# ایمان کیا ہے؟

- URL: https://shaheedeislam.com/iman-kya-hai/
- موضوع (Topic): مسلمانوں کے بنیادی عقائد
- Answered by: مولانا محمد یوسف لدھیانوی شہیدؒ (Maulana Muhammad Yusuf Ludhianvi Shaheed)
- Book: آپ کے مسائل اور ان کا حل (Aap ke Masail aur un ka Hal)

## سوال (Question)

ایمان کیا ہے؟ حدیث کی روشنی میں وضاحت کریں۔

## جواب (Answer)

حدیث جبرائیل میں حضرت جبرائیل علیہ السلام کا پہلا سوال یہ تھا کہ اسلام کیا ہے؟ اس کے جواب میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اسلام کے پانچ ارکان ذکر فرمائے۔(۱) حضرت جبرائیل علیہ السلام کا دوسرا سوال یہ تھا کہ: ایمان کیا ہے؟ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ: ’’ایمان یہ ہے کہ تم ایمان لاؤ اللہ پر، اس کے فرشتوں پر، اس کی کتابوں پر، اس کے رسولوں پر، قیامت کے دن پر اور ایمان لاؤ اچھی بری تقدیر پر۔‘‘(۲)ایمان ایک نور ہے جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تصدیق سے دل میں آجاتا ہے، اور جب یہ نور دل میں آتا ہے تو کفر و عناد اور رسومِ جاہلیت کی تاریکیاں چھٹ جاتی ہیں اور آدمی ان تمام چیزوں کو جن کی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے خبر دی ہے، نورِ بصیرت سے قطعی سچی سمجھتا ہے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ: ’’تم میں سے کوئی شخص مؤمن نہیں ہوسکتا ہے یہاں تک کہ اس کی خواہش اس دین کے تابع نہ ہوجائے جس کو میں لے کر آیا ہوں(۳)۔‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے لائے ہوئے دین میں سب سے اہم تر یہ چھ باتیں ہیں جن کا ذکر اس حدیث پاک۔۔۔حدیثِ جبریل۔۔۔میں فرمایاہے،۔۔۔ دیکھا جائے تو۔۔۔ پورے دین کا خلاصہ انہی چھ باتوں میں آجاتا ہے:

۱:۔ اللہ تعالیٰ پر اِیمان لانے کا یہ مطلب ہے کہ اللہ تعالیٰ کو ذات و صفات میں یکتا سمجھے، وہ اپنے وجود اور اپنی ذات و صفات میں ہر نقص اور عیب سے پاک اور تمام کمالات سے متصف ہے، کائنات کی ہر چیز اسی کے ارادہ و مشیت کی تابع ہے، سب اسی کے محتاج ہیں، وہ کسی کا محتاج نہیں، کائنات کے سارے تصرفات اسی کے قبضے میں ہیں، اس کا کوئی شریک اور ساجھی نہیں۔(۴)

۲:۔ فرشتوں پر اِیمان لانے کا یہ مطلب ہے کہ فرشتے، اللہ تعالیٰ کی ایک مستقل نورانی مخلوق ہے، وہ اللہ تعالیٰ کی نافرمانی نہیں کرتے بلکہ جو حکم ہو، بجا لاتے ہیں، اور جس کو جس کام پر اللہ تعالیٰ نے مقرّر کردیا ہے وہ ایک لمحے کے لئے بھی اس میں کوتاہی نہیں کرتا۔(۵)

۳:۔ رسولوں پر اِیمان لانے کا یہ مطلب ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کی ہدایت اور انہیں اپنی رضامندی اور ناراضی کے کاموں سے آگاہ کرنے کے لئے کچھ برگزیدہ انسانوں کو چن لیا، انہیں رسول اور نبی کہتے ہیں۔ انسانوں کو اللہ تعالیٰ کی خبریں رسولوں کے ذریعے ہی پہنچتی ہیں، سب سے پہلے نبی حضرت آدم علیہ السلام تھے، اور سب سے آخری نبی حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد قیامت تک کسی کو نبوّت نہیں ملے گی، بلکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہی کا لایا ہوا دِین قیامت تک رہے گا۔(۶)

۴:۔ کتابوں پر اِیمان لانے کا یہ مطلب ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے نبیوں کی معرفت بندوں کی ہدایت کے لئے بہت سے آسمانی ہدایت نامے عطاکئے، ان میں چار زیادہ مشہور ہیں: تورات، جو حضرت موسیٰ علیہ السلام پر اُتاری گئی، زَبور جو حضرت داؤد علیہ السلام پر نازل کی گئی، اِنجیل جو حضرت عیسیٰ علیہ السلام پر نازل کی گئی اور قرآن مجید جو حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل کیا گیا۔ یہ آخری ہدایت نامہ ہے جو خدا تعالیٰ کی طرف سے بندوں کے پاس بھیجا گیا، اب اس کی پیروی سارے انسانوں پر لازم ہے اور اس میں ساری انسانیت کی نجات ہے، جو شخص اللہ تعالیٰ کی اس آخری کتاب سے رُوگردانی کرے گا وہ ناکام اور نامراد ہوگا۔(۷)

۵:۔ قیامت پر اِیمان لانے کا یہ مطلب ہے کہ ایک وقت آئے گا کہ ساری دُنیا ختم ہوجائے گی زمین و آسمان فنا ہوجائیں گے، اس کے بعد اللہ تعالیٰ سب کو زِندہ کرے گا اور اس دُنیا میں لوگوں نے جو نیک یا برے عمل کئے ہیں، سب کا حساب و کتاب ہوگا۔ میزانِ عدالت قائم ہوگی اور ہر شخص کی نیکیاں اور بدیاں اس میں تولی جائیں گی، جس شخص کے نیک عملوں کا پلہ بھاری ہوگا اسے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کا پروانہ ملے گا اور وہ ہمیشہ کے لئے اللہ تعالیٰ کی رضا اور قرب کے مقام میں رہے گا جس کو ’’جنت‘‘ کہتے ہیں، اور جس شخص کی بُرائیوں کا پلہ بھاری ہوگا اسے اللہ تعالیٰ کی ناراضی کا پروانہ ملے گا اور وہ گرفتار ہوکر خدائی قیدخانے میں، جس کا نام ’’جہنم‘‘ ہے، سزا پائے گا، اور کافر اور بے ایمان لوگ ہمیشہ کے لئے جہنم میں رہیں گے۔ دُنیا میں جس شخص نے کسی دُوسرے پر ظلم کیا ہوگا، اس سے رِشوت لی ہوگی، اس کا مال ناحق کھایا ہوگا، اس کے ساتھ بدزبانی کی ہوگی یا اس کی بے آبروئی کی ہوگی، قیامت کے دن اس کا بھی حساب ہوگا، اور مظلوم کو ظالم سے پورا پورا بدلا دلایا جائے گا۔ الغرض خدا تعالیٰ کے انصاف کے دن کا نام ’’قیامت‘‘ ہے، جس میں نیک و بد کو چھانٹ دیا جائے گا، ہر شخص کو اپنی پوری زندگی کا حساب چکانا ہوگا اور کسی پر ذرا بھی ظلم نہیں ہوگا۔(۸)

۶:۔ اچھی اور بُری تقدیر پر اِیمان لانے کا مطلب یہ ہے کہ یہ کارخانۂ عالم آپ سے آپ نہیں چل رہا، بلکہ ایک علیم و حکیم ہستی اس کو چلا رہی ہے۔ اس کائنات میں جو خوشگوار یا ناگوار واقعات پیش آتے ہیں وہ سب اس کے ارادہ و مشیت اور قدرت و حکمت سے پیش آتے ہیں۔ کائنات کے ذرّہ ذرّہ کے تمام حالات اس علیم و خبیر کے علم میں ہیں اور کائنات کی تخلیق سے قبل اللہ تعالیٰ نے ان تمام حالات کو، جو پیش آنے والے تھے، ’’لوحِ محفوظ‘‘ میں لکھ لیا تھا۔ بس اس کائنات میں جو کچھ بھی وقوع میں آرہا ہے وہ اسی علمِ ازلی کے مطابق پیش آرہا ہے، نیز اسی کی قدرت اور اسی کی مشیت سے پیش آرہا ہے۔ الغرض کائنات کا جو نظام حق تعالیٰ شانہ‘ نے ازل ہی سے تجویز کر رکھا تھا، یہ کائنات اس طے شدہ نظام کے مطابق چل رہی ہے۔(۹)

## حوالہ جات (References)

The numbers (۱), (۲)… in the answer refer to these references.

- (۱) عن عمر بن الخطاب رضی اللہ عنہ قال: بینما نحن عند رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ذات یوم إذ طلع علینا رجل شدید بیاض الثیاب شدید سواد الشعر لَا یُریٰ علیہ أثر السفر، ولَا یعرفہ مِنَّا أحد، حتّٰی جلس إلی النبی صلی اللہ علیہ وسلم فأسند رُکبتیہ إلٰی رکبتیہ ووضع کفیہ علٰی فخذیہ وقال: یا محمد! أخبرنی عن الْإسلام۔ قال: الْإسلام أن تشھد أن لَا إلٰہ إلّا اللہ وأن محمدًا رسول اللہ، وتقیم الصلٰوۃ، وتؤتی الزکٰوۃ، وتصوم رمضان، وتحج البیت إن استطعت إلیہ سبیلا۔ قال: صدقت! فعجبنا لہ یسألہ ویصدّقہ۔ قال: فأخبرنی عن الْإیمان ۔۔۔إلخ۔ (مشکٰوۃ ص:۱۱)۔
- (۲) ’’۔۔۔ قال: ان تؤمن باللہ وملائکتہ وکتبہ ورسلہ والیوم الآخر وتؤمن بالقدر خیرہ وشرہ۔۔۔‘‘ (مشکوٰۃ، کتاب الْإیمان، الفصل الأوّل ص:۱۱ طبع قدیمی کراچی)۔
- (۳) ’’۔۔۔ لَا یؤمن أحدکم حتّٰی یکون ھواہ تبعًا لما جئت بہ‘‘ (مشکوٰۃ، باب الْإعتصام بالکتاب والسنۃ، الفصل الثانی ص:۳۰ طبع قدیمی کراچی)۔
- (۴) قال: أن تؤمن باللہ ۔۔۔ أی بتوحید ذاتہ وتفرید صفاتہ وبوجوب وجودہ وبثبوت کرمہ وجودہ وسائر صفات کمالہ من مقتضیات جلالہ وجمالہ ۔۔۔إلخ۔ (مرقاۃ شرح مشکٰوۃ ج:۱ ص:۴۹ طبع بمبئی)۔
- (۵) (وملائکتہ ۔۔۔ معناہ أطلقت بالغلبۃ علی الجواھر العلویۃ النورانیۃ المبرأۃ عن الکدورات الجسمانیۃ وھی وسائط بین اللہ وبین أنبیائہ وخاصۃ أصفیائہ وقال بعضھم: ھی أجسام لطیفۃ نورانیۃ مقتدرۃ علٰی تشکلات مختلفۃ ۔۔۔ وانھم عباد مکرمون یسبحون اللیل والنھار لَا یفترون ولَا یعصون اللہ ما أمرھم ویفعلون ما یؤمرون۔ (مرقاۃ شرح مشکٰوۃ، کتاب الْإیمان ج:۱ ص:۴۹، ۵۰)۔
- (۶) (ورسلہ) بأن تعرف انھم بلغوا ما أنزل اللہ إلیھم وانھم معصومون، وتؤمن بوجودھم فیمن علم بنص أو تواتر تفصیلًا، وفی غیرھم إجمالًا۔ (مرقاۃ شرح المشکٰوۃ ج:۱ ص:۵۰)۔ أول الرسل آدم وآخرھم محمد۔ (کنز العمال ج:۱۱ ص:۴۸۰ حدیث نمبر:۳۲۲۶۹ طبع بیروت)۔ وعن أنس بن مالک رضی اللہ عنہ قال: قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم: ان الرسالۃ والنبوۃ قد انقطعت، فلا رسول بعدی ولَا نبیّ۔ (ترمذی، ابواب الرؤیا ج:۲ ص:۵۱)۔
- (۷) (وکتبہ) أی ونعتقد بوجود کتبہ المنزلۃ علٰی رسلہ تفصیلًا فیما علم یقینًا کالقرآن والتوراۃ والزَّبور والْإنجیل، وإجمالًا فیما عداہ، وأنھا منسوخۃ بالقرآن وأنہ لَا یجوز علیہ نسخ ولَا تحریف إلٰی قیام الساعۃ۔ (مرقاۃ شرح مشکٰوۃ ج:۱ ص:۵۰)۔
- (۸) (والیوم الآخر) أی یوم
- القیامۃ لأنہ آخر أیام الدنیا ۔۔۔ وذٰلک بأن تؤمن بوجودہ وبما فیہ من البعث الجسمانی والحساب والجنَّۃ والنَّار وغیر ذٰلک مما جاءت بہ النصوص۔ (مرقاۃ شرح مشکٰوۃ ج:۱ ص:۵۱)۔
- (۹) (خیرہ وشرہ) أی نفعہ وضرہ وزید فی روایۃ وحلوہ ومرہ ۔۔۔ والمعنٰی تعتقد أن اللہ تعالٰی قدر الخیر والشر قبل خلق الخلائق وان جمیع الکائنات متعلق بقضاء اللہ مرتبط بقدرہ، قال اللہ تعالٰی: قُلۡ كُلّٞ مِّنۡ عِندِ ٱللَّهِۖ َ۔ وھو مرید لھا ۔۔۔ ثم القضاء ھو الحکم بنظام جمیع الموجودات علٰی ترتیب خاص فی اُمّ الکتاب أوّلًا ثم فی اللوح المحفوظ ثانیًا علٰی سبیل الْإجمال والقدر تعلق الْإرادۃ بالأشیاء فی أوقاتھا وھو تفصیل قضائہ السابق بإیجادھا ۔۔۔ ھٰذا تحقیق کلام القاضی۔ (مرقاۃ شرح مشکٰوۃ ج:۱ ص:۵۱، أیضًا شرح فقہ أکبر ص:۱۳ تا ۱۵)۔
