# رضا بالقضا سے کیا مراد ہے؟ اور کیا یہ سچا مؤمن ہونے کی علامت ہے؟

- URL: https://shaheedeislam.com/%d8%b1%d8%b6%d8%a7-%d8%a8%d8%a7%d9%84%d9%82%d8%b6%d8%a7-%d8%b3%db%92-%da%a9%db%8c%d8%a7-%d9%85%d8%b1%d8%a7%d8%af-%db%81%db%92%d8%9f-%d8%a7%d9%88%d8%b1-%da%a9%db%8c%d8%a7-%db%8c%db%81-%d8%b3%da%86/
- موضوع (Topic): مسلمانوں کے بنیادی عقائد
- Answered by: مولانا محمد یوسف لدھیانوی شہیدؒ (Maulana Muhammad Yusuf Ludhianvi Shaheed)
- Book: آپ کے مسائل اور ان کا حل (Aap ke Masail aur un ka Hal)

## سوال (Question)

رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں: حق تعالیٰ جب کسی بندے کو محبوب بناتا ہے تو اس کو کسی مصیبت میں مبتلا کرتا ہے، پس اگر وہ صابر بنا رہتا ہے تو اس کو منتخب کرتاہے، اور اگر اس کی قضا پر راضی ہوتا ہے تو اس کو برگزیدہ کرلیتا ہے۔ مصیبت پر صابر بنا رہتا ہے، پھر قضا پر راضی رہنے سے کیا مراد ہے؟۔ ایک مرتبہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے چند صحابہؓ سے پوچھا: ’’تم کون ہو؟ انہوں نے عرض کیا: یا رسول اللہ! ہم مؤمنین مسلمین ہیں۔ آپ نے فرمایا: تمہارے ایمان کی علامت کیا ہے؟ انہوں نے عرض کیا کہ: مصیبت پر صبر کرتے ہیں اور راحت پر شکر کرتے ہیں اور قضا پر راضی رہتے ہیں۔ آپ نے فرمایا: بخدا! تم سچے مؤمن ہو۔‘‘ سوال ہے کہ اس حدیث مبارک میں ۱:۔ مصیبت پر صبر سے کیا مراد ہے؟ ۲:۔ راحت پر شکر سے کیا مراد ہے؟ ۳:۔ اور ’’قضا پر راضی رہتے ہیں‘‘ سے کیا مراد ہے؟

## جواب (Answer)

یہ کہ حق تعالیٰ شانہ‘ کے فیصلے سے دِل میں تنگی محسوس نہ کرے، زبان سے شکوہ و شکایت نہ کرے، بلکہ یوں سمجھے کہ مالک نے جو کیا، ٹھیک کیا۔(۱) طبعی تکلیف اس کے منافی نہیں۔ اسی طرح اس مصیبت کو دُور کرنے کے لئے جائز اَسباب کو اِختیار کرنا اور اس کے اِزالے کی دُعائیں کرنا، رضا بالقضا کے خلاف نہیں،(۲) واﷲ اعلم!

نمبر:۱ اور نمبر۳ اُوپر لکھ دیا، راحت و نعمت پر شکر کرنے کا مطلب یہ ہے کہ اس نعمت کو محض حق تعالیٰ شانہ‘ کے لطف و احسان کا ثمرہ جانے، اپنا ذاتی ہنر اور کمال نہ سمجھے، زبان سے ’’الحمد ﷲ‘‘ کہے اور شکر بجا لائے، اور اس نعمت کو حق تعالیٰ شانہ‘ کی معصیت میں خرچ نہ کرے، اس نعمت پر اِترائے نہیں، واﷲ اعلم!

## حوالہ جات (References)

The numbers (۱), (۲)… in the answer refer to these references.

- (۱) قال الطیبی رحمہ اللہ أی الرضا بقضاء اللہ وھو ترک السخط علامۃ سعادتہ وإنما جعلہ علامۃ سعادۃ العبد لأمرین: أحدھما یتفرغ للعبادۃ، لأنہ إذا لم یرض بالقضاء یکون مھومًا أبدًا مشغول القلب بحدوث الحوادث ویقول کان کذا ولم لَا یکون کذا، والثانی لئلا یتعرض لغضب ﷲ تعالٰی بسخطہ وسخط لعبد أن یذکر غیر ما قضی اللہ لہ وقال انہ أصلح وأولٰی فیما لَا یستیقن فسادہ وصلاحہ۔ (مرقاۃ شرح مشکٰوۃ، باب التوکل والصبر ج:۵ ص:۹۳)۔
- (۲) وقد ذکرنا أن التمسک بالأسباب جریًا علٰی سنۃ اللہ تعالٰی لَا یناقض التوکل ۔۔۔ فھو أیضًا لَا یناقض الرضا۔ (إحیاء علوم الدین ج:۴ ص:۳۵۴، بیان أن الدعاء غیر مناقض للرضا، طبع دار المعرفۃ بیروت)۔
