اِبلیس کے لئے سزا
س… قرآن شریف میں اِبلیس کو جن کہا گیا ہے، جس نے حضرت آدم کو سجدہ کرنے سے اس لئے انکار کیا کہ اس کی تخلیق آگ سے ہے جبکہ انسان کی مٹی سے۔ اِبلیس کو اس کی نافرمانی کی وجہ سے ملعون قرار دیا گیا، اور اس کے اعمال پر چلنے والے انسانوں کو دوزخ کے درد ناک عذاب کی خبر دی گئی۔
لیکن کہیں بھی نہیں کہ اِبلیس کی ان حرکات پر اس کے لئے دوزخ کی سزا ہے یا نہیں؟ اگر ہے تو کیا جس کی تخلیق آگ سے ہے اس پر دوزخ کوئی اثر کرے گی؟
ج… اِبلیس کے لئے دوزخ کی سزا قرآنِ کریم میں مذکور ہے۔ جنوں کی تخلیق میں غالب عنصر آگ ہے، جیسا کہ انسان کی تخلیق میں غالب عنصر مٹی ہے، اور مٹی کا ہونے کے باوجود جس طرح انسان مٹی سے ایذا پاتا ہے، مثلاً: اس کو مٹی کا گولا مارا جائے تو اس کو تکلیف ہوگی، اسی طرح جنوں کے آگ سے پیدا ہونے کے باوجود ان کو آگ سے تکلیف ہوگی۔