کیا اَیامِ مخصوص میں نکاح جائز ہے؟
س… بہت سے لوگوں سے سنا ہے کہ اَیامِ مخصوص میں عورت کا نکاح نہیں ہوتا اور اگر ہو بھی جائے تو بعد میں دوبارہ نکاح پڑھانا پڑتا ہے، آپ یہ بتائیں کہ کیا اَیامِ مخصوص میں نکاح ہوسکتا ہے؟
ج… نکاح ہوجاتا ہے، مگر میاں بیوی کی یکجائی صحیح نہیں، رُخصتی ان اَیام کے ختم ہونے کے بعد کی جائے گی۔
ناجائز حمل والی عورت سے نکاح کرنا
س… ایک مرد نے ایک عورت سے زنا کیا، جس سے حمل ٹھہر گیا۔ حمل ٹھہرنے کے فوراً بعد دونوں نے نکاح کرلیا، شرعی طور سے یہ بتائیے کہ بچہ حلال کا ہوگا یا حرام کا؟ اور دونوں کا نکاح قبول ہوگا کہ نہیں؟ اگر ہوگا تو کس طرح؟
ج… یہ بچہ چونکہ نکاح سے پہلے کا ہے، اس لئے یہ تو صحیح النسب نہیں، مگر یہ نکاح صحیح ہے، پھر جس کا حمل تھا اگر نکاح بھی اسی سے ہوا تو صحبت جائز ہے، اور اگر نکاح کسی دُوسرے سے ہوا تو اس کو وضعِ حمل تک صحبت نہیں کرنی چاہئے۔
ناجائز حمل کی صورت میں نکاح کا جواز
س… ایک لڑکی کے ناجائز تعلقات تھے اور عملاً ناجائز حمل ٹھہرگیا، اب مذکورہ آدمی اس لڑکی سے نکاح کرنا چاہتا ہے، حمل کی صورت میں نکاح جائز ہے؟
ج… نکاح تو اس سے بھی جائز ہے جس کا حمل ہے اور کسی دُوسرے سے بھی، مگر جس کا حمل ہے وہ نکاح کے بعد صحبت بھی کرسکتا ہے، دُوسرے سے اگر نکاح ہو تو اس کو وضعِ حمل تک صحبت کرنے کی اجازت نہیں۔
زنا کے حمل کی صورت میں نکاح کا جواز
س… آپ سے ایک عورت نے یہ سوال کیا تھا: ”میرا نکاح ہوا تو غیرآدمی کا حمل پیٹ میں تھا، اس نکاح کے بعد ۷ سال ہوچکے ہیں اور دو بچے بھی ہیں، خدا کے واسطے مولانا صاحب آپ بتلائیے کہ میں کیا کفارہ ادا کروں؟“ جواب میں آپ نے فرمایا تھا: ”آپ کا نکاح جو ناجائز حمل کی حالت میں ہوا، صحیح تھا․․․․․۔“
مولانا صاحب! عرض ہے کہ آپ کا مندرجہ بالا جواب کس فقہ کے مطابق ہے؟ کسی ایک کتاب کا حوالہ دیجئے، میں بے حد ممنون و مشکور ہوں گا۔ کیونکہ بعض علمائے کرام کے مطابق غیرآدمی سے حاملہ عورت کا نکاح نہیں ہوسکتا، صرف زانی مرد سے ہوسکتا ہے، اور اگر حاملہ عورت سے نکاح نہیں ہوسکتا یا ہوسکتا ہے تو پھر بیوہ یا مطلقہ عورت کا نکاح بھی حاملہ کی صورت میں ہوسکتا ہے یا نہیں؟
ج… میں نے جو مسئلہ لکھا ہے وہ فقہِ حنفی کی تقریباً ساری بڑی کتابوں میں موجود ہے، درمختار میں ہے:
”وصح نکاح حبلی من زنی ․․․․ وان حرم وطوٴھا حتّٰی تضع لو نکحھا الزانی حل لہ وطوٴھا اتفاقا۔“ (شامی ج:۳ ص:۴۸ طبع جدید)
اور فتاویٰ عالمگیری میں ہے:
”وقال أبو حنیفة ومحمد رحمھما الله تعالٰی: یجوز أن یتزوج امرأة حاملًا من الزنا ولا یطوٴھا حتّٰی تضع۔ وقال أبو یوسف رحمہ الله: لا یصح، والفتویٰ علٰی قولھما کذا فی المحیط۔“(فتاویٰ عالمگیری ج:۱ ص:۲۸۰)
ان عبارات سے معلوم ہوا کہ مفتیٰ بہ قول کے مطابق حاملہ کا نکاح زانی اور غیرزانی دونوں سے ہوجاتا ہے، فرق یہ ہے کہ وضعِ حمل سے پہلے زانی صحبت کرسکتا ہے اور غیرزانی نہیں کرسکتا۔ جس خاتون نے مسئلہ پوچھا تھا اس کا کیس کئی سال پُرانا تھا، اس لئے اس کو صرف نکاح کے صحیح ہونے کا مسئلہ بتادیا گیا۔ دُوسرا حصہ اس سے متعلق نہیں تھا، اس لئے اسے ذکر نہیں کیا گیا۔ بیوہ یا مطلقہ عورت کا نکاح حمل میں نہیں ہوسکتا، کیونکہ وہ عدّت میں ہے، اور عدّت میں نکاح جائز نہیں، بخلاف اس حمل کے جو زنا سے ہو، اس کی کوئی عدّت نہیں، اس لئے کہ عدّت حرمتِ نسب کے لئے مقرّر کی گئی ہے اور حملِ زنا کی کوئی حرمت نہیں۔ تعجب ہے کہ علمائے کرام کو اس مسئلے میں کیوں اِشکال پیش آیا۔
ناجائز تعلقات والے مرد و عورت کا آپس میں نکاح جائز ہے
س… کسی عورت کے ساتھ کسی مرد کے ناجائز تعلقات ہوجائیں تو اس کے بعد اس عورت اور مرد کے درمیان نکاح ہوسکتا ہے یا نہیں؟ اگر نکاح ہوسکتا ہے تو کیا سابقہ تعلقات کی بنا پر گناہ اس کے سر رہیں گے یا نہیں؟
ج… نکاح ہوسکتا ہے، سابقہ تعلقات کا وبال ان پر بدستور رہے گا اور ان سے توبہ و اِستغفار لازم ہے، نکاح کے بعد ایک دُوسرے کے لئے حلال ہوں گے۔
ناجائز تعلقات کے بعد دیور بھابی کی اولاد کا آپس میں رشتہ
س… دیور اور بھابھی میں ناجائز تعلقات تھے، پھر دیور نے بھابھی کی چھوٹی بہن سے شادی کرلی، پھر بھی ان دونوں میں ناجائز تعلقات رہے، اب جبکہ بھابھی کا لڑکا بڑا ہے اور دیور کی لڑکی چھوٹی اور دونوں جوان ہیں، تو شادی کے لئے کہا جارہا ہے کہ دونوں کی شادی ہوجائے۔ اب مسئلہ یہ ہے کہ آیا اس لحاظ سے یہ شادی ہوسکتی ہے کہ نہیں؟ لیکن مجھے یہ نہیں معلوم کہ بھابھی سے دیور کی کوئی اولاد ہے یا نہیں؟ لیکن دیور اور بھابھی میں تقریباً ۱۵ سال سے تعلقات منقطع ہیں۔
ج… جائز ہے۔
بدکار دیور بھاوج کی اولاد کا آپس میں نکاح
س… ایک شخص نے ایک عورت سے بدکاری کی، اس پر شرعی گواہ موجود نہیں، وہ اس کی بھابھی تھی، اس کے کئی سال بعد اس نے اپنی بیٹی کا نکاح اس کے بیٹے سے کردیا، اب اس کے ہاں بیٹا بھی پیدا ہوگیا ہے، کیا یہ نکاح صحیح ہے اور اولاد کا کیا حکم ہے؟ اور اس میں جن لوگوں کو علم تھا اور اس میں شریک ہوئے کیا ان لوگوں کا نکاح باقی رہے گا؟
ج… ان دونوں کی بدکاری کا ان کی اولاد کے آپس میں رشتوں کے جائز ہونے پر کوئی اثر نہیں پڑتا، لہٰذا یہ نکاح صحیح ہے۔
بدکار چچی بھتیجے کی اولاد کا آپس میں نکاح
س… چچی اور بھتیجے کے درمیان تقریباً دو سال ناجائز تعلقات رہے، اس عرصے میں کوئی لڑکا یا لڑکی نہیں ہوئی، اس کے بعد تعلقات منقطع ہوگئے، اب چچی اور بھتیجے کے بچے ہیں، کیا ان دونوں کی اولاد میں رشتے ہوسکتے ہیں؟
ج… ہوسکتے ہیں۔
ماں بیٹی کا باپ بیٹے سے نکاح
س… زید نے اپنی بیٹے کی شادی اپنی سالی کی بیٹی سے کردی، کچھ عرصہ بعد زید کی بیوی فوت ہوگئی، اس کے بعد زید نے اپنے بیٹے کی ساس یعنی اپنی سالی سے نکاح کرلیا، اب ماں اور بیٹی ایک ہی گھر میں ساس اور بہو اور ساتھ ساتھ ماں اور بیٹی کی حیثیت سے زندگی بسر کر رہے ہیں، کیا یہ جائز ہے؟
ج… جائز ہے، آپ کو ناجائز ہونے کا شبہ کیوں ہوا․․․؟
بیوی اور اس کی سوتیلی ماں کو نکاح میں جمع کرنا جائز ہے
س… خسر کی بیوی جو اپنی زوجہ کی حقیقی ماں نہیں ہے، خسر کے انتقال کے بعد پہلی منکوحہ کی زندگی میں اس بیوہ سے نکاح کرنا شرعاً جائز ہے یا ناجائز؟
ج… ایسی دو عورتوں کو نکاح میں جمع کرنا جائز نہیں کہ ان دونوں میں سے کسی کو اگر مرد فرض کرلیا جائے تو دونوں کا نکاح نہ ہوسکے، مثلاً: دو بہنیں، خالہ بھانجی، پھوپھی اور بھتیجی۔ اس اُصول کو سامنے رکھ کر غور کیجئے کہ ایک لڑکی اور اس کی سوتیلی ماں کے درمیان رشتہ کیا ہے؟ ہم دیکھتے ہیں کہ اگر لڑکی کو مرد فرض کرلیا جائے تو اس کا نکاح سوتیلی ماں کے ساتھ نہیں ہوسکتا، لیکن اگر سوتیلی ماں کو مرد فرض کرلیا جائے (تو اس صورت میں چونکہ وہ سوتیلی ماں نہیں ہوسکتی اس لئے) لڑکی سے اس کا عقد جائز ہوگا۔ اس سے معلوم ہوا کہ لڑکی اور اس کی سوتیلی والدہ کو ایک نکاح میں جمع کرنا جائز ہے۔ اس لئے خسر کی بیوہ سے جو بیوی کی سوتیلی ماں ہے بیوی کی موجودگی میں نکاح جائز ہے۔
سوتیلے چچا کی مطلقہ سے نکاح دُرست ہے
س… میرے سوتیلے بھائی نے اپنی بیوی کو طلاق دی اور میرے بیٹے کے ساتھ الزام لگایا، اور میرے بیٹے نے اس عورت سے شادی کرلی ہے، کیا یہ نکاح جائز ہے؟
ج… سوتیلے چچا کی مطلقہ سے نکاح دُرست ہے، جبکہ عدّت ختم ہونے کے بعد کیا جائے۔
سوتیلی والدہ کے شوہر کے پوتے سے رشتہ جائز ہے
س… ہم اپنی بہن کی شادی اپنی سوتیلی والدہ یعنی والد صاحب کی پہلی بیوی کے پہلے شوہر کے پوتے سے کرسکتے ہیں؟ اگر دیکھا جائے تو آپس میں ان کا کوئی رشتہ نہ ہوگا، ویسے دُنیا والے پھوپھی بھی کہتے ہیں۔ جناب کیا یہ نکاح جائز ہے؟
ج… جائز ہے۔
سوتیلی ماں کی بیٹی سے شادی جائز ہے
س… زید کے والد دُوسری شادی کرتے ہیں، زید کی دُوسری والدہ اپنے ساتھ ایک لڑکی لے کر آتی ہیں، جو ان کے پہلے شوہر سے ہے، زید میں اور لڑکی میں کوئی خونی رشتہ نہیں ہے، کیا زید اس لڑکی سے شادی کرسکتا ہے؟
ج… جی ہاں! کرسکتا ہے۔
سوتیلی ماں کی سگی بہن سے نکاح جائز ہے
س… مسئلہ یہ ہے کہ میری شادی سوتیلی ماں کی سگی بہن سے ہو رہی ہے (یعنی جو کہ ایک قسم کی میری خالہ لگتی ہے) کیا یہ شادی جائز ہے؟
ج… جائز ہے، بشرطیکہ محرمیت کا کوئی اور رشتہ نہ ہو۔
سوتیلی ماں کے بھائی سے نکاح جائز ہے
س… کیا لڑکی ایک ایسے شخص سے شرعی طور سے نکاح کرسکتی ہے جو اس لڑکی کی سوتیلی ماں کا سگا بھائی ہو؟
ج… سوتیلی ماں کے بھائی سے نکاح جائز ہے، والله اعلم۔
بھائی کی سوتیلی بیٹی سے نکاح جائز ہے
س… منیر کا نکاح ایسی بیوہ عورت سے ہوا جو اپنے سابقہ مرحوم خاوند کی ایک لڑکی ساتھ لائی، کیا قرآن و سنت کی رُو سے منیر کے سگے چھوٹے بھائی کا نکاح اس لڑکی سے ہوسکتا ہے؟
ج… ہوسکتا ہے۔
بہن کی سوتیلی لڑکی سے نکاح کرنا
س… میرے ایک چچازاد بھائی ہیں، ان کی شادی تقریباً ۱۸ سال پہلے ایک خاتون سے ہوئی، ان سے ان کی دو بچیاں ہیں، تقریباً آٹھ سال بعد میرے چچازاد بھائی کی بیوی کا انتقال ہوگیا، اس کے بعد انہوں نے میری بہن سے شادی کرلی، اس وقت ان کی بڑی لڑکی کی عمر تقریباً ۱۳ سال تھی اور چھوٹی ۹ سال کی۔ اب جبکہ ان کی بڑی بیٹی کی عمر تقریباً ۱۹ سال ہے اور میں ان سے شادی کا خواہش مند ہوں مگر چند رشتہ دار کہتے ہیں یہ شادی حرام ہے، جبکہ دونوں بچیاں اپنی دادی کے پاس رہتی ہیں اور انہوں نے میری بہن کے ساتھ زیادہ تعلقات بھی نہیں رکھے، میری عمر تقریباً ۲۲ سال ہے اور پورے گھر والے اور میری بہن اور لڑکی کے والد بھی رضامند ہیں اور لڑکی بھی۔
ج… اس لڑکی کے ساتھ آپ کا نکاح جائز ہے۔
سوتیلے والد کا بیٹے کی ساس سے نکاح جائز ہے
س… چند روز پہلے پنجاب کے ایک گاوٴں سے میرے دوست کا خط آیا، جس میں اس نے بتایا ہے کہ گاوٴں میں ایک نکاح اس طرح ہونے والا ہے کہ جسے گاوٴں کی اکثریت قبول کرنے سے انکار کر رہی ہے۔ زید کے والد کا انتقال ہوگیا تو اس کی والدہ نے دُوسرا نکاح کرلیا، اسی دوران ماں کے بطن سے ایک بچی بھی پیدا ہوئی، کچھ دنوں بعد زید نے کسی بیوہ کی لڑکی سے شادی کرلی،عنقریب زید کا سوتیلا والد مذکورہ بیوہ یعنی زید کی ساس سے نکاح کرنے والا ہے۔ آپ یہ بتائیے کہ کیا یہ نکاح شریعت میں جائز ہے یا ناجائز؟ عین ممکن ہے گاوٴں کا یہ شخص جو کہ زمین دار کہلاتا ہے آپ کا جواب سن کر استفادہ کرسکے اور اگر کسی گناہ کے سرزد ہونے کا امکان ہے تو بچ سکے۔
ج… زید کے سوتیلے والد کا زید کی ساس کے ساتھ نکاح جائز ہے۔
یتیم لڑکے سے اپنی لڑکی کا نکاح کرنے کے بعد اس کی ماں سے خود اور اس کی بہن سے اپنے لڑکے کا نکاح جائز ہے
س… ایک شخص نے ایک نوجوان یتیم سے اپنی لڑکی کا نکاح کردیا، پھر اس لڑکے کی والدہ سے اپنا اور لڑکے کی بہن سے اپنے بیٹے کا نکاح پڑھوالیا، یہ نکاح کیسا رہا؟
ج… صحیح ہے، اس میں آپ کو کیا اِشکال ہے․․․؟
باپ بیٹے کا سگی بہنوں سے نکاح جائز ہے لیکن ان کی اولاد کا نہیں
س… زید نے ہندہ سے شادی کی، جس سے تین بچے سلیمہ، نسیمہ اور عابد پیدا ہوئے، بعد میں ہندہ کا انتقال ہوگیا تو زید نے سلمیٰ سے دُوسری شادی کرلی، اس عرصے میں زید کا بیٹا عابد بھی جوان ہوگیا، اس کے رشتے کی تلاش ہوئی تو سلمیٰ کی بہن طاہرہ سے زید کے بیٹے عابد کی شادی کردی گئی، اس طرح سلمیٰ اور طاہرہ دونوں سگی بہنیں زید اور عابد سگے باپ بیٹے کے گھر میں بیویاں بن گئیں۔ اس صورت میں ان کی اولادوں کے درمیان رشتہ داری کی کیا نوعیت ہوگی؟ اور خود عابد کی اولاد شرعی حدود میں کیا نوعیت رکھتی ہے؟ اور ان سے شادی کرنے والے کیا کہلائیں گے؟ کیا شرعی حدود میں یہ رشتے صحیح ہیں؟
ج… باپ اور بیٹے کا نکاح دو سگی بہنوں سے صحیح ہے، مگر باپ اور بیٹے کی اولادوں کے درمیان رشتہ نہیں ہوسکتا۔
سمدھی سے نکاح جائز ہے
س… اگر کوئی عورت سمدھی سے شادی کرلے تو اَز روئے شریعت یہ اقدام کیسا ہے؟ جائز ہے یا باعثِ شرم؟ نیز ایسے لوگوں سے ملنا جلنا چاہئے یا نہیں؟ آگاہ فرمائیں کہ شریعت کی رُو سے یہ نکاح ٹھیک ہوا یا نہیں؟
ج… سمدھی اگر عورت کا نامحرَم ہے تو اس سے نکاح کرلینا جائز اور صحیح ہے، اور اس میں کوئی بات لائقِ شرم نہیں، نہ ان لوگوں سے میل ملاقات ترک کرنے کی کوئی وجہ ہے۔
بہنوئی کے سگے بھائی کی لڑکی سے شادی جائز ہے
س… کیا میرے بہنوئی کے سگے بھائی کی لڑکی سے میرے سگے بھائی کا رشتہ جائز ہے؟
ج… جائز ہے۔
جیٹھ سے نکاح کب جائز ہے؟
س… کیا جیٹھ سے نکاح جائز ہے؟
ج… شوہر نے طلاق دے دی ہو یا اس کا انتقال ہوگیا ہو، تو عدّت کے بعد اس کے بڑے بھائی سے نکاح جائز ہے۔
دو سگے بھائیوں کی دو سگی بہنوں سے اولاد کا آپس میں رشتہ
س… زید اور بکر دو بھائیوں کو دو سگی بہنیں بیاہی گئیں، زید کا لڑکا ہے، بکر کی لڑکی ہے، بکر کے ذہن میں ہے کہ زید اس لڑکی کا رشتہ مانگے گا، زید کہتا ہے کہ دو سگے بھائیوں کو دو سگی بہنیں بیاہی گئی ہوں تو ہم نے پڑھا اور بزرگوں سے سنا ہے کہ انہیں اپنے بچوں کی شادیاں آپس میں نہیں کرنی چاہئیں کیونکہ ان کی اولاد ٹھیک ٹھاک پیدا نہیں ہوتی (خدا نہ کرے)۔ ہمارا مذہب اس سلسلے میں کیا کہتا ہے؟
ج… شرعی نقطے سے یہ بات بالکل غلط ہے۔
لے پالک کی شرعی حیثیت
س… زید کے ہاں اولاد نہیں ہے، اس نے محمود سے بیٹی گود لے لی، زید کا محمود سے کوئی رشتہ نہیں ہے، اب زید کے ہاں وہ لڑکی جوان ہوجاتی ہے، آپ بتائیں کہ وہ لڑکی زید کے لئے محرَم ہے یا غیرمحرَم؟ وہ اس لڑکی سے شادی کرسکتا ہے یا نہیں؟
ج… شریعت میں ”لے پالک“ بنانے کی کوئی حیثیت نہیں، وہ لڑکی اس کے لئے نامحرَم ہے اور اس سے عقد بھی جائز ہے۔
بیٹی کے شوہر کی بیٹی سے نکاح کرنا
س… ہماری کمپنی کے ایک ڈرائیور عبداللہ نے اپنی سگی بیٹی کا نکاح ایک شخص سے کیا تھا، اس شخص کی پہلے سے ایک بیٹی موجود تھی، اس طرح عبداللہ اس لڑکی کا نانا ہوا، اب عبداللہ اس لڑکی یعنی اپنی سوتیلی نواسی کی بیٹی سے شادی کرنا چاہتا ہے، حالانکہ دونوں کی عمروں میں بھی کافی فرق ہے، عبداللہ ایک صحت مند آدمی ہے اور پیسے والا بھی ہے، وہ کہتا ہے کہ وہ لڑکی میری سگی نواسی کی بیٹی نہیں ہے، اس لئے میں اس سے شادی کرسکتا ہوں۔
ج… نکاح تو جائز ہے، لیکن مناسب ہے بھی یا نہیں؟ اس کو دونوں فریق جانتے ہوں گے۔
لے پالک لڑکی کا نکاح حقیقی لڑکے سے جائز ہے
س… اگر کوئی شخص کسی اور لڑکی کو لے کر پال لے تو اس لڑکی کی حیثیت اس شخص کے سگے بیٹے کے ساتھ کیا ہوگی؟ اگر وہ نامحرَم قرار پاتی ہے تو اس کے ساتھ نکاح بھی جائز ہونا چاہئے؟ اس طرح تو ایک گھر میں ساتھ ساتھ رہنا بھی مناسب نہیں۔
ج… یہ لڑکی اس شخص کی اولاد کے لئے نامحرَم ہے اور اس کے لڑکوں سے اس کا نکاح صحیح ہے، لہٰذا ان کا بے پردہ ایک ساتھ رہنا بھی جائز نہیں۔
بیوی کے پہلے شوہر کی اولاد سے شوہر کی پہلی بیوی کی اولاد کا نکاح جائز ہے
س… زید کے والدین زید کی شادی چچازاد بہن سے کرنا چاہتے ہیں، صورتِ حال یہ ہے کہ چچا کے فوت ہونے کے بعد زید کے والد صاحب نے چچی سے نکاح کرلیا تھا، اب چچی بھی فوت ہوچکی ہیں، ان کی اکلوتی بیٹی ہے، زید کے والد صاحب چاہتے ہیں کہ اب وہ اپنے بیٹے (زید) کی شادی اس لڑکی سے کریں۔ مولانا صاحب! براہِ کرم یہ بتائیں کہ کیا یہ شادی ہوسکتی ہے یا نہیں؟
ج… چچازاد بہن سے نکاح جائز ہے، اگرچہ لڑکی کی والدہ لڑکے کے والد کے نکاح میں ہو، بیوی کے پہلے شوہر کی اولاد سے شوہر کی پہلی بیوی کی اولاد کا نکاح جائز ہے۔
پہلی بیوی کی لڑکی کا نکاح دُوسری بیوی کے بھائی سے جائز ہے
س… ایک شخص کی پہلی بیوی سے ایک لڑکی ہے اور دُوسری بیوی کا ایک بھائی ہے، اور وہ دونوں بالغ ہیں، کیا ان دونوں کا نکاح جائز ہے؟
ج… جائز ہے۔
سابقہ اولاد کی آپس میں شادی جائز ہے
س… زید، جس کی بیوی کا انتقال ہوچکا ہے اس کی ایک اولاد ہے (لڑکا یا لڑکی) اسی طرح سے ایک بیوہ ہے اور اس کی بھی ایک اولاد ہے (لڑکا یا لڑکی) یہ دونوں یعنی زید اور بیوہ شادی کرلیتے ہیں، اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آیا ان دونوں کی جو سابقہ اولادیں ہیں ان کی آپس میں بالغ ہونے پر شادی جائز ہے یا ناجائز ہے؟ جبکہ زید کے بچے نے اس بیوہ کا دُودھ بھی نہیں پیا۔
ج… سابقہ اولادوں کی شادی آپس میں جائز ہے۔
والدہ کی چچازاد بہن سے شادی جائز ہے
س… کیا کوئی شخص اپنی والدہ کی چچا کی بیٹی سے شادی کرسکتا ہے؟ کچھ لوگوں کا یہ خیال ہے کہ نہیں کرسکتا کیونکہ ایک طرح سے لڑکی، لڑکے کی خالہ بن جاتی ہے، کچھ کہتے ہیں کہ نہیں یہ شادی ہوسکتی ہے، کیونکہ لڑکی خالہ نہیں ہوتی۔
ج… اگر اور کوئی مانع نہ ہو تو والدہ کے چچا کی بیٹی سے نکاح جائز ہے، وہ رشتے کی خالہ ہے، حقیقی خالہ نہیں۔
والدہ کی پھوپھی زاد اولاد سے شادی
س… اپنی والدہ کی سگی پھوپھی کی بیٹی یا بیٹا یعنی والدہ کے پھوپھی زاد کزن یعنی اپنی خالہ یا ماموں سے کیا شادی جائز ہے یا نہیں؟
ج… والدہ کی پھوپھی کی لڑکی اور لڑکے سے نکاح جائز ہے۔
رشتے کی بھانجی سے شادی جائز ہے
س… میرے گھر والے میری شادی کرنا چاہتے ہیں، جس لڑکی سے شادی کر رہے ہیں وہ لڑکی میرے تایا کی لڑکی کی بیٹی ہے، جس سے میری شادی ہوگی وہ لڑکی رشتے میں میری بھانجی لگتی ہے، کیا یہ شادی ہوسکتی ہے؟
ج… جس طرح تایا کی لڑکی سے نکاح جائز ہے اسی طرح اس لڑکی کی لڑکی یعنی تایا کی نواسی سے بھی جائز ہے۔
خالہ کے نواسے سے نکاح جائز ہے
س… میری ایک سگی خالہ ہے، ان کا سگا نواسہ ہے، وہ میرا بھانجا ہوا، تو کیا خالہ اور بھانجے کا نکاح جائز ہے؟
ج… خالہ کا نواسہ رشتے کا بھانجا کہلاتا ہے، سگا بھانجا نہیں، اس کے ساتھ نکاح جائز ہے۔ یا یوں سمجھ لیجئے کہ جس طرح خالہ کے لڑکے سے نکاح ہوسکتا ہے اسی طرح خالہ کے نواسے سے بھی ہوسکتا ہے۔
خالہ زاد بھانجی سے شادی
س… میرے گھر والے جہاں میری شادی کرنا چاہتے ہیں اس لڑکی کے والد میرے والد صاحب کے چچازاد بھائی ہیں اور اس کی والدہ میری سگی خالہ زاد بہن ہیں، کیا یہ شادی ہوسکتی ہے؟ اور یہ شادی جائز ہے یا نہیں؟
ج… بلاشبہ جائز ہے۔
والدہ کی ماموں زاد بہن سے نکاح جائز ہے
س… میرے گھر والے میری جس جگہ شادی کی بات کر رہے ہیں وہ میری والدہ کی ماموں زاد بہن ہے، اس طرح وہ رشتے میں میری خالہ ہوئیں، کیا ایسی خالہ سے میرا نکاح ہوسکتا ہے؟
ج… صرف سگی خالہ یا رضاعی خالہ سے شادی نہیں ہوسکتی، باقی رشتوں کی اس طرح کی خالہ سے نکاح دُرست ہے۔
بھتیجے اور بھانجے کی بیوہ، مطلقہ سے نکاح جائز ہے
س… جس طرح بھتیجا یا بھانجا اپنے چچا اور ماموں کی بیوہ یا مطلقہ (اپنی چچی یا ممانی) کے ساتھ نکاح کرسکتے ہیں، اسی طرح ایک چچا یا ماموں بھی اپنے بھتیجے یا بھانجے کی بیوہ یا مطلقہ عورتوں کے ساتھ نکاح کرسکتے ہیں یا نہیں؟
ج… جی ہاں کرسکتے ہیں، بشرطیکہ کوئی اور رشتہ محرمیت کا نہ ہو۔
بھتیجے کی بیوہ سے نکاح جائز ہے، مگر بیٹے کی بیوہ سے نہیں
س… زید کا چچی (چچا کی بیوی) کے ساتھ نکاح تو چچا کے فوت ہونے کے بعد جائز ہے، کیا زید کے مرنے کے بعد زید کا چچا اس کی بیوی کے ساتھ نکاح کرسکتا ہے؟ اگر ایسا ہے تو زید کا باپ اپنے بھائی کے فوت ہونے پر اس کی بیوہ سے نکاح کی صورت میں گویا اپنی بہو سے نکاح کا مرتکب ہوجاتا ہے۔
ج… بھتیجے کی بیوہ سے نکاح جائز ہے، مگر بیٹے کی بیوہ سے نکاح جائز نہیں، چونکہ اس صورت میں اس کے بھائی کی بیوی بیٹے کی بھی بیوہ ہے، اس لئے اس کا بھائی کی بیوہ سے نکاح دُرست نہیں ہوگا۔
بیوی کے مرنے کے بعد سالی سے جب چاہے شادی کرسکتا ہے
س… کیا یہ بات دُرست ہے کہ سالی سے شادی کرنے کے لئے یہ ضروری ہے کہ بیوی کے انتقال کے ۳ ماہ ۲۰ دن کی جائے ورنہ حرام ہوگی؟
ج… نہیں! شوہر پر ایسی کوئی پابندی نہیں، البتہ بیوی کو طلاق دینے کی صورت میں جب تک اس کی عدّت نہیں گزر جاتی اس کی بہن سے نکاح نہیں کرسکتا۔ بیوی کے انتقال سے نکاح فوراً ختم ہوجاتا ہے اس لئے بیوی کی وفات کے بعد جب بھی چاہے سالی سے نکاح کرسکتا ہے، اس کے لئے کسی مدّت کی پابندی شرط نہیں۔
مرحومہ بیوی کی پھوپھی سے نکاح جائز ہے
س… میرے دوست کی بیوی کا انتقال ہوگیا ہے، اور میرے دوست کے خاندان والے اس کی شادی بیوی کی پھوپھی سے کرنا چاہتے ہیں، کیا یہ جائز ہے کہ پھوپھی ساس کے ساتھ شادی کرے؟
ج… بیوی کے مرنے کے بعد بیوی کی پھوپھی، اس کی خالہ اور اس کی بہن سے نکاح جائز ہے۔
بھائی کی بیوی کی پہلی اولاد سے شادی ہوسکتی ہے
س… میرے بھائی نے ایک بیوہ خاتون سے نکاح کیا، ان خاتون سے ایک لڑکی پہلے شوہر سے تھی، اب میرے بھائی سے بھی ما شاء اللہ دو بچے ہیں، ظاہر ہے کہ دونوں بچے تو میرے سگے بھتیجے ہوئے اور اسی رشتے سے پہلے شوہر سے جو لڑکی ہے وہ میری بھتیجی ہوئی، مسئلہ یہ پوچھنا ہے کہ آیا میں اس لڑکی سے (جو پہلے شوہر سے ہے) شادی کرسکتا ہوں؟
ج… آپ کے بھائی کی بیوی کی پہلی اولاد سے آپ کی شادی میں کوئی شرعی رُکاوٹ نہیں۔
دادی کی بھانجی سے شادی جائز ہے
س… کیا دادی کی چھوٹی بہن کی بیٹی سے نکاح جائز ہے؟
ج… جائز ہے۔
باپ کی پھوپھی زاد بہن سے نکاح جائز ہے
س… میرے والد کی سگی پھوپھی کی لڑکی کے ساتھ میرا نکاح جائز ہے یا ناجائز؟ مجھے فوراً بتائیں مہربانی ہوگی، اور میرا اس لڑکی کے ساتھ کیا رشتہ بنتا ہے؟
ج… باپ کی پھوپھی زاد بہن سے نکاح جائز ہے۔
رشتے کی پھوپھی سے نکاح جائز ہے
س… بشیر اور نصیر دونوں بھائی ہیں، زید بشیر کے پوتے کی شادی نصیر کی لڑکی ہندہ سے کرنا چاہتے ہیں جو کہ ایک رشتے سے زید کی پھوپھی لگتی ہے۔ ہماری برادری کے بہت سے لوگوں کا اعتراض ہے کہ یہ شادی جائز نہیں، حالانکہ رضاعت کا بھی کوئی رشتہ نہیں ہے۔
ج… ایک بھائی کے پوتے کا دُوسرے بھائی کی لڑکی سے نکاح ہوسکتا ہے، یہ رشتہ شرعاً دُرست ہے، کوئی قباحت نہیں، لڑکی، لڑکے کی سگی پھوپھی نہیں کہ اِشکال ہو۔
پھوپھی کے انتقال کے بعد پھوپھا سے نکاح جائز ہے
س… جناب میری ہمشیرہ کا ۲ برس ہوئے انتقال ہوگیا، وہ بے اولاد تھیں، کیا یہ جائز ہے کہ میں اپنی لڑکی کا نکاح اپنے بہنوئی سے کردُوں؟
ج… جائز ہے۔
بیوہ چچی سے نکاح جائز ہے
س… ایک شخص نے ایک غیرمسلم عورت کو مسلم کرکے اس سے شادی کی، اس عورت سے اس شخص کے چار بچے ہوئے، پھر وہ شخص انتقال کرگیا۔ اس شخص کے مرنے کے دو سال بعد بچوں کے مستقبل کی خاطر اس شخص کے سگے بھتیجے نے اس عورت سے شادی کرلی، کیا اسلام کی رُو سے یہ شادی جائز ہے؟
ج… شوہر کا بھتیجا عورت کا محرَم نہیں، اس سے نکاح جائز ہے، بشرطیکہ کوئی اور رشتہ محرمیت کا نہ ہو۔
تایازاد بہن کے لڑکے سے نکاح جائز ہے
س… کیا تایازاد بہن کے لڑکے سے شادی ہوسکتی ہے؟ کیونکہ وہ لڑکا رشتے میں لڑکی کا بھانجا ہوتا ہے، ان دونوں کا رشتہ خالہ بھانجے کا ہوا۔
ج… تایازاد بہن کے لڑکے سے نکاح جائز ہے، وہ سگا بھانجا نہیں۔
تایازاد بہن سے نکاح جائز ہے
س… میرے والدین میری شادی میرے تایا کی لڑکی سے کرنا چاہتے ہیں، میں آپ سے معلوم کرنا چاہتا ہوں کہ آیا اسلام میں تایازاد بہن سے نکاح جائز ہے یا نہیں؟
ج… جائز ہے۔
تایازاد بھائی کی لڑکی سے شادی جائز ہے
س… کیا تایازاد بھائی کی لڑکی سے شادی ہوسکتی ہے؟
ج… جائز ہے۔
چچا کی پوتی سے نکاح جائز ہے
س… ایک دادا کی اولاد، سات بھائیوں نے آپس میں لڑکے لڑکیوں کا نکاح کیا، مسمّیٰ مسلم کی اہلیہ چچازاد بہن ہے، اب مسلم اپنے بھائی کی منگنی اپنے سالے کی لڑکی یعنی چچا کے لڑکے کی لڑکی سے کرنا چاہتا ہے، جبکہ چچا کی بیٹی مسلم کی منکوحہ ہے، جس کا بھائی مسلم کا سالا ہوا، اس کی بیٹی سے اپنے بھائی کا نکاح کرنا کیسا ہے؟ جبکہ یہ فروعی رشتے سے چچا بھتیجی ہوتے ہیں، لیکن یہ رشتہ حقیقی نہیں محض ددھیالی رشتہ ہے، آیا ان کا آپس میں نکاح جائز ہے یا نہیں؟
ج… چچازاد بھائی کی بیٹی سے مسلم کے بھائی کا نکاح جائز ہے (یعنی چچا کی پوتی سے نکاح دُرست ہے)، مسلم کے چچازاد بھائی کی بیٹی مسلم کی حقیقی بھتیجی نہیں، بلکہ رشتے کی بھتیجی ہے، حقیقی بھتیجی سے نکاح منع ہے، رشتے کی بھتیجی سے نکاح منع نہیں ہے۔
والد کے ماموں زاد بھائی کی نواسی سے شادی جائز ہے
س… والد کے ماموں زاد بھائی کی لڑکی کی لڑکی سے شادی جائز ہے یا نہیں؟ کیونکہ رشتے کے حساب سے یہ میری بھانجی ہوئی۔
ج… والد کے ماموں زاد بھائی کی نواسی سے نکاح جائز ہے۔
رشتے کے بھتیجے سے شادی جائز ہے
س… میرے خالہ زاد بھائی کے لڑکے سے میرا نکاح جائز ہے کہ ناجائز؟ جبکہ مجھے اس سے شادی کرتے ہوئے شرم سی محسوس ہوتی ہے۔
ج… خالہ زاد بھائی کے لڑکے سے نکاح جائز ہے۔
والد کی چچازاد بہن سے نکاح جائز ہے
س… والد صاحب کی چچازاد بہن سے نکاح جائز ہے یا نہیں؟
ج… اپنے والد کی چچازاد بہن سے نکاح جائز ہے۔
والد کی ماموں زاد بہن سے شادی جائز ہے
س… والد کے ماموں کی بیٹی سے شادی ہوسکتی ہے؟
ج… اگر کوئی اور رشتہ محرمیت کا نہیں تو جائز ہے۔
ماموں کی لڑکی کے ہوتے ہوئے خالہ کی لڑکی سے نکاح
س… ایک صاحب کے ہاں اپنے ماموں کی بچی پہلے ہی اس کی زوجیت میں ہے، آیا وہ پہلی بیوی کی موجودگی میں بوجہ مجبوری دُوسری شادی اپنی خالہ کی لڑکی سے کرسکتا ہے کہ نہیں؟
ج… ماموں کی لڑکی کی موجودگی میں خالہ کی لڑکی سے نکاح دُرست ہے۔
بیٹے کی سالی سے نکاح کرنا
س… ہمارے شہر میں ایک معزّز آدمی نے اپنی شادی اپنے لڑکے کی سالی کے ساتھ کی ہے، اور اس آدمی کے دُوسرے لڑکے کے گھر لڑکی کی پھوپھی ہے، یعنی شادی سے پہلے اپنے لڑکے کی عورت کا خسر تھا اور جس سے شادی کی اس کا خالو تھا، کیا یہ نکاح دُرست ہے یا نہیں؟
ج… اگر لڑکا پہلی بیوی سے تھا تو دُوسری بیوی کی بہن سے اس کا نکاح جائز ہے، اور لڑکی کی پھوپھی کے ساتھ دُوسرے لڑکے کا نکاح بھی جائز ہے۔
ممانی کی بیٹی سے نکاح جائز ہے اگرچہ بعد میں اس نے دُوسرے بھانجے سے نکاح کرلیا ہو
س… میری ایک بیوہ ممانی ہے اس کی کچھ بیٹیاں ہیں، ان میں سے کسی بیٹی سے شادی کرنا مجھ پر جائز ہے؟ اگر جائز ہے تو پھر یہ بتائیے کہ اب جبکہ میری ممانی نے میرے بھائی سے شادی کرلی ہے تو اس کے بارے میں قرآن و سنتِ رسول کے مطابق مجھے بتادیں کہ اب اس کی بیٹی سے میری شادی جائز ہے یا ناجائز؟ کیونکہ اب میری ممانی کہتی ہے کہ اب میں آپ کی بھابھی بن گئی ہوں اس لئے میں اپنی بیٹی کی شادی تم سے نہیں کرتی، حالانکہ وہ لڑکی میری منگیتر ہے۔
ج… آپ کی ممانی کی وہ لڑکی جو آپ کے ماموں کی اولاد ہے، اس کے ساتھ آپ کا نکاح صحیح ہے، ممانی کے آپ کے بھائی کے نکاح میں آجانے سے کوئی فرق نہیں پڑا۔
بیوہ ممانی سے نکاح کرنا جائز ہے اگر وہ محرَم نہ ہو
س… کیا سعید اپنی بیوہ ممانی سے نکاح کرسکتا ہے؟
ج… ممانی اگر غیرمحرَم ہو تو اس سے نکاح ہوسکتا ہے ۔
ماموں کی سالی سے شادی کرنا
س… زید چاہتا ہے کہ اس کی شادی فلاں لڑکی سے ہوجائے، لیکن سب سے بڑی مشکل یہ ہے کہ وہ لڑکی زید کے ماموں کی سالی ہے، آپ قرآن و سنت کی روشنی میں اس کا جواب دیں کہ آیا شریعت کی رُو سے ان دونوں کی آپس میں شادی ہوسکتی ہے کہ نہیں؟ خاص طور پر اس بات کو مدِنظر رکھتے ہوئے کہ وہ لڑکی زید کے ماموں کی سالی اور زید کی ممانی کی سگی (چھوٹی) بہن ہے۔
ج… شادی تو باپ کی سالی سے بھی ہوسکتی ہے، اگر کوئی اور مانع نہیں ہو، ماموں کی سالی سے کیوں نہ ہوگی؟ اور خود ماموں کی بیوہ سے ہوسکتی ہے تو اس کی بہن سے کیوں نہ ہوگی․․․؟
منہ بولی بیٹی یا بہن شرعاً نامحرَم ہے اس سے نکاح جائز ہے
س… اگر کسی کی کوئی بہن یا بیٹی نہ ہو اور وہ کسی کو منہ بولی بیٹی یا بہن بنالے تو کیا شریعت اس سے نکاح کی اجازت دیتی ہے؟
ج… منہ بولی بہن یا بیٹی کی کوئی شرعی حیثیت نہیں، شرعاً وہ نامحرَم ہے اور اس سے نکاح جائز ہے۔
کسی لڑکی کو بہن کہہ دینے سے وہ حرام نہیں ہوجاتی
س… اگر ایک بالغ لڑکا کہے کہ: ”جب تک میرے والد صاحب میرے لئے نیا گھر نہ بنائیں اس وقت تک مجھ پر بیوی بہن ہے“ اب اس لڑکے نے شادی کی ہے تو یہ عورت اس کی بیوی ہوگئی یا نہیں؟
ج… نکاح سے پہلے کسی لڑکی کو بہن کہنے سے وہ لڑکی حرام نہیں ہوجاتی، اس لئے نکاح صحیح ہے، اور یہ لڑکی اس کی بیوی بن گئی اور بیوی کو بہن کہہ دینے سے بھی بیوی حرام نہیں ہوجاتی۔
محض کہنے سے نامحرَم، بھائی بہن نہیں بن سکتے
س… میرے ماموں کی لڑکی جو کہ مجھے اپنا بھائی سمجھتی ہے اور میں بھی اس کو اپنی بہن کا درجہ دیتا ہوں، کچھ دنوں سے ہمارے رشتے کی بات چل گئی ہے، اس لئے قرآن مجید کی روشنی سے حوالہ دیجئے کہ یہ رشتہ قابلِ قبول ہے؟ جبکہ ہم دونوں اب تک بھائی بہن ہی کی طرح ایک دُوسرے کے ساتھ رہتے ہیں۔
ج… ماموں زاد، خالہ زاد، پھوپھی زاد، چچا زاد سے نکاح جائز ہے، اور نامحرَم کو بھائی بہن بنالینے سے سچ مچ کے بھائی بہن نہیں بن جاتے۔
پھوپھی یا بہن کہہ دینے سے نکاح ناجائز نہیں ہوجاتا
س… میں حیدرآباد میں رہتی ہوں، ہمارے ہمسائے میں ایک صاحب ہیں ان کی بیوی سے دوستی کی بنا پر میں ان کے گھر آتی جاتی تھی، ان کے بچے مجھے پھوپھو کہہ کر پکارتے تھے اور میں ان کو بھائی کہتی تھی، مگر انہوں نے شاید ایک دو بار مجھے بہن کہا ہو ورنہ نہیں۔ چار سال قبل ان کی بیوی کا انتقال ہوگیا تھا، جبکہ میرے شوہر کا انتقال دس ماہ قبل ہوا ہے۔ میرا کوئی بچہ نہیں، عدّت ختم ہوتے ہی میرے ہمسائے کے نکاح کے لئے پیغام آنے شروع ہوگئے، اگر میں نکاح کرلوں تو جائز ہوگا یا نہیں؟
ج… بچوں کے آپ کو پھوپھی کہنے سے یا آپ کے ان صاحب کو بھائی کہہ دینے سے نکاح ناجائز نہیں ہوگیا، اس لئے آپ عقد کرسکتی ہیں۔
بغیر صحبت کے منکوحہ عورت کی بیٹی سے نکاح
س… ایک شخص نے ایک بیوہ عورت سے نکاح کیا، لیکن رُخصتی نہیں ہوئی، (یعنی ہمبستری نہیں ہوئی)، اس سے پہلے وہ بیوہ عورت فوت ہوگئی، اب اس بیوہ کی ایک لڑکی جوان ہے کیا وہ شخص جس کا بیوہ سے نکاح ہوا تھا، اس بیوہ کی لڑکی سے نکاح کرسکتا ہے؟
ج… جس عورت سے صرف نکاح ہوا ہو، صحبت نہ کی ہو، اس کی طلاق یا موت کے بعد اس کی لڑکی سے نکاح دُرست ہے، لقولہ تعالیٰ: ”فان لم تکونوا دخلتم بھن فلا جناح علیکم۔“ (النساء:۲۳)