SIGN IN YOUR ACCOUNT TO HAVE ACCESS TO DIFFERENT FEATURES

FORGOT YOUR PASSWORD?

FORGOT YOUR DETAILS?

AAH, WAIT, I REMEMBER NOW!

Shaheed e Islam

  • رابطہ
  • متفرقات
    • نماز
    • ادعیہ ماثورہ
    • اسلامک لنکس
    • اسماء الحسنی
    • بکھرے موتی
    • تصاویر کی دنیا
    • خصوصی پروگرامز
  • آپکے مسائل اور انکا حل
    • جلد اول
    • جلد دوم
    • جلد سوم
    • جلد چہارم
    • چلد پنجم
    • جلد ششم
    • جلد ہفتم
    • جلد ہشتم
    • جلد نهم
    • جلد دہم
  • حمد و نعت
    • خصوصی البم
    • مولانا عبد اللطیف الحصیری
    • مولانا انس یونس
    • حافظ ابو بکر
    • محمد کاشف فاروقی
    • حافظ کامران منیر برادران
    • عطاء الرحمن عزیز
    • متفرق
  • بیانات
    • مولانا منظور احمد نعمانی دامت برکاتہم
    • مولانا اللہ وسایا صاحب
    • مفتی سعید احمد جلالپوری
    • قاری حنیف ملتانی صاحب
    • مولانا طارق جمیل صاحب
    • مفتی ہارون مطیع اللہ صاحب
  • شہید اسلام
    • درس قرآن
    • اصلاحی مواعظ
    • تصانیف
    • تعارف
  • ختم نبوت
    • خصوصی بیانات
    • کتابیں
    • مضامین
    • خصوصی پروگرامز
    • ہفت روزہ ختم نبوت
  • الحدیث
    • درس حدیث
    • معارف نبوی صلی اللہ علیہ وسلم
  • القرآن
    • درس قرآن
    • تلاوت قرآن
    • تفسیر قرآن مولانا منظور احمد نعمانی
  • سرورق
4
Shaheed-e-Islam
Sunday, 01 August 2010 / Published in جلد سوم

کن چیزوں سے روزہ نہیں ٹوٹتا؟


انجکشن سے روزہ نہیں ٹوٹتا

س… گزشتہ رمضان میں کانچ سے میرا ہاتھ زخمی ہوگیا تھا، زخم گہرا تھا، لہٰذا ڈاکٹر نے ٹانکے لگانے کے لئے مجھے ایک انجکشن بھی لگایا، اور کوئی چیز بھی سنگھائی، پانی پینے کے لئے ڈاکٹر نے اصرار کیا، مگر میں نے روزے کی وجہ سے پانی نہیں پیا، وہاں سے فراغت کے بعد میں ایک مولوی صاحب کے پاس گیا، جن سے ذکر کیا کہ مجھے انجکشن دیا گیا اور پھر ٹانکے لگائے گئے، تو انہوں نے کہا کہ تمہارا روزہ ٹوٹ گیا ہے، خود ہی میرے لئے دُودھ اور ڈبل روٹی لائے اور کہا کہ کھاوٴ، اور میں نے کھالیا، تو کیا اب اس روزے کے بدلے ایک روزے کی قضا ہوگی؟ اور میرا یہ عمل ٹھیک ہوا یا نہیں؟

ج… انجکشن سے روزہ نہیں ٹوٹتا، لیکن آپ نے چونکہ مولوی صاحب کے “فتوے” پر عمل کیا ہے، اس لئے آپ کے ذمہ صرف قضا ہے، کفارہ نہیں۔

روزہ دار نے زبان سے چیز چکھ کر تھوک دی تو روزہ نہیں ٹوٹا

س… اگر کسی نے روزے کی حالت میں کوئی چیز چکھ لی تو اس کے روزے کا کیا حکم ہے؟

ج… زبان سے کسی چیز کا ذائقہ چکھ کر تھوک دیا تو روزہ نہیں ٹوٹا، مگر بے ضرورت ایسا کرنا مکروہ ہے۔

منہ سے نکلا ہوا خون مگر تھوک سے کم، نگل لیا تو روزہ نہیں ٹوٹا

س… ایک دفعہ رمضان کے مہینے میں میرے منہ سے خون نکل آیا اور میں اسے نگل گیا، مجھے کسی نے کہا کہ تمہارا روزہ نہیں رہا، کیا واقعی میرا روزہ نہیں رہا؟

ج… اگر خون منہ سے نکل رہا تھا، اس کو تھوک کے ساتھ نگل لیا تو روزہ ٹوٹ گیا، البتہ اگر خون کی مقدار تھوک سے کم ہو اور حلق میں خون کا ذائقہ محسوس نہ ہو تو روزہ نہیں ٹوٹا۔

روزے میں تھوک نگل سکتے ہیں

س… روزے کی حالت میں اکثر اوقات بے حد تھوک آتا ہے، کیا ایسی حالت میں تھوک نگل سکتے ہیں؟ کیونکہ نماز پڑھنے کے دوران ایسی حالت میں بے حد مشکل پیش آتی ہے۔

ج… تھوک نگلنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا، مگر تھوک جمع کرکے نگلنا مکروہ ہے۔

بلغم پیٹ میں چلا جائے تو روزہ نہیں ٹوٹتا

س… کسی شخص کو نزلہ ہے اور اس شخص نے روزہ بھی رکھا ہوا ہے، اور لازمی ہے کہ نزلے میں بلغم بھی ضرور آئے گا، اگر اتفاق سے بلغم اس کے پیٹ میں چلا جائے تو کیا اس صورت میں اس کا روزہ ٹوٹ جائے گا؟

ج… نہیں!

بلاقصد حلق کے اندر مکھی، دُھواں، گرد و غبار چلا گیا تو روزہ نہیں ٹوٹا

س… اگر کسی کے حلق کے اندر مکھی چلی جائے تو کیا اس کا روزہ ٹوٹ جائے گا؟

ج… اگر حلق کے اندر مکھی چلی گئی یا دُھواں خودبخود چلا گیا، یا گرد و غبار چلا گیا تو روزہ نہیں ٹوٹتا، اور اگر قصداً ایسا کیا تو روزہ جاتا رہا۔

ناک اور کان میں دوا ڈالنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے

س… آنکھ، ناک اور کان میں دوائی ڈالنے سے روزے پر کیا اثر پڑتا ہے؟ زخم پر دوائی لگانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے یا نہیں؟ خواہ دوائی خشک ہو یا مرہم کی طرح ہو۔

ج… آنکھ میں دوائی ڈالنے یا زخم پر مرہم لگانے یا دوائی لگانے سے روزے میں کوئی فرق نہیں آتا، لیکن ناک اور کان میں دوائی ڈالنے سے روزہ فاسد ہوجاتا ہے، اور اگر زخم پیٹ میں ہو یا سر پر ہو اور اس پر دوائی لگانے سے دماغ یا پیٹ کے اندر دوائی سرایت کرجائے تو روزہ ٹوٹ جائے گا۔

آنکھ میں دوا ڈالنے سے روزہ کیوں نہیں ٹوٹتا؟

س… آپ نے کسی سائل کے جواب میں فرمایا تھا کہ آنکھ میں دوا ڈالنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا، جبکہ کان میں دوا ڈالنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے، اس سلسلے میں عرض ہے کہ آنکھ میں دوا ڈالنے سے اس کی بو اور دوا تک حلق میں جاتی ہے، جبکہ کان میں دوا ڈالنے سے حلق اثر انداز نہیں ہوتا، لہٰذا درخواست ہے کہ اس مسئلے پر نظرِثانی فرماکر جواب سے سرفراز فرمادیں۔

ج… نظرِثانی کے بعد بھی وہی مسئلہ ہے، فقہ کی کتابوں میں یہی لکھا ہے، آنکھ میں ڈالی گئی دوا براہِ راست حلق یا دماغ میں نہیں پہنچتی، اس لئے اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا، اور کان میں دوا ڈالنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے۔

روزے میں بھول کر کھانے پینے سے روزہ نہیں ٹوٹتا

س… اگر کوئی روزے میں غلطی سے پانی پی لے یا دُوسری چیزیں کھالے اور اس کو خیال نہیں رہا کہ اس کا روزہ ہے، لیکن بعد میں اس کو یاد آجائے کہ اس کا روزہ ہے، تو بتائیے کہ اس کا کیا کفارہ ادا کرنا ہوگا؟

ج… اگر بھول کر کھاپی لے تو اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا، ہاں! اگر کھاتے کھاتے یاد آجائے تو یاد آنے کے بعد فوراً چھوڑ دے۔ لیکن اگر روزہ تو یاد ہو، مگر غلطی سے پانی حلق کے نیچے چلا جائے تو روزہ فاسد ہوجاتا ہے۔

روزہ دار بھول کر ہم بستری کرلے تو روزے کا کیا حکم ہے؟

س… ایک مولانا صاحب کا ایک مضمون “فضائل و مسائل رمضان المبارک” شائع ہوا ہے، جس میں اور باتوں کے علاوہ جہاں مولانا نے ان چیزوں کے بارے میں لکھا ہے جس سے روزہ فاسد ہوتا ہے اور نہ مکروہ، وہاں فرمایا ہے کہ بھول کر ہم بستری کرلینے سے روزہ فاسد ہوتا ہے، نہ مکروہ۔

میری ذاتی رائے میں ہم بستری ایک آدمی کی بھول نہیں، اس میں دو افراد کی شرکت ہوتی ہے، اور جہاں بھی ایک سے زائد افراد کی شرکت ہو اور اس قسم کا عمل روزے کی حالت میں کیا جائے تو اس کو گناہ ضرور کہا جاسکتا ہے، بھول نہیں۔ اس بارے میں آپ کی رائے اسلامی قوانین کی رُو سے لوگوں کو مطمئن کرسکے گی، شکریہ۔

ج… بھول کے معنی یہ ہیں کہ یہ یاد نہ رہے کہ میرا روزہ ہے، بھول کر ہم بستری اسی صورت میں ہوسکتی ہے کہ دونوں کو یاد نہ رہے، ورنہ ایک دُوسرے کو یاد دِلاسکتا ہے، اور یاد آنے کے بعد “بھول کر کرنے” کے کوئی معنی نہیں، اس لئے مسئلہ تو مولانا کا صحیح ہے۔ مگر یہ صورت شاذ و نادر ہی پیش آسکتی ہے، اس لئے آپ کو اس سے تعجب ہو رہا ہے۔

بازو اور رگ والے انجکشن کا حکم

س… جو انجکشن ڈاکٹر حضرات بازو میں لگاتے ہیں، کیا اس سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟ اور یہ کہ بازو والا انجکشن اور رگ والا انجکشن ان دونوں کا ایک ہی حکم ہے یا الگ الگ؟

ج… کسی بھی انجکشن لگانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا، اور رگ اور بازو دونوں میں انجکشن لگانے کا ایک ہی حکم ہے۔

روزے کے دوران انجکشن لگوانا اور سانس سے دوا چڑھانا

س… میں سانس کے علاج کے لئے ایک دوا استعمال کر رہی ہوں، جو کہ پاوٴڈر کی شکل میں ہوتی ہے، اور اسے دن میں چار مرتبہ سانس کے ساتھ چڑھانا ہوتا ہے، اس عمل سے زیادہ تر دوا سانس کے ساتھ پھیپھڑوں میں داخل ہوجاتی ہے، لیکن کچھ مقدار حلق میں چپک جاتی ہے اور ظاہر ہے کہ بعد میں پیٹ میں جاتی ہے، براہِ کرم آپ یہ بتائیے کہ روزے کی حالت میں اس دوا کا استعمال جائز ہے یا نہیں؟

مزید یہ کہ روزے کی حالت میں اگر سانس کا حملہ ہو تو اس کے لئے انجکشن لیا جاسکتا ہے یا نہیں؟ (اس انجکشن سے روزہ برقرار رہے گا یا ٹوٹ جائے گا؟)

ج… یہ دوا آپ سحری بند ہونے سے پہلے استعمال کرسکتی ہیں، دوائی کھاکر خوب اچھی طرح منہ صاف کرلیا جائے، پھر بھی کچھ حلق کے اندر رہ جائے تو کوئی حرج نہیں۔ البتہ حلق کے بیرونی حصے میں لگی ہو تو اسے حلق میں نہ لے جائیے۔ روزہ کی حالت میں اس دوا کا استعمال صحیح نہیں، اس سے روزہ فاسد ہوجائے گا۔ انجکشن کی دوا اگر براہِ راست معدہ یا دماغ میں نہ پہنچے تو اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا، اس لئے سانس کی تکلیف میں آپ انجکشن لے سکتی ہیں۔

روزہ دار کو گلوکوز چڑھانا یا انجکشن لگوانا

س… گلوکوز جو ایک بڑے تھیلے کی شکل میں ہوتا ہے، اس کو ڈاکٹر صاحبان انسان کی رگ میں لگاتے ہیں، کیا اس کے لگانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟ خواہ لگوانے والا مریض ہو یا جسم کی طاقت کے لئے لگوائے؟

ج… گلوکوز لگوانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا، بشرطیکہ یہ گلوکوز کسی عذر کی وجہ سے لگایا جائے، بلاعذر گلوکوز چڑھانا مکروہ ہے۔

س… رگ میں دُوسرے قسم کے انجکشن لگائے جاتے ہیں، کیا اس سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے یا نہیں؟ خواہ طاقت کے لئے لگوائے یا مرض کے لئے۔

ج… عذر کی وجہ سے رگ میں بھی انجکشن لگانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا، صرف طاقت کا انجکشن لگوانے سے روزہ مکروہ ہوجاتا ہے، گلوکوز کے انجکشن کا بھی یہی حکم ہے۔

خود سے قے آنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا

س… اگر اُلٹی ہوجائے تو روزہ ٹوٹ جاتا ہے، اور ڈکار کے ساتھ پانی یا اُلٹی حلق تک آئے اور پھر واپس جانے پر روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟ مجھے کوئی تو کہتا ہے کہ روزہ ہوگیا اور کوئی روزہ پھر رکھنے کا مشورہ دیتا ہے۔

ج… قے اگر خود سے آئے تو روزہ نہیں ٹوٹتا، البتہ اگر قے قصداً لوٹالے تو روزہ ٹوٹ جاتا ہے، اور بلاقصد لوٹ جائے تو بھی روزہ نہیں ٹوٹتا۔

خون دینے سے روزہ نہیں ٹوٹتا

س… اگر کسی نے روزے کی حالت میں جان بوجھ کر خون دیا تو اس کا روزہ صحیح رہے گا یا نہیں؟ اگر نہیں تو اس پر قضا لازم ہوگی یا کفارہ؟

ج… خون دینے سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔

خون نکلنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا

س… کیا خون نکلنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟ میرا روزہ تھا، تقریباً دو بجے میرا ہاتھ کٹ جانے سے کافی خون نکل گیا، کیا میرا روزہ ہوگیا ہے؟

ج… خون نکلنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔

روزے میں دانت سے خون نکلنے کا حکم

س… دانت سے کسی وجہ سے خون نکل پڑے تو کیا روزہ اور وضو ٹوٹ جائے گا؟

ج… وضو تو خون نکلنے سے ٹوٹ جائے گا، اور روزے میں یہ تفصیل ہے کہ اگر خون حلق سے نیچے چلا جائے تو روزہ ٹوٹ جائے گا، ورنہ نہیں۔

دانتوں سے اگر خون آتا ہو تو کیا پھر بھی روزہ رکھے؟

س… اگر دانتوں سے خون آتا ہو، اس کا علاج بھی اپنی طاقت کے مطابق کیا ہو، اور پھر بھی دانتوں کا خون بند نہیں ہوا، تو کیا اس حالت میں روزہ رکھا جائے یا نہیں؟ خون کی مقدار تھوک میں برابر ہوتی ہے۔

ج… خون اگر اندر نہ جائے تو روزہ صحیح ہے۔

دانت نکالنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا

س… اگر روزے کی نیت بھول جائے تو کیا روزہ نہیں ہوگا؟ دانت میں تکلیف کے باعث دانت نکالنا پڑا، تو کیا یہ روزہ پھر رکھنا پڑے گا یا ہوگیا؟

ج… نیت دِل کے ارادے کو کہتے ہیں، جب روزہ رکھنے کا ارادہ کرلیا تو نیت ہوگئی، زبان سے نیت کے الفاظ کہنا کوئی ضروری نہیں۔ دانت نکالنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا، بشرطیکہ خون حلق میں نہ گیا ہو۔

سرمہ لگانے اور آئینہ دیکھنے سے روزہ مکروہ نہیں ہوتا

س… رمضان المبارک کے مہینے میں سرمہ لگانے اور شیشہ دیکھنے سے روزہ مکروہ ہوسکتا ہے؟

ج… نہیں!

سر یا پورے جسم پر تیل لگانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا

س… سر یا پورے جسم پر تیل لگانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے یا نہیں؟

ج… سر پر یا بدن کے کسی اور حصے پر تیل لگانے سے روزے میں کوئی فرق نہیں آتا۔

سوتے میں غسل کی ضرورت پیش آنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا

س… روزے کی حالت میں آنکھوں میں سرمہ ڈالنے، سر میں تیل لگانے اور سوتے میں غسل کی ضرورت پیش آجانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے یا کہ نہیں؟

ج… ان چیزوں سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔

روزہ دار دن میں غسل کی ضرورت کس طرح پوری کرے؟

س… اگر کسی کو دن کے وقت غسل واجب ہوجائے تو اس کا روزہ ٹوٹ جاتا ہے یا کہ نہیں؟ اگر نہیں ٹوٹتا تو غسل کیسے کیا جائے؟

ج… اگر روزے کی حالت میں احتلام ہوجائے تو اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا، روزہ دار کو غسل کرتے وقت اس بات کا اہتمام کرنا چاہئے کہ پانی نہ تو حلق سے نیچے اُترے، اور نہ دماغ میں پہنچے، اس لئے اس کو کلی کرتے وقت غرغرہ نہیں کرنا چاہئے، اور ناک میں پانی بھی زور سے نہیں چڑھانا چاہئے۔

روزے کی حالت میں ٹوتھ پیسٹ استعمال کرنا

س… ٹوتھ پیسٹ سے دانت صاف کرنے سے کیا روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟

ج… ٹوتھ پیسٹ کا استعمال روزے کی حالت میں مکروہ ہے، تاہم اگر حلق میں نہ جائے تو روزہ نہیں ٹوٹتا۔

بچے کو پیار کرنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا

س… ایک بات میں یہ جاننا چاہوں گی کہ روزے کی حالت میں کسی بچے کی پپی (بوسہ) لینے سے کیا روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟

ج… اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔

روزے میں کھارے پانی سے وضو

س… کیا روزے کی حالت میں سمندر کے پانی سے وضو کرسکتے ہیں؟

ج… کرسکتے ہیں، کوئی حرج نہیں۔

روزے میں وضو کرتے وقت احتیاط کریں، وہم نہ کریں

س… میں بہت شکی وہمی قسم کی لڑکی ہوں، ہر وقت ایک اذیت اور ذہنی کرب کا شکار رہتی ہوں، نماز پڑھتی ہوں تو دھڑکا لگا رہتا ہے کہ وضو ٹھیک سے کیا تھا یا نہیں؟ کچھ غلطی تو نہیں ہوگئی، تو تقریباً آدھا، آدھا گھنٹہ وضو کرتی رہتی ہوں، اور ایک ایک نماز کو کئی کئی دفعہ پڑھتی تھی، اب بھی سجدہٴ سہو بہت ہی کرتی ہوں کہ مبادا کوئی غلطی ہوگئی ہو تو اللہ معاف کردے۔ رمضان المبارک میں نماز کے لئے وضو کرتی ہوں تو کلی کرنے کے بعد دیر تک تھوکتی رہتی ہوں، یہاں تک کہ میرا گلا بالکل خشک اور عجیب سا ہوجاتا ہے، تھوک تھوک کر کراہیت ہونے لگتی ہے، براہِ کرم آپ اس مسئلے کو حل کردیں کہ روزے کے دوران وضو کس طرح سے کیا جائے؟ ناک میں پانی ڈالتے ڈر لگتا ہے کہ حلق تک نہ پہنچ جائے، اور اگر ذرا بھی شک ہوجائے کہ پانی غلطی سے بھی نیچے تک پہنچ گیا ہے تو کیا روزہ جاتا رہا، اسی ڈر کی وجہ سے میں فجر کے لئے وضو سحری ختم ہونے سے پہلے کرتی ہوں۔

ج… کلی کرکے پانی گرادینا کافی ہے، بار بار تھوکنا فضول حرکت ہے، اسی طرح ناک کے نرم حصے میں پانی پہنچانے سے پانی دماغ تک نہیں پہنچتا، اس سلسلے میں بھی وہم کرنا فضول ہے۔ آپ کے وہم کا علاج یہ ہے کہ اپنے وہم پر عمل نہ کریں خواہ طبیعت میں کتنا ہی تقاضا ہو، اس طرح رفتہ رفتہ وہم کی بیماری جاتی رہے گی۔

زہریلی چیز کے ڈس لینے سے روزہ نہیں ٹوٹتا

س… اگر کسی شخص کو کوئی زہریلی چیز ڈس لے تو کیا اس کا روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟ یا مکروہ ہوجاتا ہے؟

ج… نہ ٹوٹتا ہے، نہ مکروہ ہوتا ہے۔

مرگی کے دورے سے روزہ نہیں ٹوٹتا

س… اگر مرگی کا مریض روزے سے ہو اور اسے دورہ پڑ جائے تو کیا روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟ مرگی کا دورہ چند منٹ رہتا ہے اور مریض پر بے ہوشی طاری رہتی ہے۔

ج… اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔

روزہ دار ملازم اگر اپنے افسر کو پانی پلائے تو اس کے روزے کا حکم

س… میں ایک پرائیویٹ فرم میں چپڑاسی ہوں، ہمارے منیجر صاحب روزے نہیں رکھتے، اور رمضان شریف میں مجھ سے پانی اور چائے منگواتے ہیں، جبکہ میرا روزہ ہوتا ہے۔ مولانا صاحب! میں بہت پریشان ہوں، خداوند کریم سے بہت ڈرتا ہوں، ہر وقت یہی دِل میں پریشانی رہتی ہے، کیونکہ اب رمضان شریف آرہا ہے اس لئے میں نے آپ سے پہلے گزارش کردی ہے، کیا میرا روزہ ٹوٹ جاتا ہے کہ نہیں؟ میں گناہگار ہوں یا کہ منیجر صاحب گناہگار ہیں؟ کیونکہ نوکری کا معاملہ ہے یا کہ نوکری چھوڑ دوں؟ کیونکہ مجبوری ہے بہت ہی پریشان ہوں۔ براہِ کرم یہ میرا مسئلہ حل کریں کہ مجھے کیا کرنا چاہئے؟ میں آپ کا بہت مشکور رہوں گا۔ خداوند کریم سے بہت ڈرتا ہوں کہ قیامت والے دن میرا کیا حشر ہوگا؟ قیامت والے دن مجھ سے پوچھ گچھ ہوگی یا کہ نہیں؟

ج… آپ کا روزہ تو نہیں ٹوٹے گا، مگر گناہ میں فی الجملہ شرکت آپ کی بھی ہوگی، آپ کے منیجر صاحب اگر مسلمان ہیں تو ان کو اتنا لحاظ کرنا چاہئے کہ روزہ دار سے پانی نہ منگوائیں۔ بہرحال اگر وہ اپنے طرزِ عمل کو نہیں چھوڑتے تو بہتر ہے کہ آپ وہاں کی نوکری چھوڑ دیں، بشرطیکہ آپ کو کوئی ذریعہ معاش مل سے، ورنہ نوکری کرتے رہیں اور اللہ تعالیٰ سے معافی مانگیں کہ پیٹ کی خاطر مجھے اس گناہ میں شریک ہونا پڑ رہا ہے۔

  • Tweet

What you can read next

سحری اور اِفطار
نمازِ جنازہ
زکوٰة کے متفرق مسائل
Shaheedeislam.com Fans Page

Recent Posts

  • Weekly Khatm-e-Nubuwwat 23-30 September 2021

    ...
  • Weekly Khatm-e-Nubuwwat 16-22 September 2021

    ...
  • 2021 Shumara 33-34 front Title small

    Weekly Khatm-e-Nubuwwat 1-15 September 2021

    ...
  • 2021 Shumara 32 front Title Small

    Weekly Khatm-e-Nubuwwat 23-31 August 2021

    ...
  • 2021 Shumara 31 front Title Small

    Weekly Khatm-e-Nubuwwat 16-22 August 2021

    ...

ABOUT US

Lorem Ipsum is simply dummy text of the printing and typesetting industry. Lorem Ipsum has been the industry’s standard dummy text ever since the 1500s, when an unknown printer took a galley of type and scrambled it to make a type specimen book.

NEWSLETTER

Stay updated with our latest posts.

We never spam!

RECENT POSTS

  • Weekly Khatm-e-Nubuwwat 23-30 September 2021

    ...
  • Weekly Khatm-e-Nubuwwat 16-22 September 2021

    ...
  • 2021 Shumara 33-34 front Title small

    Weekly Khatm-e-Nubuwwat 1-15 September 2021

    ...

GET IN TOUCH

T (212) 555 55 00
Email: [email protected]

Your Company LTD
Street nr 100, 4536534, Chicago, US

Open in Google Maps

  • GET SOCIAL

Copyright @ 2019 Shaheed-e-Islam | All Rights Reserved | Powered by Shaheed-e-Islam

TOP