# کیا ظاہری اسباب تقدیر کے خلاف ہیں؟

- URL: https://shaheedeislam.com/%da%a9%db%8c%d8%a7-%d8%b8%d8%a7%db%81%d8%b1%db%8c-%d8%a7%d8%b3%d8%a8%d8%a7%d8%a8-%d8%aa%d9%82%d8%af%db%8c%d8%b1-%da%a9%db%92-%d8%ae%d9%84%d8%a7%d9%81-%db%81%db%8c%da%ba%d8%9f/
- موضوع (Topic): تقدیر
- Answered by: مولانا محمد یوسف لدھیانوی شہیدؒ (Maulana Muhammad Yusuf Ludhianvi Shaheed)
- Book: آپ کے مسائل اور ان کا حل (Aap ke Masail aur un ka Hal)

## سوال (Question)

تقدیر پر اِیمان لانا ہر مسلمان کا فرض ہے، یعنی اچھی اور بُری تقدیر پر اِیمان لانا، لیکن جب اسے نقصان پہنچے یا مصیبت میں گرفتار ہو تو وہ ظاہری اسباب کو اس کا ذمہ دار ٹھہراتا ہے، وہ کیوں ایسے کہتا ہے کہ: ’’اگر ایسا نہیں، ایسا کیا جاتا تو ایسا ہوتا اور یہ نقصان نہ ہوتا اور یہ مصیبت نہ آتی‘‘ تو کیا اس طرح کہنے سے گناہ تو نہیں ہوتا؟ اور تقدیر پر اِیمان رکھنے کے سلسلے میں اس طرح کہنے سے اس کی ایمانیت میں تو کوئی فرق نہیں پڑتا؟ اور کیا اِنسان کو تقدیر کے بارے میں سوچنا نہیں چاہئے؟

## جواب (Answer)

شرعی حکم یہ ہے کہ جو کام کرو خوب سوچ سمجھ کر بیدار مغزی کے ساتھ کرو، اس کے جتنے جائز اسباب مہیا کئے جاسکتے ہیں، ان میں بھی کوتاہی نہ کرو۔ جب اپنی ہمت و بساط اور قدرت و اختیار کی حد تک جو کچھ تم کرسکتے ہو، کرلیا۔ اس کے بعد نتیجہ خدا کے حوالے کردو۔ اگر خدانخواستہ کوئی نقصان وغیرہ کی صورت پیش آجائے تو یوں خیال کرو کہ اللہ تعالیٰ کو یہی منظور تھا، جو کچھ اللہ تعالیٰ کو منظور تھا، وہ ہوا۔ اور اسی میں حکمت تھی۔ ایسی صورت میں یہ کہنا کہ اگر یوں کرلیتے تو یوں ہوجاتا، اس سے طبیعت بلاوجہ بدمزہ اور پریشان ہوگی، جو کچھ ہونا تھا وہ تو ہوچکا، اسے تو کسی صورت میں واپس نہیں لایا جاسکتا، تو اب ’’اگر، مگر‘‘ کا چکر سوائے بدمزگی و پریشانی کے اور کیا ہے؟ اس لئے حدیث میں اس کی ممانعت فرمائی گئی ہے، اور اس کو ’’عملِ شیطان‘‘ کی کنجی فرمایا گیا ہے۔(۱) درحقیقت یہ ضعفِ اِیمان، ضعفِ ہمت، حق تعالیٰ شانہ‘ سے صحیح تعلق نہ ہونے کی علامت ہے۔

## حوالہ جات (References)

The numbers (۱), (۲)… in the answer refer to these references.

- (۱) عن أبی ھریرۃ قال: قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ۔۔۔ وفی کل خیر أحرض علٰی ما ینفعک واستعن باللہ ولَا تعجز وإن أصابک شیء فلا تقل لو أنی فعلت کان کذا وکذا، ولٰـکن قل قدر اللہ وما شاء فعل، فإن ’’لو‘‘ تفتح عمل الشیطان۔ (صحیح مسلم ج:۲ ص:۳۳۸، باب الْإیمان بالقدر والْإذعان لہ، وأیضًا فی ابن ماجۃ ص:۳۰۷)، عن أبی ھریرۃ رضی اللہ عنہ ۔۔۔ فان علیک أمر فقل قدر اللہ وما شاء اللہ فعل، وایاک واللَّوَ فان اللَّو تفتح عمل الشیطان۔ (ابنِ ماجہ ص:۳۰۷)۔
