SIGN IN YOUR ACCOUNT TO HAVE ACCESS TO DIFFERENT FEATURES

FORGOT YOUR PASSWORD?

FORGOT YOUR DETAILS?

AAH, WAIT, I REMEMBER NOW!

Shaheed e Islam

  • رابطہ
  • متفرقات
    • نماز
    • ادعیہ ماثورہ
    • اسلامک لنکس
    • اسماء الحسنی
    • بکھرے موتی
    • تصاویر کی دنیا
    • خصوصی پروگرامز
  • آپکے مسائل اور انکا حل
    • جلد اول
    • جلد دوم
    • جلد سوم
    • جلد چہارم
    • چلد پنجم
    • جلد ششم
    • جلد ہفتم
    • جلد ہشتم
    • جلد نهم
    • جلد دہم
  • حمد و نعت
    • خصوصی البم
    • مولانا عبد اللطیف الحصیری
    • مولانا انس یونس
    • حافظ ابو بکر
    • محمد کاشف فاروقی
    • حافظ کامران منیر برادران
    • عطاء الرحمن عزیز
    • متفرق
  • بیانات
    • مولانا منظور احمد نعمانی دامت برکاتہم
    • مولانا اللہ وسایا صاحب
    • مفتی سعید احمد جلالپوری
    • قاری حنیف ملتانی صاحب
    • مولانا طارق جمیل صاحب
    • مفتی ہارون مطیع اللہ صاحب
  • شہید اسلام
    • درس قرآن
    • اصلاحی مواعظ
    • تصانیف
    • تعارف
  • ختم نبوت
    • خصوصی بیانات
    • کتابیں
    • مضامین
    • خصوصی پروگرامز
    • ہفت روزہ ختم نبوت
  • الحدیث
    • درس حدیث
    • معارف نبوی صلی اللہ علیہ وسلم
  • القرآن
    • درس قرآن
    • تلاوت قرآن
    • تفسیر قرآن مولانا منظور احمد نعمانی
  • سرورق
0
Shaheed-e-Islam
Sunday, 01 August 2010 / Published in جلد دوم

مقتدی

دوبارہ امامت کرانے والے کی اقتدا کرنا

س… ہمارے یہاں ریاض میں عربی امام صاحب ظہر کی جماعت کراتے ہیں، اگر کوئی شخص جماعت سے رہ جائے تو دوبارہ اس کے ساتھ امام بن کر جماعت کراتے ہیں کہ اس طرح میری (امام) نیت نفلوں کی ہوتی ہے اور مقتدی فرض پڑھتا ہے۔ پوچھنا یہ ہے کہ اگر امام کی نیت نفل کی ہو اور مقتدی کی نیت فرض کی، تو جماعت ہوجاتی ہے یا نہیں؟ صحابہ کرام، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اقتدا میں نماز ادا کرنے کے بعد محلوں میں جماعت کی امامت کراتے تھے یا نہیں؟

ج… حنفیہ کے نزدیک فرض پڑھنے والے کی اقتدا نفل پڑھنے والے کے پیچھے صحیح نہیں، دیگر بعض ائمہ کے نزدیک جائز ہے، وہ صاحب اپنے مسلک کے مطابق دوبارہ نماز پڑھاتے ہوں گے، لیکن کسی حنفی کو ان کی دوبارہ امامت کی اقتدا کرنا صحیح نہیں، ورنہ اس کی نماز نہیں ہوگی۔

امام بالائی منزل پر ہو تو نچلی منزل والوں کی نماز

س… ہمارے محلے کی مسجد زیرِ تعمیر ہے، مسجد ایک حصہ تعمیر ہوچکا ہے، جو دو منزلوں پر مشتمل ہے، مسجد کی تعمیر کے دوران اسی حصے میں نماز باقاعدگی سے پڑھائی جاتی ہے، باجماعت نماز اس طرح ہوتی تھی کہ پیش امام صاحب بالائی منزل پر ہوتے تھے اور مقتدی بالائی اور زیریں دونوں جگہوں پر باجماعت نماز ادا کرتے تھے، دونوں منازل پر لاوٴڈ اسپیکر کے ذریعہ امام صاحب کی آواز پہنچانے کا انتظام تھا۔ مسئلہ یہ ہے کہ چند حضرات کا کہنا ہے کہ نچلی منزل میں نماز پڑھنے والے نمازیوں کی نماز نہیں ہوئی، پیش امام کا مقتدی کے سامنے ہونا ضروری ہے، نیز پیش امام جس مقام پر کھڑا ہے اور مقتدی جس مقام پر کھڑا ہے اس مقام کی اُونچائی کی حد مقرّر ہے۔ آپ سے اس مسئلے کی وضاحت کا خواست گار ہوں اور کیا وہ نمازیں جو ہم نے نچلی منزل میں باجماعت ادا کی ہیں، وہ ہوگئیں یا انہیں دوبارہ ادا کرنا چاہئے؟ اُمید ہے آپ تفصیل سے جواب عطا فرماکر شکریہ کا موقع دیں گے۔

ج… اگر بالائی منزل پر امام کے ساتھ کچھ مقتدی بھی ہوں، جیسا کہ سوال میں ذکر کیا گیا ہے، تو نچلے حصے والوں کی اقتدا بھی صحیح ہے، لیکن نچلی منزل کو چھوڑ کر امام صاحب کا اُوپر کی منزل پر جماعت کرانا مکروہ ہے۔

س… یہاں پر ایک مسجد زیرِ تعمیر ہے، اس کے لئے مسئلہ یہ معلوم کرنا ہے کہ مسجد کو دو منزلہ بنا رہے ہیں، کیونکہ جگہ چھوٹی ہے، جمعہ کی نماز میں نمازیوں کی کثرت ہونے کی وجہ سے اور بچوں کو قرآن شریف کی تعلیم کے لئے دُوسری منزل کا بھی پروگرام ہے، کچھ ساتھی یہ کہہ رہے ہیں کہ پہلی منزل کی چھت میں محراب کے مقابل گیلری رکھی جائے تاکہ امام صاحب کی آواز اُوپر جاسکے، ویسے لاوٴڈ اسپیکر بھی لگائے جائیں گے، اگر لائٹ نہ ہو تو آواز کا مسئلہ تب ہی پیدا ہوگا، اور کہتے ہیں کہ اگر گیلری نہ چھوڑی گئی تو اُوپر کی منزل الگ ہوگئی اور نیچے کی الگ ہوگئی، لہٰذا اس مسئلے کا شرعی حل بتادیں تو نوازش ہوگی، گیلری رکھنی ضروری ہے یا نہیں؟

ج… اگر اُوپر والوں کو امام کے انتقالات کا علم ہوتا رہے، خواہ لاوٴڈاسپیکر کے ذریعہ، خواہ مکبّروں کے ذریعہ، تو اُوپر والوں کی اقتدا صحیح ہے، خواہ گیلری ہو یا نہ ہو، ویسے گیلری کی تجویز بھی بہت مناسب ہے۔

امام کے ساتھ ارکان کی ادائیگی

س… جماعت کی نماز کے دوران امام جب رُکوع و سجود کرتا ہے، کیا اس کے ساتھ ساتھ یا بعد میں یعنی امام سجدے میں چلا جائے تب مقتدی کو سجدہ کرنا چاہئے یا امام کے ساتھ ساتھ؟

ج… مقتدی کا رُکوع و سجدہ اور قومہ و جلسہ امام کے ساتھ ہی ہونا چاہئے، بشرطیکہ مقتدی، امام کے رُکن شروع کرنے کے بعد اس رُکن کو شروع کرے، نیز یہ کہ امام سے آگے نکلنے کا اندیشہ نہ ہو، اگر امام کے اٹھنے بیٹھنے کی رفتار سست ہو اور یہ اندیشہ ہو کہ اگر اس امام کے ساتھ ہی انتقال شروع کیا تو امام سے آگے نکل جائے گا تو ایسی حالت میں تھوڑا سا توقف کرنا چاہئے۔

مقتدی تمام ارکان امام کی متابعت میں ادا کرے

س… حضرت! میرے پاس سعودی عرب سے ایک مہمان آئے تھے، وہ ایک دن میرے ساتھ نماز پڑھنے گئے، نماز کے بعد فرمانے لگے کہ یہاں جماعت کی نماز میں ایک خطا ہوئی ہے، نماز کا حکم یہ ہے کہ امام جب اللہ اکبر پورا کہہ دیں اس کے بعد مقتدی اللہ اکبر کہیں، اس کے لئے فرمانے لگے کہ ضروری ہے کہ مقتدی بھی خیال فرمائیں اور امام بھی لفظ ”اللہ“ کو یا ”اکبر“ کو نہ کھینچے، بلکہ بہت جلدی سے اللہ اکبر کہیں، اسی طرح یہ بھی فرمانے لگے کہ حکم ہے کہ جب امام رُکوع میں جائیں یا سجدے میں جائیں یا سجدے سے اُٹھے تو جب تک امام اللہ اکبر پورا نہ کہہ لیں اس وقت تک مقتدی اللہ اکبر شروع نہ کریں اور نہ ہی رُکوع میں یا سجدے میں جائیں اور نہ ہی سجدے سے اُٹھیں۔ اسی طرح فرمانے لگے کہ یہی حکم رُکوع سے اُٹھنے کا ہے، اس طریقہ پر فرمانے لگے کہ یہی حکم سلام پھیرنے کا ہے۔ حضرت! آپ سے معلوم کرنا تھا کہ یہ بات کہاں تک صحیح ہے؟ اور اگر صحیح ہے تو ہماری مساجد میں تو اکثر بہت سے مقتدیوں کی نماز اس حکم سے بہت مختلف ہے، جس کی پہلی وجہ تو لوگوں کی ناواقفیت ہے، اور دُوسری اہم وجہ یہ کہ ہماری مساجد میں اکثر امام حضرات ہر رُکن پر ”اللہ اکبر“ یا ”سمع اللہ لمن حمدہ“ یا سلام کافی لمبا کھینچتے ہیں۔

ج… آپ کے سعودی دوست کی بات اس حد تک دُرست ہے کہ مقتدی کے ارکان امام سے پہلے ادا نہیں ہونے چاہئیں، اور پھر اس میں کچھ تفصیل ہے، وہ یہ کہ اگر امام کی تحریمہ (پہلی تکبیر) سے پہلے مقتدی نے تحریمہ ختم کرلی تو اقتدا ہی صحیح نہیں ہوئی، اس لئے مقتدی کی نماز نہیں ہوئی۔ اور دُوسرے ارکان میں نماز فاسد نہیں ہوگی لیکن سخت گناہگار ہوگا، مثلاً: اگر رُکوع، سجدہ میں پہلے چلا گیا تو اگر امام بھی اس کے ساتھ رُکوع، سجدے میں جاکر شریک ہوگیا تو مقتدی کی نماز تو ہوگئی مگر گناہگار ہوا۔

خلاصہ یہ کہ امام سے آگے بڑھنا جائز نہیں، اور بعض صورتوں میں اس سے نماز فاسد ہوجاتی ہے۔

مقتدی تکبیر کب کہے؟

س… مقتدی امام کے پیچھے کس طرح نماز ادا کریں؟ امام کے منہ سے ”اللہ“ نکلے فوراً عمل شروع کردیں؟

ج… امام کے تکبیر شروع کرنے کے بعد آپ تکبیر کہہ سکتے ہیں، مگر اس کا خیال رکھا جائے کہ تکبیر امام سے پہلے شروع نہ کیا جائے اور امام سے پہلے ختم بھی نہ کی جائے۔

مقتدی کو تکبیریں آہستہ کہنی چاہئیں

س… مردوں کے لئے فرض رکعتوں میں تکبیریں اور ثنا (ظہر اور عصر کے علاوہ) بآواز بلند پڑھنے کا حکم ہے، مسجد میں بھی (جماعت کے علاوہ) کیا ایسا کرنا چاہئے؟ عموماً لوگ مساجد میں فرائض بھی خاموشی سے ادا کرلیتے ہیں، کیا یہ دُرست ہے؟

ج… بلند آواز سے تکبیر امام کہتا ہے، مقتدی کو اور منفرد کو تکبیریں آہستہ کہنی چاہئیں، اور ثنا تو امام بھی آہستہ پڑھے۔

مقتدی تکبیرات کتنی آواز سے کہے؟

س… بعض لوگ باجماعت نماز پڑھتے ہوئے امام کی تکبیروں کے ساتھ تکبیریں کہتے ہیں اور کہتے بھی بالجہر ہیں، یعنی ان کے ساتھ کھڑے ہوئے دو تین شخص بآسانی ان کی آواز سن اور سمجھ سکتے ہیں، کیا ان کی نماز ہوجاتی ہے؟

ج… مقتدی کو تکبیر آہستہ کہنی چاہئے، اور آہستہ کا مطلب یہ ہے کہ آواز صرف اس کے کانوں کو سنائی دے۔

امام کی اقتدا میں ثنا کب تک پڑھے؟

س… سرّی نماز و جہری نماز میں مقتدی کو ثنا کیسے ادا کرنی چاہئے، یعنی سرّی نماز میں کب تک اور جہری نماز میں کب تک پڑھنی چاہئے؟

ج… جب امام قرأت شروع کردے تو ثنا چھوڑ دینی چاہئے، اور سرّی نماز میں جب تک یہ خیال ہو کہ امام نے قرأت شروع نہیں کی ہوگی، ثنا پڑھ لے، اس کے بعد چھوڑ دے۔

مقتدی کی ثنا کے درمیان اگر امام فاتحہ شروع کردے تو مقتدی خاموش ہوجائے

س… امام کے سورہٴ فاتحہ شروع کرنے سے پہلے میں نے ثنا پڑھنی شروع کردی، اور درمیان میں امام نے سورہٴ فاتحہ شروع کردی، اس وقت بقیہ ثنا اور تعوّذ و تسمیہ پڑھنا جائز ہے یا نہیں؟

ج… جب امام قرأت شروع کردے تو ثنا پڑھنا وہیں پر بند کردے، تعوّذ و تسمیہ قرأت کے تابع ہیں، اس لئے ان کو امام اور منفرد پڑھے، مقتدی نہیں، مقتدی صرف ثنا پڑھ کر خاموش ہوجائے۔

شافعی امام جب فجر میں قنوت پڑھے تو حنفی مقتدی خاموش رہے

س… اکثر فجر کی دُوسری رکعت میں شافعی امام ہاتھ اُٹھاکر قنوت پڑھتے ہیں، جس میں پانچ، سات منٹ صَرف ہوتے ہیں، بحیثیت حنفی مسلک کے مجھے ہاتھ اُٹھاکر دُعا مانگنی چاہئے یا خاموشی سے کھڑا رہنا چاہئے؟ اگر امام کی اتباع میں ہاتھ اُٹھاکر دُعا مانگ لی جائے تو اس میں کیا حرج ہے؟ نماز ہوگئی یا دوبارہ لوٹانی پڑے گی؟

ج… ہمارے نزدیک قنوتِ فجر مشروع نہیں، اس لئے اس میں شافعی امام کی مطابقت نہ کی جائے، بلکہ خاموش کھڑا رہے۔

فجر کی دُوسری رکعت میں قنوت پڑھنے والے امام کے پیچھے کیا کیا جائے؟

س… یہاں پر یعنی ابوظہبی میں اکثر مساجد میں دیکھنے میں آیا ہے کہ نمازِ فجر کے دوران دُوسری رکعت میں رُکوع کے بعد اور سجدے سے پہلے کھڑے ہوکر اور ہاتھ اُٹھاکر امام اُونچی آواز سے طویل دُعا پڑھتا ہے، اور اس کے ساتھ تمام نمازی بھی دُعا پڑھتے ہیں اور آمین کہتے ہیں، ایسے بھی لوگ ہیں جن میں میں بھی شامل ہوں، امام کے ساتھ دُعا پڑھنے کی بجائے خاموشی سے کھڑے رہتے ہیں، اور جب امام دُعا ختم کرکے سجدے میں جاتا ہے تو ساتھ ہی سجدے میں چلے جاتے ہیں، قرآن و سنت کی روشنی میں اس دُعا کے پڑھنے یا نہ پڑھنے کے متعلق تفصیلاً جواب سے نوازیں۔

ج… یہ دُعائے قنوت کہلاتی ہے، جسے حضراتِ شافعیہ فجر کی نماز میں ہمیشہ پڑھتے ہیں، ہمارے نزدیک فجر کی نماز میں قنوت ہمیشہ نہیں پڑھی جاتی، بلکہ جب مسلمانوں کو کوئی اہم حادثہ پیش آجائے تو قنوتِ نازلہ پڑھی جاتی ہے، کیونکہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے ایسے حوادث کے موقع پر ہی پڑھنا ثابت ہے، بعد میں ترک فرمادیا تھا۔ پس اگر امام شافعی المذہب ہو اور وہ فجر کی نماز میں ہمیشہ قنوت پڑھے تو اس کے قنوت پڑھنے کے دوران ہاتھ چھوڑ کر خاموش کھڑے رہیں اور جب امام سجدے میں جائے تو اس کے ساتھ سجدے میں چلے جائیں۔

سرّی نمازوں میں مقتدی ثنا کے بعد کیا کرے؟

س… نماز فرض میں امام کے پیچھے نماز پڑھنے کے دوران فجر، مغرب اور عشاء میں تو امام صاحب بلند آواز سے قرأت کرتے ہیں، مگر ظہر اور عصر میں بلند آواز سے قرأت نہیں کرتے، کیا مقتدی کو مندرجہ بالا دونوں نمازوں میں ثنا کے بعد کچھ پڑھنا چاہئے یا خاموشی سے امام کی اقتدا کرنی چاہئے؟

ج… جماعت کی نماز میں قرأت امام کا وظیفہ ہے، مقتدی کو خاموشی کا حکم ہے، اس لئے خواہ دن کی نماز ہو یا رات کی، مقتدی کو ثنا پڑھنے کے بعد خاموش رہنا چاہئے، اور دِل میں سورہٴ فاتحہ پڑھ لے، مگر زبان سے الفاظ ادا نہ کرے۔

امام کے پیچھے قرأت کے معاملے میں اپنے اپنے مسلک پر عمل کریں

س… بعض لوگ پیش امام کے پیچھے نماز ادا کرتے ہیں، سورتیں خود بھی پڑھتے ہیں، کیا یہ بات مناسب ہے؟

ج… امام ابوحنیفہ کے نزدیک امام کی قرأت مقتدی کے لئے کافی ہے، لہٰذا امام کے پیچھے سورتیں پڑھنا صحیح نہیں، اور اہلِ حدیث حضرات امام کے پیچھے صرف فاتحہ پڑھنے کا حکم کرتے ہیں، آپ جس مسلک کے ہوں اس پر عمل کریں، اختلافی مسائل میں دُوسروں سے اُلجھنا نہیں چاہئے۔

مقتدی کا عصر یا ظہر کی پہلی دو رکعتوں میں سورة سوچنا بہتر ہے

س… امام کے ساتھ عصر یا ظہر کے چار فرض پڑھ رہے ہوں تو کیا پہلی اور دُوسری رکعت کے قیام میں ہم الحمدشریف اور کوئی سورة ”سوچ“ سکتے ہیں یا نہیں، تاکہ کوئی دُنیاوی خیالات نہ آویں؟

ج… دِل میں ضرور سوچتے رہنا چاہئے، لیکن زبان سے الفاظ ادا نہ کئے جائیں۔

مقتدی رُکوع و سجود میں کتنی بار تسبیح پڑھے؟

س… مقتدی رُکوع اور سجود میں جتنی بار وقت ملے اتنی بار تسبیح کرسکتا ہے یا مقرّرہ حد تین بار ہی کہے؟ ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ رُکوع میں وہ پانچ بار تسبیح کرسکا، پہلے سجدے میں سات بار، دُوسرے میں امام صاحب کے جلد اُٹھ جانے کے باعث تین ہی بار تسبیح کرسکا، کیا اس طریقے سے کوئی قباحت ہے؟

ج… تین بار کمال کا ادنیٰ درجہ ہے، اس سے زیادہ جتنی بار کہہ سکتا ہے کہہ لے، مگر طاق کی رعایت رکھے۔

”ربنا لک الحمد“ کے بجائے ”سمع اللہ لمن حمدہ“ کہہ دینے سے کوئی خرابی نہیں آئی

س… بکر نے غلطی سے پہلی رکعت میں ایک مرتبہ امام کے ساتھ ”سمع اللہ لمن حمدہ“ کہا ”ربنا لک الحمد“ کے بجائے، اور پھر ”ربنا لک الحمد“ بھی کہا، تو کیا نماز میں کوئی خرابی تو نہیں آئی؟

ج… کوئی خرابی نہیں آئی۔

امام سے پہلے سجدہ کرنا

س… بعض مقتدی امام صاحب سے پہلے رُکوع یا سجدے میں چلے جاتے ہیں، تو معلوم یہ کرنا ہے کہ ان لوگوں کی نماز ہوجاتی ہے جو امام صاحب سے پہلے رُکوع یا سجدہ کرتے ہیں؟

ج… مقتدی کا امام سے پہلے رُکوع اور سجدے میں جانا نہایت بُری حرکت ہے۔ صحیحین کی حدیث میں ہے کہ: ”جو شخص امام سے پہلے سر اُٹھاتا ہے، کیا وہ اس بات سے نہیں ڈرتا کہ اللہ تعالیٰ اس کا سر گدھے کے سر سے بدل دے؟“ (مشکوٰة ص:۱۰۲)

جو شخص امام سے پہلے رُکوع اور سجدے میں چلا جائے، اگر امام کے ساتھ رُکوع یا سجدے میں شریک ہوجائے تو اس کی نماز ہوجائے گی، اور اگر امام کے رُکوع اور سجدے میں جانے سے پہلے اُٹھ جائے تو اس کی نماز نہیں ہوگی، اِلَّا یہ کہ امام کے ساتھ یا امام کے بعد دوبارہ رُکوع و سجدہ کرے۔

مقتدی نے امام سے پہلے سر اُٹھالیا تو نماز کا کیا حکم ہے؟

س… میں جمعة المبارک کی نماز پڑھ رہا تھا، جماعت کے دوران جب امام صاحب رُکوع کی حالت میں تھے تو ہمارے اُوپر سے ہوائی جہاز گزرنے لگا، جس کی آواز نے ہمیں (پچھلی صف والوں کو) امام صاحب کی آواز سننے نہ دی، اس کے بعد امام صاحب سجدے میں جانے لگے تو ہم بھی ”ربنا لک الحمد“ کہہ کر امام صاحب کے ساتھ مل گئے، لیکن چند سیکنڈ کے بعد ہم اپنے اندازے سے سجدے سے اُٹھ گئے، لیکن جبکہ امام صاحب ابھی سجدے ہی میں تھے، اس طرح ہم سے رُکن کی ادائیگی میں پہل ہوگئی، جبکہ میں نے علمائے کرام سے سنا ہے کہ جو آدمی باجماعت نماز کے دوران امام صاحب سے پہل کرے، اس کی نماز ٹوٹ جاتی ہے اور حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ قیامت کے دن ایسے آدمی کی شکل گدھے جیسی ہوگی۔ ایسی صورتِ حال میں آپ سے گزارش ہے کہ قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب دے کر ہمیں مطمئن فرمائیں کہ ہماری نماز ہوگئی یا نہیں؟ اگر واقعی نماز ٹوٹ گئی تھی تو پھر کیا کرنا چاہئے؟

ج… قصداً امام سے پہلے اُٹھ جانا بڑا گناہ ہے، مگر غلطی سے اُٹھ جائے تو گناہ نہیں، پھر اُٹھ جانے کے بعد اگر اگلے رُکن میں امام کے ساتھ شریک ہوجائے تب تو نماز صحیح ہوگئی، اور اگر امام سے پہلے اگلے رُکن کو بھی ختم کرلیا تو اس کی نماز فاسد ہوگئی۔ مثلاً: کسی نے امام سے پہلے سجدے سے سر اُٹھالیا اور دُوسری رکعت کے لئے کھڑا ہوگیا، امام ابھی دُوسری رکعت کے لئے کھڑا نہیں ہوا تھا کہ یہ رُکوع میں چلا گیا، تو اس کی نماز فاسد ہوگئی، اور اگر دُوسری رکعت کے قیام میں امام اس کے ساتھ آملا تو نماز صحیح ہوگئی۔

مقتدی آخری قعدہ میں اور دُعائیں بھی پڑھ سکتا ہے

س… امام جب آخری رکعت کے قعدہ میں ہو تو مقتدی دُرود شریف اور دُعا ”یوم یقوم الحساب“ تک پڑھنے کے بعد کیا مزید دُعائیں پڑھ سکتا ہے یا خاموش رہے، امام کے سلام پھیرنے تک؟

ج… امام کے سلام پھیرنے تک جو دُعائیں یاد ہوں ان میں سے جتنی چاہے پڑھتا رہے۔

امام کی اقتدا میں مقتدی کب سلام پھیرے؟

س… باجماعت نماز میں امام صاحب نے نماز ختم کرنے کے لئے التحیات، دُرود شریف اور دُعا کے بعد سلام پھیر دیا، لیکن ایک مقتدی ابھی دُرود شریف ہی پڑھ رہا تھا، تو کیا مقتدی کو بھی جب امام صاحب نے نماز ختم کرنے کے لئے سلام پھیرا تھا، سلام پھیردینا چاہئے یا مقتدی کو دُرود شریف اور دُعا پوری پڑھنے کے بعد سلام پھیرنا چاہئے؟

ج… اگر التحیات پوری نہیں ہوئی، تو اسے پوری کرے، اور اگر التحیات پڑھ چکا ہے تو امام کے ساتھ سلام پھیر لے، دُرود شریف کو پورا نہ کرے۔

امام کے دُوسرے سلام سے پہلے مقتدی کا قبلہ سے پھر جانا

س… ہماری مسجد کے امام صاحب بہت لمبا (دیر تک) سلام پھیرتے ہیں، ایک مقتدی امام صاحب کے دُوسرا سلام پھیرتے ہی منہ قبلے کی طرف سے پھیرلیتا ہے، جبکہ امام صاحب کا سلام ابھی پورا نہیں ہوتا، اس کا کہنا ہے کہ دُوسرا سلام پھیرتے وقت مقتدی امام کی اقتدا سے آزاد ہوجاتا ہے، کیا اس کا یہ عمل دُرست ہے؟

ج… امام کو سلام اتنا لمبا نہیں کرنا چاہئے کہ مقتدیوں کا سلام درمیان ہی میں ختم ہوجائے، جو مقتدی امام کا دُوسرا سلام پورا ہونے سے پہلے ہی قبلہ سے ہٹ کر بیٹھ جاتا ہے، اس کی نماز فاسد تو نہیں ہوگی، لیکن ایسا کرنا مکروہ ہے، جب اس نے پانچ سات منٹ امام کے ساتھ صبر کیا ہے تو چند سیکنڈ اور بھی صبر کرلیا کرے۔

امام سے پہلے سلام پھیرنا

س… یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ باجماعت نمازوں میں مقتدی حضرات (بوڑھے، جوان اور نوعمر) امام سے پہلے ہی سلام پھیردیتے ہیں، امام سے پہلے مقتدی کا عمل کہاں تک دُرست ہے؟ کیا یہ گناہگار نہ ہوئے؟ ایسے لوگوں کی نماز ہوئی کہ نہیں؟

ج… رُکوع سجدہ میں امام سے پہلے جانا گناہ ہے، اگر مقتدی تشہد پڑھ چکا تھا تو اس کی نماز ہوگئی، لیکن امام سے پہلے سلام پھیرنا ناجائز اور مکروہِ تحریمی ہے۔

معذور شخص کا گھر بیٹھ کر لاوٴڈ اسپیکر پر امام کی اقتدا کرنا

س… میں ایک معذور شخص ہوں، جمعہ کی نماز کے لئے مسجد نہیں جاسکتا، مسجد میرے گھر سے بہت قریب ہے، لاوٴڈ اسپیکر سے خطبہ اور پوری نماز سنائی دیتی ہے، کیا میں گھر میں بیٹھ کر لاوٴڈ اسپیکر سے نمازِ جمعہ ادا کرسکتا ہوں؟

ج… اقتدا کے لئے صرف امام کی آواز پہنچنا کافی نہیں، بلکہ یہ بھی ضروری ہے کہ صفیں وہاں تک پہنچتی ہوں، اگر درمیان میں کوئی نہر یا سڑک پڑتی ہو تو اقتدا صحیح نہیں، اس لئے آپ کا گھر بیٹھے جمعہ کی نماز میں شریک ہونا صحیح نہیں، اگر آپ عذر کی وجہ سے مسجد نہیں جاسکتے تو گھر پر ظہر کی نماز پڑھا کیجئے۔

کیا ٹیلی ویژن پر اقتدا جائز ہے؟

س… جناب بعض اوقات ٹیلی ویژن پر براہِ راست حرمِ پاک خانہٴ کعبہ سے باجماعت نماز دِکھائی جاتی ہے، اگر بندہ ٹیلی ویژن کو دُوسرے کمرے میں رکھ کر اس کی آواز تیز رکھے اور ٹیلی ویژن کے امام کے ساتھ نماز پڑھے تو یہ نماز صحیح ہوگی یا پھر بغیر ٹیلی ویژن کے پڑھے؟

ج… جو طریقہ آپ نے لکھا ہے، اس سے امام کی اقتدا صحیح نہیں ہوگی، نہ آپ کی نماز ہوگی۔

مستقل امامت کی تنخواہ جائز ہے

س… میں نے پڑھا ہے کہ اگر کوئی حافظِ قرآن تراویح پڑھانے کے لئے تنخواہ پہلے مقرّر کرلے تو اس کے پیچھے تراویح پڑھنا جائز نہیں، جیسا کہ آج کل کے مولانا اور حافظِ قرآن مسجدوں میں مقرّرہ تنخواہوں پر نمازیں پڑھاتے ہیں، کیا ایسے حافظ صاحبان کے پیچھے تراویح اور دُوسری نمازیں پڑھنا جائز ہے یا نہیں؟

ج… مسجد کی مستقل امامت تنخواہ کے ساتھ جائز ہے، صرف تراویح پڑھانے کی اُجرت جائز نہیں۔

  • Tweet

What you can read next

سجدہٴ سہو
شرائطِ نماز
عورتوں کی نماز کے چند مسائل
Shaheedeislam.com Fans Page

Recent Posts

  • Weekly Khatm-e-Nubuwwat 23-30 September 2021

    ...
  • Weekly Khatm-e-Nubuwwat 16-22 September 2021

    ...
  • 2021 Shumara 33-34 front Title small

    Weekly Khatm-e-Nubuwwat 1-15 September 2021

    ...
  • 2021 Shumara 32 front Title Small

    Weekly Khatm-e-Nubuwwat 23-31 August 2021

    ...
  • 2021 Shumara 31 front Title Small

    Weekly Khatm-e-Nubuwwat 16-22 August 2021

    ...

ABOUT US

Lorem Ipsum is simply dummy text of the printing and typesetting industry. Lorem Ipsum has been the industry’s standard dummy text ever since the 1500s, when an unknown printer took a galley of type and scrambled it to make a type specimen book.

NEWSLETTER

Stay updated with our latest posts.

We never spam!

RECENT POSTS

  • Weekly Khatm-e-Nubuwwat 23-30 September 2021

    ...
  • Weekly Khatm-e-Nubuwwat 16-22 September 2021

    ...
  • 2021 Shumara 33-34 front Title small

    Weekly Khatm-e-Nubuwwat 1-15 September 2021

    ...

GET IN TOUCH

T (212) 555 55 00
Email: [email protected]

Your Company LTD
Street nr 100, 4536534, Chicago, US

Open in Google Maps

  • GET SOCIAL

Copyright @ 2019 Shaheed-e-Islam | All Rights Reserved | Powered by Shaheed-e-Islam

TOP