امانت کی رقم اگر چوری ہوجائے تو شرعی حکم
س… ایک شخص جب بیرونِ ملک سے اپنے وطن جانے لگا تو اپنے دوست کے پاس کچھ رقم رکھ دی کہ جب پھر آئے گا تو رقم لے لے گا۔ دوبارہ وہ بیرونِ ملک نہ جاسکا اور دوست کی کئی بار یاد دہانی کے باوجود اس شخص نے رقم نہیں منگائی۔ دریں اثنا اس کے دوست کا بریف کیس جس میں اس شخص کی رقم رکھی تھی، چوری ہوگیا۔ آپ بتائیں کیا ان حالات میں اس کے دوست پر پوری رقم واجب الادا ہے؟
ج… امانت کی رقم اگر اس نے بعینہ محفوظ رکھی تھی اور اس کی حفاظت میں غفلت نہیں کی تھی تو اس کے ذمہ اس رقم کا ادا کرنا لازم نہیں۔ لیکن اگر اس نے امانت کی رقم بعینہ محفوظ نہیں رکھی بلکہ اسے خرچ کرلیا، یا اپنی رقم میں اس طرح ملالیا کہ دونوں کے درمیان امتیاز نہ رہا، یا اس کی حفاظت میں غفلت کی تو ادا کرنا لازم ہے۔
امانت کی رقم کی گمشدگی کی ذمہ داری کس پر ہے؟
س… ایک تقریب میں زید نے بکر کے پاس ایک چیز رکھوائی کہ تقریب کے خاتمے پر لے لے گا، مگر بکر سے وہ کھوگئی، کیا زید، بکر سے اس چیز کی آدھی یا پوری قیمت لینے کا حق دار ہے؟
ج… جس شخص کے پاس امانت کی چیز رکھی ہو اگر وہ اس کی بے پروائی کی وجہ سے گم نہیں ہوئی تو اس سے قیمت وصول نہیں کی جاسکتی۔
کسی سے چیز عاریتاً لے کر واپس نہ کرنا گناہِ کبیرہ ہے
س… ہمارے قریب ایک آدمی ہے، وہ جس کسی کی اچھی چیز دیکھتا ہے تو اس سے دیکھنے کے لئے لیتا ہے، پھر واپس نہیں کرتا۔ کیا یہ اس کے لئے جائز ہے؟
ج… جو چیز کسی سے مانگ کر لی جائے وہ لینے والے کے پاس امانت ہوتی ہے، اس کو واپس نہ کرنا امانت میں خیانت ہے، اور خیانت گناہِ کبیرہ ہے۔
جو آدمی امانت سے انکار کرتا ہو اس پر حلف لازم ہے
س… سوال یہ ہے کہ ایک شخص کے پاس کوئی چیز امانت رکھی گئی تھی، وہ شخص امانت کے وجود سے انکار کرتا ہے، حلف لینے سے بھی انکاری ہے، کلامِ پاک کا حلف ناجائز کہتا ہے، اب کیا کرنا چاہئے؟
ج… جس شخص کے پاس امانت رکھی گئی، اگر وہ اس سے انکار کرتا ہے تو شرعاً اس کے ذمہ حلف لازم ہے، پس یا تو وہ مدعی کی چیز اس کے حوالے کردے، یا حلف اُٹھائے، اور جن مسلمانوں کو اس کی خبر ہو انہیں بھی مظلوم کی مدد کرنی چاہئے، ورنہ سب گنہگار ہوں گے۔