# نجات کے لئے ایمان شرط ہے

- URL: https://shaheedeislam.com/nijat-ke-liye-iman-shart-hai/
- موضوع (Topic): مسلمانوں کے بنیادی عقائد
- Answered by: مولانا محمد یوسف لدھیانوی شہیدؒ (Maulana Muhammad Yusuf Ludhianvi Shaheed)
- Book: آپ کے مسائل اور ان کا حل (Aap ke Masail aur un ka Hal)

## سوال (Question)

ہم نے سن رکھا ہے کہ اللہ تعالیٰ آخر میں دوزخ سے ہر اس آدمی کو نکال لے گا، جس کے دل میں رائی کے برابر اِیمان ہوگا، کیونکہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ میں یہ پسند نہیں کرتا کہ کسی موحد کو مشرک کے ساتھ رکھوں، تو کیا آج کل کے عیسائی اور یہودیوں کو بھی دوزخ سے نکال دے گا؟ کیونکہ وہ بھی اللہ کو مانتے ہیں، لیکن ہمارے رسول کو نہیں مانتے، اور حضرت عیسیٰ ؑاور حضرت عزیرؑ کو خدا کا بیٹا تصوّر کرتے ہیں، تو کیا عیسائی اور یہودی ’’رائی برابر ایمان والوں‘‘ میں ہوں گے یا نہیں؟

## جواب (Answer)

دائمی نجات کے لئے ایمان شرط ہے، کیونکہ کفر اور شرک کا گناہ کبھی معاف نہیں ہوگا(۱) اور اِیمان کے صحیح ہونے کے لئے صرف اللہ تعالیٰ کو ماننا کافی نہیں، بلکہ اس کے تمام رسولوں کا ماننا بھی ضروری ہے۔(۲) اور جو لوگ حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو خدا تعالیٰ کا آخری نبی نہیں مانتے، وہ خدا تعالیٰ پر بھی ایمان نہیں رکھتے، کیونکہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم، اللہ تعالیٰ کے رسول اور آخری نبی ہیں، اور اللہ تعالیٰ نے آپ کے رسول اور خاتم النبییّن ہونے کی شہادت دی ہے،(۳) پس جو لوگ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی رسالت و نبوت اور ختم نبوت پر ایمان نہیں رکھتے وہ اللہ تعالیٰ کی شہادت کو جھٹلاتے ہیں اور جو شخص اللہ تعالیٰ کی بات کو جھوٹی کہے وہ اللہ تعالیٰ کو ماننے والا نہیں، پس آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے دین کو قبول کرنا شرطِ نجات ہے، غیرمسلم کی نجات نہیں ہوگی۔(۴)

## حوالہ جات (References)

The numbers (۱), (۲)… in the answer refer to these references.

- (۱) إِنَّ ٱللَّهَ لَا يَغۡفِرُ أَن يُشۡرَكَ بِهِۦ وَيَغۡفِرُ مَا دُونَ ذَٰلِكَ لِمَن يَشَآءُۚ وَمَن يُشۡرِكۡ بِٱللَّهِ فَقَدِ ٱفۡتَرَىٰٓ إِثۡمًا عَظِيمًا ٤٨ النساء ٤٨
- (۲) ءَامَنَ ٱلرَّسُولُ بِمَآ أُنزِلَ إِلَيۡهِ مِن رَّبِّهِۦ وَٱلۡمُؤۡمِنُونَۚ كُلٌّ ءَامَنَ بِٱللَّهِ وَمَلَٰٓئِكَتِهِۦ وَكُتُبِهِۦ وَرُسُلِهِۦ لَا نُفَرِّقُ بَيۡنَ أَحَدٖ مِّن رُّسُلِهِۦۚ البقرة ٢٨٥ (لَا نفرّق) بل نؤمن بالکلّ بین أحد من رسلہ أحد فی معنی الجمیع۔ (تفسیر نسفی ج:۱ ص:۲۳۳، طبع دار ابن کثیر بیروت)۔
- (۳) قال اللہ تعالٰی: مَّا كَانَ مُحَمَّدٌ أَبَآ أَحَدٖ مِّن رِّجَالِكُمۡ وَلَٰكِن رَّسُولَ ٱللَّهِ وَخَاتَمَ ٱلنَّبِيِّـۧنَۗ الأحزاب٤٠۔
- (۴) عن أبی ھریرۃ رضی اللہ عنہ قـال: قـال رسـول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم: ’’والَّذی نفس محمدٍ بیدہٖ! لَا یسمع بی أحد من ھٰذہ الاُمَّۃ یھودی ولَا نصرانی ثم یموت ولم یؤمن بالذی أُرسلتُ بہٖ اِلّا کان من أصحاب النّار۔‘‘ (رواہ مسلم ج:۱ ص:۸۶، مشکوٰۃ ص:۱۲)۔ عن ابن عباس رضی اللہ عنہ قال: قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم: ما من أحد یسمع بی من ھٰذہ الاُمّۃ ولَا یھودی ولَا نصرانی ولَا یؤمن بی إلّا دخل النار، فجعلت أقول أین تصدیقھا فی کتاب اللہ؟ حتّٰی وجدت ھٰذہ الآیۃ: وَمَن يَكۡفُرۡ بِهِۦ مِنَ ٱلۡأَحۡزَابِ فَٱلنَّارُ مَوۡعِدُهُۥۚ، قال: الأحزاب الملل کلھا۔ (مستدرک حاکم، کتاب التفسیر ج:۲ ص:۳۴۲)۔
