوجاتی ہے، اور حاملہ کی عدّت وضعِ حمل ہے، جب بچے کی پیدائش ہوجائے تو عدّت ختم ہوجاتی ہے۔ آپ کے داماد نے اگر ایک یا دو طلاقیں رجعی دی ہیں تو عدّت کے اندر رُجوع کرسکتا ہے، اور عدّت کے بعد فریقین کی رضامندی سے دوبارہ نکاح ہوسکتا ہے، اگر تین طلاقیں دیں تو رُجوع نہیں کرسکتا، بیوی ہمیشہ کے لئے حرام ہوگئی۔

پچاس سالہ عورت کی عدّت کتنی ہوگی؟

س… بیوہ عورت جس کی عمر پچاس سال سے کم ہے اور بغیر حمل کے ہے، اس کی عدّت کی مدّت کتنی ہوگی؟ اور وہ گھر میں معمولی کام کاج مثلاً: جھاڑو دینا یا روٹی پکانا وغیرہ کرسکتی ہے یا نہیں؟ جبکہ اس کے ساتھ بہو بھی رہتی ہے۔

ج… شوہر کی وفات کی عدّت حاملہ کے لئے وضعِ حمل ہے، اور جو عورت حاملہ نہ ہو اس کی عدّت چار مہینے دس دن ہے، خواہ بوڑھی ہو یا جوان یا نابالغ۔ عدّت کے دوران گھر کا کام کاج کرنے کی کوئی ممانعت نہیں۔

کیا شہید کی بیوہ کی بھی عدّت ہوتی ہے؟

س… اللہ تعالیٰ کو پسند نہیں کہ شہید کو مردہ کہا جائے، بلکہ وہ زندہ ہے، لیکن ہمیں ان کی زندگی کا شعور نہیں ہوتا۔ مقصد یہ کہ جس طرح ایک عورت اپنے شوہر کے مرنے کے بعد عدّت کرتی ہے کیا شہید کی بیوہ کو بھی عدّت کرنی ضروری ہے؟

ج… شہید کی بیوہ کے ذمہ بھی عدّت ہے، اور عدّت کے بعد وہ دُوسری جگہ عقد بھی کرسکتی ہے۔ قرآن مجید کی آیت کا مطلب آپ نے صحیح نہیں سمجھا، کیونکہ جہاں یہ فرمایا ہے کہ: ”شہیدوں کو مردہ مت کہو“ وہاں یہ بھی فرمایا گیا ہے کہ: ”وہ زندہ تو ہیں مگر تم کو ان کی زندگی کا شعور نہیں“ اس سے معلوم ہوا کہ ان کی زندگی سے ہماری دُنیا کی زندگی مراد نہیں، بلکہ ایسی زندگی مراد ہے جو ہمارے حواس اور شعور سے بالاتر ہے، اس لئے شہیدوں پر دُنیا میں وفات پانے والے لوگوں کے اَحکام جاری ہوتے ہیں، چنانچہ ان کا جنازہ پڑھا جاتا ہے، ان کی وراثت تقسیم ہوتی ہے، ان کی بیواوٴں پر عدّت لازم ہے اور عدّت کے بعد ان کو دُوسرا نکاح کرنا جائز ہے۔

رُخصتی سے پہلے طلاق کی عدّت نہیں

س… میرے والدین نے میرا ایک جگہ نکاح کرادیا، ابھی رُخصتی نہیں ہوئی تھی کہ میں نے اسے طلاق دے دی، اور طلاق دینے کے بعد کہا کہ: ”یہ عورت مجھ سے آزاد ہے میرا اس پر کچھ دعویٰ نہیں“ کیا وہ عورت دُوسری جگہ نکاح کرسکتی ہے؟ کیا عدّت بھی لازم ہے؟

ج… رُخصتی سے پہلے جب طلاق دی گئی ہے تو آپ کی بیوی کو طلاقِ بائن ہوگی اور اس صورت میں عورت پر عدّت بھی لازم نہیں ہے، لہٰذا طلاق کے فوراً بعد لڑکی کا نکاح کسی دُوسرے شخص سے ہوسکتا ہے۔

طلاق کی عدّت کے دوران اگر شوہر انتقال کرجائے تو کتنی عدّت ہوگی؟

س… اگر شوہر عورت کو طلاق دے اور عورت کی عدّت کے دوران شوہر کا انتقال ہوجائے تو عورت طلاق کی عدّت کے دن گزارے یا مرنے کی عدّت کے دن گزارے؟

ج… اگر عورت طلاق کی عدّت گزار رہی تھی کہ شوہر کا انتقال ہوگیا تو اس کی تین صورتیں ہیں، اور تینوں کا حکم الگ الگ ہے:

          ۱:… ایک صورت یہ ہے کہ عورت حاملہ ہو، اس کی عدّت وہ وضعِ حمل ہے، بچے کی پیدائش سے اس کی عدّت ختم ہوجائے گی، خواہ طلاق دہندہ کی وفات کے چند لمحوں بعد بچہ پیدا ہوجائے، عورت کی عدّت ختم ہوگئی۔

          ۲:… دُوسری صورت یہ ہے کہ عورت حاملہ نہ ہو اور شوہر نے رجعی طلاق دی ہو اور عدّت ختم ہونے سے پہلے اس کا انتقال ہوجائے، اس صورت میں طلاق کی عدّت کالعدم سمجھی جائے گی اور عورت نئے سرے سے وفات کی عدّت گزارے گی، یعنی چار مہینے دس دن۔

          ۳:… تیسری صورت یہ ہے کہ عورت حاملہ نہ ہو اور شوہر نے بائن طلاق دی تھی، پھر عدّت ختم ہونے سے پہلے مرگیا، اس صورت میں دیکھیں گے کہ طلاق کی عدّت زیادہ طویل ہے یا موت کی؟ ان دونوں میں سے جو زیادہ طویل ہوگی وہ اس کے ذمہ لازم ہوگی۔ یا یوں کہہ لیجئے کہ عورت اس صورت میں طلاق اور وفات دونوں کی عدّت بیک وقت گزارے گی، ان میں سے اگر ایک پوری ہوجائے اور دُوسری کے کچھ دن باقی ہوں تو ان باقی ماندہ دنوں کی عدّت بھی پوری کرے گی۔

کیا بے آسرا عورت عدّت گزارے بغیر نکاح کرسکتی ہے؟

س… ایک عورت جو کہ عرصہ چھ ماہ سے بیمار تھی، اور اس چھ ماہ کے عرصے میں وہ اپنے شوہر کے قریب تک نہیں گئی، اسی مدّت کے بعد اس کا شوہر انتقال کرگیا اور اس عورت کے پانچ بچے ہیں، جن کی کفالت کرنے والا کوئی نہیں، بالکل بے آسرا ہیں، تو کیا ایسی صورت میں وہ عورت بغیر عدّت گزارے دُوسرا نکاح کرسکتی ہے یا نہیں؟ جبکہ بغیر نکاح کے ان کے اخراجات وغیرہ کی بھی کوئی صورت نظر نہیں آتی۔

ج… چار مہینے دس دن وفات کی عدّت شرعاً فرض ہے۔ اس میں نہ صرف یہ کہ عورت نکاح نہیں کرسکتی بلکہ نکاح کی بات کرنا بھی حرام ہے۔ اگر واقعتا وہ ایسی نادار ہے تو حکومت اور مسلمان معاشرے کا فرض ہے کہ عدّت کی مدّت تک اس کی کفالت کرے، یا وہ عورت اتنے عرصے تک محنت مزدوری کرکے اپنا پیٹ پالے۔

کیا چار پانچ سال سے شوہر سے علیحدہ رہنے والی عورت پر عدّت واجب نہیں؟

س… زید نے ایک عورت کو طلاق دِلائی اور دُوسرے دن اس سے نکاح کرلیا، زید کا کہنا ہے کہ عورت مذکورہ چار پانچ سال سے اسی شہر میں اپنے شوہر سے دُور رہی ہے، عدّت اس عورت پر واجب و فرض ہے جو شوہر کے ساتھ رہتی ہو۔

ج… زید کا یہ دعویٰ غلط ہے کہ اس عورت پر عدّت نہیں تھی، طلاق کے بعد عدّت ضروری ہے خواہ عورت شوہر کے پاس رہتی ہو یا عرصے سے شوہر سے الگ رہتی ہو۔ البتہ جس لڑکی کی رُخصتی سے پہلے طلاق ہوجائے اس کے ذمہ عدّت نہیں۔ بہرحال زید کو اپنی جہالت سے توبہ کرنی چاہئے اور عدّت کے اندر جو اس نے نکاح کیا وہ کالعدم ہے، عدّت کے بعد دوبارہ نکاح کرنا ہوگا۔

نابالغ بچی کے ذمہ بھی عدّت ہے

س… میری چھوٹی بہن جو اَبھی نابالغ ہے، ہم نے اس کا نکاح ایک اچھی جگہ دیکھ کر کیا کہ لڑکی کا نکاح جتنی جلدی ہوجائے اچھا ہے، لیکن خدا کا کرنا ایسا ہوا کہ ابھی نکاح کو صرف ایک ماہ ہی ہوا تھا کہ لڑکے کو کسی دُشمن نے قتل کردیا۔ ہم لوگوں نے لڑکی کے بالغ ہونے پر رُخصتی رکھی تھی، اب مسئلہ یہ ہے کیا نابالغ لڑکی کا جس کی رُخصتی بھی نہ ہوئی ہو، عدّت کرنا ضروری ہے؟

ج… وفات کی عدّت نابالغ بچی کے ذمہ بھی لازم ہے۔

اگر عورت کو تین طلاق دینے کے بعد بھی اپنے پاس رکھا تو عدّت کا شرعی حکم

س… ایک شخص نے بیوی کو تین طلاقیں دے دیں، اس کے بعد بیوی کو اپنے ساتھ رہنے پر راضی کرلیا، اور عرصہ دو سال تک ایک ساتھ رہے، لوگوں کی ملامت پر وہ پاک زندگی بسر کرنے پر تیار ہیں، لیکن دریافت کرنا ہے کہ عورت کی عدّت ان دو سالوں میں پوری ہوگئی یا نہیں؟ یعنی اب وہ کسی دُوسرے شخص سے نکاح کرسکتی ہے؟

ج… عورت کی عدّت تو گزرچکی ہے، چونکہ ان دونوں نے میاں بیوی کا تعلق ختم نہیں کیا، دونوں کا علیحدگی اختیار کرنا لازم ہے، اور علیحدگی کے بعد عورت پر نئے سرے سے عدّت گزارنا ضروری ہوگا، اور جب عدّت پوری ہوجائے تب کسی دُوسرے شخص سے نکاح کرسکتی ہے۔ نکاح کے بعد دُوسرے شوہر سے صحبت کرے، صحبت کے بعد دُوسرا شوہر از خود طلاق دے دے، یا مرجائے اور اس کی عدّت بھی گزر جائے تب پہلے شوہر سے نکاح کرسکتی ہے۔ اس کے علاوہ پہلے شوہر کے ساتھ پاک زندگی گزارنے کا کوئی طریقہ نہیں۔

بیوہ، مرحوم کے گھر عدّت گزارے

س… لڑکی تین ماہ کی حاملہ ہے، جبکہ عدّت بھی لڑکی نے مرحوم کے گھر نہیں کی، بلکہ سوئم والے دن چلی گئی، مہر کی رقم بھی لڑکی نے میرے بھائی کے مرنے کے بعد معاف کردی تھی اور اب اگر وہ یہ کہے کہ ہم یہ بھی لیں گے تو اس صورت میں ہمیں کیا کرنا چاہئے؟ قرآن و سنت کی روشنی میں جواب دیں۔

ج… مرحوم کی بیوہ کو مرحوم کے گھر پر عدّت گزارنا لازم ہے، اور عدّت سے پہلے گھر سے نکل جانا سخت گناہ ہے، حاملہ کی عدّت وضعِ حمل ہے، مہر اگر وہ بخوشی معاف کرچکی ہے تو اس کا دوبارہ مطالبہ کرنا جائز نہیں۔

حرام کاری کی عدّت نہیں ہوتی

س… ایک مرد، عورت عرصے سے حرام کاری میں مصروف تھے، لوگوں کے معلوم ہونے پر انہوں نے حرام کاری کے دوران دو آدمیوں کی موجودگی میں نکاح کرلیا، عدّت کے وقفے کا کوئی خیال نہ رکھا، کیا یہ نکاح دُرست ہے یا باطل؟

ج… نکاح صحیح ہے، حرام کاری کی عدّت نہیں ہوتی۔

عدّت کے دوران عورت کی چوڑیاں اُتارنا

س… اکثر دیکھا گیا ہے کہ اگر کسی شادی شدہ مرد کا انتقال ہوجائے تو اس کی بیوہ کے ہاتھوں سے چوڑیاں اُتار دی جاتی ہیں یا توڑ دی جاتی ہیں۔ آیا اسلامی اُصولوں کے مطابق یہ کہاں تک صحیح عمل ہے؟ حدیث میں اس بات کا کہیں ذکر ملتا ہے یا نہیں؟

ج… شوہر کے انتقال کے بعد عورت پر چار مہینے دس دن کی عدّت لازم ہے، اور عدّت کے دوران اس کے لئے زیب و زینت ممنوع ہے، اس لئے زیور اور چوڑیاں وغیرہ اُتار دی جاتی ہیں، البتہ اگر چوڑیوں کا اُتار لینا ممکن ہو تو ان کو توڑنا غلط ہے۔

عدّت کے دوران ظلم سے بچنے کے لئے عورت دُوسرے مکان میں منتقل ہوسکتی ہے

س… ایک نوجوان عورت کا شوہر انتقال کرگیا، تقریباً ایک ہفتہ ہوا ہے، عورت مذکورہ اپنے متوفی شوہر کے گھر پر عدّتِ وفات گزار رہی ہے، لیکن شوہر کے خاندان کے بعض لوگ یہ تقاضا کر رہے ہیں کہ اس بیوہ کا نکاح فلاں فلاں سے کردیا جائے، اس سبب سے عورت کو ڈرا دھمکا رہے ہیں، ایسی صورت میں وہ اپنے والدین کے گھر جاسکتی ہے؟

ج… اَیامِ عدّت میں عورت سے نکاح کے سلسلے میں کسی قسم کی گفتگو حرام ہے۔ عورت کو اس اَمر کا شدید خوف و خطرہ ہو تو والدین کے مکان میں منتقل ہوسکتی ہے۔

کیا عدّت کے دوران عورت ضروری کام کے لئے عدالت جاسکتی ہے؟

س… ایک عورت کو جو عدّت کے دن گزار رہی ہے، عدالت میں طلب کیا جاتا ہے، حاکمِ عدالت کے سامنے اس کو بیان دینا ہے، اور ضروری دستاویزات پر دستخط کرنا ہیں، نیز عدالت میں اس کی حاضری سے اس کا اور اس کے بچوں کا مالی مفاد بھی وابستہ ہے، ایسی صورت میں اس کے لئے شرعی حکم کیا ہے؟

ج… اس ضرورت کے لئے عدالت میں جاسکتی ہے، شام کو گھر واپس آجائے، رات اسی گھر میں گزارنا ضروری ہے۔

کیا دورانِ عدّت عورت کسی عزیز کے گھر جاسکتی ہے؟

س… کیا بیوہ اپنے عزیز کے گھر جاسکتی ہے؟ جس میں اور اس گھر میں جہاں عدّت گزار رہی ہے، فاصلہ صرف ایک دیوار کا ہے۔

ج… بیوہ ضرورت کی بنا پر دن کو گھر سے باہر جاسکتی ہے، مگر رات اپنے گھر رہے اور دن کو بھی شدید ضرورت کے بغیر نہ جائے۔

عدّت کے دوران ملازمت کرنا

س… مدّتِ عدّت میں کوئی بہتر ملازمت مل جائے تو وہ شرعی طور سے ملازمت کرسکتی ہے یا کوئی مضائقہ ہے؟

ج… اگر خرچ کا انتظام نہ ہو تو محنت مزدوری اور ملازمت جائز ہے، اور اگر خرچ کا انتظام ہو تو ملازمت بھی جائز نہیں۔

عدّت نہ گزارنے کا گناہ کس پر ہوگا؟

س… طلاق دینے کے بعد بیوی کو اس کی ماں کے گھر بھیج دیا تھا، طلاق کے بعد اس نے عدّت نہیں گزاری اور نہ کسی پر یہ ظاہر کیا تھا کہ طلاق ہوگئی ہے، عدّت نہ گزارنے کا گناہ کس پر عائد ہوتا ہے؟

ج… عدّتِ طلاق شوہر کے گھر گزارنے کا حکم ہے، اس مدّت کا نان و نفقہ شوہر کے ذمہ ہے، اس لئے اس کو ماں کے گھر بھیج دینا جائز نہیں تھا۔ طلاق اگر ”رجعی“ ہو تو عورت بدستور اپنے شوہر کے نکاح میں رہتی ہے، اس لئے اس کو چاہئے کہ خوب زیب و زینت کرے تاکہ شوہر کا دِل اس کی طرف مائل ہو اور وہ رُجوع کرلے۔

          اور طلاقِ بائن اور موت کی عدّت میں عورت پر ”سوگ“ کرنا واجب ہے، نہ خوشبو لگائے، نہ اچھا کپڑا پہنے، نہ سرمہ لگائے، نہ تیل لگائے، نہ بغیر اضطراری حالت کے شوہر کے گھر سے نکلے۔

          اگر عورت نے ان اُمور کی پابندی نہیں کی تو گنہگار ہوگی، اور عدّت کے دن پورے ہونے پر عدّت بہرحال ختم ہوجائے گی۔ آپ نے چونکہ طلاق کے بعد عورت کو ماں کے گھر بھیج دیا تھا اس لئے آپ بھی گنہگار ہوئے۔ اور اگر عورت نے عدّت کی شرائط پوری نہیں کیں تو وہ بھی گنہگار ہوئی۔

  • Tweet

What you can read next

لاپتہ شوہر کا حکم
حاملہ کی طلاق
کن چیزوں سے نکاح نہیں ٹوٹتا؟
Shaheedeislam.com Fans Page

Recent Posts

  • Weekly Khatm-e-Nubuwwat 23-30 September 2021

    ...
  • Weekly Khatm-e-Nubuwwat 16-22 September 2021

    ...
  • 2021 Shumara 33-34 front Title small

    Weekly Khatm-e-Nubuwwat 1-15 September 2021

    ...
  • 2021 Shumara 32 front Title Small

    Weekly Khatm-e-Nubuwwat 23-31 August 2021

    ...
  • 2021 Shumara 31 front Title Small

    Weekly Khatm-e-Nubuwwat 16-22 August 2021

    ...

ABOUT US

Lorem Ipsum is simply dummy text of the printing and typesetting industry. Lorem Ipsum has been the industry’s standard dummy text ever since the 1500s, when an unknown printer took a galley of type and scrambled it to make a type specimen book.

NEWSLETTER

Stay updated with our latest posts.

We never spam!

RECENT POSTS

  • Weekly Khatm-e-Nubuwwat 23-30 September 2021

    ...
  • Weekly Khatm-e-Nubuwwat 16-22 September 2021

    ...
  • 2021 Shumara 33-34 front Title small

    Weekly Khatm-e-Nubuwwat 1-15 September 2021

    ...

GET IN TOUCH

T (212) 555 55 00
Email: [email protected]

Your Company LTD
Street nr 100, 4536534, Chicago, US

Open in Google Maps

  • GET SOCIAL

Copyright @ 2019 Shaheed-e-Islam | All Rights Reserved | Powered by Shaheed-e-Islam

TOP