# انسان کی زندگی میں جو کچھ ہوتا ہے، کیا وہ سب کچھ پہلے لکھا ہوتا ہے؟

- URL: https://shaheedeislam.com/%d8%a7%d9%86%d8%b3%d8%a7%d9%86-%da%a9%db%8c-%d8%b2%d9%86%d8%af%da%af%db%8c-%d9%85%db%8c%da%ba-%d8%ac%d9%88-%da%a9%da%86%da%be-%db%81%d9%88%d8%aa%d8%a7-%db%81%db%92%d8%8c-%da%a9%db%8c%d8%a7-%d9%88/
- موضوع (Topic): تقدیر
- Answered by: مولانا محمد یوسف لدھیانوی شہیدؒ (Maulana Muhammad Yusuf Ludhianvi Shaheed)
- Book: آپ کے مسائل اور ان کا حل (Aap ke Masail aur un ka Hal)

## سوال (Question)

انسان کی زندگی میں جو کچھ ہوتا ہے، کیا وہ پہلے سے لکھا ہوتا ہے؟ یا انسان کے اعمال کی وجہ سے ظہور پذیر ہوتا ہے؟

## جواب (Answer)

یہ تقدیر کا مسئلہ ہے۔ اس میں زیادہ کھود کرید تو جائز نہیں، بس اتنا ایمان ہے کہ دُنیا میں جو کچھ اب تک ہوا یا ہورہا ہے، یا آئندہ ہوگا، ان ساری چیزوں کا اللہ تعالیٰ کو دُنیا کے پیدا کرنے سے پہلے ہی علم تھا۔ دُنیا کی کوئی چیز نہ اس کے علم سے باہر ہے، نہ قدرت سے۔ اور اللہ تعالیٰ نے اپنے اس علم کے مطابق کائنات کی ہر چیز اور ہر اِنسان کا ایک چارٹر لکھ دیا ہے، دُنیا کا سارا نظام اسی خدائی نوشتے کے مطابق چل رہا ہے، اسی کو تقدیر کہتے ہیں اور اس پر اِیمان لانا واجب ہے، جو شخص اس کا منکر ہو، وہ مسلمان نہیں۔(۱)یہ بھی ایمان ہے کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو اِرادہ و اختیار اور عقل و تمیز کی دولت بخشی ہے،(۲) اور یہ طے کردیا ہے کہ وہ اپنی صوابدید کے مطابق اور اپنے ارادہ و اختیار سے فلاں فلاں کام کرے گا۔(۳)یہ بھی ایمان ہے کہ انسان کے اچھے یا بُرے اعمال کا نتیجہ اسے ثواب یا عذاب کی شکل میں آخرت میں ملے گا، اور کچھ نہ کچھ دُنیا میں بھی مل جاتا ہے۔ یہ ساری باتیں قرآنِ کریم اور حدیث شریف میں(۴) بڑی وضاحت کے ساتھ بیان کی گئی ہیں، ان پر اِیمان رکھنا چاہئے۔ اس سے زیادہ اس مسئلے پر غور نہیں کرنا چاہئے۔ اس میں بحث و مباحثے سے منع کیا گیا ہے اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اس پر سخت ناراضی کا اظہار فرمایا ہے۔(۵)

## حوالہ جات (References)

The numbers (۱), (۲)… in the answer refer to these references.

- (۱) خلق اللہ تعالٰی الأشیاء ۔۔۔ وکان اللہ عالمًا فی الأزل بالأشیاء قبل کونھا ۔۔۔ ومن زعم أن التقدیر الخیر والشر من عند غیراللہ کان کافرًا باللہ۔ (شرح فقہ اکبر ص:۴۷، ۴۸)۔
- (۲) وھدایۃ اللہ تتنوع أنواعًا لَا یحصیھا ۔۔۔ الأوّل افاضۃ القویٰ التی بھا یتمکن المرء من الْإھتداء الٰی مصالحۃ کالقوۃ العقلیۃ والحواس الباطنۃ والمشاعر الظاھر ۔۔۔الخ۔ (تفسیر بیضاوی ص:۹) أن العقل آلۃ للمعرفۃ ۔۔۔ ووجوب الْإیمان بالعقل مروی عن أبی حنیفۃ۔ (شرح فقہ اکبر ص:۱۶۸)۔
- (۳) واللہ تعالٰی خالقھا أی موجد أفعال العباد وفق ما أراد لقولہ تعالٰی: ٱللَّهُ خَٰلِقُ كُلِّ شَيۡءٖۖ ۔۔۔ وفعل العبد شیء۔ (شرح فقہ اکبر ص:۶۰)۔ فللعباد أفعال اختیاریۃ ۔۔۔الخ (شرح فقہ اکبر ص:۵۱)۔
- (۴) وَأَن لَّيۡسَ لِلۡإِنسَٰنِ إِلَّا مَا سَعَىٰ ٣٩ وَأَنَّ سَعۡيَهُۥ سَوۡفَ يُرَىٰ ٤٠ ثُمَّ يُجۡزَىٰهُ ٱلۡجَزَآءَ ٱلۡأَوۡفَىٰ ٤١ النجم ٣٩-٤١، لَهَا مَا كَسَبَتۡ وَعَلَيۡهَا مَا ٱكۡتَسَبَتۡۗ البقرة ٢٨٦، ٱلۡيَوۡمَ تُجۡزَىٰ كُلُّ نَفۡسِۭ بِمَا كَسَبَتۡۚ لَا ظُلۡمَ ٱلۡيَوۡمَۚ إِنَّ ٱللَّهَ سَرِيعُ ٱلۡحِسَابِ ١٧ غافر ١٧، وَمَن يَعۡمَلۡ مِنَ ٱلصَّٰلِحَٰتِ وَهُوَ مُؤۡمِنٞ فَلَا يَخَافُ ظُلۡمٗا وَلَا هَضۡمٗا ١١٢ طه ١١٢، وَمَآ أَصَٰبَكُم مِّن مُّصِيبَةٖ فَبِمَا كَسَبَتۡ أَيۡدِيكُمۡ وَيَعۡفُواْ عَن كَثِيرٖ ٣٠ (الشوري ٣٠)، وعن انس قال: قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم: ان اللہ لَا یظلم مؤمنًا حسنۃ یعطٰی بھا فی الدنیا ویجزی بھا فی الآخرۃ، وأما الکافر فیطعم بحسنات ما عمل بھا ﷲ فی الدنیا حتّٰی اذا افضٰی الی الآخرۃ لم یکن لہ حسنۃ یجزی بھا۔ رواہ مسلم (مشکوٰۃ ص:۴۳۹ کتاب الرقاق)، عن أبی موسی الأشعری ان رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم قال: لَا یصیب عبدًا نکبۃ فما فوقھا أو دونھا إلّا بذنب، وما یعفو اللہ تعالٰی عنہ أکثر، وقرأ: وَمَآ أَصَٰبَكُم مِّن مُّصِيبَةٖ فَبِمَا كَسَبَتۡ أَيۡدِيكُمۡ وَيَعۡفُواْ عَن كَثِيرٖ ۔ (مشکوٰۃ ج:۱ ص:۱۳۶، باب عیادۃ المریض)۔
- (۵) عن أبی ھریرۃ قال: خرج علینا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ونحن نتنازع فی القدر، فغضب حتّی احمر وجہہ حتّٰی کأنما فُقیء فی وجنتیہ حب الرمان فقال: أبھٰذا أمرتم، أم بھٰذا أرسلت إلیکم؟ إنما ھلک من کان قبلکم حین تنازعوا فی ھٰذا الأمر، عزمت علیکم، عزمت علیکم، أن لَا تنازعوا فیہ۔ (مشکوٰۃ ج:۱ ص:۲۲ باب الْإیمان بالقدر)۔
