اپنے لڑکے کا نکاح ایسی عورت سے کرنا جس کو اس نے خون دیا تھا
س… زید نے اپنے ایک قریبی رشتہ دار کی بیٹی کو جبکہ وہ بہت چھوٹی تھی، اس کے بیمار ہونے پر اس کو اپنا خون دیا تھا، اب زید یہ چاہتا ہے کہ اس کے لڑکے کی شادی اس لڑکی سے ہوجائے، کیا یہ جائز ہے؟
ج… خون دینے سے حرمت ثابت نہیں ہوتی، اس لئے اس لڑکی سے نکاح جائز ہے۔
جس عورت کو خون دیا ہو اس کے لڑکے سے نکاح جائز ہے
س… ایک لڑکی نے ایک بوڑھی عورت کو خون دیا ہے، اب اس عورت کا لڑکا اس لڑکی سے شادی کرنا چاہتا ہے، شادی ہوسکتی ہے یا نہیں؟
ج… ہوسکتی ہے، خون دینے سے حرمت ثابت نہیں ہوتی۔
بہنوئی کو خون دینے سے بہن کے نکاح پر کچھ اثر نہیں پڑتا
س… زید نے اپنی سگی بہن کے شوہر یعنی اپنے بہنوئی بکر کو بیماری میں اپنا خون دیا، یعنی اب بکر کے جسم میں اس کے سگے سالے کا خون داخل ہوگیا، کیا اس سے بکر کا اپنی بیوی سے نکاح باطل ہوجائے گا؟
ج… اس سے نکاح پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔
شوہر کا اپنی بیوی کو خون دینا
س… میرے ایک عزیز کی بیوی سخت بیمار ہوئی، اس کو خون کی ضرورت تھی، کسی رشتہ دار بہن بھائی کا خون اس کے خون سے نہ ملا، مگر خاوند کا خون اس گروپ کا نکلا جو لگادیا گیا، اب لوگ کہتے ہیں کہ میاں بیوی کا رشتہ قائم نہیں رہا۔
ج… لوگ غلط کہتے ہیں، وہ بدستور میاں بیوی ہیں۔