(یعنی بیوی کو اپنی ماں، بہن یا کسی اور محرَم خاتون کے ساتھ تشبیہ دینا)
ظہار کی تعریف اور اس کے اَحکام
س… ظہار سے کیا مراد ہے؟ اور اس کے اَحکام علمِ فقہ میں کیا ہیں؟
ج… ظہار کے معنی یہ ہیں کہ: کوئی شخص اپنی بیوی کو یوں کہہ دے: ”تو مجھ پر میری ماں یا بہن جیسی ہے“ اس کا حکم یہ ہے کہ اس لفظ سے طلاق نہیں ہوتی، لیکن کفارہ ادا کئے بغیر بیوی کے پاس جانا حرام ہے۔ اور کفارہ یہ ہے کہ دو مہینے کے لگاتار روزے رکھے اور اگر اس کی طاقت نہیں رکھتا تو ساٹھ مسکینوں کو دو وقت کا کھانا کھلائے، تب اس کے لئے بیوی کے پاس جانا حلال ہوگا۔
بیوی کو ”بیٹا“ کہنے کا حکم
س… زید اپنی زوجہ کو ”بیٹا“ کہہ کر پکارتا ہے، چاہے وہ کسی بھی کام میں مصروف ہو۔ جب بھی زید کو اپنی بیوی کو بلانا مقصود ہو یہی طریقہ اپنایا ہوا ہے، جبکہ اس کے سب گھر والے اس بات سے بخوبی واقف ہیں، اور اکثر زید کی سالی، زید سے پوچھ لیتی ہے کہ: تمہارا بیٹا کہاں ہے؟ جبکہ بیوی بھی اس کے مخاطب کرنے پر رُجوع کرتی ہے۔ یہاں پردیس میں بھی جب اس کو بیوی کا خط ملنے میں دیر ہوجائے تو وہ دوستوں سے یہی کہتا ہے کہ میرے بیٹے کا خط نہیں آیا، کیا زید اور اس کی بیوی کا رشتہ قائم رہا یا نہیں؟ اور اس کا کیا کفارہ ہے؟
ج… بیوی کو ”بیٹا“ کہنا لغو اور بیہودہ حرکت ہے، مگر اس سے نکاح نہیں ٹوٹا، اور توبہ و اِستغفار کے سوا اس کا کوئی کفارہ نہیں۔
”تمہارا اور میرا رشتہ ماں بہن کا ہے“ کے الفاظ کا نکاح پر اثر
س… ایک عورت کے خاوند نے محلے کے تین آدمیوں کو بلاکر ان کے سامنے اپنی بیوی کو کہا کہ: ”آئندہ کے لئے تمہارا اور میرا رشتہ ماں، بہن کا ہے“ یہ الفاظ اس شخص نے دو یا تین دفعہ دہرائے۔ اب وہ عورت اپنے دو بچوں کی خاطر اسی گھر میں الگ رہتی ہے اور اس مرد کے ساتھ بول چال گزشتہ پانچ چھ ماہ سے ختم ہے۔ یعنی وہ ایک دُوسر سے ناراض ہیں، ان حالات میں کیا عورت کو طلاق ہوگئی ہے یا نہیں؟
ج… ”تمہارا اور میرا رشتہ ماں، بہن کا ہے“ یہ ”ظہار“ کے الفاظ ہیں، ان الفاظ سے طلاق نہیں ہوتی، البتہ شوہر کو ازدواجی تعلق قائم کرنے سے پہلے کفارہ ادا کرنا ہوگا، اور کفارہ ادا کئے بغیر بیوی کے قریب جانا حرام ہے۔ اور کفارہ یہ ہے کہ شوہر دو مہینے کے لگاتار روزے رکھے، اگر اس کی طاقت نہ رکھتا ہو تو ساٹھ مسکینوں کو دو وقت کا کھانا کھلائے۔
بیوی، شوہر کو اس کی ماں کی مماثل رشتہ کہے تو نکاح نہیں ٹوٹتا
س… بیوی نے اپنے شوہر کو کہا کہ: ”اگر تم میرے قریب آئے (میاں بیوی کے تعلقات قائم کئے) تو تم اپنی ماں بہن کے قریب آوٴگے“ تو ان الفاظ سے ان دونوں کے درمیان نکاح باقی ہے یا نہیں؟
ج… بیوی کے ان بیہودہ الفاظ سے کچھ نہیں ہوا، البتہ بیوی ان ناشائستہ الفاظ کی وجہ سے گناہ کی مرتکب ہوئی ہے، اس کو ان الفاظ سے توبہ کرنی چاہئے۔