# کیا اُمتِ محمدیہ میں غیرمسلم بھی شامل ہیں؟

- URL: https://shaheedeislam.com/%da%a9%db%8c%d8%a7-%d8%a7%d9%8f%d9%85%d8%aa%d9%90-%d9%85%d8%ad%d9%85%d8%af%db%8c%db%81-%d9%85%db%8c%da%ba-%d8%ba%db%8c%d8%b1%d9%85%d8%b3%d9%84%d9%85-%d8%a8%da%be%db%8c-%d8%b4%d8%a7%d9%85%d9%84-%db%81/
- موضوع (Topic): مسلمانوں کے بنیادی عقائد
- Answered by: مولانا محمد یوسف لدھیانوی شہیدؒ (Maulana Muhammad Yusuf Ludhianvi Shaheed)
- Book: آپ کے مسائل اور ان کا حل (Aap ke Masail aur un ka Hal)

## سوال (Question)

کیا اُمتِ محمدیہ میں غیرمسلم بھی شامل ہیں؟ ایک صاحب نے بتایا کہ اُمتِ محمدیہ کی مغفرت کی دُعا نہیں کرنی چاہئے، بلکہ یہ کہنا چاہئے کہ اُمتِ مسلمہ کی مغفرت کر، کیونکہ کافر بھی اُمتِ محمدیہ میں شامل ہیں۔

## جواب (Answer)

آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی اُمت اس اعتبار سے تو کافر بھی ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا پیغام ان کے لئے بھی ہے۔ مگر جب ’’اُمتِ محمدیہ‘‘ کا لفظ بولا جاتا ہے تو مراد اس سے وہی لوگ ہوتے ہیں جنہوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت پر لبیک کہی، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پیغام کی تصدیق کی اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لائے، اس لئے ’’اُمتِ محمدیہ‘‘ کے حق میں دُعائے خیر کرنا بالکل دُرست ہے اور ان صاحب کی بات صحیح نہیں۔(۱)

## حوالہ جات (References)

The numbers (۱), (۲)… in the answer refer to these references.

- (۱) ’’أصل الاُمّۃ ۔۔۔ فاُمّۃ نبیّنا صلی اللہ علیہ وسلم ھم الجماعۃ الموصوفون بالْإیمان بہ والْإقرار بنبوّتہ، وقد یقال لکل من جمعتھم دعوتہ أنھم اُمّتہ اِلّا أنَّ لفظ الاُمّۃ اذا أطلقت وحدھا وقع علی الأوّل ۔۔۔ الخ۔‘‘ (تفسیر کبیر ج:۸ ص:۱۷۹، سورۃ آل عمران، آیت:۱۱۱)۔
