تصویر کا حکم
س… اسی دن ہی آپ نے ایک سوال کے جواب میں لکھا تھا کہ تصویر حرام ہے جس کے لئے حضرت مفتی محمد شفیع دیوبندی کا حوالہ دیا تھا۔ پوچھنا یہ ہے کہ اگر تصویر حرام ہے تو ہمارے ملک سمیت کئی اسلامی ممالک میں کرنسی نوٹوں پر تصویریں ہیں، ہم لوگ یہ تصویری نوٹ جیب میں رکھ کر نماز پڑھتے ہیں، آیا ہماری نماز قبول ہوجاتی ہے؟
ہمارے ملک کے بڑے بڑے علماء سیاسی جماعتوں سے وابستہ ہیں، آئے دن اخبارات و رسائل میں ان کے انٹرویوز آتے رہتے ہیں، جس کے ساتھ ان کی تصویر بھی چھپتی ہے، لیکن کسی عالم نے اخبار یا رسالے کو منع نہیں کیا کہ انٹرویو چھاپ دیں، اور تصویر مت چھاپنا۔
حج کے دوران مناسک حج بھی ٹی وی پر براہ راست دکھائے جاتے ہیں کیا یہ بھی ٹھیک نہیں ہے؟ اور دیکھنے والا بھی گناہ گار ہے؟ جب کہ یہ بھی ایک عکس ہے، اس قسم کی بے شمار چیزیں ہیں، جو کہ آپ کو بھی معلوم ہے۔
ج… اس سوال میں ایک بنیادی غلطی ہے، وہ یہ کہ ایک ہے قانون، اور دُوسری چیز ہے قانون پر عمل نہ ہونا۔ میں تو شریعت کا قانون بیان کرتا ہوں، مجھے اس سے بحث نہیں کہ اس قانون پر کہاں تک عمل ہوتا ہے، اور کہاں تک عمل نہیں ہوتا؟ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تصویر کو حرام قرار دیا ہے، اور تصویر بنانے والوں پر لعنت فرمائی ہے، اب اگر بالفرض ساری دُنیا بھی اس قانون کے خلاف کرنے لگے تو اس سے قانونِ شرعی تو غلط نہیں ہوجائے گا۔ ہاں! قانون کو توڑنے والے گناہ گار ہوں گے، جو لوگ نوٹوں پر تصویریں چھاپتے ہیں، اخبارات میں فوٹو چھاپتے ہیں، حج کی فلمیں بناتے ہیں، کیا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مقرر کردہ قانون کے مقابلہ میں ان لوگوں کا قول و فعل حجت ہے؟ اگر نہیں تو ان کا حوالہ دینے کے کیا معنی؟
خوب سمجھ لیجئے کہ پاکستان کا سربراہ ہو، یا سعودی حکمران، سیاسی لیڈر ہو، یا علماء، مشائخ! یہ سب اُمتی ہیں، ان کا قول و فعل شرعی سند نہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مقابلے میں ان کا حوالہ دیا جائے، یہ سب کے سب اگر امتی بن کر اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے قانون پر عمل کریں گے تو اللہ تعالیٰ کے یہاں اجر پائیں گے، اور اگر نہیں کریں گے تو بارگاہِ خدا وندی میں مجرم کی حیثیت سے پیش ہوں گے، پھر خواہ اللہ تعالیٰ ان کو معاف کردیں یا پکڑ لیں، بہرحال کسی مجرم کی قانون شکنی، قانون میں لچک پیدا نہیں کرتی، ہم لوگ بڑی سنگین غلطی کے مرتکب ہوتے ہیں جب قانون الٰہی کے مقابلے میں فلاں اور فلاں کے عمل کا حوالہ دیتے ہیں۔
تصویر والے نوٹ کو جیب میں رکھنے سے نماز فاسد نہیں ہوتی بغیر کسی شدید ضرورت کے تصویر بنوانا جائز نہیں ا ور حج فلم کا بنانا اور دیکھنا بھی جائز نہیں۔