# تقدیر برحق ہے، اس کو ماننا شرطِ اِیمان ہے

- URL: https://shaheedeislam.com/%d8%aa%d9%82%d8%af%db%8c%d8%b1-%d8%a8%d8%b1%d8%ad%d9%82-%db%81%db%92%d8%8c-%d8%a7%d8%b3-%da%a9%d9%88-%d9%85%d8%a7%d9%86%d9%86%d8%a7-%d8%b4%d8%b1%d8%b7%d9%90-%d8%a7%d9%90%db%8c%d9%85%d8%a7%d9%86-%db%81/
- موضوع (Topic): تقدیر
- Answered by: مولانا محمد یوسف لدھیانوی شہیدؒ (Maulana Muhammad Yusuf Ludhianvi Shaheed)
- Book: آپ کے مسائل اور ان کا حل (Aap ke Masail aur un ka Hal)

## سوال (Question)

آدمی کے دُنیا میں تشریف لانے سے پہلے تقدیر لکھ دی جاتی ہے کہ یہ آدمی دُنیا میں یہ کام کرے گا، کیا تقدیر میں لکھا ہوتا ہے کہ جب دُنیا فانی سے رخصت ہوگا تو اس کی اتنی نیکیاں اور اتنی بدیاں ہوں گی؟ تو پھر نامۂ اَعمال اور تقدیر میں کیا فرق ہے؟

## جواب (Answer)

تقدیر برحق ہے۔ اور اس کو ماننا شرطِ ایمان ہے۔(۱) لیکن تقدیر کا مسئلہ بے حد نازک اور باریک ہے، کیونکہ تقدیر اللہ تعالیٰ کی صفت ہے، اور آدمی صفاتِ اِلٰہیہ کا پورا اِحاطہ نہیں کرسکتا۔(۲) بس اتنا عقیدہ رکھا جائے کہ دُنیا میں جو کچھ بھی ہو رہا ہے اللہ تعالیٰ کو پہلے سے اس کا علم تھا، اور اللہ تعالیٰ نے اس کو پہلے سے لوحِ محفوظ میں لکھ رکھا تھا۔(۳) پھر دُنیا میں جو کچھ ہوتا ہے اس کی دو قسمیں ہیں۔ بعض میں انسان کے ارادہ و اختیار کا بھی دخل ہے، اور بعض میں نہیں۔ جن کاموں میں انسان کے ارادہ و اختیار کو دخل ہے، ان میں سے کرنے کے کاموں کو کرنے کا حکم ہے، اگر انہیں اپنے ارادہ و اختیار سے ترک کرے گا تو اس پر مؤاخذہ ہوگا، اور جن کاموں کو چھوڑنے کا حکم ہے ان کو اپنے ارادہ و اختیار سے چھوڑنا ضروری ہے، نہیں چھوڑے گا تو مؤاخذہ ہوگا۔(۴) الغرض جو کچھ ہوتا ہے تقدیر کے مطابق ہی ہوتا ہے لیکن اختیاری اُمور پر چونکہ انسان کے ارادہ و اختیار کو بھی دخل ہے، اس لئے نیک و بد اعمال پر جزا و سزا ہوگی، ہمارے لئے اس سے زیادہ اس مسئلے پر کھود کرید جائز نہیں، نہ اس کا کوئی فائدہ ہے۔

## حوالہ جات (References)

The numbers (۱), (۲)… in the answer refer to these references.

- (۱) عن علی رضی اللہ عنہ قال: قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم: لَا یؤمن عبد حتّٰی یؤمن بأربع ۔۔۔ ویؤمن بالقدر۔ (مشکوٰۃ ج:۱ ص:۲۲)۔ نیز: قال الْإمام الأعظم: یجب أی یفرض ۔۔۔ أن یقول اٰمنت باللہ ۔۔۔ والقدر۔ (شرح فقہ اکبر ص:۱۳ تا ۱۵)۔
- (۲) والقدرۃ، وھی صفۃ ازلیۃ تؤثر فی المقدورات عند تعلقھا بھا۔ (شرح عقائد ص:۱۱۳ طبع ایچ ایم سعید)۔
- (۳) ولَا یکون فی الدنیا ولَا فی الآخرۃ شیء ۔۔۔ اِلّا بمشیتہ وعلمہ وقدرہ أی بتقدیرہ بقدر قدرہ وکتبہ ۔۔۔ الخ۔ (شرح فقہ اکبر ص:۴۹)۔
- (۴) فللعباد أفعال اختیاریۃ یثابون بھا ان کانت طاعۃ، ویعاقبون علیھا ان کانت معصیۃ۔ (شرح فقہ اکبر ص:۵۱)۔
