SIGN IN YOUR ACCOUNT TO HAVE ACCESS TO DIFFERENT FEATURES

FORGOT YOUR PASSWORD?

FORGOT YOUR DETAILS?

AAH, WAIT, I REMEMBER NOW!

Shaheed e Islam

  • رابطہ
  • متفرقات
    • نماز
    • ادعیہ ماثورہ
    • اسلامک لنکس
    • اسماء الحسنی
    • بکھرے موتی
    • تصاویر کی دنیا
    • خصوصی پروگرامز
  • آپکے مسائل اور انکا حل
    • جلد اول
    • جلد دوم
    • جلد سوم
    • جلد چہارم
    • چلد پنجم
    • جلد ششم
    • جلد ہفتم
    • جلد ہشتم
    • جلد نهم
    • جلد دہم
  • حمد و نعت
    • خصوصی البم
    • مولانا عبد اللطیف الحصیری
    • مولانا انس یونس
    • حافظ ابو بکر
    • محمد کاشف فاروقی
    • حافظ کامران منیر برادران
    • عطاء الرحمن عزیز
    • متفرق
  • بیانات
    • مولانا منظور احمد نعمانی دامت برکاتہم
    • مولانا اللہ وسایا صاحب
    • مفتی سعید احمد جلالپوری
    • قاری حنیف ملتانی صاحب
    • مولانا طارق جمیل صاحب
    • مفتی ہارون مطیع اللہ صاحب
  • شہید اسلام
    • درس قرآن
    • اصلاحی مواعظ
    • تصانیف
    • تعارف
  • ختم نبوت
    • خصوصی بیانات
    • کتابیں
    • مضامین
    • خصوصی پروگرامز
    • ہفت روزہ ختم نبوت
  • الحدیث
    • درس حدیث
    • معارف نبوی صلی اللہ علیہ وسلم
  • القرآن
    • درس قرآن
    • تلاوت قرآن
    • تفسیر قرآن مولانا منظور احمد نعمانی
  • سرورق
0
Shaheed-e-Islam
Sunday, 01 August 2010 / Published in جلد دوم

غسل کے مسائل

غسل کا طریقہ

س… مولانا صاحب! میں آپ سے یہ پوچھنا چاہتی ہوں کہ ہمارے مذہب میں غسل کرنے کا طریقہٴ کار کیا ہے؟ یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جس سے ہر مسلمان عورت کا واقف ہونا ضروری ہے، لیکن افسوس کہ بہت ہی کم مسلمان ایسے ہیں جو اس کی اہمیت اور صحیح طریقے سے واقف ہیں۔ اس لئے میں چاہتی ہوں کہ آپ اپنے کالم میں اس مسئلے پر روشنی ڈالیں۔ جواب دیتے وقت ان باتوں کی بھی وضاحت کردیں کہ کیا غسل کرتے وقت پہلے وضو کرنا ضروری ہے؟ دوم یہ کہ غسل کرتے وقت کیا زیرِ ناف کپڑا باندھنا بھی ضروری ہے؟ اور سوم یہ کہ غسل کرتے وقت کون سی دُعائیں پڑھتے ہیں؟ کیا پانچوں کلمے پڑھنا ضروری ہیں یا صرف دُرود شریف پڑھ کر مقصد پورا ہوجاتا ہے؟ اور غسل لینے کا صحیح طریقہ اسلام میں کیا ہے؟

ج… غسل کا طریقہ یہ ہے کہ پہلے ہاتھ دھوئے اور استنجا کرے، پھر بدن پر کسی جگہ نجاست لگی ہو، اُسے دھو ڈالے، پھر وضو کرے، پھر تمام بدن کو تھوڑا سا پانی ڈال کر ملے، پھر سارے بدن پر تین مرتبہ پانی بہالے۔

غسل میں تین چیزیں فرض ہیں۔ ۱:کلی کرنا۔ ۲:-ناک میں پانی ڈالنا۔ ۳:پورے بدن پر پانی بہانا۔ بدن کا اگر ایک بال بھی خشک رہ جائے تو غسل نہیں ہوگا اور آدمی بدستور ناپاک رہے گا۔ ناک، کان کے سوراخوں میں پانی پہنچانا بھی فرض ہے، انگوٹھی چھلّہ اگر تنگ ہوں تو اس کو ہلاکر اس کے نیچے پانی پہنچانا بھی لازم ہے، ورنہ غسل نہ ہوگا۔ بعض بہنیں ناخن پالش وغیرہ ایسی چیزیں استعمال کرتی ہیں جو بدن تک پانی پہنچنے نہیں دیتیں، غسل میں ان چیزوں کو اُتار کر پانی پہنچانا ضروری ہے۔ بعض اوقات بے خیالی میں ناخنوں کے اندر آٹا لگا رہ جاتا ہے، اس کو نکالنا بھی ضروری ہے۔ الغرض! پورے جسم پر پانی بہانا اور جو چیزیں پانی کے بدن تک پہنچنے میں رُکاوٹ ہیں ان کو ہٹانا ضروری ہے، ورنہ غسل نہیں ہوگا۔ عورتوں کے سر کے بال اگر گندھے ہوئے ہوں تو بالوں کو کھول کر ان کو تر کرنا ضروری نہیں، بلکہ بالوں کی جڑوں تک پانی پہنچالینا کافی ہے، لیکن اگر بال گندھے ہوئے نہ ہوں (آج کل عموماً یہی ہوتا ہے) تو سارے بالوں کو اچھی طرح تر کرنا بھی ضروری ہے۔

اب آپ کے سوالات کا جواب لکھتا ہوں:

Y غسل سے پہلے وضو کرنا سنت ہے، اگر نہ کیا تب بھی غسل ہوجائے گا۔

Y کپڑا باندھنا ضروری نہیں، مستحب ہے۔

Y غسل کے وقت کوئی دُعا، کوئی کلمہ پڑھنا ضروری نہیں، نہ دُرود شریف ضروری ہے، بلکہ اگر جسم پر کوئی کپڑا نہ ہو تو اس حالت میں دُعا، کلمہ اور دُرود شریف جائز ہی نہیں، برہنگی کی حالت میں خاموش رہنے کا حکم ہے، اس وقت کلمہ پڑھنا ناواقف عورتوں کی ایجاد ہے۔

مسنون وضو کے بعد غسل

س… جیسا کہ معلوم ہے کہ غسل میں تین چیزیں فرض ہیں۔ ۱:کلی کرنا، ۲:ناک میں پانی ڈالنا، ۳:سارے بدن پر پانی ڈالنا۔ اور غسل سے پہلے وضو سنت ہے۔ مولانا صاحب! میرا سوال آپ سے یہ ہے کہ اگر کسی آدمی نے غسل سے پہلے وضو کرلیا اور اس میں کلی بھی کی اور ناک میں پانی بھی ڈالا، لیکن وضو کے بعد غسل سے پہلے نہ دوبارہ کلی کی اور نہ ناک میں پانی ڈالا، جو کہ فرض ہے، اور اس نے سوچا کہ یہ تو میں نے وضو میں کیا ہے، اور سارے بدن پر پانی ڈالا، تو کیا اس کا غسل صحیح ہے؟

ج… جب غسل سے پہلے وضو کیا اور وضو میں کلی بھی کی اور ناک میں پانی بھی ڈالا تو وضو کے بعد دوبارہ کلی کرنے اور ناک میں پانی ڈالنے کی ضرورت نہیں، غسل صحیح ہوگیا۔

غسل میں کلی کرنا اور ناک میں پانی ڈالنا پاک ہونے کے لئے شرط ہے

س… جس شخص پر غسل فرض ہو وہ غسل نہیں کرتا، صرف نہانے پر اکتفا کرتا ہے، کیا وہ نہانے سے پاک ہوجاتا ہے یا نہیں؟

ج… غسل، نہانے ہی کو تو کہتے ہیں، البتہ کلی کرنا اور ناک میں پانی ڈالنا اور پورے بدن پر پانی بہانا پاک ہونے کے لئے شرط ہے۔

غسل کے آخر میں کلی اور غرارے کرنا یاد آئے

س… کوئی شخص حالتِ جنابت میں ہے اور وہ غسل کرتا ہے، جب وہ تمام بدن پر پانی ڈالتا ہے تو بعد میں اسے کلی اور غرارے یاد آتے ہیں، اور اسی وقت وہ کلی اور غرارے کرتا ہے، اس وقت اس شخص کا غسل مکمل ہوجاتا ہے یا دوبارہ پانی ڈالنا پڑے گا؟

ج… غسل ہوگیا، دوبارہ غسل کی ضرورت نہیں۔

خلافِ سنت غسل سے پاکی

س… غسل اگر سنت کے مطابق ادا نہ کیا جائے تو کیا اس سے ناپاکی دُور نہیں ہوتی؟

ج… اگر کلی کرلی، ناک میں پانی ڈالا اور پورے بدن پر پانی بہالیا تو طہارت حاصل ہوگئی، کیونکہ غسل میں یہی تین چیزیں فرض ہیں۔

رمضان میں غرارہ اور ناک میں پانی ڈالے بغیر غسل کرنا

س… رمضان المبارک کے مہینے میں دن کو کسی کو احتلام ہوا، روزے کی وجہ سے ناک میں اُوپر تک پانی نہیں ڈال سکتا اور نہ غرارہ کرسکتا ہے، بعد افطاری کے غرارہ کرنا اور ناک میں پانی ڈالنا فرض ہے، واجب ہے یا مستحب ہے؟ اگر کسی نے افطاری کے بعد غرارہ اور ناک میں پانی نہیں ڈالا تو کیا اس کا غسل جو دن میں کیا ہوا تھا کافی ہے؟

ج… غسل صحیح ہوگیا، افطاری کے بعد غرارہ کرنے یا ناک میں پانی چڑھانے کی ضرورت نہیں۔

غسل کھڑے ہوکر یا بیٹھ کر، کھلے میدان میں غسل

س… مردوں کو غسل کھڑے ہوکر کرنا چاہئے یا بیٹھ کر؟ دُوسری بات یہ کہ برہنہ یا کچھ پہن کر کرنا چاہئے؟ مثلاً: دھوتی، پاجامہ۔ کیا مردوں کا کھلے میدانوں میں، صحن میں، سڑکوں پر نہانا صحیح یا جائز ہے جبکہ وہاں سے نامحرم عورتیں اور چھوٹے بڑے بچے اور دُوسرے لوگ گزرتے ہوں؟

ج… پردہ کی جگہ کپڑے اُتارکر غسل کرنا جائز ہے، اور اس صورت میں بیٹھ کر غسل کرنا زیادہ بہتر ہے، مرد اگر کھلے میدان میں ناف سے گھٹنوں تک کپڑا باندھ کر غسل کرے تو جائز ہے، اور ناف سے گھٹنوں تک ستر کھولنا حرام ہے۔

جانگیہ پہن کر غسل اور وضو کرنا

س… یہاں پھانسی وارڈ میں بلکہ پورے جیل کے اندر ہم قیدی لوگ غسل کرنے کے لئے انڈرویئر یا چڈی پہنتے ہیں، کیا غسل ہوجائے گا، اگرچہ جنبی بھی ہو؟ اگر غسل ہوتا ہے تو وضو بھی ہوگیا؟

ج… اگر نیکر، جانگیہ پہن کر کپڑے کے نیچے پانی پہنچ جائے اور بدن کا پوشیدہ حصہ دُھل جائے تو غسل صحیح ہوگا، غسل میں وضو خود ہی ہوجاتا ہے، غسل کے بعد جب تک کم از کم دو رکعت نماز نہ پڑھ لی جائے یا کوئی دُوسری ایسی عبادت ادا نہ کرلی جائے جس میں وضو شرط ہے، دوبارہ وضو کرنا مکروہ ہے۔

گہرے اور جاری پانی میں غوطہ لگانے سے پاکی

س… میرے ایک دوست نے کہا ہے کہ اگر پانی گہرا ہو اور جاری ہو، یعنی بہتا ہوا ہو، اس میں ایک مرتبہ ڈُبکی لگانے سے جسم پاک ہوجاتا ہے، کیا یہ صحیح ہے؟

ج… صحیح ہے! مگر کلی کرنا اور ناک میں پانی ڈالنا بھی فرض ہے، اگر یہ دونوں فرض ادا کرلے تو پانی میں ڈُبکی لگانے سے غسل ہوجائے گا۔

حیض کے بعد پاک ہونے کے لئے کیا کرے؟

س… حیض کے بعد پاک ہونے کے لئے کیا کیا کرنا چاہئے؟

ج… بس نجاست سے صفائی حاصل کرنا اور غسل کرلینا۔

عورت کو تمام بالوں کا دھونا ضروری ہے

س… کیا میاں بیوی والے حقوق ادا کرنے کے بعد پاک ہونے کے لئے غسل میں سر کے بال دھونا بھی شامل ہے یا بال گیلے کئے بغیر بھی غسل کرنے سے عورت پاک ہوجاتی ہے؟

ج… سر کے بال دھونا فرض ہے، اس کے بغیر غسل نہیں ہوگا، بلکہ اگر ایک بال بھی سوکھا رہ گیا تو غسل ادا نہیں ہوا۔ پرانے زمانے میں عورتوں سر گوندھ لیا کرتی تھیں، ایسی عورت جس کے بال گندھے ہوئے ہوں، اس کے لئے یہ حکم ہے کہ اگر وہ اپنی مینڈھیاں نہ کھولے اور پانی بالوں کی جڑوں تک پہنچالے تو غسل ہوجائے گا، لیکن اگر سر کے بال کھلے ہوئے ہوں جیسا کہ آج کل عام طور پر عورتیں رکھتی ہیں تو پورے بالوں کا تر کرنا غسل کا فرض ہے، اس کے بغیر عورت پاک نہیں ہوگی۔

پیتل کے دانت کے ساتھ غسل اور وضو صحیح ہے

س… موٴدّبانہ گزارش ہے کہ چونکہ میرے سامنے ایک مسئلہ پیچیدہ زیرِ غور ہے، وہ یہ ہے کہ میرے سامنے والے دو چوڑے دانتوں میں سے ایک دانت آدھا ٹوٹا ہوا تھا اور آدھا باقی تھا، اس آدھے دانت کے اُوپر میں نے پیتل کا کور چڑھایا ہوا ہے، جو دُوسرے دانتوں کی طرح مضبوط ہے اور علیحدہ کرنے سے جدا نہیں ہوتا، لیکن بعض حضرات یہ کہتے ہیں کہ تمہارے دانت تک پانی نہیں پہنچتا ہے، لہٰذا تمہارا وضو صحیح نہیں ہوتا ہے اور اسی لئے نماز بھی صحیح نہیں ہوتی۔

ج… آپ کا غسل اور وضو صحیح ہے۔

چاندی سے داڑھ کی بھروائی کروانے والے کا غسل

س… زید نے اپنی داڑھ کی چاندی سے بھروائی کروائی ہے، کیا اس طرح اس کا غسل اور وضو ہوجاتا ہے جبکہ پانی اندر تک نہیں جاتا؟

ج… غسل اور وضو ہوجاتا ہے۔

دانت بھروانے سے صحیح غسل میں رُکاوٹ نہیں

س… میرے ایک دانت میں سوراخ ہے جس کی وجہ سے دانت درد کرتا ہے اور منہ سے بدبو بھی آتی ہے، میں اس کو ڈاکٹر سے بھروانا چاہتا ہوں، لیکن بعض لوگوں کی رائے ہے کہ ایسا کرنے سے غسل نہیں ہوتا؟

ج… ”بعض لوگوں“ کی یہ رائے صحیح نہیں، دانت بھروالینے کے بعد جب مسالہ دانت کے ساتھ پیوست ہوجاتا ہے تو اس کا حکم اجنبی چیز کا نہیں رہتا، اس لئے وہ غسل کے صحیح ہونے سے مانع نہیں۔

دانتوں پر کسی دھات کا خول ہو تو غسل کا جواز

س… ”آپ کے مسائل اور ان کا حل“ میں مجھے آپ کے دئیے ہوئے ایک سوال کے جواب پر اعتراض ہے، سوال مندرجہ ذیل ہے:

”س…دانتوں کے اُوپر سونا یا اس کے ہم شکل دھات سے بنائے ہوئے کور چڑھانا جائز ہے یا نہیں؟ اور ایسی حالت میں اس کا وضو اور غسل ہوجاتا ہے یا نہیں؟

ج…جائز ہے اور غسل ہوجاتا ہے۔“

جہاں تک میرا تعلق ہے، تو آپ کا جواب غسلِ جنابت کے لئے غلط ہے، ہاں! عام غسل ہوسکتا ہے، جبکہ غسلِ جنابت کے لئے حکم یہ ہے کہ ہونٹوں سے حلق تک ہر ذرّے ذرّے پر پانی کا پہنچانا فرض ہے، اتنی حد تک کہ دانتوں میں کوئی ایسی سخت چیز پھنسی ہوئی ہے جس کی وجہ سے اس جگہ پانی نہ پہنچ سکا ہو تو غسلِ جنابت میں ایسی چیز کو دانتوں سے چھڑاکر پانی بہایا جائے ورنہ دیگر صورت میں غسل نہیں ہوگا۔ مگر آپ نے دانتوں کے اُوپر تو پورا کور چڑھانے کی اجازت دے دی اور سونے کا کور چڑھنے کی صورت میں پانی اس دانت تک نہیں پہنچ سکتا، اور پانی نہ پہنچنے کی صورت میں غسلِ جنابت ادا نہ ہوگا، اور اگر غسل ادا نہ ہوا تو نماز اکارت ہوجاتی ہے۔

ج… آپ نے صحیح لکھا ہے کہ اگر دانتوں کے اندر کوئی چیز ایسی پھنسی ہوئی ہو جو پانی کے پہنچنے میں رُکاوٹ ہو تو غسلِ جنابت کے لئے اس کا نکالنا ضروری ہے، ورنہ غسل نہیں ہوگا۔ مگر یہ حکم اسی وقت ہے جبکہ اس کا نکالنا بغیر مشقت کے ممکن بھی ہو، لیکن جو چیز اس طرح پیوست ہوجائے کہ اس کا نکالنا ممکن نہ رہے، مثلاً: دانتوں پر سونے چاندی کا خول اس طرح جمادیا جائے کہ وہ اُتر نہ سکے تو اس کے ظاہری حصے کو دانت کا حکم دیا جائے گا اور اس کو اُتارے بغیر غسل جائز ہوگا۔

مہندی کے رنگ کے باوجود غسل ہوجاتا ہے

س… ہماری بزرگ خواتین کا یہ فرمانا ہے کہ اگر ایام کے دوران مہندی لگائی جائے تو جب حنا کا رنگ مکمل طور پر اُتر نہ جائے پاکی کا غسل نہیں ہوگا۔

ج… عورتوں کا یہ مسئلہ بالکل غلط ہے، غسل ہوجائے گا، غسل کے صحیح ہونے کے لئے مہندی کے رنگ کا اُتارنا کوئی شرط نہیں۔

اٹیچ باتھ رُوم میں غسل سے پاکی

س… آج کل ایک فیشن ہوگیا ہے کہ مکانوں میں ”اٹیچ باتھ رُوم“ بنائے جاتے ہیں، یعنی یہ کہ بیت الخلاء اور غسل خانہ ایک ساتھ ہوتا ہے، تو کیا ایسی جگہ غسل کرنے سے انسان پاک ہوجاتا ہے؟

ج… جس جگہ غسل کر رہا ہے، اگر وہ پاک ہے اور ناپاک جگہ سے چھینٹے بھی نہیں آتے، تو پاک نہ ہونے کی کیا وجہ ہے؟ اگر وہ جگہ مشکوک ہو تو پانی بہاکر پہلے اس کو پاک کرلیا جائے، پھر غسل کیا جائے۔

ٹرین میں غسل کیسے کریں؟

س… گزارش ہے کہ کراچی سے لاہور بذریعہ ٹرین آتے ہوئے رات غسل کی حاجت پیش آگئی، جس سے کپڑے بھی خراب ہوگئے، براہِ کرم تحریر فرمائیں کہ بقیہ سفر میں فرض نماز کی ادائیگی کی کیا صورت ہوسکتی ہے؟ ٹرین میں پانی وضو کی حد تک تو موجود ہوتا ہے، غسل کے لئے نہ تو پانی میسر ہوتا ہے اور نہ غسل کرنا ممکن ہی ہوتا ہے۔

ج… عموماً ٹرین میں اتنا پانی موجود ہوتا ہے، لیکن بالفرض وضو کے لئے پانی ہو، مگر غسل کے لئے بقدرِ کفایت پانی نہ ہو تو غسل کے لئے تیمم کیا جاسکتا ہے، لیکن اس کے لئے مندرجہ ذیل شرائط ہیں:

۱:… ٹرین کے کسی ڈبے میں بھی اتنا پانی نہ ہو جس سے غسل کے فرائض ادا ہوسکیں۔

۲:… راستے میں ایک میل شرعی کے اندر اسٹیشن نہ ہو جہاں پانی کا موجود ہونا معلوم ہو۔

۳:… ٹرین کے تختوں پر اتنی مٹی جمی ہوئی ہو جس سے تیمم ہوسکے۔

اگر مندرجہ بالا شرائط میں سے کوئی شرط نہ پائی جائے تو جس طرح بن پڑے اس وقت تو نماز پڑھ لے، مگر بعد میں غسل کرکے نماز کا اعادہ ضروری ہے۔

ضرورت سے زیادہ پانی استعمال کرنا مکروہ ہے

س… پانی ضرورت سے زیادہ استعمال کرنا غلط ہے، چاہے وہ وضو میں کیوں نہ ہو، تو جناب آپ یہ بتائیں کہ کیا بڑے سائز کی چار بالٹی پانی سے غسل کرنا قرآن و حدیث کی روشنی میں دُرست ہے یا نہیں؟ جبکہ وہی شخص ایک بالٹی پانی سے اچھی طرح غسل کرسکتا ہے۔

ج… پاک ہونے کے لئے تو تقریباً چار سیر پانی کافی ہے، جسم کی صفائی یا ٹھنڈک حاصل کرنے کی نیت سے زیادہ پانی کے استعمال کا مضائقہ نہیں، بلاضرورت زیادہ پانی استعمال کرنا مکروہ ہے۔

پانی میں سونا ڈال کر نہانا

س… میرے بڑے بھائی گھر میں آکر سونے کی انگوٹھی پانی میں ڈال کر نہالئے، وجہ پوچھنے پر معلوم ہوا کہ ان کے اُوپر چھپکلی گر گئی تھی، ان کو مشورہ دیا گیا کہ آپ جاکر سونے کی کوئی چیز پانی میں ڈال کر نہالیں، ورنہ آپ پاک نہیں ہوں گے۔ تو میں آپ سے یہ معلوم کرنا چاہتا ہوں کہ جب مرد کے لئے سونا پہننا حرام ہے تو آپ یہ وضاحت کردیں کہ سونے کے پانی سے نہانا دُرست ہے یا نہیں؟

ج… پانی میں سونے کی چیز ڈال کر نہانے میں تو گناہ نہیں، مگر ان کو کسی نے مسئلہ غلط بتایا کہ جب تک سونے کی چیز پانی میں ڈال کر نہ نہائیں، پاک نہ ہوں گے۔

قضائے حاجت اور غسل کے وقت کس طرف منہ کرے؟

س… غسل کرتے وقت کون سی سمت ہونی چاہئے؟ آج کل غسل خانہ اور بیت الخلاء ایک ساتھ ہی ہوتے ہیں، ایسے میں غسل کے لئے کس طرح سمت کا انداز لگایا جائے؟ نیز بیت الخلاء کے لئے کون سی سمت مقرّر ہے؟

ج… قضائے حاجت کے وقت نہ تو قبلہ کی طرف منہ ہونا چاہئے اورنہ قبلہ کی طرف پیٹھ ہونی چاہئے، قضائے حاجت کے وقت قبلہ کی طرف منہ یا پیٹھ کرنا مکروہِ تحریمی ہے۔ غسل کی حالت میں اگر غسل بالکل برہنہ ہوکر کیا جارہا ہو تو اس صورت میں قبلہ کی طرف منہ یا پیٹھ کرنا مکروہِ تنزیہی ہے، بلکہ رُخ شمالاً جنوباً ہونا چاہئے، اور اگر ستر ڈھانک کر غسل کیا جارہا ہو تو اس صورت میں کسی بھی طرف رُخ کرکے غسل کیا جاسکتا ہے۔

جنابت کی حالت میں وضو کرکے کھانا بہتر ہے

س… جنابت کی حالت میں کھانا پینا، حلال جانور ذبح کرنا دُرست ہے؟

ج… جنابت کی حالت میں کھانا پینا اور دُوسرے ایسے تصرفات جن میں طہارت شرط نہیں، جائز ہیں، مگر کھانے پینے سے پہلے استنجا اور وضو کرلینا اچھا ہے، صحیحین میں حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے:

”کان النبی صلی الله علیہ وسلم اذا کان جنبًا فأراد أن یأکل أو ینام توضأ وضوئہ للصلٰوة۔“

(مشکوٰة ص:۴۹)

ترجمہ:…”آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم جنابت کی حالت میں جب کھانے یا سونے کا ارادہ فرماتے تو وضو فرمایا کرتے تھے۔“

حالتِ جنابت میں کھانے پینے کی اجازت

س… کافی دنوں سے سنتے آئے ہیں کہ احتلام کے بعد یعنی جنابت کی حالت میں غسل کرنے سے پہلے کھانا پینا حرام ہے، باقی جب کوئی مجبوری ہو، یعنی پانی وغیرہ غسل کے لئے نہ ہو تو اس حالت میں، یا زیادہ بھوک یا پیاس لگنے کی حالت میں آدمی وضو کرے، جس میں غرارے کرے اور ناک میں پانی پہنچائے پھر کچھ کھاپی سکتا ہے۔

ج… جنابت کی حالت میں کھانے پینے کی اجازت ہے، البتہ بغیر کلی کئے پانی پینا مکروہِ تنزیہی ہے اور اس میں صرف پہلا گھونٹ مکروہ ہے، کیونکہ یہ پانی منہ کی جنابت زائل کرنے میں استعمال ہوا ہے، اسی طرح ہاتھ دھونے سے قبل کچھ کھانا پینا مکروہِ تنزیہی ہے۔

غسل کی حاجت ہو تو روزہ رکھنا اور کھانا پینا

س… اگر آدمی کو غسل کی حاجت ہو اور اسے روزہ بھی رکھنا ہو تو کیا غسل سے پہلے روزہ رکھنا جائز ہے؟ اور ایسی حالت میں کھانا پینا مکروہ تو نہیں؟

ج… ہاتھ منہ دھوکر کھاپی لے اور روزہ رکھ لے، غسل بعد میں کرلے، جنابت کی حالت میں کھانا پینا مکروہ نہیں۔

غسلِ جنابت میں تأخیر کرنا

س… میں نے آپ کے کالم میں پڑھا تھا کہ حالتِ جنابت میں کھانے پینے کی اجازت ہے، معلوم یہ کرنا ہے کہ حالتِ جنابت میں کتنی دیر تک کھانے پینے کی اجازت ہے؟ اور حالتِ جنابت میں کتنی دیر تک رہ سکتے ہیں؟

ج… جنابت کی حالت میں ہاتھ منہ دھوکر کھانا پینا جائز ہے، لیکن غسل میں اتنی تأخیر کرنا کہ نماز فوت ہوجائے سخت گناہ ہے۔

غسل نہ کرنے میں دفتری مشغولیت کا عذر قابلِ قبول نہیں

س… ایک شخص پر غسل فرض ہے، لیکن دفتر کو بھی دیر ہو رہی ہے، ایسی صورت میں اوقاتِ کار کے دوران تیمم کرکے نمازیں پڑھنا جائز ہے یا اس وقت تک نماز ترک کرتا رہے جب تک غسل نہ کرلیتا؟

ج… شہر میں پانی کے موجود ہوتے ہوئے تیمم کیسے کیا جاسکتا ہے؟ اور یہ عذر کہ دفتر جانے میں دیر ہو رہی ہے، لائقِ سماعت نہیں، جب اس شخص پر غسل فرض ہے تو اس کو نمازِ فجر سے پہلے اُٹھ کر غسل کا اہتمام کرنا چاہئے، غسل میں اتنی تأخیر کرنا کہ نماز قضا ہوجائے حرام اور سخت گناہ ہے۔

غسل اور وضو میں شک کی کثرت

س… غسل اور وضو کرتے ہوئے پانی کافی بہاتا ہوں اور غسل اور وضو سے فراغت کے بعد بے انتہا شک کرتا ہوں کہ کہیں بال برابر جگہ خشک نہ رہ گئی ہو، آپ کچھ اس شک کے بارے میں حل بتلادیں۔

ج… غسل اور وضو سنت کے مطابق کریں، یعنی تین تین بار اعضاء پر پانی بہالیں، اس کے بعد شک کرنا غلط ہے، خواہ کتنے ہی وسوسے آئیں کہ کوئی بال خشک رہ گیا ہوگا، مگر اس کو شیطانی خیال سمجھیں اور اس کی کوئی پروا نہ کریں۔

غسلِ جنابت کے بعد پہلے والے کپڑے پہننا

س… یہ بتائیں کہ اگر ایک شخص کو غسل کی حاجت ہوجائے یا اس پر غسلِ جنابت فرض ہوجائے تو کیا وہ غسل کرکے دوبارہ وہی کپڑے پہن سکتا ہے جبکہ وہ کپڑے مثلاً: سوئٹر یا قمیص وغیرہ ہوں، جن پر کوئی نجاست نہ لگی ہو۔

ج… بلاشبہ پہن سکتا ہے۔

ناپاکی میں ناخن اور بال کاٹنا مکروہ ہے

س… یہ بھی وضاحت فرمادیں کہ ناخن اور بال، ناپاکی کی حالت میں کاٹ سکتے ہیں یا نہیں؟ یا اس میں وقت، جگہ کی کوئی قید ہے؟

ج… ناپاکی کی حالت میں ناخن اور بال کاٹنا مکروہ ہے، لیکن اگر ناخن یا بال دھونے کے بعد کاٹے تو مکروہ بھی نہیں۔

ناپاکی میں استعمال کئے گئے کپڑوں، برتنوں وغیرہ کا حکم

س… اگر ایک ناپاک آدمی کسی شے کا استعمال کرے، مثلاً: بستروں، کپڑوں، برتنوں کا تو یہ اشیاء ناپاک ہوجاتی ہیں یا نہیں؟ کیونکہ رات کو مجھے احتلام ہوگیا، میں نے دُوسری دوپہر کو غسل کیا مگر رات اسی وقت غلاظت صاف کرلی تھی۔

ج… ناپاکی کی حالت میں کھانا پینا اور دیگر اُمور جائز ہیں، اور جنبی آدمی کے استعمال کرنے سے یہ چیزیں ناپاک نہیں ہوتیں، لیکن غسل میں اتنی تأخیر کرنا کہ نماز کا وقت قضا ہوجائے، حرام اور سخت گناہ ہے۔

جنابت کی حالت میں ملنا جلنا اور سلام کا جواب

س… آدمی حالتِ جنابت میں کسی سے مل سکتا ہے؟ اور سلام کا جواب دے سکتا ہے یا سلام کرسکتا ہے؟

ج… جنابت کی حالت میں کسی سے ملنا، سلام کہنا، سلام کا جواب دینا اور کھانا پینا جائز ہے۔

ننگے بدن غسل کرنے والا بات کرلے تو غسل جائز ہے

س… اگر ننگے بدن غسل کرتے وقت کسی سے بات چیت کرلی جائے تو غسل دوبارہ کرنا ہوگا؟

ج… برہنگی کی حالت میں بات چیت نہیں کرنی چاہئے، لیکن غسل دوبارہ کرنے کی ضرورت نہیں۔

زیرِ ناف بال کہاں تک مونڈنا چاہئیں؟

س… بال زیرِ ناف کہاں تک مونڈنے چاہئیں؟ ان کی حد کہاں سے کہاں تک ہے؟

ج… ناف سے لے کر رانوں کی جڑوں تک، اورپیشاب پاخانہ کی جگہ کے اردگرد جہاں تک ممکن ہو۔

غیرضروری بال کتنی دیر بعد صاف کریں؟

س… آپ سے معلوم یہ کرنا ہے کہ غیرضروری بال کتنے دنوں کے بعد صاف کرنے چاہئیں؟

ج… غیرضروری بالوں کا ہر ہفتے صاف کرنا مستحب ہے، چالیس دن تک صفائی موٴخر کرنے کی اجازت ہے، اس کے بعد گناہ ہے، نماز اس حالت میں بھی ہوجاتی ہے۔

ہر ہفتہ صفائی افضل ہے

س… زیرِ ناف بالوں کا حدودِ اربعہ کہاں سے کہاں تک ہے؟

ج… ناف سے لے کر رانوں کی جڑ تک اور شرم گاہ (آگے، پیچھے) کے اردگرد جہاں تک ممکن ہو صفائی کرنا ضروری ہے، ہر ہفتہ صفائی افضل ہے، چالیس دن تک چھوڑنے کی اجازت ہے، اس سے زیادہ وقفہ ممنوع ہے۔

سینے کے بال بلیڈ سے صاف کرنا

س… سینے کے بال بلیڈ یا اُسترے سے صاف کئے جاسکتے ہیں؟

ج… جی ہاں! جائز ہے۔

پنڈلیوں اور رانوں کے بال خود صاف کرنا یا نائی سے صاف کروانا

س… ٹانگوں یعنی رانوں اور پنڈلیوں کے بال بلیڈ یا اُسترے سے بنائے یا نائی سے بنوائے جاسکتے ہیں یا نہیں؟

ج… صاف کرنے کا تو مضائقہ نہیں، مگر رانیں ستر ہیں، نائی سے صاف کرانا جائز نہیں۔

کٹے ہوئے بال پاک ہوتے ہیں

س… سنا ہے جسم کے بال جب جسم کے اُوپر ہوتے ہیں تو پاک ہوتے ہیں، لیکن ترشوا یعنی کٹوادئیے جاتے ہیں تو یہ ناپاک ہوجاتے ہیں، اگر یہ صحیح ہے تو پھر بال کٹواکر بغیر نہائے نماز پڑھ لے کہ جماعت کی نماز جارہی ہے، تو کیا ایسی صورت میں نماز ہوجائے گی؟

ج… بال کٹوانے سے نہ غسل واجب ہوتا ہے، نہ وضو ٹوٹتا ہے، کٹے ہوئے بال بھی پاک ہوتے ہیں، آپ نے غلط سنا ہے۔

کن چیزوں سے غسل واجب ہوجاتا ہے اور کن سے نہیں؟

سونے میں ناپاک ہوجانے کے بعد غسل

س… اگر کوئی شخص سوتے میں ناپاک ہوجائے تو کیا اس پر غسل ضروری ہے؟ اور کیا وہ اس حالت میں کھاپی سکتا ہے؟ اگر کسی چیز کو ہاتھ لگادے تو کیا وہ ناپاک ہوجائے گی؟

ج… سوتے میں آدمی ناپاک ہوجائے تو اس سے غسل فرض ہوجاتا ہے، مگر اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا، جب غسل فرض ہو تو اس حالت میں کھانا پینا جائز ہے اور ہاتھ صاف کرکے کسی چیز کو ہاتھ لگایا جائے تو وہ ناپاک نہیں ہوتی۔

ہم بستری کے بعد غسلِ جنابت مرد، عورت دونوں پر واجب ہے

س… ہم بستری کے بعد کیا عورت پر بھی غسلِ جنابت واجب ہوجاتا ہے؟

ج… مرد اور عورت دونوں پر غسل واجب ہے۔

خواب میں خود کو ناپاک دیکھنا

س… خواب میں اگر کوئی اپنے آپ کو ناپاک حالت میں دیکھے، مثلاً: حیض وغیرہ تو کیا غسل فرض ہوجاتا ہے یا صرف وضو سے نماز ہوجائے گی؟

ج… محض خواب میں اپنے آپ کو ناپاک دیکھنے سے غسل واجب نہیں ہوتا، جب تک جسم پر کوئی نجاست ظاہر نہ ہو۔

انیما کے عمل سے غسل واجب نہیں

س… پتہ کے ایکسرے کے لئے مریض کا ایکسرے سے قبل انیما کیا جاتا ہے، یعنی اجابت کی جانب سے ایک خاص نلکی کے ذریعہ مریض کی آنتوں میں پانی پہنچایا جاتا ہے، پانی اتنا پہنچایا جاتا ہے کہ آنتیں خوب بھر جاتی ہیں اور پانی اسی دوران واپس آنے لگتا ہے، جس سے مریض کی ٹانگیں، کپڑے وغیرہ بھیگ جاتے ہیں، اس حالت میں مریض کو طہارت خانہ پہنچادیا جاتا ہے جہاں مریض کو پہنچایا ہوا پانی اجابت کے ذریعہ خارج ہوجاتا ہے، شاید اس طریقے کا مقصد آنتوں کی صفائی ہو۔

الف… کیا اس صورت میں غسل واجب ہے؟

ب… اگر غسل واجب نہیں ہوتا تو ٹانگیں وغیرہ دھونا اور کپڑے تبدیل کرنا ضروری ہے؟

ج… اگر غسل واجب نہیں ہے تو کیا اس حالت میں نماز ہوجائے گی؟

ج… انیما کے عمل سے غسل واجب نہیں ہوتا، مگر خارج شدہ پانی چونکہ نجس ہے، اس لئے بدن اور کپڑوں پر جو نجاست لگ جاتی ہے اس کا دھونا ضروری ہے، نجاست سے پاکی حاصل کرنے کے بعد بغیر غسل کئے نماز پڑھی جاسکتی ہے۔

لاش کی ڈاکٹری چیرپھاڑ کرنے سے غسل لازم نہیں

س… میں میڈیکل کالج کا طالبِ علم ہوں، چونکہ ہمیں تعلیم کے دوران ڈائی سیکشن بھی کرنا ہوتا ہے، اس لئے یہ بتائیں کہ انسانی لاش کے گوشت کو ہاتھ لگانے کے بعد کیا غسل لازمی ہوجاتا ہے؟

ج… نہیں! بلکہ ہاتھ دھولینا کافی ہے۔

عورت کو بچہ پیدا ہونے پر غسل فرض نہیں

س… عورت کے جب بچہ پیدا ہوتا ہے، کیا اسی وقت غسل کرنا واجب ہے؟ چونکہ ہم نے سنا ہے کہ اگر عورت غسل نہ کرے گی تو اس کا کھانا پینا حرام اور گناہ ہے، جبکہ کراچی کے ہسپتالوں میں کوئی نہیں نہاتا؟

ج… حیض و نفاس والی عورت کے ہاتھ کا کھانا جائز ہے، جب تک وہ پاک نہ ہوجائے اس پر غسل فرض نہیں، اور یہ خیال بالکل غلط ہے کہ بچہ پیدا ہونے کے بعد اسی وقت غسل کرنا واجب ہے، بلکہ جب خون بند ہوجائے تو اس کے بعد غسل واجب ہوگا۔

پیشاب کے ساتھ قطرے خارج ہونے پر غسل واجب نہیں

س… پیشاب کے دوران اگر چند قطرے بھی خارج ہوجائیں تو کیا ایسی صورت میں غسل واجب ہوگا یا نہیں؟

ج… پیشاب کے دوران قطرے خارج ہونے سے غسل واجب نہیں ہوتا، بعض لوگوں کو یہ بیماری ہوتی ہے کہ پیشاب سے پہلے یا بعد، دُودھ کی شکل کا مادّہ خارج ہوتا ہے، اس کو ”ودی“ کہتے ہیں اور اس کے خارج ہونے سے غسل واجب نہیں ہوتا۔

وضو یا غسل کے بعد پیشاب کا قطرہ آنے پر وضو دوبارہ کریں، غسل نہیں

س… وضو کے بعد اگر پیشاب کا قطرہ آجائے تو کیا دوبارہ وضو کرنا چاہئے؟ غسل کے بعد اگر کبھی پیشاب کا قطرہ آجائے تو کیا دوبارہ غسل کرنا ضروری ہے؟

ج… پیشاب کا قطرہ آنے پر وضو ٹوٹ جاتا ہے، دوبارہ استنجا اور وضو کرنا چاہئے، غسل دوبارہ کرنے کی ضرورت نہیں۔ اور اگر غسل کے بعد منی خارج ہوجائے تو اس میں یہ تفصیل ہے کہ اگر غسل سے پہلے سولیا ہو، یا پیشاب کرلیا ہو یا چل پھر لیا ہو تو دوبارہ غسل کی ضرورت نہیں، اور اگر صحبت سے فارغ ہوکر فوراً غسل کرلیا، نہ پیشاب کی، نہ سویا، نہ چلا پھرا، بعد میں منی خارج ہوئی تو دوبارہ غسل لازم ہے۔

اگر غسل کے بعد منی یا پیشاب کا قطرہ آجائے تو کیا غسل واجب ہے؟

س… اگر غسل کے بعد یا نماز پڑھنے کے بعد منی یا پیشاب وغیرہ کا قطرہ آجائے تو غسل ہوگا یا نہیں؟

ج… اگر غسل کرنے سے قبل سوگیا تھا یا پیشاب کرلیا تھا، یا چل پھر لیا تھا، تو دوبارہ غسل واجب نہیں، اور اگر ان اُمور سے پہلے غسل کیا تھا اور منی کا قطرہ نکل آیا تو غسل دوبارہ کرے، لیکن قطرہ نکلنے سے پہلے جو نماز پڑھی وہ ہوگئی، اور اگر پیشاب کا قطرہ آیا تو غسل واجب نہیں، صرف وضو کرلینا کافی ہے، اور کپڑے میں جہاں نجاست لگی ہو اس کا دھونا کافی ہے۔

نوٹ: معذور کے اَحکام صفحہ نمبر:۴۵۹ پر ملاحظہ فرمائیں۔

  • Tweet

What you can read next

عیدین کی نماز
قضا نمازیں
مقتدی
Shaheedeislam.com Fans Page

Recent Posts

  • Weekly Khatm-e-Nubuwwat 23-30 September 2021

    ...
  • Weekly Khatm-e-Nubuwwat 16-22 September 2021

    ...
  • 2021 Shumara 33-34 front Title small

    Weekly Khatm-e-Nubuwwat 1-15 September 2021

    ...
  • 2021 Shumara 32 front Title Small

    Weekly Khatm-e-Nubuwwat 23-31 August 2021

    ...
  • 2021 Shumara 31 front Title Small

    Weekly Khatm-e-Nubuwwat 16-22 August 2021

    ...

ABOUT US

Lorem Ipsum is simply dummy text of the printing and typesetting industry. Lorem Ipsum has been the industry’s standard dummy text ever since the 1500s, when an unknown printer took a galley of type and scrambled it to make a type specimen book.

NEWSLETTER

Stay updated with our latest posts.

We never spam!

RECENT POSTS

  • Weekly Khatm-e-Nubuwwat 23-30 September 2021

    ...
  • Weekly Khatm-e-Nubuwwat 16-22 September 2021

    ...
  • 2021 Shumara 33-34 front Title small

    Weekly Khatm-e-Nubuwwat 1-15 September 2021

    ...

GET IN TOUCH

T (212) 555 55 00
Email: [email protected]

Your Company LTD
Street nr 100, 4536534, Chicago, US

Open in Google Maps

  • GET SOCIAL

Copyright @ 2019 Shaheed-e-Islam | All Rights Reserved | Powered by Shaheed-e-Islam

TOP