ہر ایک سے گھل مل جانے والی بیوی کا حکم
س… ایک صحابی نے شکایت کی یہ میری بیوی کسی طلبگار کا ہاتھ نہیں جھٹکتی، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اسے طلاق دے دو۔ صحابی نے عرض کیا کہ میں اس کے بغیر نہیں رہ سکتا، حضور نے فرمایا تو پھر اس سے فائدہ اٹھاوٴ۔ یہ روایت کیسی ہے؟ یہ بھی درایت کے خلاف معلوم ہوتی ہے؟
ج … مشکوٰة شریف باب اللعان فصل ثانی میں یہ روایت ہے ابن عباس سے اور اس کے رفع و وقف میں اختلاف نقل کرکے امام نسائی کا قول بھی نقل کیا ہے: “لیس ثابت” اگرچہ اس کی تأویل بھی ہوسکتی ہے کہ: “لا ترد ید لابس” سے مراد یہ ہے کہ ہر ایک سے گھل مل جاتی ہے، یا یہ کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ اندیشہ ہوگا کہ اس کی محبت کی وجہ سے یہ حرام میں مبتلا ہوجائے گا۔