# تقدیر و تدبیر میں کیا فرق ہے؟

- URL: https://shaheedeislam.com/%d8%aa%d9%82%d8%af%db%8c%d8%b1-%d9%88-%d8%aa%d8%af%d8%a8%db%8c%d8%b1-%d9%85%db%8c%da%ba-%da%a9%db%8c%d8%a7-%d9%81%d8%b1%d9%82-%db%81%db%92%d8%9f/
- موضوع (Topic): تقدیر
- Answered by: مولانا محمد یوسف لدھیانوی شہیدؒ (Maulana Muhammad Yusuf Ludhianvi Shaheed)
- Book: آپ کے مسائل اور ان کا حل (Aap ke Masail aur un ka Hal)

## سوال (Question)

جناب سے گزارش ہے کہ میرے اور میرے دوست کے درمیان اسلامی نوعیت کا ایک سوال مسئلہ بنا ہوا ہے، اگر ہم لوگ اس مسئلے پر خود ہی بحث کرتے ہیں تو اس کا نتیجہ غلط بھی نکال سکتے ہیں، میری آپ سے گزارش ہے کہ آپ اس مسئلے کو حل کرکے ہم سب لوگوں کو مطمئن کریں۔یہ حقیقت ہے کہ تقدیریں اللہ تعالیٰ نے بنائی ہیں، لیکن جب کوئی شخص کسی کام کو کئی بار کرنے کے باوجود ناکام رہتا ہے تو اسے یہ کہہ دیا جاتا ہے کہ: ’’میاں! تمہاری تقدیر خراب ہے، اس میں تمہارا کیا قصور؟‘‘ تو اس کا مطلب یہ ہوا کہ انسان کی کوششیں رائیگاں جاتی ہیں، جب تک کہ اس کی تقدیر میں اس کام کا کرنا لکھا نہ گیا ہو، لیکن جب کوئی شخص اپنی تدبیر اور کوشش کے بل بوتے پر کام کرتا ہے تو خدا کی بنائی ہوئی تقدیر آڑے آتی ہے۔

## جواب (Answer)

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ہم تقدیر کے مسئلے پر بحث کر رہے تھے کہ اتنے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے، ہمیں بحث میں اُلجھے ہوئے دیکھ کر بہت غصّے ہوئے، یہاں تک کہ چہرۂ انور ایسا سرخ ہوگیا، گویا رُخسارِ مبارک میں اَنار نچوڑ دیا گیا ہو، اور بہت ہی تیز لہجے میں فرمایا:’’کیا تمہیں اس بات کا حکم دیا گیا ہے؟ کیا میں یہی چیز دے کر بھیجا گیا ہوں؟ تم سے پہلے لوگ اسی وقت ہلاک ہوئے جب انہوں نے اس مسئلے میں جھگڑا کیا، میں تمہیں قسم دیتا ہوں کہ اس میں ہرگز نہ جھگڑنا۔‘‘(۱)(ترمذی، مشکوٰۃ ص:۲۲)حضرت اُمّ المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ: ’’جو شخص تقدیر کے مسئلے میں ذرا بھی بحث کرے گا، قیامت کے دن اس کے بارے میں اس سے باز پُرس ہوگی۔ اور جس شخص نے اس مسئلے میں گفتگو نہ کی، اس سے سوال نہیں ہوگا۔‘‘(۲)(ابنِ ماجہ، مشکوٰۃ ص:۲۳)حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ:’’کوئی شخص مؤمن نہیں ہوسکتا جب تک ان چار باتوں پر ایمان نہ لائے: ۱:۔ اس بات کی گواہی دے کہ اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی معبود نہیں۔ ۲:۔ اور یہ کہ میں اللہ تعالیٰ کا رسول ہوں، اللہ تعالیٰ نے مجھے حق دے کر بھیجا ہے۔ ۳:۔ موت اور موت کے بعد والی زندگی پر اِیمان لائے۔ ۴:۔ اور تقدیر پر اِیمان لائے۔‘‘(۳)(ترمذی، ابنِ ماجہ، مشکوٰۃ ص:۲۲)ان ارشاداتِ نبوی سے چند چیزیں معلوم ہوئیں:

۱:۔ تقدیر حق ہے اور اس پر اِیمان لانا فرض ہے۔

۲:۔ تقدیر کا مسئلہ نازک ہے، اس میں بحث و گفتگو منع ہے اور اس پر قیامت کے دن باز پُرس کا اندیشہ ہے۔

۳:۔ تدبیر، تقدیر کے خلاف نہیں، بلکہ تقدیر ہی کا ایک حصہ ہے۔

## حوالہ جات (References)

The numbers (۱), (۲)… in the answer refer to these references.

- (۱) عن أبی ھریرۃ قال: خرج علینا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم، ونحن نتنازع فی القدر، فغضب حتّی احمر وجہہ حتّٰی کأنما فُقیء فی وجنتیہ حب الرمان، فقال: أبھٰذا أمرتم، أم بھٰذا أرسلت الیکم؟ انما ھلک من کان قبلکم حین تنازعوا فی ھٰذا الأمر، عزمت علیکم، عزمت علیکم، أن لَا تنازعوا فیہ۔ (مشکوٰۃ ص:۲۲، باب الْإیمان بالقدر)۔
- (۲) عن عائشہ قالت: سمعت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم یقول: من تکلم فی شیء من القدر سئل منہ یوم القیامۃ، ومن لم یتکلم فیہ لم یسئل عنہ۔ (مشکوٰۃ ص:۲۳، باب الْإیمان بالقدر)۔
- (۳) عن علی قال: قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم: لَا یؤمن عبد حتّٰی یؤمن بأربع: یشھد أن لَا إلٰہ إلّا اللہ وانِّی رسول اللہ بعثنی بالحق، ویؤمن بالموت، والبعث بعد الموت، ویؤمن بالقدر۔ (مشکوٰۃ ص:۲۲، باب الْإیمان بالقدر)۔
