# نسخِ قرآن کے بارے میں جمہور اہلِ سنت کا مسلک

- URL: https://shaheedeislam.com/%d9%86%d8%b3%d8%ae%d9%90-%d9%82%d8%b1%d8%a2%d9%86-%da%a9%db%92-%d8%a8%d8%a7%d8%b1%db%92-%d9%85%db%8c%da%ba-%d8%ac%d9%85%db%81%d9%88%d8%b1-%d8%a7%db%81%d9%84%d9%90-%d8%b3%d9%86%d8%aa-%da%a9%d8%a7/
- موضوع (Topic): مسلمانوں کے بنیادی عقائد
- Answered by: مولانا محمد یوسف لدھیانوی شہیدؒ (Maulana Muhammad Yusuf Ludhianvi Shaheed)
- Book: آپ کے مسائل اور ان کا حل (Aap ke Masail aur un ka Hal)

## سوال (Question)

مسئلہ یہ ہے کہ مولانا محمد تقی صاحب عثمانی مدظلہٗ ’’علوم القرآن‘‘ ص:۱۶۴ پر رقم طراز ہیں کہ: ’’جمہور اہلِ سنت کا مسلک یہ ہے کہ قرآنِ کریم میں ایسی آیات موجود ہیں جن کا حکم منسوخ ہوچکا ہے۔ لیکن معتزلہ میں سے ابومسلم اصفہانی کا کہنا یہ ہے کہ قرآنِ کریم کی کوئی آیت منسوخ نہیں ہوئی بلکہ تمام آیات اب بھی واجب العمل ہیں۔ ابومسلم کی اتباع میں بعض دُوسرے حضرات نے بھی یہی رائے ظاہر کی ہے۔ اور ہمارے زمانے کے اکثر تجدّد پسند حضرات اسی کے قائل ہیں۔ چنانچہ جن آیتوں میں نسخ معلوم ہوتا ہے، یہ حضرات ان کی ایسی تشریح کرتے ہیں جن سے نسخ تسلیم نہ کرنا پڑے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ موقف دلائل کے لحاظ سے کمزور ہے اور اسے اختیار کرنے کے بعد بعض قرآنی آیات کی تفسیر میں ایسی کھینچ تان کرنی پڑتی ہے، جو اُصولِ تفسیر کے بالکل خلاف ہے۔‘‘ یہ تو تھا تقی صاحب کا بیان۔ ادھر حضرت مولانا انور شاہ صاحب کشمیریؒ ’’فیض الباری‘‘ ج:۳ ص:۱۴۷ پر فرماتے ہیں:’’اَنْكَرْتَ النَّسْخَ رَأْسًا وَادَّعَيْتَ اَنَّ النَّسْخَ لَمْ يَرِدْ فِي الْقُرْاٰنِ رَأْسًا ۔‘‘آگے اس کی تشریح فرماتے ہیں:’’اَعْنِيْ بِالنَّسْخِ كَوْنَ الْاٰيَةِ مَنْسُوْخَةً فِيْ جَمِيْعِ مَا حَوَتْهُ بِحَيْثُ لَا تَبْقٰی مَعْمُوْلَةً فِيْ جُزْئِيٍّ مِنْ جُزْئِيَّاتِهَا، فَذٰلِكَ عِنْدِيْ غَيْرُ وَاقِعٍ، وَمَا مِنْ اٰيَةٍ مَنْسُوْخَةٍ اِلَّا وَهِيَ مَعْمُوْلَةٌ بِوَجْهٍ مِنَ الْوُجُوْهِ، وَجِهَةٍ مِنَ الْجِهَاتِ ۔‘‘(فیض الباری ج:۳ ص:۱۴۷)برائے کرم یہ بتائیں کہ مولانا محمد انور شاہ صاحبؒ کے بارے میں کیا تاویل کریں گے؟ کیا یہ صریح نسخ کا انکار نہیں ہے؟ واللہ! میرا ان کے بارے میں حسن ظن ہی ہے، صرف اپنے ناقص ذہن کی تشفی چاہتی ہوں۔ نیز ناچیز لڑکیوں کو پڑھاتی ہے تو اس قسم کے مسائل میں توجیہ بہت مشکل ہوتی ہے۔ برائے کرم یہ بتائیں کہ انور شاہ کشمیری رحمہ اللہ کے نزدیک مندرجہ ذیل آیت کی کون سی جزئی پر عمل باقی ہے:

## جواب (Answer)

معتزلہ کے مذہب اور حضرت شاہ صاحب نور اللہ مرقدہٗ کے مسلک کے درمیان فرق یہ ہے کہ معتزلہ تو نسخ فی القرآن کے سرے سے منکر ہیں، جیسا کہ آج کل کے قادیانی اور نیچری بھی یہی رائے رکھتے ہیں۔ ان کے نزدیک قرآنِ کریم میں جو حکم ایک بار نازل کردیا گیا، اس کی جگہ پھر کبھی دُوسرا حکم نازل نہیں ہوا، حضرت شاہ صاحبؒ دیگر اہلِ حق کی طرح نسخ فی القرآن کے قائل ہیں، مگر وہ یہ فرماتے ہیں کہ آیاتِ منسوخہ کو جو قرآنِ کریم میں باقی رکھا گیا اس میں حکمت یہ ہے کہ ان آیات کے مشمولات میں کسی نہ کسی وقت کوئی نہ کوئی جزئی معمول بہٖ ہوتی ہے، یہ نہیں ہوا کہ کسی آیت کو اس طرح منسوخ کردیا جائے کہ اس کے مشمولات و جزئیات میں سے کوئی فرد کسی حال میں بھی معمول بہٖ نہ رہے، مثلاً: آیتِ فدیۂ صوم کا حکم ان لوگوں کے حق میں تو منسوخ ہے جو روزے کی طاقت رکھتے ہوں، خواہ ان کو روزے میں تکلیف و مشقت ہی برداشت کرنا پڑتی ہو۔ مگر شیخ فانی وغیرہ کے حق میں روزے کا فدیہ اب بھی جائز ہے اور وہ اسی آیت کے تحت مندرج ہے۔اس لئے یہ آیت اپنے بعض مشمولات کے اعتبار سے تو منسوخ ہے، جیسا کہ احادیث صحیحہ میں اس کی تصریح موجود ہے، لیکن اس کے بعض جزئیات اب بھی زیر عمل ہیں۔ اس لئے یہ بالکلیہ منسوخ نہیں، بلکہ بعض اعتبارات و جزئیات کے اعتبار سے منسوخ ہے۔ اس کی دوسری مثال آیاتِ مناجات ہے: ’’يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُوٓاْ إِذَا نَٰجَيۡتُمُ ٱلرَّسُولَ ۔۔۔الخ۔‘‘ جو آپ نے نقل کی ہے، آیت میں جو حکم دیا گیا ہے وہ پہلے واجب تھا، جسے منسوخ کردیا گیا اور اس کے نسخ کی تصریح اس کے مابعد کی آیت میں موجود ہے۔ مگر اس کا استحباب بعد میں بھی باقی رہا، اس لئے اس آیت میں بھی ’’نسخ بالکلیہ‘‘ نہیں ہوا، بلکہ اپنے بعض مشمولات و جزئیات کے اعتبار سے یہ آیت بعد میں بھی معمول بہا رہی۔الغرض حضرت شاہ صاحب نور اللہ مرقدہٗ کے ارشاد:’’اِنَّ النَّسْخَ لَمْ يَرِدْ فِي الْقُرْاٰنِ رَأْسًا‘‘کا یہ مطلب نہیں کہ قرآنِ کریم میں نازل ہونے کے بعد کبھی کوئی حکم منسوخ نہیں ہوا، جیسا کہ معتزلہ کہتے ہیں، بلکہ مطلب یہ ہے کہ قرآنِ کریم کی جو آیات منسوخ ہوئیں ان میں ’’نسخ من کل الوجوہ‘‘ یا ’’نسخ بالکلیہ‘‘ نہیں ہوا کہ ان آیات کے مشمولات و جزئیات میں سے کوئی جزئیہ کسی حال اور کسی صورت میں بھی معمول بہا نہ رہے، بلکہ ایسی آیات میں ’’نسخ فی الجملہ‘‘ ہوا ہے، یعنی یہ آیات اپنے بعض محتویات و مشمولات کے اعتبار سے اگرچہ منسوخ ہیں، مگر ان کے بعض جزئیات و مشمولات بدستور معمول بہا ہیں۔ حضرت شاہ صاحبؒ کے ارشاد کی یہ تشریح خود ان کی اس عبارت سے واضح ہے جو آپ نے نقل کی ہے، چنانچہ فرماتے ہیں:’’اِنَّ النَّسْخَ لَمْ يَرِدْ فِي الْقُرْاٰنِ رَأْسًا، اَعْنِيْ بِالنَّسْخِ كَوْنَ الْاٰيَةِ مَنْسُوْخَةً فِيْ جَمِيْعِ مَا حَوَتْهُ بِحَيْثُ لَا تَبْقٰی مَعْمُوْلَةً فِيْ جُزْئِيٍّ مِنْ جُزْئِيَّاتِهَا، فَذٰلِكَ عِنْدِيْ غَيْرُ وَاقِعٍ، وَمَا مِنْ اٰيَةٍ مَنْسُوْخَةٍ اِلَّا وَهِيَ مَعْمُوْلَةٌ بِوَجْهٍ مِنَ الْوُجُوْهِ، وَجِهَةٍ مِنَ الْجِهَاتِ ۔‘‘ترجمہ:۔ ’’بے شک قرآن کریم میں نسخ بالکلیہ واقع نہیں ہوا اور اس نسخ بالکلیہ سے میری مراد یہ ہے کہ کوئی آیت اپنے تمام مشمولات کے اعتبار سے منسوخ ہوجائے کہ اس کی جزئیات میں سے کوئی جزئی بھی معمول بہٖ نہ رہے، ایسا نسخ میرے نزدیک واقع نہیں، بلکہ جو آیت بھی منسوخ ہے وہ کسی نہ کسی وجہ اور کسی نہ کسی جہت سے معمول بہا ہے۔اس ضمن میں آیتِ فدیہ کی مثال دینے کے بعد فرماتے ہیں:’’وَبِالْجُمْلَةِ إِنَّ جِنْسَ الْفِدْيَةِ لَمْ يُنْسَخْ بِالْكُلِّيَّةِ، فَهِيَ بَاقِيَةٌ إِلٰى الْآنِ فِيْ عِدَّةِ مَسَائِلَ، وَلَيْسَ لَهَا مَأْخَذٌ عِنْدِيْ غَيْرُ تِلْكَ الْآيَةِ، فَدَلَّ عَلٰى أَنَّهَا لَمْ تُنْسَخْ، بِمَعْنٰى عَدَمِ بَقَاءِ حُكْمِهَا فِيْ مَحَلٍّ وَنَحْوِهِ۔‘‘ترجمہ:۔ ’’خلاصہ یہ ہے کہ جنس فدیہ بالکلیہ منسوخ نہیں ہوا بلکہ فدیہ متعدد مسائل میں اب تک باقی ہے اور ان مسائل میں فدیہ کا مأخذ میرے نزدیک اس آیت کے سوا نہیں، پس اس سے پتہ چلتا ہے کہ یہ آیت بایں معنی منسوخ نہیں ہوئی کہ اس کا حکم کسی محل میں بھی باقی نہ رہا ہو۔‘‘

## Source

- آپ کے مسائل اور ان کا حل (Aap ke Masail aur un ka Hal)
