نعرہٴ تکبیر کے علاوہ دُوسرے نعرے
س… جیسا کہ آپ کو معلوم ہوگا کہ افواجِ پاکستان کے جوان جذبہ جہاد، جذبہ شہادت اور حب الوطنی سے سرشار ہیں اور ملک کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے، جنگ ایک ایسا موقع ہے کہ اس میں موت یقینی طور پر سامنے ہوتی ہے اور ہر سپاہی کی خواہش شہادت یا غازی بننا ہوتی ہے۔
جنگ کے دوران اور مشقوں میں فوجی جوان جوش میں مختلف نعرے لگاتے ہیں مثلاً نعرہٴ تکبیر: اللہ اکبر، نعرہٴ حیدری: یاعلی مدد۔
اب اصل مسئلہ “یا علی مدد” کا ہے ملک بھر کے فوجی جوان “یا علی مدد” پکارتے ہیں، لیکن اکثر علماء سے سنا ہے کہ شرکِ عظیم اور گناہ ہے، جسے اللہ تعالیٰ معاف نہیں کرتا، تو کیا “یاعلی مدد” کا نعرہ دُرست ہے یا نہیں؟کیونکہ اس نعرے کے بعد اگر موت واقع ہوجائے اور یہ واقعی شرک ہو تو معمولی سی ناسمجھی کی وجہ سے کتنا بڑا نقصان ہوسکتا ہے؟
نیز اکثر مسجدوں اور مختلف جگہوں پر یااللہ، یامحمد، یارسول کے نعرے درج ہوتے ہیں ان کے بارے میں بھی تفصیل سے بیان کریں۔
ج… اسلام میں ایک ہی نعرہ ہے، یعنی نعرئہ تکبیر: اللہ اکبر۔ باقی نعرے لوگوں کے خود تراشیدہ ہیں، نعرئہ حیدری شیعوں کی ایجاد ہے، کیونکہ وہ حضرت علی رضی اللہ عنہ میں خدائی صفات کا عقیدہ رکھتے ہیں، یہ نعرہ بلاشبہ لائقِ ترک ہے اور شرک ہے۔
“یا محمد” اور “یا رسول اللہ” کے الفاظ لکھنا بھی غلط ہے، اس مسئلے پر میری کتاب “اختلافِ اُمت” میں تفصیل سے لکھا گیا ہے اسے ملاحظہ فرمالیں۔