SIGN IN YOUR ACCOUNT TO HAVE ACCESS TO DIFFERENT FEATURES

FORGOT YOUR PASSWORD?

FORGOT YOUR DETAILS?

AAH, WAIT, I REMEMBER NOW!

Shaheed e Islam

  • رابطہ
  • متفرقات
    • نماز
    • ادعیہ ماثورہ
    • اسلامک لنکس
    • اسماء الحسنی
    • بکھرے موتی
    • تصاویر کی دنیا
    • خصوصی پروگرامز
  • آپکے مسائل اور انکا حل
    • جلد اول
    • جلد دوم
    • جلد سوم
    • جلد چہارم
    • چلد پنجم
    • جلد ششم
    • جلد ہفتم
    • جلد ہشتم
    • جلد نهم
    • جلد دہم
  • حمد و نعت
    • خصوصی البم
    • مولانا عبد اللطیف الحصیری
    • مولانا انس یونس
    • حافظ ابو بکر
    • محمد کاشف فاروقی
    • حافظ کامران منیر برادران
    • عطاء الرحمن عزیز
    • متفرق
  • بیانات
    • مولانا منظور احمد نعمانی دامت برکاتہم
    • مولانا اللہ وسایا صاحب
    • مفتی سعید احمد جلالپوری
    • قاری حنیف ملتانی صاحب
    • مولانا طارق جمیل صاحب
    • مفتی ہارون مطیع اللہ صاحب
  • شہید اسلام
    • درس قرآن
    • اصلاحی مواعظ
    • تصانیف
    • تعارف
  • ختم نبوت
    • خصوصی بیانات
    • کتابیں
    • مضامین
    • خصوصی پروگرامز
    • ہفت روزہ ختم نبوت
  • الحدیث
    • درس حدیث
    • معارف نبوی صلی اللہ علیہ وسلم
  • القرآن
    • درس قرآن
    • تلاوت قرآن
    • تفسیر قرآن مولانا منظور احمد نعمانی
  • سرورق
0
Shaheed-e-Islam
Sunday, 01 August 2010 / Published in جلد دوم

پاکی سے متعلق عورتوں کے مسائل

دس دن کے اندر آنے والا خون حیض ہی میں شمار ہوگا

س… ایک عورت کو ہر مہینے چھ یا سات دن حیض رہتا ہے، لیکن کبھی کبھار پانچ دن گزرنے کے بعد جب صبح اُٹھتی ہے تو کوئی خون وغیرہ نہیں ہوتا، اس طرح وہ غسل کرلیتی ہے، لیکن غسل کرنے کے بعد پھر خون جاری ہوجاتا ہے، اسی طرح دُوسرے دن بھی ہوتا ہے، ۴، ۵ گھنٹے کچھ نہیں ہوتا ہے، لیکن اس کے بعد پھر خون جاری ہوجاتا ہے۔ تو پوچھنا یہ ہے کہ جن دنوں میں وقفے وقفے سے جو خون آتا رہا، یہ حیض میں شمار ہوگا یا استحاضہ میں؟ یعنی اگر کسی عورت کو ۵، ۶ گھنٹے یا کم و بیش وقت کے بعد پھر خون جاری ہوجائے تو وہ حیض شمار ہوگا یا نہیں؟ دوسرا ہر مہینے جو دن مقرّر ہیں اور ان مقرّرہ دنوں کے بعد ایسا ہوجائے تو پھر کیا حکم ہے؟

ج… حیض کی کم سے کم مدّت تین دن ہے، اور زیادہ سے زیادہ مدّت دس دن ہے، حیض کی مدّت کے دوران جو خون آئے وہ حیض ہی شمار ہوگا، خواہ ۳،۴ گھنٹے کے وقفے ہی سے آئے۔

عورت ناپاکی کے ایام میں نہاسکتی ہے

س… میں نے سنا ہے کہ ناپاکی کے دنوں میں نہانا نہیں چاہئے، کیونکہ نہانے سے جسم جنت میں داخل نہیں ہوگا، اگر گرمی کی وجہ سے صرف سر بھی دھولیا جائے تو سر جنت میں داخل نہیں ہوگا۔ مسئلہ یہ ہے کہ کم سے کم سات دن میں ناپاکی دُور ہوتی ہے، اور گرمیوں میں سات دن بغیر نہائے رہنا بہت مشکل ہے، برائے مہربانی آپ یہ بتائیں کہ واقعی مجبوری کے دنوں میں بالکل نہیں نہانا چاہئے؟

ج… عورت کو ناپاکی کے ایام میں نہانے کی اجازت ہے، اور یہ نہانا ٹھنڈک کے لئے ہے، طہارت کے لئے نہیں، یہ کسی نے بالکل جھوٹ کہا ہے کہ اس حالت میں نہانے سے جسم جنت میں داخل نہیں ہوگا۔

حیض سے پاک ہونے کی کوئی آیت نہیں

س… حیض کے بعد پاک ہونے کی کیا کوئی مخصوص آیت ہوتی ہے؟

ج… نہیں! عورتوں میں یہ جو مشہور ہے کہ فلاں فلاں آیتیں یا کلمے پڑھنے سے عورت پاک ہوتی ہے، یہ قطعاً غلط ہے، ناپاک آدمی پانی سے پاک ہوتا ہے، آیتوں یا کلموں سے نہیں۔

خاص ایام میں مقاربت کا گناہ کرنے پر توبہ، اِستغفار اور صدقہ

س… ہم نے سنا ہے کہ جب عورت کو ایام آئیں تو مرد کو اس کے پاس جانے کی ممانعت ہے، مگر پھر بھی اگر مرد اپنے آپ کو قابو میں نہ رکھ سکے اور اس سے یہ کام سرزد ہوجائے تو اس کے لئے کیا حکم ہے؟ اس کے نکاح میں کوئی فرق آیا یا نہیں؟ اور یہ گناہِ کبیرہ ہے یا صغیرہ ہے؟

ج… ایسی حالت میں بیوی سے ملنا جبکہ وہ ایامِ ماہواری میں ہو، ناجائز اور حرام اور گناہِ کبیرہ ہے۔ توبہ، اِستغفار کرے اور اگر گنجائش ہو تو تقریباً چھ گرام چاندی یا اس کی قیمت صدقہ کرے، ورنہ توبہ، اِستغفار ہی کرتا رہے، مگر اس ناجائز فعل سے نکاح میں کوئی فرق نہیں آتا۔

خاص ایام کے دوران شوہر کا مس کرنا

س… کیا ماہواری میں شوہر اپنی بیوی سے مقاربت یا گھٹنوں سے لے کر زیرِ ناف کے حصے کو مس کرسکتا ہے؟

ج… ایام کی حالت میں وظیفہٴ زوجیت سخت حرام ہے، بلکہ ناف سے لے کر گھٹنوں تک کے حصہٴ بدن کو شوہر کا ہاتھ لگانا اور مس کرنا بھی بغیر پردہ کے جائز نہیں۔

اسلام میں عورت کے لئے خصوصی ایام میں مراعات

س… مجبوری کے دنوں میں عورت کے ہاتھ کا پکا ہوا کھانا جائز ہے یا نہیں؟

ج… زمانہٴ جاہلیت اور خاص کر یہودیوں کے معاشرے میں عورت، ایامِ مخصوصہ میں بہت نجس چیز سمجھی جاتی تھی، اور اس کو ایک کمرے میں بند کردیتے تھے، نہ وہ کسی چیز کو ہاتھ لگاسکتی تھی، نہ کھانا پکاسکتی تھی اور نہ کسی سے مل سکتی تھی۔ لیکن اسلام کے معتدل نظام نے ایسی کوئی چیز باقی نہیں رکھی سوائے روزہ نماز اور تلاوتِ کلامِ پاک کے۔ باقی تمام چیزیں اس کے لئے جائز قرار دیں حتیٰ کہ وہ ذکراللہ اور دُرود شریف اور دیگر دُعائیں پڑھ سکتی ہے، اور وظائف سوائے قرآن کے کرسکتی ہے۔ خاص ایام میں وظیفہٴ زوجیت کی اجازت نہیں، نماز روزہ بھی نہیں کرسکتی، اس کے ذمہ روزہ کی قضا ہے، نماز کی قضا نہیں، الغرض! ان ایام میں عورت کا کھانا پکانا، کپڑے دھونا اور دیگر گھریلو خدمات بجالانا جائز ہے۔

نفاس کے اَحکام

س… نفاس کسے کہتے ہیں؟ کیا حیض کی طرح نفاس میں بھی نماز معاف ہوجاتی ہے یا بعد میں قضا پڑھنی پڑتی ہے؟ نفاس سے پاک ہونے کا کیا طریقہ ہے؟ نفاس کے دوران اگر رمضان آجائے تو روزہ رکھے گی یا بعد میں قضا روزہ رکھے گی؟

ج… بچہ پیدا ہونے کے بعد جو خون آتا ہے اس کو نفاس کہتے ہیں، جس طرح حیض میں نماز معاف ہوجاتی ہے، اسی طرح نفاس میں بھی نماز معاف ہے، اور جس طرح حیض میں روزہ معاف نہیں اسی طرح نفاس میں بھی معاف نہیں، بلکہ بعد میں قضا رکھنا ہوگا، نفاس کا خون بند ہوجانے کے بعد نہانے سے عورت پاک ہوجاتی ہے۔

نفاس والی عورت کے ہاتھ سے کھانا پینا

س… نفاس والی عورت کی جب تک نفاس کی مدّت پوری نہ ہو، اس کے ہاتھ سے کھانا پینا شریعت کی رُو سے جائز ہے کہ نہیں؟

ج… جائز ہے۔

کیا بچے کی پیدائش سے کمرہ ناپاک ہوجاتا ہے؟

س… بچہ کی پیدائش کے بعد ماں اور بچے کو جس کمرہ یا گھر میں رکھا جاتا ہے، چالیس دن بعد اس کو اچھی طرح صاف کیا جاتا ہے اور اس میں رنگ و روغن کیا جاتا ہے، اور جب تک ایسا نہیں کیا جاتا وہ گھر یا کمرہ ناپاک رہتا ہے، جبکہ براہِ راست عورت کی ناپاکی سے اس گھر یا کمرہ کا تعلق بھی نہیں ہوتا، آپ اس غیراسلامی رسم کا قرآن و حدیث کی رُو سے جواب عنایت فرمائیں۔

ج… صفائی تو اچھی چیز ہے، مگر گھر یا کمرے کے ناپاک ہونے کا تصوّر غلط اور توہم پرستی ہے۔

مخصوص ایام میں مہندی لگانا جائز ہے

س… اکثر بزرگ خواتین کا کہنا ہے کہ مہندی ایام شروع ہونے کے بعد یعنی ایام کے دوران مہندی نہ لگائی جائے، کیونکہ اس وقت تک ہاتھ پاک نہیں ہوتے، جب تک مہندی بالکل نہ اُتر جائے، اور ان کا کہنا یہ بھی ہے کہ اگر ایام شروع ہونے سے پہلے لگائی تو کوئی حرج نہیں، پھر چاہے لگی ہو یا نہ لگی ہو پاک ہوسکتے ہیں۔

ج… عورتوں کے خاص ایام میں مہندی لگانا شرعاً جائز ہے، اور یہ خیال غلط ہے کہ ایام میں مہندی ناپاک ہوجاتی ہے۔

حیض کے دوران پہنے ہوئے کپڑوں کا حکم

س… مخصوص دنوں میں جو لباس پہنے جاتے ہیں کیا انہیں بغیر دھوئے نماز پڑھی جاسکتی ہے یا نہیں؟ یا صرف ان حصوں کو جہاں غلاظت لگی ہو دھو لیا جائے، تمام چیزیں یعنی قمیص، شلوار، دوپٹہ، چادر، سوئٹر، شال وغیرہ سب کو دھونا چاہئے؟

ج… کپڑے کا جو حصہ ناپاک ہوا ہے اسے پاک کرکے پہن سکتے ہیں، اور جو پاک ہوں ان کے استعمال میں کوئی حرج نہیں۔

عورت کو غیرضروری بال لوہے کی چیز سے دُور کرنا پسندیدہ نہیں

س… کیا عورتوں کو کسی لوہے کی چیز سے غیرضروری بالوں کا دُور کرنا گناہ ہے؟

ج… غیرضروری بالوں کے لئے عورتوں کو چونا، پاوٴڈر، صابن وغیرہ استعمال کرنے کا حکم ہے، لوہے کا استعمال ان کے لئے پسندیدہ نہیں، مگر گناہ بھی نہیں۔

دورانِ حیض استعمال کئے ہوئے فرنیچر وغیرہ کا حکم

س… ان چیزوں کے پاک کرنے کے بارے میں ضرور بتائیے جن کو دورانِ حیض استعمال کرچکے ہیں، مثلاً: صوفہ سیٹ، نئے کپڑے، چارپائی یا ایسی چیز جن کو پانی سے پاک نہیں کرسکتے ہیں؟

ج… یہ چیزیں استعمال سے ناپاک تو نہیں ہوجاتیں جب تک نجاست نہ لگے۔

خاص ایام میں عورت کا زبان سے قرآنِ کریم پڑھنا جائز نہیں

س… ہم نے بچپن میں قرآنِ پاک نہیں پڑھا تھا، اس لئے اب پڑھ رہے ہیں، ہماری اُستانی کہتی ہیں کہ تم قرآن شریف مخصوص دنوں میں بھی پڑھا کرو، سپارہ کے صفحے میں پلٹ دیا کروں گی، کیونکہ پڑھتے تو زبان سے ہیں اور زبان پاک ہوتی ہے۔ اب آپ سے یہ پوچھنا ہے کہ کیا ہم ان دنوں میں قرآن شریف پڑھ سکتے ہیں؟

ج… ایام کی حالت میں عورت کا زبان سے قرآنِ کریم پڑھنا جائز نہیں، اسی طرح جس مرد یا عورت پر غسل فرض ہو اس کے لئے بھی قرآنِ کریم کی تلاوت جائز نہیں۔ آپ کی اُستانی کا بتایا ہوا مسئلہ صحیح نہیں، اس حالت میں زبان کھانے پینے کے لئے تو پاک ہوتی ہے، مگر تلاوت کے حق میں پاک نہیں۔ جس طرح بے وضو آدمی کے اعضاء تو پاک ہوتے ہیں لیکن جب تک وضو نہ کرلے نماز کے لئے پاک نہیں ہوتے، اس کو نجاستِ حکمی کہتے ہیں۔ جنابت اور حیض و نفاس کی حالت میں بھی زبان حکماً ناپاک ہوتی ہے، ہاں ذکر و تسبیح اور دُعا کی اس حالت میں بھی اجازت ہے۔

کیا عورت ایامِ مخصوصہ میں زبانی الفاظ قرآن پڑھ سکتی ہے

س… ”مخصوص ایام“ میں عورت کو اگر کچھ قرآنی آیات یاد ہوں تو کیا وہ پڑھ سکتی ہے یا نہیں؟

ج… عورتوں کے مخصوص ایام میں قرآنِ کریم کی آیات پڑھنا جائز نہیں، البتہ بطور دُعا کے الفاظِ قرآن پڑھ سکتی ہے، اس حالت میں حافظہ کو چاہئے کہ زبان ہلائے بغیر ذہن میں پڑھتی رہے اور کوئی لفظ بھولے تو قرآن مجید کسی کپڑے کے ساتھ کھول کر دیکھ لے۔

حیض کے دنوں میں حدیث یاد کرنا اور قرآن کا ترجمہ پڑھنا

س… میں ریاض الصالحین عربی جلدِ اوّل کی حدیث پڑھتی اور یاد کرتی ہوں، کیا میں خاص ایام میں بھی ان عربی احادیث کو پڑھ اور یاد کرسکتی ہوں؟ نیز قرآن کا ترجمہ بغیر عربی پڑھے، بغیر ہاتھ لگائے صرف اُردو ترجمہ دیکھ کر پڑھ سکتی ہوں؟ اور ان کو خاص ایام میں یاد کرسکتی ہوں؟

ج… دونوں مسئلوں میں اجازت ہے۔

خاص ایام میں امتحان میں قرآنی سورتوں کا جواب کس طرح لکھے؟

س… قرآنی سورتیں نصاب میں شامل ہیں، امتحان میں ان کا متن، تشریح اور دُوسری آیات کے حوالے تحریر کرنے ہوتے ہیں، ان ایام میں یہ تحریر کرنا کیسا ہے؟

ج… ترجمہ، تشریح لکھنے کی اجازت ہے، مگر آیاتِ کریمہ کا متن نہ لکھے، آیت کا حوالہ دے کر اس کا ترجمہ لکھ دیں۔

خواتین اور معلّمات خاص ایام میں تلاوت کس طرح کریں؟

س… ۱: خواتین اپنے خاص ایام میں قرآن شریف کی تلاوت کرسکتی ہیں یا نہیں؟

س… ۲: بعض معلّمات جو کہ قاعدہ، ناظرہ یا حفظ کی تعلیم دیتی ہیں، کیا وہ اس وجہ سے کہ بچوں کی تعلیم کا حرج ہوگا، بچوں کو پڑھانے کے لئے قرآن شریف کی تلاوت کرسکتی ہیں؟ اگر نہیں تو پھر تعلیم کا سلسلہ کس طرح جاری رکھا جائے؟

س… ۳: خواتین اپنے خاص ایام میں کسی شخص کی، یا کیسٹ، ریڈیو اور ٹیلی ویژن سے تلاوتِ قرآن سن سکتی ہیں؟

ج…۱: خواتین کے لئے خاص ایام میں قرآنِ کریم کی تلاوت اور اس کو چھونا جائز نہیں ہے، چاہے قرآنِ کریم کی ایک آیت کی تلاوت کی جائے یا ایک آیت سے بھی کم، ہر صورت میں تلاوتِ قرآن جائز نہیں۔ البتہ قرآن کی بعض وہ آیات جو کہ دُعا اور اذکار کے طور پر پڑھی جاتی ہیں ان کو دُعا یا ذکر کے طور پر پڑھنا جائز ہے۔ مثلاً کھانا شروع کرتے وقت ”بسم اللہ“ یا شکرانہ کے لئے ”الحمدللہ“ کہنا، اسی طرح قرآن کے وہ کلمات جو کہ عام بول چال میں استعمال میں آجاتے ہیں ان کا کہنا بھی جائز ہے۔

ج…۲: قرآنِ کریم کی تعلیم دینے والی معلّمات کے لئے بھی قرآنِ کریم کی تلاوت اور قرآنِ کریم کو چھونا جائز نہیں، باقی یہ کہ تعلیم کا سلسلہ کس طرح جاری رکھا جائے؟ اس کے لئے فقہاء نے یہ طریقہ بتلایا ہے کہ وہ آیتِ قرآنی کلمہ کلمہ الگ الگ کرکے پڑھیں، مثلاً: الحمد ․․․․․ لله ․․․․․ رب ․․․․․․ العالمین۔ اس طرح معلمہ کے لئے قرآنی کلمات کے ہجے کرنا بھی جائز ہے۔

ج…۳: خواتین کے لئے خاص ایام میں تلاوتِ قرآن کی ممانعت تو حدیث شریف میں آتی ہے، لیکن قرآن سننے کی ممانعت نہیں آتی، لہٰذا ان خاص ایام میں کسی شخص سے یا ریڈیو اور کیسٹ وغیرہ سے تلاوتِ قرآن سننا جائز ہے۔

دورانِ حفظ ناپاکی کے ایام میں قرآنِ کریم کس طرح یاد کیا جائے؟

س… قرآن شریف حفظ کرنے کے دوران ناپاکی کی حالت میں کسی پین وغیرہ کی مدد سے قرآن پاک کے صفحے پلٹ کر یاد کرنا جائز ہے کہ ناجائز؟

ج… عورتوں کے خاص ایام میں قرآنِ کریم کا زبان سے پڑھنا جائز نہیں، حافظہ کو بھولنے کا اندیشہ ہو تو بغیر زبان ہلائے دِل میں سوچتی رہے، زبان سے نہ پڑھے، کسی کپڑے وغیرہ سے صفحے اُلٹنا جائز ہے۔

مخصوص ایام میں قرآنی آیات والی کورس کی کتاب پڑھنا اور چھونا

س… ہم سیکنڈایئر کی طالبات ہیں اور ہمارے پاس اسلامک اسٹڈیز ہے جس میں قرآن کے شروع کے بارہ رُکوع ہمارے کورس میں شامل ہیں۔ ہماری مشکل یہ ہے کہ خدانخواستہ اگر امتحان کے زمانے میں ہماری طبیعت خراب ہوجائے تو ہم اسلامک اسٹڈیز کی کتاب کو کس طرح پڑھ سکتے ہیں، کیونکہ مخصوص ایام میں قرآن چھونا حرام ہے اور بغیر کتاب پڑھے ہم امتحان نہیں دے سکتے، کیونکہ کتاب میں پوری تشریح و تفسیر ہوتی ہے، جسے پڑھ کر ہی امتحان دیا جاسکتا ہے، تو آپ سے عرض ہے کہ ان دنوں کس طرح ہم اس کتاب سے مستفید ہوسکتے ہیں؟

ج… قرآن مجید کے الفاظ کو ہاتھ نہ لگایا جائے، نہ ان الفاظ کو زبان سے پڑھا جائے، کتاب کو ہاتھ لگانا اور پڑھنا جائز ہے۔

مخصوص ایام میں اسلامی کتب میں درج شدہ آیات کس طرح پڑھیں؟

س… اسلامی کتب میں جگہ جگہ حوالوں کے لئے قرآنی آیات درج ہیں، اگر ان کا اُردو ترجمہ بھی تحریر نہ ہو تو اس حالت میں اس قرآنی آیت کا پڑھنا کیسا ہے؟

ج… قرآنِ کریم کی آیات کو دِل میں پڑھ سکتے ہیں۔

حیض کی حالت میں قرآن و حدیث کی دُعائیں پڑھنا

س… مخصوص ایام میں قرآنِ پاک کی وہ سورتیں جو کہ روز پڑھنے کا معمول ہے، زبانی یاد ہوں تو پڑھ سکتے ہیں؟ اور روزانہ کا ۵۰۰ مرتبہ دُرود شریف پڑھنے کا معمول ہے، کیا ان ایام میں ۵۰۰ مرتبہ دُرود شریف اور چند سورتیں زبانی پڑھ سکتے ہیں؟ اور عام طور سے جو وظیفے مثلاً: چہرے کی روشنی کے لئے ”اللہ نور السمٰوٰت والارض“ اوّل آخر دُرود شریف پڑھ سکتے ہیں؟

ج… خاص ایام میں عورتوں کو قرآنِ کریم کی تلاوت جائز نہیں، قرآن و حدیث کی دُعائیں دُعا کی نیت سے پڑھی جاسکتی ہیں، دیگر ذکر اذکار، دُرود شریف پڑھنا جائز ہے۔

عورتوں کا ایام مخصوص میں ذکر کرنا

س… عورتیں اپنے مخصوص ایام میں ذکر کرسکتی ہیں، مثلاً: سوم کلمہ، دُرود شریف، اِستغفار، کلمہ طیبہ وغیرہ؟

ج … قرآن مجید کی تلاوت کے علاوہ سب ذکر کرسکتی ہیں۔

مخصوص ایام میں عملیات کرنا

س… اگر کوئی عمل اسلامی ماہ کی پہلی تاریخ سے شروع کیا جائے اور وہ ۲۱ یا ۴۱ دن تک مکمل کرنا ہو، تو کیا حیض کی حالت میں بھی عمل جاری رکھنا چاہئے؟

ج… اگر عمل قرآن مجید کی آیت کا ہو تو ماہواری کے دنوں میں جائز نہیں۔

عورت سر سے اُکھڑے بالوں کو کیا کرے؟

س… جب عورت سر میں کنگھا کرتی ہے تو عورتیں کہتی ہیں کہ سر کے بال پھینکنا نہیں چاہئے، ان کو اکٹھا کرکے قبرستان میں دبادینا چاہئے؟

ج… عورتوں کے سر کے بال بھی ستر میں داخل ہیں، اور جو بال کنگھی میں آجاتے ہیں ان کا دیکھنا بھی نامحرم کو جائز نہیں، اس لئے ان بالوں کو پھینکنا نہیں چاہئے، بلکہ کسی جگہ دبادینا چاہئے۔

ناخن پالش کی بلا

ناخن پالش لگانا کفار کی تقلید ہے، اس سے نہ وضو ہوتا ہے، نہ غسل، نہ نماز

س… آج کل نوجوان لڑکیاں اس کشمکش میں مبتلا ہیں کہ آیا لڑکیاں جو ناخنوں کو پالش لگاتی ہیں اس کو صاف کرنے کے بعد وضو کریں یا پالش کے اُوپر سے ہی وضو ہوجائے گا؟ کئی سمجھدار اور تعلیم یافتہ لڑکیاں اور معزّز نمازی عورتیں یہ کہتی ہیں کہ ناخنوں کی پالش صاف کئے بغیر ہی وضو ہوجائے گا۔

ج… ناخنوں سے متعلق دو بیماریاں عورتوں میں، خصوصاً نوجوان لڑکیوں میں بہت ہی عام ہوتی جارہی ہیں، ایک ناخن بڑھانے کا مرض اور دُوسرا ناخن پالش کا۔ ناخن بڑھانے سے آدمی کے ہاتھ بالکل درندوں جیسے ہوتے ہیں اور پھر ان میں گندگی بھی رہ سکتی ہے، جس سے ناخنوں میں جراثیم پیدا ہوتے ہیں اور مختلف النوع بیماریاں جنم لیتی ہیں۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے دس چیزوں کو ”فطرت“ میں شمار کیا ہے، ان میں ایک ناخن تراشنا بھی ہے، پس ناخن بڑھانے کا فیشن انسانی فطرت کے خلاف ہے، جس کو مسلم خواتین کافروں کی تقلید میں اپنا رہی ہیں، مسلم خواتین کو اس خلافِ فطرت تقلید سے پرہیز کرنا چاہئے۔

دُوسرا مرض ناخن پالش کا ہے۔ حق تعالیٰ شانہ نے عورت کے اعضاء میں فطری حسن رکھا ہے، ناخن پالش کا مصنوعی لبادہ محض غیرفطری چیز ہے، پھر اس میں ناپاک چیزوں کی آمیزش بھی ہوتی ہے، وہی ناپاک ہاتھ کھانے وغیرہ میں استعمال کرنا طبعی کراہت کی چیز ہے، اور سب سے بڑھ کر یہ کہ ناخن پالش کی تہ جم جاتی ہے اور جب تک اس کو صاف نہ کردیا جائے، پانی نیچے نہیں پہنچ سکتا۔ پس نہ وضو ہوتا ہے، نہ غسل، آدمی ناپاک کا ناپاک رہتا ہے۔ جو تعلیم یافتہ لڑکیاں اور معزّز نمازی عورتیں یہ کہتی ہیں کہ ناخن پالش کو صاف کئے بغیر ہی وضو ہوجاتا ہے وہ غلط فہمی میں مبتلا ہیں، اس کو صاف کئے بغیر آدمی پاک نہیں ہوتا، نہ نماز ہوگی، نہ تلاوت جائز ہوگی۔

ناخن پالش والی میّت کی پالش صاف کرکے غسل دیں

س… اگر کہیں موت آگئی تو ناخن پالش لگی ہوئی عورت کی میّت کا غسل صحیح ہوجائے گا؟

ج… اس کا غسل صحیح نہیں ہوگا، اس لئے ناخن پالش صاف کرکے غسل دیا جائے۔

نیل پالش اور لپ اسٹک کے ساتھ نماز

س… چند روز قبل ہمارے گھر ”آیتِ کریمہ“ کا ختم تھا، جن میں چند رشتہ دار عورتیں آئیں، جن میں کچھ فیشن میں ملبوس تھیں، فیشن سے مراد ناخن میں نیل پالش، بدن میں پرفیوم، ہونٹوں میں لپ اسٹک وغیرہ تھا۔ جب نماز کا وقت ہوا تو نماز کے لئے کھڑی ہوگئیں، جب ان سے کہا گیا کہ ان چیزوں سے وضو نہیں رہتا تو نماز کیسے ہوگی؟ تو انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نیت دیکھتا ہے۔ تو کیا مولانا صاحب! نیل پالش، پرفیوم، لپ اسٹک وغیرہ سے وضو برقرار رہتا ہے؟ کیا ان سب چیزوں کے استعمال کے بعد نماز ہوجاتی ہے؟ برائے مہربانی تفصیل سے جواب دیں، نوازش ہوگی۔

ج… خدا تعالیٰ صرف نیت کو نہیں دیکھتا، بلکہ یہ بھی دیکھتا ہے کہ جو کام کیا گیا وہ اس کی شریعت کے مطابق بھی ہے یا نہیں؟ مثلاً کوئی شخص بے وضو نماز پڑھے اور یہ کہے کہ خدا نیت کو دیکھتا ہے تو اس کا یہ کہنا خدا اور رسول کا مذاق اُڑانے کے ہم معنی ہوگا، اور ایسے شخص کی عبادت، عبادت ہی نہیں رہتی۔ اس لئے فیشن ایبل خواتین کا یہ استدلال بالکل مہمل ہے کہ خدا نیت کو دیکھتا ہے، ناخن پالش اور لپ اسٹک اگر بدن تک پانی کو نہ پہنچنے دے تو وضو نہیں ہوگا، اور جب وضو نہ ہوا تو نماز بھی نہیں ہوئی۔

ناخن پالش کو موزوں پر قیاس کرنا صحیح نہیں

س… جس طرح وضو کرکے موزہ پہن لیا جائے تو دُوسرے وضو کے وقت پاوٴں دھونے کی ضرورت نہیں ہوتی، صرف جراب کے اُوپر مسح کرلیا جاتا ہے، اسی طرح وضو کرکے ناخن پالش لگالیا جائے تو دُوسرا وضو کرتے وقت اسے چھڑانے کی ضرورت تو نہیں ہے؟

ج… چمڑے کے موزوں پر تو مسح بالاتفاق جائز ہے، جرابوں پر مسح امام ابوحنیفہ کے نزدیک جائز نہیں، اور ناخن پالش کو موزوں پر قیاس کرنا صحیح نہیں، اس لئے اگر ناخن پالش لگی ہو تو وضو اور غسل نہیں ہوگا۔

ناخن پالش اور لبوں کی سرخی کا غسل اور وضو پر اثر

س… جیسے کہ ناخن پالش لگانے سے وضو نہیں ہوتا، اگر کبھی ہونٹوں پر ہلکی سی لالی لگی ہو تو کیا وضو ہوجاتا ہے؟ یا اگر وضو کے بعد لگائی جائے تو اس سے نماز دُرست ہے؟

ج… ناخن پالش لگانے سے وضو اور غسل اس لئے نہیں ہوتا کہ ناخن پالش پانی کو بدن تک پہنچنے نہیں دیتی، لبوں کی سرخی میں بھی اگر یہی بات پائی جاتی ہے کہ وہ پانی کے جلد تک پہنچنے میں رُکاوٹ ہو تو اس کو اُتارے بغیر غسل اور وضو نہیں ہوگا، اور اگر وہ پانی کے پہنچنے سے مانع نہیں تو غسل اور وضو ہوجائے گا، ہاں! اگر وضو کے بعد ناخن پالش یا سرخی لگاکر نماز پڑھے تو نماز ہوجائے گی، لیکن اس سے بچنا بہتر ہے۔

خوشی سے یا جبراً ناخن پالش لگانے کے مضمرات

س… میں نے غسل کے فرائض میں پڑھا ہے کہ سارے جسم پر پانی اس طرح بہایا جائے کہ جسم کا کوئی حصہ بال برابر بھی خشک نہ رہے۔ آج کل یہ بات عام فیشن میں آگئی ہے کہ ہمارے گھروں میں عورتیں ناخنوں پر پالش کرتی ہیں جو زیادہ گاڑھی ہوتی ہے اور ناخنوں پر اس کی ایک تہہ جم جاتی ہے، اور ایسے ہی بعض مرد حضرات رنگ کا کام کرتے ہیں جو جسم کے کسی حصے پر لگ جائے تو آسانی سے نہیں اُترتا۔ ایسی صورت میں ہر دوکس غسلِ جنابت سے پاکی حاصل کرسکتے ہیں یا نہیں؟ اسلام نے عورت کو اپنے شوہر کے سامنے زینت، بناوٴ سنگھار کی اجازت دی ہے، کیا ناخن پالش لگانا جائز ہے؟ اگر ناجائز ہے تو ایسی حالت والی عورت کے لئے نماز، تلاوت اور کھانے پینے کے لئے کیا حکم ہے؟

ج… ناخن پالش کی اگر تہ جم گئی ہو تو اس کو چھڑائے بغیر وضو اور غسل نہیں ہوگا، یہی حکم اور چیزوں کا ہے جو پانی کے بدن تک پہنچنے سے مانع ہوں۔

س… اگر شوہر کی خوشنودی کے لئے ناخن پالش لگائی جائے اور شوہر نہ لگانے پر سختی کرے تو ایسی عورت کے لئے کیا حکم ہے؟ اگر اسلامی تعلیمات کی رُو سے ناخن پالش لگانا گناہ ہے تو یہ گناہ کس کے سر پر ہے، بیوی پر یا شوہر پر؟ اگر یہ بات گناہ ہے تو اس گناہ کو گناہ سمجھانے کے لئے یہ ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے، شوہر پر یا بیوی پر؟ حکومت کے پاس ذرائع ابلاغ ہیں، ان کے ذریعہ اگر اس کی تشہیر کی جائے تو کیسا رہے گا؟

ج… اگر ناخن پالش لگانے سے نمازیں غارت ہوتی ہیں اور شوہر باوجود علم کے اس سے منع نہ کرے تو مرد و عورت دونوں گناہگار ہوں گے، اگر شوہر کی خوشنودی کے لئے ناخن پالش لگالے تو وضو کرنے سے پہلے اس کو چھٹائے اور پھر وضو کرکے نماز پڑھے، ورنہ نماز نہیں ہوگی۔

کیا مصنوعی دانت اور ناخن پالش کے ساتھ غسل صحیح ہے؟

س… کسی مسلمان مرد یا عورت کے سونے کے دانت یا ناخن پالش لگانے کی صورت میں غسل ہوجاتا ہے یا نہیں؟

ج… مصنوعی دانتوں کے ساتھ غسل ہوجاتا ہے، ان کو اُتارنے کی ضرورت نہیں، ناخن پالش لگی ہوئی ہو تو غسل نہیں ہوتا، جب تک اسے اُتار نہ دیا جائے۔

عورتوں کے لئے کس قسم کا میک اَپ جائز ہے؟

س… ہماری خواتین اس بات پر بحث کرتی ہیں کہ انسان اپنی خوبصورتی کے لئے میک اَپ کرسکتا ہے، معلوم یہ کرنا ہے کہ مذہبِ اسلام کی رُو سے خواتین کو یہ بات زیب دیتی ہے کہ وہ بحیثیت مسلمان میک اَپ کریں جس میں سرخی، پاوٴڈر، نیل پالش شامل ہے؟ کیا اس حالت میں محفلِ وعظ میں شرکت کرنا، قرآن خوانی اور نماز وغیرہ پڑھنا صحیح ہے؟

ج… عورت کے لئے ایسا میک اَپ کرنا جس سے اللہ تعالیٰ کی فطری تخلیق میں تغیر کرنے کی کوشش ہو، جائز نہیں۔ مثلاً: اپنے فطری اور خلقی بالوں کے ساتھ دُوسرے انسانوں کے بالوں کو ملانا، ہاں انسانوں کے علاوہ دُوسرے مصنوعی بالوں کو ملانا جائز ہے، اس کے علاوہ میک اَپ فطری تخلیق میں تغیر کرنے کے مترادف نہ ہو، وہ اس صورت میں جائز ہے جبکہ اس میک اَپ کے ساتھ عورت غیرمحرَم مردوں کے سامنے نہ جائے، چنانچہ اس قسم کے میک اَپ میں سرخی، پاوٴڈر شامل ہے۔ ہاں! البتہ ناخن پالش سے احتراز کیا جائے کیونکہ ناخن پالش دُور کئے بغیر نہ وضو ہوتا ہے اور نہ ہی غسل، ناخن پالش کو ہر وضو کے لئے ہٹانا کارِ مشکل ہے، اور جب ناخن پالش کو ہٹائے بغیر وضو یا غسل صحیح نہ ہوگا تو نماز بھی نہ ہوگی، اس لئے ناخن پالش کی لعنت سے احتراز لازم ہے۔

پاکی اور ناپاکی میں تلاوت، دُعا و اذکار

ناپاکی اور بے وضو کی حالت میں قرآن شریف پڑھنا

س… ناپاکی کی حالت میں یا بغیر وضو کے قرآن شریف کی تلاوت کی جاسکتی ہے یا نہیں؟

ج… اگر غسل کی ضرورت ہو تو نہ قرآن شریف کو ہاتھ لگانا جائز ہے اور نہ پڑھنا ہی جائز ہے، اور بغیر وضو کے ہاتھ لگانا جائز نہیں، البتہ پڑھنا جائز ہے۔

ناپاکی کی حالت میں قرآنی آیات کا تعویذ استعمال کرنا

س… ہم نے سنا ہے کہ آدمی اگر ناپاک ہو تو اس کو قرآنی آیات تعویذ بناکر نہیں پہننی چاہئیں، یہ بات دُرست ہے یا غلط؟

ج… جس کاغذ پر آیت لکھی ہو، ناپاکی کی حالت میں اس کو چھونا جائز نہیں، لیکن کپڑے وغیرہ میں لپٹا ہو تو چھونا جائز ہے، اس سے معلوم ہوا کہ ناپاکی کی حالت میں تعویذ پہننا جائز ہے، جبکہ وہ کاغذ میں لپٹا ہوا ہو۔

غسل لازم ہونے پر کن چیزوں کا پڑھنا جائز ہے

س… اگر غسل لازم ہو تو کیا تسبیح مثلاً: دُرود شریف، کلمہ طیبہ، اِستغفار وغیرہ پڑھ سکتے ہیں؟

ج… اس حالت میں قرآنِ کریم کی تلاوت جائز نہیں، ذکر و دُعا، دُرود شریف وغیرہ سب جائز ہے۔

قرآنی آیات اور احادیث والے مضمون کو بے وضو چھونا

س… دینِ اسلام کی کتابوں میں اور رسائل میں جہاں جہاں (کہیں کہیں) قرآن مجید کی آیات اور احادیث اکثر لکھی ہوتی ہیں، ایسی کتب اور ایسے رسائل کو بے وضو چھونا اور پڑھنا کیسا ہے؟

ج… جائز ہے، مگر آیاتِ کریمہ پر ہاتھ نہ لگے۔

پتی والا پان کھاکر قرآن شریف پڑھ سکتا ہے

س… پتی والا پان کھاکر قرآن شریف پڑھ سکتا ہے یا نہیں؟

ج… پڑھ سکتا ہے، البتہ بدبودار چیز کھاکر تلاوت کرنا مکروہ ہے۔

غسل فرض ہونے پر اسمِ اعظم کا ورد

س… کیا غسل فرض ہونے کی صورت میں اسمِ اعظم یا کسی سورت کا ورد کیا جاسکتا ہے یا نہیں؟ اور تلاوت بھی کی جاسکتی ہے یا نہیں؟

ج… جب غسل فرض ہو تو قرآنِ کریم کی تلاوت جائز نہیں، دُوسرے اذکار جائز ہیں۔

بے وضو قرآن چھونا اور کھاتے ہوئے تلاوت کرنا

س… کیا قرآن بے وضو پڑھنا جائز ہے؟ اگر تلاوت کے دوران وضو ہو، لیکن منہ سے کچھ کھا بھی رہے ہوں تو کیا تلاوت ہوجاتی ہے؟

ج… بے وضو تلاوت جائز ہے، قرآن مجید کو ہاتھ نہ لگایا جائے، کھاتے ہوئے تلاوت کرنا خلافِ ادب ہے۔

بغیر وضو تلاوتِ قرآن کا ثواب

س… آپ نے ایک سوال کے جواب میں تحریر فرمایا ہے کہ قرآنِ حکیم کو بغیر وضو چھوتے نہیں اور قرآنِ کریم میں دیکھ کر پڑھنا بلاوضو بھی منع ہے، البتہ بغیر دیکھے بلاوضو پڑھ سکتے ہیں، اس طرح تلاوت کا ثواب ہے؟

ج… بغیر وضو کے قرآن کو ہاتھ لگانا منع ہے، تلاوت کرنا منع نہیں، اگر ہاتھ پر کوئی کپڑا لپیٹ کر یا کسی چاقو وغیرہ کے ذریعہ قرآنِ کریم کے اوراق اُلٹتا رہے تو دیکھ کر بھی پڑھ سکتا ہے، تلاوت کا ثواب اس صورت میں بھی ملے گا، ثواب میں کمی بیشی اور بات ہے۔

بغیر وضو کے دُرود شریف پڑھ سکتے ہیں

س… کیا بغیر وضو کے چلتے پھرتے، اُٹھتے بیٹھتے دُرود شریف کا ورد کرسکتے ہیں؟ جبکہ خدا کا ذکر تو ہر حال میں جائز ہے، تو ذکرِ حبیب بھی جائز ہونا چاہئے، ذرا وضاحت فرمادیں کیونکہ میں نے لوگوں سے سنا ہے کہ بغیر وضو کے دُرود شریف نہ پڑھا جائے، فرض کریں اگر حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا نامِ مبارک آجائے تو اگر بغیر وضو کے ہوں تو کیا دُرود نہ پڑھیں؟ حالانکہ نامِ مبارک پر تو دُرود پڑھنا واجب ہے۔

ج… بغیر وضو کے دُرود شریف کا ورد جائز ہے، اور وضو کے ساتھ نورٌ علیٰ نور ہے۔

بے وضو ذکرِ الٰہی

س… ایک آدمی دفتر میں بیٹھا ہے اور بالکل تنہا ہے اور فارغ ہے، بعض اوقات پیشاب وغیرہ کے لئے بھی جاتا ہے اور ہاتھ وغیرہ صحیح طریقے سے دھوتا ہے، مگر مکمل وضو کسی وجوہات کی بنا پر نہیں کرتا، یا غفلت سمجھ لیں، تو اس حالت میں فارغ وقت میں کیا وہ اللہ تعالیٰ کا ذکر اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا ذکر یا کوئی اور آیتِ کریمہ وغیرہ کا ورد کرسکتا ہے یا نہیں؟

ج… ذکرِ الٰہی کے لئے باوضو ہونا شرط نہیں، بغیر وضو کے تسبیحات پڑھ سکتے ہیں، ہاں! باوضو ذکر کرنا افضل ہے۔

بیت الخلاء میں کلمہ زبان سے پڑھنا جائز نہیں

س… بیت الخلاء میں استنجے کے وقت بھی کلمہ طیبہ پڑھنا چاہئے یا نہیں؟

ج… بیت الخلاء میں زبان سے پڑھنا جائز نہیں۔

بیت الخلاء میں دُعا زبان سے نہیں بلکہ دِل میں پڑھے

س… اگر کوئی شخص بیت الخلاء میں داخل ہونے سے پہلے دُعا اور بائیں پاوٴں کو داخل کرنا بھول جائے، اور اندر جاکر یاد آجائے تو کیا کرنا چاہئے؟

ج… زبان سے نہ پڑھے، دِل میں پڑھ لے۔

لفظ ”اللہ“ والا لاکٹ پہن کر بیت الخلاء میں جانا

س… ایسے لاکٹ جن پر لفظ ”اللہ“‘ کندہ ہوتا ہے، انہیں ہر وقت گلے میں پہنے رہنا اور پہن کر باتھ رُوم وغیرہ میں جانا جائز ہے؟ کیا اس طرح خدائے بزرگ و برتر کے نام کی بے ادبی نہیں ہوتی؟

ج… بیت الخلاء میں جانے سے پہلے ان کو اُتار دینا چاہئے۔

میدان میں قضائے حاجت سے پہلے دُعا کہاں پڑھے؟

س… شہروں میں تو بیت الخلاء ہوتے ہیں، مگر دیہات میں نہیں ہوتے، تو دیہات میں کھلی جگہ قضائے حاجت کے لئے جائے تو دُعا پڑھنی چاہئے یا نہیں؟

ج… بیت الخلاء میں قدم رکھنے سے پہلے اور جنگل میں ستر کھولنے سے پہلے دُعا پڑھی جائے۔

ناپاکی کی حالت میں ناخن کاٹنا

س… ناپاکی کی حالت میں اگر ناخن کاٹ لئے جائیں تو کیا جب تک وہ بڑھاکر دوبارہ نہ کاٹے جائیں پاک نہ ہوسکے گی؟

ج… ناپاکی کی حالت میں ناخن نہیں اُتارنے چاہئیں، مگر یہ غلط ہے کہ جب تک ناخن نہ بڑھ جائیں آدمی پاک نہیں ہوتا۔

نجاست اور پاکی کے مسائل

نجاستِ غلیظہ اور نجاستِ خفیفہ کی تعریف

س… میں نے بزرگوں سے سنا ہے کہ اگر تین حصے بدن کے کپڑے ناپاک ہوں اور ایک حصہ پاک ہو تب بھی نماز قبول ہوجاتی ہے، کیا یہ صحیح ہے؟

ج… جی نہیں! مسئلہ سمجھنے سمجھانے میں غلطی ہوئی ہے۔ دراصل یہاں دو مسئلے الگ الگ ہیں، ایک یہ کہ کپڑے کو نجاست لگ جائے تو کس حد تک معاف ہے؟ اس کا جواب یہ ہے کہ نجاست کی دو قسمیں ہیں: غلیظہ اور خفیفہ۔

نجاستِ غلیظہ:… مثلاً آدمی کا پاخانہ، پیشاب، شراب، خون، جانوروں کا گوبر اور حرام جانوروں کا پیشاب وغیرہ یہ سب سیال ہو تو ایک روپے کے پھیلاوٴ کے بقدر معاف ہے، اور اگر گاڑھی ہو تو پانچ ماشے وزن تک معاف ہے، اس سے زیادہ ہو تو نماز نہیں ہوگی۔

نجاستِ خفیفہ:… مثلاً (حلال جانوروں کا پیشاب) کپڑے کے چوتھائی حصے تک معاف ہے، چوتھائی کپڑے سے مراد کپڑے کا وہ حصہ ہے جس پر نجاست لگی ہو، مثلاً: آستین الگ شمار ہوگی، دامن الگ شمار ہوگا، اور معاف ہونے کا مطلب ہے کہ اسی حالت میں نماز پڑھ لی تو نماز ہوجائے گی، دوبارہ لوٹانے کی ضرورت نہیں، لیکن اس نجاست کا دُور کرنا اور کپڑے کا پاک کرنا بہرحال ضروری ہے۔

اور دُوسرا مسئلہ یہ ہے کہ اگر کسی کے پاس پاک کپڑا نہ ہو اور ناپاک کپڑے کو پاک کرنے کی بھی کوئی صورت نہ ہو تو آیا ناپاک کپڑے کے ساتھ نماز پڑھنی چاہئے یا کپڑا اُتار کر برہنہ نماز پڑھے؟ اس کی تین صورتیں ہیں۔ اوّل یہ کہ وہ کپڑا ایک چوتھائی پاک ہے اور تین چوتھائی ناپاک ہے، ایسی صورت میں اسی کپڑے میں نماز پڑھنا ضروری ہے، برہنہ ہوکر پڑھنے کی اجازت نہیں۔ دُوسری صورت یہ ہے کہ کپڑا چوتھائی سے کم پاک ہو، اس صورت میں اختیار ہے کہ خواہ اس ناپاک کپڑے کے ساتھ نماز پڑھے، یا کپڑا اُتار کر بیٹھ کر رُکوع سجدہ کے اشارے سے نماز پڑھے۔ تیسری صورت یہ ہے کہ کپڑا کل کا کل ناپاک ہے، تو اس صورت میں ناپاک کپڑے کے ساتھ نماز نہ پڑھے، بلکہ کپڑا اُتار کر نماز پڑھے، لیکن برہنہ آدمی کو بیٹھ کر نماز پڑھنے کا حکم ہے، رُکوع سجدہ کی جگہ اشارہ کرے تاکہ جہاں تک ممکن ہو ستر چھپاسکے۔ الغرض آپ نے جو مسئلہ بزرگوں سے سنا ہے وہ یہ ہے کہ آدمی کے پاس پاک کپڑا نہ ہو، بلکہ صرف ایسا کپڑا ہو جس کے تین حصے ناپاک ہوں اور ایک حصہ پاک ہو تو اسی کپڑے سے نماز پڑھنا ضروری ہے۔

کتنی نجاست لگی رہ گئی تو نماز ہوگئی؟

س… اگر گندے پانی کے چھینٹے لگ جائیں تو دھولینا چاہئے، مگر ایک صاحب یہ فرماتے ہیں کہ اگر ایک روپیہ سکے جتنا گول نشان ہو تو نہیں دھونا چاہئے، اگر اس سے بڑے ہوں تو دھونا چاہئے، جواب دے کر مشکور فرمائیں۔

ج…آپ کو مسئلہ سمجھنے میں غلطی ہوئی ہے، مسئلہ یہ ہے کہ اگر کپڑے کو گندے پانی کے یا کسی اور نجاست کے چھینٹے لگے ہوئے تھے، اور بے خیالی میں نماز پڑھ لی تو یہ دیکھیں گے کہ اگر روپیہ کے سکے جتنا گول نشان تھا یا اس سے بھی کم تھا تو نماز ہوگئی، اس کو لوٹانے کی ضرورت نہیں، اور اگر اس سے زیادہ تھا تو نماز نہیں ہوئی، دوبارہ لوٹانی پڑے گی، یہ مطلب نہیں کہ اگر نجاست تھوڑی ہو تو اس کو دھونا نہیں چاہئے۔

دیر تک قطرے آنے والے کے لئے طہارت کا طریقہ

س… آج کل کے جدید دور کی وجہ سے لیٹرین میں فراغت کے بعد پانی استعمال کیا جاتا ہے، اور پھر وضو کرلیا جاتا ہے، مگر جب پیشاب کسی کھلی جگہ پر کیا جاتا ہے اور استنجا کے لئے مٹی کے ڈھیلے استعمال کئے جاتے ہیں تو کافی دیر تک پیشاب کے قطرے آتے رہتے ہیں، تو پھر کیا پانی سے استنجا کرلینا اور وضو بنالینا دُرست ہوگا، حالانکہ قوی گمان ہے کہ پیشاب کے قطرے بعد میں بھی آئے ہوں گے؟

ج… جس شخص کو یہ مرض ہو کہ دیر تک اسے قطرے آتے رہتے ہیں، اسے پانی کے ساتھ استنجا کرنے سے پہلے ڈھیلے یا ٹشو کا استعمال لازم ہے، جب اطمینان ہوجائے تب پانی سے استنجا کرے۔

ریح کے ساتھ اگر نجاست نکل جائے تو وضو سے پہلے استنجا کرے

س… نماز میں اگر ریح خارج ہو تو بغیر طہارت کئے دُوسرا وضو کرکے نماز پڑھنی جائز ہے، اگر نماز کے بغیر حالت میں ریح خارج ہوتی رہے تو کیا طہارت واجب ہے یا صرف وضو کرکے نماز پڑھ لینی جائز ہے، طہارت نہ کرے؟

ج… ریح صادر ہونے سے صرف وضو لازم آتا ہے، استنجا کرنا صحیح نہیں، البتہ اگر ریح کے ساتھ نجاست نکل گئی ہو تو استنجا کیا جائے۔

سو کر اُٹھنے کے بعد ہاتھ دھونا

س… میں نے بہشتی زیور میں یہ پڑھا تھا کہ آدمی جب صبح سوکر اُٹھتا ہے تو اس کے ہاتھ ناپاک ہوتے ہیں، اور اس کو ہاتھ پاک کئے بغیر کوئی نم چیز نہیں پکڑنی چاہئے، پوچھنا یہ تھا کہ اگر آدمی کے ہاتھ پسینے سے بھیگے ہوئے یا نم ہوں یا اس نے سوتے میں یا غنودگی میں جسم کے ایسے حصے کو ہاتھ لگایا جو پسینے سے بھیگا ہوا یا نم ہو تو کیا ایسی صورت میں بھی وہ اور اس کا جسم ناپاک ہوجائیں گے؟

محترم! مجھے پسینہ کچھ زیادہ ہی آتا ہے، اور خاص طور پر سونے میں کسی ایک کروٹ پڑے رہنے میں وہ حصہ بھیگ جاتا ہے، اب میں اپنے ہاتھ سے جو پسینے سے نم ہوتے ہیں اپنا منہ بھی کھجاتا ہوں، اور چادر بھی ٹھیک کرتا ہوں، غرض جسم کو، کپڑوں کو، بستر کو ہاتھ لگاتا ہوں؟

ج… آپ نے بہشتی زیور کے جس مسئلے کا حوالہ دیا ہے وہ یہ ہے:

”مسئلہ:… جب سوکر اُٹھے تو جب تک گٹے تک ہاتھ نہ دھولے تب تک ہاتھ پانی میں نہ ڈالے، چاہے ہاتھ پاک ہو اور چاہے ناپاک ہو۔“

آپ نے بہشتی زیور کا حوالہ دینے میں دو غلطیاں کی ہیں، ایک یہ کہ جب آدمی سوکر اُٹھتا ہے تو اس کے ہاتھ ناپاک ہوتے ہیں، حالانکہ بہشتی زیور کے مذکورہ بالا مسئلے میں سوکر اُٹھنے والے کے ہاتھوں کو ناپاک نہیں کہا گیا۔ دُوسری غلطی یہ کہ آپ نے لکھا کہ: ”ہاتھ پاک کئے بغیر کوئی چیز نہیں پکڑنی چاہئے“ حالانکہ بہشتی زیور کے مذکورہ بالا مسئلے میں یہ لکھا ہے کہ ہاتھ خواہ پاک ہوں یا ناپاک، ان کو پانی کے برتن میں نہیں ڈالنا چاہئے، نہ یہ کہ کسی چیز کو پکڑنا نہیں چاہئے۔

سونے سے پہلے اگر بدن پاک تھا اور نیند میں جنابت کی وجہ سے ناپاک نہیں ہوا، تو پسینہ آنے سے نہ بدن ناپاک ہوتا ہے اور نہ سونے والے کے ہاتھ ناپاک ہوتے ہیں، لیکن نیند سے اُٹھ کر جب تک ہاتھ نہ دھوئے جائیں ان کو پانی کے برتن میں نہیں ڈالنا چاہئے۔

وضو کے پانی کے قطرے ناپاک نہیں ہوتے

س… وضو کرنے کے بعد مسجد میں داخل ہوتے ہیں تو فرش پر وضو کے پانی کے قطرے گرتے ہیں، اس سے گناہ ملتا ہے، کیا یہ صحیح ہے کہ نماز کی جگہ پر پانی کے قطرے نہیں گرنے چاہئیں؟

ج… جی نہیں! یہ مسئلہ صحیح نہیں، وضو کے قطرے ناپاک نہیں ہوتے۔

وضو کے چھینٹوں سے حوض ناپاک نہیں ہوتا

س… بعض لوگوں سے سنا ہے کہ وضو کے پانی کے چھینٹوں سے بچنا چاہئے کیونکہ گرنے والا پانی ناپاک ہوجاتا ہے، جبکہ بعض مساجد میں بڑے حوض ہوتے ہیں، وضو کرتے وقت وضو کا پانی حوض میں گرتا ہے، اس صورت میں پانی ناپاک ہوجاتا ہے یا نہیں؟

ج… حوض سے وضو کرتے وقت احتیاط سے کام لینا چاہئے کہ چھینٹے حوض پر نہ گریں، لیکن ان چھینٹوں سے حوض ناپاک نہیں ہوتا۔

زکام میں ناک سے نکلنے والا پانی پاک ہے

س… نزلہ اور زکام کی وجہ سے جو پانی ناک سے خارج ہوتا ہے، وہ پاک ہے یا نہیں؟ اگر پاک ہے تو کس دلیل کے تحت؟ اور ناپاک ہے تو کس دلیل کے پیشِ نظر؟

ج… نزلہ اور زکام کی وجہ سے جو پانی ناک سے بہتا ہے وہ نجس اور ناپاک نہیں ہے، کیونکہ یہ کسی زخم سے خارج نہیں ہوتا، نہ کسی زخم پر سے گزر کر آتا ہے، یہی وجہ ہے کہ اس سے وضو نہیں ٹوٹتا۔

شیرخوار بچے کا پیشاب ناپاک ہے

س… شیرخوار بچہ اگر کپڑوں پر پیشاب کردے تو کپڑوں کو دھونا چاہئے یا کہ ویسے پانی گرادینے سے صاف ہوجائیں گے؟

ج… بچے کا پیشاب ناپاک ہے، اس لئے کپڑے کا پاک کرنا ضروری ہے، اور پاک کرنے کے لئے اتنا کافی ہے کہ پیشاب کی جگہ پر اتنا پانی بہادیا جائے کہ اتنے پانی سے وہ کپڑا تین مرتبہ بھیگ سکے۔

بچے کا پیشاب پڑنے پر کہاں تک چیز پاک ہوسکتی ہے؟

س… اگر مٹی کے برتن پر بچہ پیشاب کردے تو کیا اس برتن کو ضائع کردینا چاہئے یا نہیں؟ اکثر یہ دیکھا گیا ہے کہ کسی معمولی غذا پر بچہ پیشاب کردے تو لوگ اسے ضائع کردیتے ہیں، لیکن اگر غذا قیمتی ہو تو دھوکر کھالیتے ہیں، حالانکہ پیشاب لازمی طور پر غذا کی گہرائی تک گیا ہوگا، ایسے موقعوں پر کیا حکم ہے؟

ج… مٹی کا برتن تین مرتبہ دھونے سے پاک ہوجائے گا، یعنی اس طرح دھوئے کہ ہر مرتبہ پانی ٹپکنا بند ہوجائے۔ جس غذا پر بچہ پیشاب کردے اس کا کھانا دُرست نہیں، البتہ اسے ایسی جگہ رکھ دیا جائے کہ کوئی جانور خود آکر اسے کھالے۔

ایک ہی مشین پر غیرمسلموں کے کپڑوں کے ساتھ دُھلائی

س… کپڑے دھونے کی مشین مشترکہ طور پر کمپنی کی طرف سے ملی ہے، جس پر اکثر غیرمسلم کپڑے دھوتے ہیں، اگر کسی وقت کوئی مسلمان بھی اس مشین پر کپڑے دھوئے تو کیا مسلمان کے لئے ان کپڑوں میں نماز پڑھنا جائز ہے یا نہیں؟

ج… غیرمسلموں کے کپڑے دھونے سے تو کچھ نہیں ہوتا، آپ جب کپڑے دھولیں تو ان کو تین بار پانی میں سے نکال کر ہر بار خوب نچوڑ لیا کریں، پاک ہوجائیں گے۔

ڈرائی کلینرز کے دھلے کپڑوں کا حکم

س… یہاں گرم کپڑے دھونے کی جو دُکانیں اور فیکٹریاں ہیں، جنہیں ڈرائی کلینرز کہتے ہیں، وہ خاص قسم کی مشین ہوتی ہے، ان میں پیٹرول کی قسم کا خاص سیال مادّہ ڈالا جاتا ہے جو کہ ان کپڑوں کو دھوتا ہے، وہ مادّہ ایک دفعہ نیا ڈال کر بار بار اسی کو صاف کرکے دوبارہ استعمال کیا جاتا ہے، ایک دو ہفتے کے بعد نیا ڈالا جاتا ہے، اسی دوران دسیوں مرتبہ اس مشین میں کپڑے ڈالے جاتے ہیں، اب دریافت طلب امر یہ ہے کہ آیا اس طرح دُھلے ہوئے کپڑے پاک ہوں گے یا ناپاک؟ چونکہ اس میں ہر قسم کے کپڑے پاک، ناپاک ڈالے جاتے ہیں اور ان مشینوں کو پانی سے کبھی دھویا نہیں جاتا، اس لئے شبہ ہوتا ہے کہ اس میں دھوئے ہوئے سارے کپڑے ناپاک ہوجاتے ہوں گے، البتہ یقین کے درجے میں معلوم نہیں کہ اس میں ناپاک کپڑے بھی ڈالے گئے؟ جواب مفصل تحریر فرمائیں کہ یہ مسئلہ یہاں موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔

ج … یہ تو ظاہر ہے کہ ان مشینوں میں جو کپڑے ڈالے جاتے ہیں ان میں بہت سے ناپاک بھی ہوں گے، پاک و ناپاک مل کر سبھی ناپاک ہوجائیں گے، اور جیسا کہ معلوم ہے کہ ناپاک کپڑے کو پاک کرنے کے لئے یہ شرط ہے کہ تین مرتبہ پاک پانی میں ڈالا جائے اور ہر مرتبہ خوب نچوڑا جائے، ڈرائی کلینر دُکانوں میں اس تدبیر پر عمل نہیں ہوتا، اس لئے وہاں کے دُھلے ہوئے کپڑے پاک نہیں، اگر کبھی وہاں دُھلانے کی نوبت آئے تو ان کو اپنے طور پر پاک کرلیا جائے۔

یہ تو اس صورت میں ہے کہ اس امر کا ظن غالب ہو کہ مشین میں پاک اور ناپاک سبھی قسم کے کپڑے ڈالے گئے، اور اگر ناپاک کپڑوں کے ڈالے جانے کا ظن غالب نہ ہو تو محض شک یا تردّد ہو تو اس کا حکم یہ ہے کہ جس حالت میں آپ نے کپڑا دیا تھا، اسی حالت میں رہے گا۔ یعنی اگر پاک کپڑا دیا تھا تو پاک رہے گا، اور ناپاک دیا تھا تو ناپاک رہے گا۔

کیا واشنگ مشین سے دُھلے ہوئے کپڑے پاک ہوتے ہیں؟

س… کیا واشنگ مشین سے دُھلے ہوئے ناپاک کپڑے پاک ہوجاتے ہیں؟ اور کیا ان سے نماز ہوسکتی ہے؟

ج… دُھلائی مشین میں صابن کے پانی میں کپڑوں کو دھویا جاتا ہے اور پھر اس پانی کو نکال کر اُوپر سے نیا پانی ڈالا جاتا ہے اور یہ عمل بار بار کیا جاتا ہے، یہاں تک کہ کپڑوں سے صابن نکل جاتا ہے، اس لئے دُھلائی مشین میں دُھلے ہوئے کپڑے پاک ہیں۔

دھوبی کے دُھلے ہوئے کپڑے پاک ہیں

س… دھوبی ہمارے کپڑے اور جائے نماز بھی دھوتا ہے، ہمیں نہیں معلوم کہ وہ پاک دھوتا ہے کہ نہیں؟ کیا دُھلے ہوئے کپڑے اور جائے نماز بسم اللہ پڑھ کر تین بار جھاڑنے سے پاک ہوجائیں گے؟ یا ہمیں اس کے دھونے کے بعد خود پاک کرنے کے لئے دھونا ہوگا؟

ج… دھوبی کے دُھلے ہوئے کپڑے پاک ہیں۔

پلاسٹک کے برتن بھی دھونے سے پاک ہوجاتے ہیں

س… آپ جانتے ہی ہیں کہ کراچی میں کثرت سے پلاسٹک کے برتن بنتے اور استعمال ہوتے ہیں، ہم نے یہ سن رکھا ہے کہ پلاسٹک نجس ہوجائے (یعنی ایک نجس چھینٹ بھی پڑجائے) تو پھر پاک نہیں ہوسکتا، جبکہ تمام گھروں میں پلاسٹک کے برتن اور تمام غسل خانوں میں پلاسٹک کی بالٹیاں، کپ اور لوٹے وغیرہ استعمال ہوتے ہیں، اور غسل خانے میں آپ جانتے ہی ہیں کہ چھینٹ وغیرہ ضرور پڑہی جاتی ہے۔

ج… یہ کس عقل مند نے کہا ہے کہ پلاسٹک کے برتن پاک نہیں ہوتے؟ جس طرح دُوسرے برتن دھونے سے پاک ہوجاتے ہیں، اسی طرح پلاسٹک کے برتن بھی دھونے سے پاک ہوجاتے ہیں۔

برتن پاک کرنے کا طریقہ

س… اگر کچا برتن (گھڑا) وغیرہ ناپاک ہوجائے یا پکا برتن (دیگچی، بالٹی) وغیرہ ناپاک ہوجائے تو کیسے پاک کریں؟

ج… برتن کچا ہو یا پکا، تین بار دھونے سے پاک ہوجاتا ہے۔

گندگی میں گر جانے والی گھڑی کو پاک کرنے کا طریقہ

س… میری دستی گھڑی قیمتی واٹر پروف رات کے نو بجے فلش پاخانہ میں گرگئی، قیمتی ہونے کی وجہ سے بہت زیادہ فکر اور پریشانی ہوئی، صبح نو بجے جمعدار نے فلش سے گھڑی نکال دی، یعنی بارہ گھنٹے کے بعد گھڑی نکالی گئی، اس وقت بھی وہ بالکل صحیح وقت پر چل رہی تھی۔ سوال یہ ہے کہ اسے دھوکر استعمال کی جاسکتی ہے اور اس کو پاک کرنے کا صحیح طریقہ کیا ہے؟ اسے ہاتھ پر باندھ کر نماز، تلاوت کرسکتے ہیں؟

ج… اگر اطمینان ہے کہ پانی اس کے اندر نہیں گیا تو صرف اُوپر سے دھوکر پاک کرلینا کافی ہے، ورنہ کھول کر دھولیا جائے اور پانی کے بجائے پٹرول سے پاک کرلینا بھی صحیح ہے۔

رُوئی اور فوم کا گدا پاک کرنے کا طریقہ

س… فوم اور رُوئی کے گدے کو کس طرح پاک کیا جائے؟ اگر بستر کے طور پر استعمال کرنے سے وہ ناپاک ہوجائے، کیونکہ عموماً چھوٹے بچے پیشاب کردیتے ہیں۔

ج… ایسی چیز جس کو نچوڑنا ممکن نہ ہو، اس کے پاک کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ اس کو دھو کر رکھ دیا جائے، یہاں تک کہ اس سے قطرے ٹپکنا بند ہوجائیں، اس طرح تین بار دھولیا جائے۔

ناپاک کپڑے دُھوپ میں سکھانے سے پاک نہیں ہوتے

س… کہا جاتا ہے کہ نئے یا پرانے کپڑے کو حیض کے دنوں میں استعمال کرنے کے بعد دُھوپ میں سکھانے کے بعد وہ پاک ہوجاتے ہیں۔

ج… اگر ناپاک ہوگئے تھے تو صرف دُھوپ میں سکھانے سے پاک نہیں ہوں گے، ورنہ ضرورت نہیں، کیونکہ حیض کے ایام میں پہنے ہوئے کپڑے ناپاک نہیں ہوتے، سوائے اس کپڑے کے جس کو نجاست لگ گئی ہو۔

ہاتھ پر ظاہری نجاست نہ ہونے سے برتن ناپاک نہ ہوگا

س… جس شخص پر غسل واجب ہو، اگر وہ نجاست والی جگہ اور ہاتھ وغیرہ صابن سے اچھی طرح دھولے اور اس کے بعد اگر ہاتھ کسی برتن کو لگائے یا کسی برتن میں کھانا کھائے تو وہ برتن ناپاک ہوجاتا ہے یا نہیں؟

ج… جب اس کے ہاتھ پر ظاہری نجاست نہیں تو برتن کیوں ناپاک ہوگا؟

ناپاک چھینٹوں سے کپڑے ناپاک ہوں گے

س… اگر پاک کپڑے پہن کر ناپاک کپڑے دھوئے جائیں تو کیا ناپاک کپڑوں کے چھینٹوں سے پاک کپڑے ناپاک ہوجائیں گے؟

ج… ناپاک چھینٹوں سے کپڑے ضرور ناپاک ہوں گے۔

ناپاک کپڑا دھونے کے چھینٹے ناپاک ہیں

س… کپڑے دھوتے وقت ہم پر چھینٹے پڑتے ہیں تو ہمارے کپڑے پاک رہتے ہیں یا نہیں؟ جواب دے کر شکریہ کا موقع دیجئے۔

ج… کپڑے اگر ناپاک ہوں تو چھینٹے بھی ناپاک ہوں گے، اس لئے یا تو کپڑا دھوتے وقت ایسے کپڑے پہنے جائیں جو عام استعمال کے نہ ہوں، یا ناپاک کپڑوں کو پہلے احتیاط کے ساتھ پاک کرلیا جائے، جس کا طریقہ یہ ہے کہ جتنی جگہ نجاست لگی ہے اس کو تین بار دھو دیا جائے۔

گندے لوگوں سے مس ہونے پر کپڑوں کی پاکی

س… میں ایک کمپونڈر ہوں اور ہمارے علاقے میں ہندو قوموں کی اکثریت ہے، اور میں ڈسپنسری میں کام کرتا ہوں، وہاں پر ۹۰فیصد ہندو مریض آتے ہیں، اور یہ قومیں ہندو ہونے کے ساتھ ساتھ رہن سہن میں کافی گندی ہیں، ڈسپنسری چھوٹی ہونے کی وجہ سے کافی گھچ پچ ہوجاتی ہے، اور ان کے جسم اور کپڑے میرے کپڑوں سے لگتے ہیں، کیونکہ میں ایک کمپونڈر ہوں اس لئے کافی گھل مل کر کام کرنا پڑتا ہے، اس لئے آپ یہ بتائیں کہ اس طرح میں ان کپڑوں میں نماز ادا کرسکتا ہوں یا نہیں؟ کوئی حل بتائیں کہ میں اپنے کپڑے پاک رکھ سکوں۔

ج… اگر ان کے جسم پر بظاہر کوئی نجاست نہ ہو تو ان کے ساتھ آپ کے خلط ملط ہونے سے آپ کے کپڑے ناپاک نہیں ہوتے، بغیر کسی وسوسے کے ان کپڑوں میں نماز پڑھئے۔

ناپاک جگہ خشک ہونے کے بعد پاک ہوجاتی ہے

س… بعض گھرانوں میں بلکہ اکثر گھرانوں میں چھوٹے چھوٹے بچے ہوتے ہیں، جو جگہ جگہ پیشاب کردیتے ہیں، کیا ایسی صورت میں اس جگہ بیٹھنے یا سونے والا نماز پڑھنے کے قابل رہتا ہے؟ یاد رہے کہ وہ جگہ سائے میں خشک ہوئی ہو، جواب دے کر تسلی فرمائیں۔

ج… ناپاک زمین خشک ہونے کے بعد نماز کے لئے پاک ہوجاتی ہے، اور ایسی جگہ کے خشک ہونے کے بعد وہاں بغیر کپڑا بچھائے بھی نماز پڑھنا جائز ہے، تاہم اگر طبعاً کراہت آئے تو وہاں کپڑا بچھاکر نماز پڑھ لی جائے۔

س…ناپاک جگہ زمین وغیرہ کو کس طرح پاک کیا جاسکتا ہے؟ کیونکہ پختہ ہونے کی صورت میں دھوکر پاک ہوجائے گی، لیکن کچی جگہ مثلاً کچا صحن یا کچی چھت وغیرہ، تو اس کے لئے کیا حکم ہے؟

ج… زمین خشک ہونے سے پاک ہوجاتی ہے، اس پر نماز پڑھنا دُرست ہے، مگر اس سے تیمم کرنا دُرست نہیں۔

جس چیز کا ناپاک ہونا یقینی یا غالب نہ ہو وہ پاک سمجھی جائے گی

س… سائل اکثر کپڑے یا کوئی ناپاک چیز دھوتے وقت شک میں پڑجاتا ہے، بعد میں یہ خیال آتا ہے کہ یہ شک کی بنا پر دھویا ہے، اسی طرح کوئی چیز واقعتا ناپاک ہوجائے تب بھی پریشانی ہوتی ہے۔

ج… جس چیز کا ناپاک ہونا یقینی یا غالب نہ ہو اس کو پاک ہی سمجھا کیجئے، خواہ کتنے ہی وسوسے آئیں، ان کی پروا نہ کیجئے، اور جس چیز کے بارے میں غالب گمان ہو کہ یہ ناپاک ہوگی اس کو پاک کرلیا کیجئے، اس کے بعد وسوسہ نہ کیجئے۔

پاکی میں شیطان کے وسوسے کو ختم کرنے کی ترکیب

س… اگر سائل یقینی طور پر کسی ناپاک چیز کو دھوتا ہے، مگر ایک شک ختم نہیں ہوتا کہ دُوسرا شروع ہوجاتا ہے، اس وجہ سے سائل تقریباً ہر وقت پریشان رہتا ہے، قرآن و سنت کی روشنی میں واضح فرماویں۔

ج… اس شک کا علاج یہ ہے کہ آپ کپڑا یا چیز تین بار دھولیا کیجئے اور (کپڑے کو ہر بار نچوڑا بھی جائے) بس پاک ہوگئی، اس کے بعد اگر شک ہوا کرے تو اس کی کوئی پروا نہ کیجئے، بلکہ شیطان کو یہ کہہ کر دُھتکار دیا کیجئے کہ: او مردود! جب اللہ اور رسول اس کو پاک کہہ رہے ہیں تو میں تیری شک اندازی کی پروا کیوں کروں؟ اگر آپ نے میری اس تدبیر پر عمل کیا تو انشاء اللہ آپ کو شک اور وہم کی بیماری سے نجات مل جائے گی۔

جن کپڑوں کو کتا چھوجائے ان کا حکم

س… آج کل مسلمان، انگریزوں کی طرح کتے پالتے ہیں، تو اگر یہ کتے کپڑوں یا اعضاء کے ساتھ لگ جائیں تو کیا وہ جگہ ناپاک ہوجائے گی، اگرچہ کتے کا بدن گیلا نہ ہو؟

ج… جو لوگ شوقیہ کتے پالتے ہیں، ان کے لئے پاک، ناپاک کا سوال ہی نہیں، اگر ان کو ناپاک سمجھتے تو ان سے نفرت بھی کرتے، کتے کے بدن سے اگر کپڑا یا کوئی اور چیز مس ہوجائے تو وہ ناپاک نہیں ہوتی، جبکہ اس کے بدن پر کوئی ظاہری نجاست نہ ہو، خواہ اس کا بدن خشک ہو یا گیلا، البتہ کتے کا لعاب جس چیز کو لگ جائے وہ ناپاک ہے، اور کتا عموماً کپڑوں کو منہ لگادیتا ہے، پس جس کپڑے کو کتے نے منہ لگادیا ہو وہ ناپاک ہوجائے گا۔

کتے کا لعاب ناپاک ہے

س… اگر کتا ہاتھ یا پاوٴں پر زبان پھیر دے تو کیا بدن بھی پلید ہوجائے گا؟

ج… کتے کا لعاب نجس بھی ہے اور زہر بھی، اس لئے جس جگہ کتے کا لعاب لگے وہ ناپاک ہے اور اس کا صاف کرنا لازم ہے۔

کیا چھوٹا کتا بھی پلید ہے؟

س… اگر بڑا کتا پلید ہے تو چھوٹا کتا یعنی کتے کا کم عمر بچہ پلید ہے یا پاک؟

ج… چھوٹے اور بڑے کتے کا ایک ہی حکم ہے، اللہ تعالیٰ آپ کو کتوں کے شوق کے بجائے ان سے نفرت نصیب فرمائے۔

بلی کے جسم سے کپڑے چھو جائیں تو؟

س… میری ایک دوست ہے، جو میرے گھر آئی تھی، بلی سے بھاگ کر کرسی پر پیر اُٹھاکر بیٹھ گئی، میں نے پوچھا کیوں؟ تو کہنے لگی کہ: بلی اگر کپڑوں سے لگ جائے تو کپڑے ناپاک ہوجاتے ہیں اور نماز نہیں ہوتی۔ جبکہ میری دادی نے کہا کہ: بلی اگر سوکھی ہو تو نماز ہوسکتی ہے، ہاں! اگر بلی گیلی ہو تو کپڑے ناپاک ہوجاتے ہیں۔ آپ اسلام کی روشنی میں اس کے بارے میں کیا کہتے ہیں؟

ج… بلی کے ساتھ کپڑے لگنے سے ناپاک نہیں ہوتے، خواہ بلی سوکھی ہو یا گیلی ہو، بشرطیکہ اس کے بدن پر کوئی ظاہری نجاست نہ ہو۔

ناپاک چربی والا صابن

س… مردار اور حرام جانوروں کی چربی کے صابن سے طہارت ہوجاتی ہے اور نمازیں وغیرہ دُرست اور ٹھیک ہیں یا نہیں؟

ج… ناپاک چربی کا استعمال جائز نہیں، تاہم ایسے صابن کا استعمال کرنا جس میں یہ چربی ڈالی گئی ہو جائز ہے، کیونکہ صابن بن جانے کے بعد اس کی ماہیت تبدیل ہوجاتی ہے۔

  • Tweet

What you can read next

نماز ادا کرنے کا طریقہ
کن چیزوں سے نماز فاسد یا مکروہ ہوجاتی ہے؟
مسجد کے مسائل
Shaheedeislam.com Fans Page

Recent Posts

  • Weekly Khatm-e-Nubuwwat 23-30 September 2021

    ...
  • Weekly Khatm-e-Nubuwwat 16-22 September 2021

    ...
  • 2021 Shumara 33-34 front Title small

    Weekly Khatm-e-Nubuwwat 1-15 September 2021

    ...
  • 2021 Shumara 32 front Title Small

    Weekly Khatm-e-Nubuwwat 23-31 August 2021

    ...
  • 2021 Shumara 31 front Title Small

    Weekly Khatm-e-Nubuwwat 16-22 August 2021

    ...

ABOUT US

Lorem Ipsum is simply dummy text of the printing and typesetting industry. Lorem Ipsum has been the industry’s standard dummy text ever since the 1500s, when an unknown printer took a galley of type and scrambled it to make a type specimen book.

NEWSLETTER

Stay updated with our latest posts.

We never spam!

RECENT POSTS

  • Weekly Khatm-e-Nubuwwat 23-30 September 2021

    ...
  • Weekly Khatm-e-Nubuwwat 16-22 September 2021

    ...
  • 2021 Shumara 33-34 front Title small

    Weekly Khatm-e-Nubuwwat 1-15 September 2021

    ...

GET IN TOUCH

T (212) 555 55 00
Email: [email protected]

Your Company LTD
Street nr 100, 4536534, Chicago, US

Open in Google Maps

  • GET SOCIAL

Copyright @ 2019 Shaheed-e-Islam | All Rights Reserved | Powered by Shaheed-e-Islam

TOP